ہندوستان
چاندی کی درآمدی کسٹم ڈیوٹی کی مقررہ قیمت میں 203 ڈالر کی کمی
نئی دہلی، حکومت نے چاندی کی درآمدی کسٹم ڈیوٹی کی مقررہ قیمت میں 203 ڈالر فی کلوگرام کی بڑی کمی کی ہے۔
مرکزی بورڈ برائے بالواسطہ ٹیکس اور کسٹم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ سے چاندی کی درآمدی کسٹم ڈیوٹی کی مقررہ قیمت 1,293 ڈالر فی کلوگرام طے کی گئی ہے۔ اس سے پہلے 20 نومبر کو اسے کم کرکے 1,496 ڈالر فی کلوگرام کیا گیا تھا۔ اس طرح اس میں 13.6 فیصد یعنی 203 ڈالر کی بڑی کمی کی گئی ہے۔
درآمدی کسٹم ڈیوٹی کی مقررہ قیمت وہ قیمت ہوتی ہے جسے بنیاد بناکر حکومت سونے اور چاندی پر درآمدی ڈیوٹی عائد کرتی ہے۔ ایسا اس لیے کیا جاتا ہے کیونکہ بین الاقوامی بازار میں ان دونوں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ ہوتا رہتا ہے اور درآمدی ڈیوٹی عائد کرنے کے لیے ایک مقررہ معیار طے کرنا ضروری ہوتا ہے۔
بین الاقوامی بازار میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چاندی کی قیمتوں میں تیزی سے آئی گراوٹ کے پیش نظر یہ تبدیلی کی گئی ہے۔
اس سے پہلے 24 نومبر کو سونے کی درآمدی کسٹم ڈیوٹی کی مقررہ قیمت میں 96 ڈالر کی کمی کرکے اسے 1,149 ڈالر فی 10 گرام کردیا گیا تھا۔
یو این آئی۔ ایم جے
ہندوستان
جامعہ ہمدرد میں پانچویں حکیم عبد الحمید میموریل لیکچر کا کامیاب انعقاد
نئی دہلی، جامعہ ہمدرد کے سینٹر آف ایکسیلنس اِن یونانی میڈیسن (سی او ای) کے زیرِ اہتمام آج پانچویں حکیم عبد الحمید میموریل لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔ اس علمی و تحقیقی نشست کا موضوع ”حکمت سے شواہد تک: طبِ یونانی میں سائنسی جدت اور انٹیگریٹیو ہیلتھ کیئر” رکھا گیا تھا، جس کا بنیادی مقصد طبِ یونانی میں جدید سائنسی تحقیق، شواہد پر مبنی طریقۂ علاج اور دیگر نظام ہائے طب کے ساتھ اشتراک و ہم آہنگی کے امکانات کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز مہمانانِ گرامی کے استقبال اور حافظ محمد زید نواز کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد معزز مہمانوں کی گلدستے اور یادگاری مومنٹو پیش کر کے پذیرائی کی گئی۔ آرگنائزنگ چیئرمین سید منیر عظمت نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے حکیم عبد الحمید میموریل لیکچر کے اغراض و مقاصد اور اس کی علمی و تحقیقی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں سپورٹ سوسائٹی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر اجمل اخلاق اورمریم اجمل نے سوسائٹی کی فلاحی و تعلیمی سرگرمیوں اور خدمات کا جامع تعارف پیش کیا۔
لیکچر کے کلیدی مقرر، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن (اے ایم یو، علی گڑھ) کے شعبۂ کلیات کے چیئرمین پروفیسر اشہر قدیر نے اپنے پرمغز اور بصیرت افروز خطاب میں طبِ یونانی کے قدیم علمی ورثے کو جدید سائنسی تحقیق اور شواہد (ایویڈینس بیس میڈیسن) کے سانچے میں ڈھالنے کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے طبِ یونانی کے تحقیقی معیار کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے تاریخی حوالوں سے واضح کیا کہ یونانی طب میں ارتقاء اور ترمیمات کی ضرورت کب اور کن اسباب کی بنا پر پیش آئی۔ پروفیسر قدیر نے حکیم اجمل خان اور حکیم عبد الحمید کی تعلیمات اور نادر مخطوطات کی روشنی میں بتایا کہ ان اکابرین نے اپنے عہد میں طبِ یونانی کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے کے لیے کس قدر دور رس اقدامات کیے۔ اس ضمن میں انہوں نے خصوصیت کے ساتھ ‘انسٹیٹیوٹ آف ہسٹری آف میڈیسن اینڈ میڈیکل ریسرچ’ (آئی ایچ ایم ایم آر) جیسے تحقیقی اداروں کے قیام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج قومی کمیشن برائے ہندوستانی نظامِ طب (این سی آئی ایس ایم) کی جانب سے طبِ یونانی میں جس تجدید اور جدیدیت کی بات کی جا رہی ہے، ہمارے بزرگوں نے تقریباً ایک صدی قبل ہی نہ صرف اس کا خواب دیکھا تھا بلکہ عملی بنیادیں بھی فراہم کر دی تھیں۔
تقریب کے مہمانانِ اعزازی ڈاکٹر شکیل احمد (جنرل سکریٹری، سر سید ایجوکیشنل سوشل ویلفیئر سوسائٹی) اور پروفیسر سعید احمد (ڈائریکٹر، سینٹر آف ایکسیلنس اِن یونانی میڈیسن،ایس پی سی آر، جامعہ ہمدرد) نے اپنے خطابات میں طبِ یونانی کی ہمہ جہت ترقی، معیاری تحقیق کے فروغ اور دورِ حاضر کے طبی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی ناگزیریت پر زور دیا۔
وزارتِ آیوش، حکومتِ ہند کے نیشنل میڈیسنل پلانٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل و ڈپٹی سی ای او ڈاکٹر عبد القیوم (آئی ایف ایس) نے بطور مہمانِ اعزازی خطاب کرتے ہوئے ادویاتی پودوں کے تحفظ، کاشت، سائنسی تحقیق اور طبِ یونانی کے عالمی فروغ سے متعلق اہم نکات پیش کیے۔ مہمانِ خصوصی جناب آلوک سریواستو (جنرل منیجر، انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ) نے علمی و تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور صحتِ عامہ کے شعبے میں جدت طرازی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر نوجوانوں کی تحقیقی صلاحیتوں کے اعتراف اور حوصلہ افزائی کے لیے ‘اخلاق حسین ینگ ایکسیلنس ایوارڈ’ بھی عطا کیا گیا، جن میں زنیرہ خان، بے بی زائنا خان، میمین حیدر خان اور عمر غالب احسن شامل رہے۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے دہلی یونیورسٹی کے شعبۂ عربی کے صدر پروفیسر محمد اکرم نے حکیم عبد الحمید کی بے مثال علمی، تعلیمی اور طبی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا اور بین العلومی مکالمے و تحقیق کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے حکیم صاحب کی شخصیت کے روحانی پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نہایت درویش صفت اور روحانیت سے معمور انسان تھے، جو تعلیم آباد کی مسجد اور کبھی جامعہ کی رابعہ مسجد میں باقاعدگی سے مراقبہ فرمایا کرتے تھے۔
تقریب کے اختتام پر کنوینر ڈاکٹر نازش احتشام اعظمی نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ قومی ترانے کے ساتھ اس باوقار تقریب کا اختتام ہوا، تقریب میں پروفیسر محمد حسین، ڈاکٹر فرحان اختر،ڈاکٹر سالک، ڈاکٹر سعدیہ، زاہد ڈاکٹر روبی اورنگ زیب ،رمشہ خان ،مقبول حسن اور ڈاکٹر محمد جلیس ڈاکٹر عذیر بقائی صاحبان سمیت طب، تحقیق اور صحت کے شعبے سے وابستہ اساتذہ، محققین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یو این آئی۔این یو۔ م الف
ہندوستان
پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس خواتین کے ریزرویشن کے لیے نہیں، بلکہ حدبندی کے لیے ہے: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر ‘جھوٹ پھیلانے’ کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس خواتین کے ریزرویشن کے لیے نہیں بلکہ حدبندی بل منظور کرانے کے لیے بلایا جا رہا ہے۔
کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ مسٹر مودی اور مسٹر شاہ کی ‘سازشی جوڑی’ ہمیشہ کی طرح جھوٹ پھیلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ایک تہائی ریزرویشن دینے والا ناری شکتی وندن ایکٹ ستمبر 2023 میں پارلیمنٹ میں اتفاق رائے سے منظور کیا گیا تھا اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اسے فوری طور پر نافذ کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن ان کے مطالبے کو مسترد کردیا گیا تھا اور گزشتہ 16 اپریل کی رات 10 بج کر 40 منٹ تک بھی قانون کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا تھا، تاہم بعد میں اسے اچانک جاری کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ واضح ہوگیا ہے کہ ”پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس خواتین کے ریزرویشن کے لیے نہیں ہے۔ خواتین کا ریزرویشن پہلے ہی قانون بن چکا ہے، لیکن وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی جوڑی نے اسے تین سال سے زیادہ عرصے سے سرد خانے میں ڈال رکھا ہے۔”
مسٹر رمیش نے کہا کہ خصوصی اجلاس کا اصل مقصد انتخابی حلقوں کی من مانی حدبندی کرنا ہے، تاکہ لوگوں کی آواز دبائی جاسکے۔ انہوں نے سوال کیا کہ انتخابی حلقوں کی حدود طے کرنے کی ذمہ داری کس کو سونپی جائے گی اور کیا یہ ذمہ داری چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو دی جاسکتی ہے، جن کی ساکھ پوری طرح سوالوں کے گھیرے میں آچکی ہے اور جو بری طرح بے نقاب ہوچکے ہیں۔
مسٹر رمیش نے الزام لگایا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ووٹر فہرستیں تیار کرنے کے پورے عمل کا مذاق بنا کر رکھ دیا ہے اور انتخابی عمل کی ساکھ کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔
کانگریس رہنما نے کہاکہ ”اتنے بڑے پیمانے پر ووٹوں کی چوری کرنے والوں کو ہی اب حدبندی کرنے اور انتخابی حلقوں کی ہیئت تبدیل کرنے کا اختیار کیسے دیا جاسکتا ہے؟ اس سے زیادہ شرمناک اور کیا ہوسکتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ یہ ہر طرف سے گھرے ہوئے، گھبرائے ہوئے اور بوکھلائے ہوئے وزیر اعظم کی جانب سے مایوسی میں اٹھایا گیا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پوری طاقت اور پختہ عزم کے ساتھ اس کا مقابلہ کرے گی۔
یو این آئی۔ این یو۔
ہندوستان
ہندوستان میں اقتدار عوام کے ذریعے حاصل ہوگا اور اس کا استعمال بھی عوام کے توسط سے ہی ہوگا: شاہ
نئی دہلی، امور داخلہ اور امدادِ باہمی کے مرکزی وزیر امت شاہ نے آئین کو ملک کی یکجہتی، سالمیت اور جمہوری اقدار کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین سازوں نے طے کیا تھا کہ اقتدار عوام کے ذریعے حاصل کیا جائے گا اور اس کا استعمال بھی عوام کے توسط سے ہی ہوگا۔ لوگوں کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ فیصلہ کریں کہ اقتدار کس کے سپرد کرنا ہے۔ وہیں اقتدار حاصل کرنے والوں کے لیے آئین کے دائرے میں رہ کر حکومت چلانے کا راستہ متعین کیا گیا۔
مسٹر شاہ نے یومِ آئین کے موقع پر جمعرات کو یہاں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26 نومبر ہندوستانی جمہوریت کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، کیونکہ اسی دن ملک کو وہ سمت ملی جس نے آزاد ہندوستان کی حکمرانی، جمہوریت اور عوامی شراکت داری کی بنیاد مضبوط کی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کو محض ایک قانونی دستاویز یا کتاب کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ یہ ان مجاہدین آزادی کی جدوجہد، قربانیوں اور خوابوں کی علامت ہے جنہوں نے ملک کو آزاد کرانے کے لیے اپنا سب کچھ قربان کردیا۔ آئین کے دیباچے کا ایک ایک لفظ عظیم ہندوستان کی تعمیر کے مقصد سے وضع کیا گیا تھا۔ آئین کی بنیادی روح یہی ہے کہ حکومتیں عوام کی خواہشات اور جمہوری اقدار کے مطابق کام کریں۔
انہوں نے کہا، ”26 نومبر 1949 کو ہمارے ملک کا ایک نیا سفر شروع ہوا۔ 1857 سے 1947 تک 90 سالہ جدوجہد آزادی میں بے شمار قربانیاں دی گئیں۔ کئی معروف اور گمنام مجاہدین آزادی نے اپنی عظیم قربانی پیش کی۔ انہوں نے ہنستے ہنستے مادرِ ہند کو آزاد کرانے کے یگیہ کی قربان گاہ پر اپنی جانیں نچھاور کردیں۔ کئی لوگوں نے اس عظیم ملک کو آزاد کرانے کے لیے اپنا گھر بار، کاروبار، کریئر، تعلیم اور دیگر تمام مصروفیات چھوڑ کر جدوجہد کی۔”
انہوں نے کہا کہ تقریباً 200 سے 250 سال کی غلامی کے دوران ہندوستان کی تہذیب، علم اور وقار کو زبردست نقصان پہنچا۔ جس ہندوستان کو کبھی سونے کی چڑیا اور دنیا کا مرکزِ علم کہا جاتا تھا، اسے دوبارہ کھڑا کرنے کا لائحہ عمل آئین سازوں نے آئین کی شکل میں ملک کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے کہا، ”آئین کا احترام کرنا ہم تمام ہندوستانیوں کی ذمہ داری ہے۔ تاہم، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ آزادی کے بعد آئین کو صرف حکومت چلانے کی رہنما کتاب کے طور پر دیکھنے کی کوشش کی گئی۔ ملک کے نوعمر بچوں، نوجوانوں اور شہریوں کے درمیان آئین کی روح کو راسخ کرنے اور اسے مضبوط بنانے کے عمل کو فراموش کردیا گیا۔”
اس دوران انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا، ”جو لوگ ہاتھ میں آئین لے کر گھوم رہے ہیں اور ہم پر آئین کی توہین کا الزام لگاتے ہیں، ان سے میں کہنا چاہتا ہوں کہ وہ 15 منٹ پارلیمنٹ کی لائبریری میں جاکر آئین پڑھیں۔ 2014 کے بعد جب ہماری حکومت بنی تو ہم نے سمودھان گورودیوس منانے کا فیصلہ کیا، تاکہ اس کی روح لوگوں تک پہنچ سکے۔”
وزیر داخلہ نے کہا، ”جو لوگ ہماری تہذیب کی مخالفت کر رہے ہیں، ان سے میں کہنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ اپنی زندگی میں آئین کے لیے 10 سے 15 منٹ کا وقت نکال سکتے ہیں تو براہِ کرم ایک بار آئین کے اصل نسخے کو دیکھیں۔ آئین کے اصل نسخے کے ابواب کا آغاز ان تصاویر سے ہوتا ہے جن میں بھگوان شری رام کی ایودھیا واپسی، بھگوان بدھ، بھگوان مہاویر، دسویں گرو گرو گوبند سنگھ جی، رانی لکشمی بائی، دانڈی مارچ اور نیتاجی سبھاش چندر بوس کو دکھایا گیا ہے۔”
اس دوران انہوں نے یکساں سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا، ”ہمارے آئین سازوں نے یو سی سی کو آئین کے رہنما اصولوں میں شامل کیا تھا۔ اس ملک کے ہر شہری کو، خواہ وہ ہندو، سکھ، مسلمان، عیسائی یا پارسی ہو، یکساں قانون کے تحت زندگی گزارنے کا حق ملنا چاہیے۔ مذہب کی بنیاد پر قوانین نہیں بنائے جانے چاہئیں، لیکن راہل جی، آپ کی پارٹی اس کی کھل کر مخالفت کرتی ہے۔ آج میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ آنے والے دنوں میں جہاں جہاں بی جے پی کی حکومتیں ہوں گی، وہاں یکساں سول کوڈ نافذ کیا جائے گا۔”
اس دوران 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ”پارلیمنٹ میں کانگریس کے ایک رہنما مجھ سے ملے اور کہا، ‘بھائی، 2047 میں مودی جی کہاں ہوں گے؟’ میں نے جواب دیا، ‘آپ کی توجہ افراد پر ہے، جبکہ ہماری توجہ بھارت ماتا پر ہے۔ سال 2047 میں ہندوستان یقیناً موجود رہے گا۔’ اس لیے ہمارا عزم ہندوستان کو عظیم بنانے کا ہے، کسی فرد کو عظیم بنانے کا نہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہماری اجتماعی کوششوں سے بھارت ماتا کے لیے سوامی وویکانند جی نے جو خواب دیکھا تھا، وہ 2047 میں آزادی کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر پورا ہوگا۔ وہاں تک پہنچنے کا راستہ وہ مقدس کتاب ہے جسے آئین کہا جاتا ہے اور جسے ہمارے آئین سازوں نے ہمیں سونپا ہے۔ ہمیں اسی کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنا ہوگا۔”
یواین آئی۔ ایف اے
-
جموں و کشمیر1 week agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
جموں و کشمیر1 week agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان1 week agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
جموں و کشمیر1 week agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان1 week agoہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
-
دنیا3 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا آبادی میں اضافے اور جلد شادی پر زور
-
ہندوستان1 week ago -
ہندوستان1 week agoمہنگائی کی مار سے 10 میں سے 6 خاندانوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا: دہلی کانگریس
-
کھیل4 days agoجموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے انتخابات کے لیے حتمی انتخابی فہرست میں 11 کلب شامل: ریٹرننگ افسر
-
دنیا6 days agoآبنائے ہرمز میں نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرانے سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی
-
دنیا6 days agoسعودی اتحاد کا جازان کی جانب داغے گئے حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
-
دنیا1 week agoایران کا آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
