جموں و کشمیر
جموں و کشمیر پولیس کی بڑی کارروائی، پاکستان میں مقیم پانچ دہشت گرد ہینڈلرز کی 29 کنال اراضی قرق
جموں، جموں و کشمیر پولیس نے دہشت گردی کے مالیاتی ڈھانچے کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ضلع ریاسی میں پاکستان میں مقیم پانچ دہشت گرد ہینڈلرز کی غیر منقولہ جائیدادیں قرق کرلی ہیں۔ قرق کی گئی اراضی کا مجموعی رقبہ تقریباً 29 کنال بتایا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے یہاں بتایا کہ یہ کارروائی ضلع ریاسی کے پولیس اسٹیشن مہور میں درج ایک ایف آئی آر کے سلسلے میں کی گئی ہے۔ اس معاملے میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس)، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون (یو اے پی اے) اور ای اینڈ آئی ایم سی او ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق، جائیدادوں کو قرق کرنے کی کارروائی سب ڈویژنل پولیس افسر (ایس ڈی پی او) مہور کی قیادت میں پولیس ٹیم نے انجام دی۔ اس ٹیم میں پولیس اسٹیشن مہور کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) اور دیگر پولیس اہلکار شامل تھے۔ کارروائی ایگزیکٹیو مجسٹریٹ مہور اور علاقے کے آزاد مقامی گواہوں کی موجودگی میں مکمل کی گئی۔
پولیس کے مطابق، جن پانچ افراد کی جائیدادیں قرق کی گئی ہیں، ان میں مہور کے علاقے شادولے کے محمد قیوم عرف عبدالقیوم کی دو کنال سات مرلہ، بدر مہور کے بشیر احمد عرف معصوم کی تین کنال آٹھ مرلہ، تحصیل ارناس کے ہندر علاقے کے شوکت علی کی تین کنال دس مرلہ، تحصیل تھورو کے کھنٹی علاقے کے منظور احمد کی 15 کنال 19 مرلہ اور تھورو کے امتیاز احمد کی تین کنال دس مرلہ اراضی شامل ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ریاسی پولیس نے محکمہ مال کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے ان جائیدادوں کی نشاندہی اور تصدیق کی۔ تحقیقات مکمل ہونے اور ضروری قانونی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں و کشمیر سے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون 1967 کی متعلقہ دفعات کے تحت جائیدادیں قرق کرنے کی منظوری حاصل کی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق، تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ افراد دہشت گردانہ تربیت حاصل کرنے کے لیے سرحد پار کرکے پاکستان چلے گئے تھے اور اس وقت وہاں سے دہشت گرد ہینڈلرز کے طور پر سرگرم ہیں۔ پولیس کا الزام ہے کہ وہ سرحد پار سے علاقے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی ہدایت دینے، انہیں سہولت فراہم کرنے اور ان کی منصوبہ بندی و تال میل میں ملوث ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ ان افراد کی جائیدادوں کو منتقل یا فروخت کیے جانے کا خدشہ تھا اور ان کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم دہشت گردانہ سرگرمیوں کی مالی معاونت اور انہیں جاری رکھنے کے لیے استعمال کی جاسکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جائیدادوں کی قرقی کا مقصد دہشت گردی کی مالی اور لاجسٹک معاونت کرنے والے نیٹ ورک کو کمزور کرنا اور پاکستان میں بیٹھ کر سرگرم دہشت گرد ہینڈلرز کو ایسے وسائل تک رسائی سے محروم کرنا ہے، جنہیں وہ اپنی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
پولیس ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل 30 جولائی کو پاکستان میں مقیم پانچ دیگر جموں و کشمیر کے باشندوں (جے کے این او پیز) کی جائیدادیں بھی قرق کی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس دہشت گردی اور اس کے معاون ڈھانچے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھے گی۔ پولیس کے مطابق، ضلع میں امن و امان، سلامتی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھی مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
جموں کرائم برانچ نے 1.41 کروڑ روپے کے سرمایہ کاری فراڈ معاملے میں چارج شیٹ داخل کردی
جموں، جموں کرائم برانچ کے اکنامک آفینسز ونگ (ای او ڈبلیو) نے سرمایہ کاری کے نام پر دھوکہ دہی کے ایک معاملے میں چار ملزمین کے خلاف جموں کی عدالتِ مجسٹریٹ الیکٹریسٹی میں چارج شیٹ داخل کردی ہے۔ اس معاملے میں متعدد سرمایہ کاروں سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 41 لاکھ 71 ہزار 700 روپے کی دھوکہ دہی کا انکشاف ہوا ہے۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق، اس معاملے کی ابتدا راجوری ضلع کے سیوٹ کے رہنے والے اور فی الحال جموں کے پٹولی برہمنہ میں مقیم دو بھائیوں، سمیت شرما اور سنی سودن کی تحریری شکایت سے ہوئی تھی۔
شکایت کنندگان نے الزام لگایا تھا کہ ملزمین نے ‘مائیکرو ڈالر ایسوسی ایٹس’ نامی مبینہ کرنسی اور آف شور ٹریڈنگ فرم کے ذریعے پرکشش منافع دینے کا وعدہ کرکے ان سے 36 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انسپکٹر ترنجیت سنگھ کی قیادت میں کی گئی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمین نے شکایت کنندگان سمیت متعدد سرمایہ کاروں کو نشانہ بنایا اور مجموعی طور پر ایک کروڑ 41 لاکھ 71 ہزار 700 روپے کی رقم دھوکہ دہی سے حاصل کی۔
تحقیقات کے مطابق، ملزمین نے لوگوں کو سرمایہ کاری پر آمادہ کرنے کے لیے ایچ ڈی ایف سی بینک کی بہو پلازہ شاخ میں کام کرنے والے نیلم بھٹ اور یشپال شرما کے عہدوں اور بینک سے ان کے تعلقات کا فائدہ اٹھایا۔ مبینہ طور پر سرمایہ کاروں کو یقین دلایا گیا کہ ان کی رقم مختصر مدت میں دوگنی کردی جائے گی اور اس کے علاوہ سالانہ 20 سے 25 فیصد تک منافع بھی دیا جائے گا۔
کرائم برانچ کے مطابق، تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ فرم قانونی طور پر رجسٹرڈ نہیں تھی اور نہ ہی اسے کمپنیز رجسٹرار یا ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی جانب سے مالیاتی سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت حاصل تھی۔
تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا کہ ملزمین نے اپنے بینکنگ روابط کا غلط استعمال کیا، بینک سے متعلق دستاویزات میں جعل سازی کی اور دھوکہ دہی سے حاصل ہونے والی رقم کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا۔ مبینہ طور پر اس رقم سے سونے کے زیورات اور تعمیراتی سامان بھی خریدا گیا۔
کرائم برانچ نے جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر اشونی کمار بھٹ، نیلم بھٹ، یشپال شرما اور انورادھا شرما کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت جموں کی عدالتِ مجسٹریٹ الیکٹریسٹی میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔
ایس ایس پی کرائم برانچ، اکنامک آفینسز ونگ جموں نے عام لوگوں کو اس طرح کی مالی دھوکہ دہی سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر انہیں سرمایہ کاری کے نام پر کسی قسم کے فراڈ کا سامنا کرنا پڑے تو اس کی اطلاع کرائم برانچ کے اکنامک آفینسز ونگ جموں کو دیں۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
محبوبہ مفتی نے شیش ناگ جھیل تک سڑک کی تعمیر کی منظوری پر سوال اٹھائے، فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ: نیشنل کانفرنس نے الزامات مسترد کردیے
سری نگر، سابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے بدھ کے روز عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے اس مبینہ فیصلے پر سوال اٹھایا ہے، جس کے تحت شیش ناگ جھیل تک سڑک کی تعمیر کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے اس معاملے میں حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے مبینہ طور پر دی گئی منظوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل حکام نے انہیں شیش ناگ جھیل کی جانب مارچ کرنے سے روک دیا تھا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی کابینہ نے رواں سال 23 جنوری کو بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے پروجیکٹ بیکن کے ساتھ مفاہمت نامے (ایم او یو) میں توسیع کرتے ہوئے شیش ناگ تک سڑک کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔
انہوں نے لکھا کہ یہ بات انتہائی حیران کن ہے کہ 23 جنوری 2026 کو عمر عبداللہ کی قیادت والی کابینہ نے بی آر او کے پروجیکٹ بیکن کے ساتھ مفاہمت نامے میں توسیع کرکے شیش ناگ تک سڑک کی تعمیر کو منظوری دی۔
محبوبہ مفتی نے اس اقدام کو خطے کے نازک ماحولیاتی نظام پر حملہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ تعمیراتی سرگرمیوں سے نہ صرف شیش ناگ کے قدرتی ماحول کو نقصان پہنچ سکتا ہے بلکہ سالانہ امرناتھ یاترا بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے نام پر ہمارے نازک ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، جس سے شیش ناگ کا قدرتی ماحول اور امرناتھ یاترا دونوں خطرات سے دوچار ہوسکتے ہیں۔
محبوبہ مفتی نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور محکمہ سیاحت سے مطالبہ کیا کہ وہ بی آر او کے ساتھ کیے گئے مفاہمت نامے اور سڑک کی تعمیر کے لیے دی گئی منظوری کے بارے میں وضاحت پیش کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ ماحولیات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے سے پہلے اس منظوری کو واپس لیا جائے۔
تاہم، حکمراں جماعت نیشنل کانفرنس (این سی) نے محبوبہ مفتی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان پر گمراہ کن معلومات پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔ پارٹی نے انہیں چیلنج کیا کہ وہ اس دعوے کا ثبوت پیش کریں کہ شیش ناگ تک سڑک کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل میں محبوبہ مفتی کے دعوے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ ”محبوبہ مفتی، یہ گمراہ کن معلومات اور شرارت کیوں؟ شیش ناگ تک سڑک کی منظوری کہاں اور کب دی گئی؟”
جنوری 2026 میں کیے گئے مفاہمت نامے کی وضاحت کرتے ہوئے عمران ڈار نے کہا کہ اس کا مقصد خصوصی طور پر شری امرناتھ جی یاترا (ایس اے این جے وائی) کے راستوں پر باقی ماندہ اور اہم کاموں کو مکمل کرنا تھا۔ اس کے علاوہ ڈھلوانوں کو مستحکم بنانے اور برف ہٹانے کے کام بھی اس مفاہمت نامے کا حصہ تھے۔
عمران ڈار نے محبوبہ مفتی کو چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ ”سڑک کی منظوری؟ ثبوت پیش کریں یا معافی مانگیں۔”
یہ تنازع رواں ہفتے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آنے کے بعد شروع ہوا، جس میں شیش ناگ جھیل کے قریب سڑک کی تعمیر کے کام کے لیے ایک کرالر ایکسکیویٹر (بھاری تعمیراتی مشین) کا استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد وادی میں شدید ردعمل سامنے آیا اور سیاسی رہنماؤں کے ساتھ مذہبی شخصیات نے بھی ہمالیائی خطے کے حساس ماحولیاتی نظام میں تعمیراتی سرگرمیوں کے ممکنہ منفی اثرات پر تشویش ظاہر کی۔
دریں اثنا، جموں و کشمیر کے وزیر برائے جنگلات، ماحولیات و ایکولوجی الطاف احمد کالو کے بدھ کے روز اس مقام کا دورہ کرنے کا امکان ہے، جہاں وہ صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
واضح رہے کہ منگل کے روز حکام نے محبوبہ مفتی کو شیش ناگ جھیل کی جانب مارچ کرنے سے روک دیا تھا۔ وہ وہاں جاری سڑک کی تعمیر کے کام پر اپنے تحفظات اور ماحولیاتی خدشات کا اظہار کرنے کے لیے جانا چاہتی تھیں۔
دوسری جانب، بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے اپنی سرگرمیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کام امرناتھ یاترا کے بعد کی جانے والی کارروائیوں کے تحت انجام دیا جا رہا ہے۔ تنظیم کے مطابق، تمام کام مقررہ حفاظتی ضوابط اور ماحولیاتی تحفظ کے اصولوں کے مطابق کیے جا رہے ہیں، تاکہ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
بھاری مشینری کے استعمال پر تنازع کے درمیان محبوبہ مفتی کو شیش ناگ جھیل جانے سے روک دیا گیا
سری نگر، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو منگل کو چندن واڑی میں پولیس نے اس وقت روک دیا، جب وہ شیش ناگ جھیل کے قریب بھاری مشینری سے جاری کھدائی کا جائزہ لینے جا رہی تھیں۔
وہ پارٹی کے ارکان اسمبلی وحید پارہ اور سید منتظر مہدی کے ہمراہ امرناتھ یاترا کے راستے سے پیدل آگے بڑھ رہی تھیں۔ مقدس امرناتھ گپھا کے راستے پر 3590 میٹر کی بلندی پر واقع شیش ناگ جھیل جموں و کشمیر کی ان 14 گلیشیائی جھیلوں میں سے ایک ہے، جنہیں انتہائی حساس اور زیادہ خطرے والے زمرے میں رکھا گیا ہے۔
پی ڈی پی کے مطابق محترمہ محبوبہ اپنے ارکان اسمبلی کے ساتھ وہاں کے حالات کا جائزہ لینے جا رہی تھیں کیونکہ ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا، جس میں جھیل کے کنارے کھدائی کرنے والی مشینیں کام کرتے ہوئے دکھائی دے رہی تھیں۔
اتوار دیر رات سامنے آنے والے اس ویڈیو کے بعد شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ کئی سیاسی لیڈران اور مذہبی شخصیات نے تشویش کا اظہار کیا کہ اس کام سے ماحولیات پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے پیر کو اپنے دفاع میں کہا کہ وہ امرناتھ یاترا کے بعد کا کام کر رہے ہیں اور اس میں تمام حفاظتی ضوابط اور ماحولیاتی رہنما خطوط پر عمل کیا جا رہا ہے۔
محترمہ محبوبہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ایک ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے کہ جب وہ جھیل کی جانب جانے کی کوشش کر رہی تھیں، تو پولیس نے انہیں روک دیا۔ انہوں نے راستے میں افسران سے گفتگو کے دوران ماحولیاتی نقطہ نظر سے حساس اس علاقے میں بلڈوزر جیسی بھاری مشینیں تعینات کرنے پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ بڑے پیمانے پر کھدائی اور تعمیراتی کام سے ہمالیائی ماحولیاتی نظام کو مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیش ناگ نہ صرف ماحولیاتی لحاظ سے حساس مقام ہے بلکہ ہندو تیرتھ یاتریوں کے لیے بھی بہت زیادہ مذہبی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے ترقی اور امرناتھ یاترا کے نام پر اتنی بھاری مشینری کے استعمال کی ضرورت پر سوال اٹھایا۔
انہوں نے کہا، “جموں و کشمیر اپنے ماحول، ندیوں، جھیلوں اور جنگلات کی وجہ سے ہی زندہ ہے۔” انہوں نے خبردار کیا کہ ان قدرتی وسائل کو نقصان پہنچنے سے مستقبل میں سنگین نتائج بھگتنے پڑ سکتے ہیں۔
محترمہ محبوبہ نے اتراکھنڈ اور نیپال میں ماحولیات کو پہنچنے والے نقصان کی مثال دیتے ہوئے حکام سے اپیل کی کہ وہ ہمالیہ کے اس حساس علاقے میں بڑے پیمانے پر ہونے والے تعمیراتی کاموں پر نظرثانی کریں۔ انہوں نے جھیل کے قریب جاری کام کی نوعیت کے بارے میں بھی بی آر او سے وضاحت طلب کی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پی ڈی پی سربراہ نے زور دے کر کہا کہ وہ صرف اس جگہ پر جا کر خود صورتحال کا جائزہ لینا چاہتی تھیں۔ انہوں نے اپنی حفاظت کی ذمہ داری خود لینے کی بھی پیشکش کی لیکن انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں ملی۔
انہوں نے امرناتھ یاترا کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے جموں و کشمیر میں ہندو مسلم بھائی چارے کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے ہمیشہ تیرتھ یاتریوں کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور کئی لوگوں نے تو اس دوران اپنی جانیں تک قربان کر دی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جھیل، آس پاس کے جنگلات اور گلیشیئرز کو نقصان پہنچنے سے امرناتھ گپھا میں قدرتی طور پر بننے والے برفانی شیولنگ پر برا اثر پڑ سکتا ہے۔ اس شیولنگ کے درشن کے لیے ہر سال ہزاروں تیرتھ یاتری آتے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ نے مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری اورمتعلقہ حکام سے جاری کام پر نظرثانی کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ تیرتھ یاتریوں کے لیے سہولیات کو بہتر بنانا ضروری ہے لیکن ترقی کے نام پر ماحولیات کو تباہ نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا، “شیش ناگ کے تقدس کا احترام کیا جانا چاہیے اور اس کی حفاظت کی جانی چاہیے۔”
یواین آئی۔الف الف
-
تجزیہ1 week agoایران۔امریکہ۔اسرائیل جنگ اورعالمی سطح پرفوسل فیول کے اخراج میں کمی
-
ہندوستان1 week agoآسیان- ہندوستان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے مودی منیلا پہنچے
-
ہندوستان1 week agoملک کی باغبانی میں بہار، پھلوں، سبزیوں سے لے کر پھولوں تک ہر شعبے میں زبردست اضافہ: شیوراج سنگھ چوہان
-
ہندوستان1 week agoدسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں انتخابی مہم تیز کرے گی کانگریس، راہل اور پرینکا گاندھی بھی سنبھالیں گے محاذ
-
جموں و کشمیر7 days agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
جموں و کشمیر7 days agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان7 days agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
دنیا1 week agoہندستان، امریکہ سمیت 10 ممالک نے سپر انٹیلی جنس دور کی سپلائی چین کو محفوظ بنانے کے لیے اعلامیے پر دستخط کیے
-
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا
-
جموں و کشمیر7 days agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان7 days agoہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
-
ہندوستان7 days agoمہنگائی کی مار سے 10 میں سے 6 خاندانوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا: دہلی کانگریس
