دنیا
ٹرمپ نے انتخابات کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی کو اپنی پیش گوئیوں سے جوڑا، ڈیموکریٹس اور ایران پر الزامات عائد کیے
واشنگٹن، امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 3 نومبر کو ہوئے وسط مدتی انتخابات کے بعد تیل کی قیمتوں میں آئی بھاری کمی کو اپنی سابقہ پیش گوئیوں سے جڑے واقعات کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر الزام لگایا کہ ڈیموکریٹس اور ایران نے توانائی کی قیمتیں بلند رکھنے کی کوشش کی تھی۔
مسٹر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر ایک پوسٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کو اپنی پہلے کی پیش گوئی کا ثبوت قرار دیتے ہوئے انتخابات سے متعلق واقعات کو ”بڑا دھوکہ” بتایا۔ انہوں نے لکھاکہ ”کیا یہ دلچسپ بات نہیں ہے کہ وسط مدتی انتخابات کے بعد تیل کی قیمتوں میں بھاری کمی آئی ہے؟ میں نے کہا تھا کہ ایسا ہونے والا ہے۔ یہ پورا معاملہ ایک بڑا دھوکہ ہے!”
مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے وسط مدتی انتخابات سے پہلے دو پیش گوئیاں کی تھیں۔ پہلی یہ کہ ڈیموکریٹس کی جیت سے حصص بازار میں بھاری گراوٹ آئے گی اور دوسری یہ کہ ایران اپنے حملوں میں مزید شدت لائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ دونوں واقعات پیش آئے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ ایران نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈرون اور میزائلوں کی جتنی بڑی تعداد داغی ہے، اتنی گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے کے کسی بھی دورانیے میں نہیں داغی گئی۔
مسٹر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران کے تمام ڈرون اور میزائل بغیر کسی نقصان کے روک دیے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایران ڈیموکریٹک پارٹی کو کمزور اور غیر مؤثر سمجھتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ امریکہ کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ڈیموکریٹس اور ایران زیادہ سے زیادہ عرصے تک تیل کی قیمتیں بلند رکھنے کے لیے کام کر رہے تھے، جبکہ انتخابات کے بعد قیمتوں میں نمایاں کمی درج کی گئی ہے۔
انہوں نے انتخابی نتائج پر ووٹروں پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ سے پہلے وہ حالات کو سمجھنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے انتخابات کو ”انتہائی عجیب” قرار دیا۔ مسٹر ٹرمپ کے یہ تبصرے فروری کے اواخر میں ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان بڑھی ہوئی کشیدگی کے دوران سامنے آئے ہیں۔
یو این آئی۔ این یو۔
دنیا
ایرانی حملوں کی جرمنی اور قطر کی مذمت پر ایران نے قطری سفارت کار کو طلب کیا
تہران، ایران نے خلیجی خطے کے ممالک پر ایرانی حملوں کی مذمت کرنے والے جرمنی اور قطر کے مشترکہ بیان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پیر کے روز قطر کے قائم مقام سفارت کار کو طلب کیا۔ یہ اطلاع ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے دی۔
مسٹر بقائی نے اس بیان کو حیران کن اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ قطر کا موقف غیر متوقع تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے الزامات کو مسترد کر دیا ہے اور قطر کے سفیر کی غیر موجودگی میں قائم مقام سفارت کار کے سامنے اپنا احتجاج درج کرایا ہے۔
قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی کے امریکہ کے دورے پر تبصرہ کرتے ہوئے مسٹر بقائی نے کہا کہ تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ کسی بھی معاہدے کا لازمی حصہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس مطالبے کو علاقائی سلامتی اور استحکام کے تئیں ایران کی ذمہ داری کا مظہر قرار دیا۔
امریکہ کے وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے اس تبصرے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، جس میں انہوں نے ایران کے حکمرانوں کو ”زخمی اور محاصرے میں گھرے ہوئے جانور” قرار دیا تھا، مسٹر بقائی نے کہاکہ ”اسلامی جمہوریہ زخمی ہوا ہے، لیکن ان زخموں نے شیر کے پنجوں اور دانتوں کو مزید مضبوط بنا دیا
ہے۔”
یو این آئی۔ ان یو۔
دنیا
سیرانگ میں مٹھائی کی فیکٹری میں زبردست آتشزدگی، اب تک 24 لاشیں برآمد
جکارتہ، انڈونیشیا میں مٹھائی بنانے والی ایک فیکٹری میں زبردست آگ لگنے سے کم از کم 24 افراد کی موت ہوگئی ہے، جبکہ 35 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ حکام نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔
مقامی میڈیا کے مطابق، ہفتے کے روز آگ لگنے سے مکمل طور پر تباہ ہونے والی فیکٹری سے تلاش اور بچاؤ ٹیم اب تک 24 لاشوں کے تھیلے باہر نکال چکی ہے۔ ان لاشوں کو اتوار کی دوپہر سیرانگ شہر کے بھاینگکارا پولیس اسپتال پہنچایا گیا۔
ابتدا میں شام چار بجے سات لاشیں اسپتال لائی گئیں، جبکہ شام پانچ بجے مزید 16 لاشیں وہاں پہنچائی گئیں۔
کئی ملازمین اب بھی لاپتہ ہیں۔ ان کی تعداد 36 سے 43 کے درمیان بتائی جارہی ہے۔ ملبے سے مزید لاشیں ملنے کے ساتھ ہی لاپتہ افراد کی تعداد کے اعداد و شمار میں مسلسل تبدیلی آرہی ہے۔
قومی پولیس کے طبی اور صحت مرکز (پوسڈوکس) کے تحت آفات کے متاثرین کی شناخت (ڈی وی آئی) شعبے کی سربراہ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ واہیو ہدایتی دوی پالوپی نے کہا کہ تمام متاثرین کو شناخت کے عمل کے لیے ڈی وی آئی ٹیم کے ذریعے بھاینگکارا پولیس اسپتال لایا گیا ہے۔
انہوں نے خبر رساں ویب سائٹ ‘کومپاس ڈاٹ کام’ کے حوالے سے کہاکہ ”آگ کی شدت کے باعث اب لاشوں کی شناخت ممکن نہیں رہی ہے۔ اس لیے شناخت کے عمل میں سائنسی جانچ کا سہارا لیا جارہا ہے، جس میں ڈی این اے سے متعلق اعداد و شمار، انگلیوں کے نشانات اور متاثرین کی حالت کے مطابق شناخت کے دیگر طریقے شامل ہیں۔”
محنت کے معاملات پر صدر کے مشیر سعید اقبال نے کہا کہ فیکٹری میں حفاظتی ضابطوں پر عمل درآمد کی جانچ کی جارہی ہے اور وہ فیکٹری کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو طلب کریں گے۔
آگ ہفتے کی شام صوبہ بینٹین کے چیکانڈے میں واقع پی ٹی فونوسا اگونگ مولیا مٹھائی فیکٹری کی ایک عمارت میں لگی تھی۔ یہ مقام جکارتہ سے تقریباً ایک گھنٹے کی سڑک کی مسافت پر واقع ہے۔ مسٹر سعید نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹوں میں آگ لگنے کی وجہ ایئر کنڈیشنر میں شارٹ سرکٹ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
دنیا
آبنائے ہرمز اور اس کے آس پاس جہازوں پر حملوں کی تعداد اکتوبر میں جنگ شروع ہونے کے بعد سب سے زیادہ رہی: برطانوی نگرانی ایجنسی
لندن، برطانیہ کے بحری تجارتی آپریشنز مرکز (یو کے ایم ٹی او) کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، فروری کے اواخر میں امریکہ اور ایران کے درمیان تصادم شروع ہونے کے بعد اکتوبر میں آبنائے ہرمز اور اس کے آس پاس تجارتی جہازوں پر حملوں کی ماہانہ تعداد سب سے زیادہ رہی۔ یو کے ایم ٹی او میں اکتوبر کے دوران درج واقعات کی تعداد جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی بار 30 سے تجاوز کرگئی۔ وہیں اتوار تک نومبر میں آبنائے ہرمز، خلیج فارس اور خلیج عمان میں کم از کم 22 حملے درج کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق، اکتوبر سے پہلے حملوں کی اوسط ماہانہ تعداد تقریباً 10 تھی۔ بین الاقوامی بحری تنظیم (آئی ایم او) کے الگ الگ اعداد و شمار سے بھی اشارہ ملتا ہے کہ رواں سال اب تک اکتوبر میں سب سے زیادہ تصدیق شدہ واقعات درج کیے گئے۔ جمعہ کے روز جاری کردہ اپنی ہفتہ وار رپورٹ میں یو کے ایم ٹی او نے کہا کہ اس کے اعداد و شمار میں صرف وہی واقعات شامل ہیں جن کی بنیادی ذرائع سے تصدیق کی گئی ہے۔ ایجنسی نے یہ بھی بتایا کہ اسے دیگر واقعات کی بھی اطلاع ہے، لیکن ان کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی جاسکتی۔
ایجنسی نے اکتوبر کے وسط میں یہ بھی کہا تھا کہ حملوں کا سامنا کرنے والے زیادہ تر جہاز ان واقعات کی اطلاع نہیں دے رہے ہیں، جبکہ کئی جہازوں نے اپنی شناخت اور مقام کا پتہ چلنے سے بچنے کے لیے نگرانی کے آلات بند کردیے ہیں۔
جنگ سے پہلے دنیا کی مجموعی تیل کی فراہمی کا تقریباً پانچواں حصہ جس آبنائے سے ہوکر گزرتا تھا، وہاں سے تجارتی جہازوں کی آمد و رفت اب بھی جنگ سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں تقریباً 65 فیصد کم ہے۔
اس کی اہم وجوہات میں ایران کی جانب سے جہازوں کی آمد و رفت روکنے کی کوششیں اور ایرانی بندرگاہوں کی امریکی ناکہ بندی کو بتایا گیا ہے۔
اکتوبر کے وسط میں جاری ایک رپورٹ میں بحری نگرانی کی ایجنسی نے کہا تھا کہ اسے حملوں کی مجموعی تعداد کا درست اندازہ لگانے میں دشواری کا سامنا ہے، کیونکہ نشانہ بنائے گئے زیادہ تر جہاز اس کے پاس ان واقعات کی رپورٹ درج نہیں کرا رہے ہیں۔
اس دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حال ہی میں گراوٹ آئی ہے۔ بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے اس کی وجہ خلیجی خطے سے برآمدات میں بہتری اور امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے بعد امریکہ کی جانب سے نئی فوجی کارروائی کے خدشات میں کمی کو قرار دیا ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
-
ہندوستان7 days agoآسیان- ہندوستان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے مودی منیلا پہنچے
-
ہندوستان6 days agoملک کی باغبانی میں بہار، پھلوں، سبزیوں سے لے کر پھولوں تک ہر شعبے میں زبردست اضافہ: شیوراج سنگھ چوہان
-
تجزیہ7 days agoایران۔امریکہ۔اسرائیل جنگ اورعالمی سطح پرفوسل فیول کے اخراج میں کمی
-
دنیا1 week agoنیتن یاہو کی گادی آئزن کوٹ سے ایران پر دوبارہ حملوں کے امکان پر بات چیت
-
جموں و کشمیر5 days agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان7 days agoدسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں انتخابی مہم تیز کرے گی کانگریس، راہل اور پرینکا گاندھی بھی سنبھالیں گے محاذ
-
جموں و کشمیر5 days agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
ہندوستان5 days agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
دنیا7 days agoہندستان، امریکہ سمیت 10 ممالک نے سپر انٹیلی جنس دور کی سپلائی چین کو محفوظ بنانے کے لیے اعلامیے پر دستخط کیے
-
دنیا6 days agoآبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا
-
جموں و کشمیر5 days agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان5 days ago
