ہندوستان
کانگریس ملک بھر میں ‘سمودھان رکشا مارچ’ نکالے گی
نئی دہلی، کانگریس ووٹر فہرستوں میں مبینہ ہیرا پھیری، بڑے پیمانے پر نام کاٹے جانے اور الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر سوال اٹھاتے ہوئے 26 نومبر کو یومِ دستور کے موقع پر ملک بھر میں ‘سمودھان رکشا مارچ’ نکالے گی۔
کانگریس جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے بدھ کے روز جاری ایک بیان میں کہا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ووٹ چوری کے مکمل دستاویزی ثبوت سامنے رکھے ہیں۔ مہادیو پورہ میں فرضی اور دوہرے ووٹر اندراجات، آنند میں ہزاروں حقیقی ووٹروں کے نام حذف کرنے کی کوششوں اور ہریانہ نیز دیگر ریاستوں میں بے ضابطگیوں سے ووٹر فہرستوں میں بڑے پیمانے پر ہیرا پھیری کا پتہ چلتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کمیشن نے ان معاملات کی غیر جانبدارانہ جانچ کرانے کے بجائے ثبوتوں کو مسترد کیا اور الٹا مسٹر گاندھی سے حلف نامہ طلب کیا۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کی تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی اور الیکشن کمشنروں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے والی ترمیم پر بھی سوالات اٹھائے اور الزام لگایا کہ ان تبدیلیوں سے کمیشن کی خودمختاری متاثر ہوئی ہے۔
مسٹر وینوگوپال نے بتایا کہ تمام ریاستی کانگریس کمیٹیاں کل یومِ دستور کے موقع پر بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر یا مہاتما گاندھی کے مجسمے سے مارچ کا آغاز کریں گی۔ اس دوران آئین کی تمہید پڑھنے کے ساتھ ہی آئین کے تحفظ کا حلف بھی لیا جائے گا۔ ‘ووٹ رکشک’ مہم کے تحت کانگریس کارکنان پولنگ مراکز پر ہٹائے کیے گئے ووٹروں کے ناموں کی تصدیق کر کے انہیں ووٹ ڈالنے کا حق واپس دلانے میں مدد کریں گے۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اس مارچ میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران کانگریس صدر ملکارجن کھرگے لکھنؤ میں منعقد ہونے والے مارچ میں شریک ہوں گے۔
یواین آئی۔الف الف
ہندوستان
کھرگے نے مودی حکومت کی تغذیہ سے متعلق کارکردگی پر سوال اٹھائے، خون کی کمی اور فلاحی اسکیموں کے غیر استعمال شدہ فنڈز کی نشاندہی کی
نئی دہلی، کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے بدھ کے روز ملک میں غذائی قلت برقرار رہنے کے معاملے پر نریندر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے خواتین اور بچوں میں بڑے پیمانے پر خون کی کمی اورمائیکرونیوٹری اینٹس کی کمی سے متعلق سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے تغذیہ سے متعلق پروگراموں کے لیے مختص ہزاروں کروڑ روپے کے استعمال پر سوال اٹھائے۔
حکومت کی جانب سے ہندوستان کے آبادیاتی فوائد سے استفادہ کرنے کی صلاحیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ پالیسی اعلانات اور فلاحی اقدامات کے باوجود لاکھوں خواتین اور بچے بدستور غذائی قلت کا شکار ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے غذائی بحران کی سنگینی کو اجاگر کرنے کے لیے حکومت کی اپنی آئی سی ایم آر۔ سمپدا رپورٹ کے نتائج کا حوالہ دیا۔
کھرگے کے حوالے سے پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، تولیدی عمر کی 55.9 فیصد خواتین خون کی کمی کا شکار تھیں، جبکہ تقریباً دو تہائی نوعمر لڑکیوں اور لڑکوں میں وٹامن بی 12 کی کمی پائی گئی۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایک سے چار سال کی عمر کے 42 فیصد بچے خون کی کمی کا شکار تھے۔
کھرگے نے نشاندہی کی کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں صورت حال خاص طور پر تشویش ناک ہے، جہاں مبینہ طور پر تولیدی عمر کی 66 فیصد خواتین اور کم عمر بچوں میں سے 57 فیصد خون کی کمی کا شکار ہیں۔
خون کی کمی کے معاملات کے ایک بڑے حصے کو معمولی قرار دے کر مسئلے کی سنگینی کم دکھانے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ تولیدی عمر کی تقریباً 30 فیصد خواتین درمیانی یا شدید درجے کی خون کی کمی کا شکار ہیں۔ انہوں نے تازہ ترین قومی خاندانی صحت سروے (این ایف ایچ ایس۔ 6) سے منسوب نتائج کا بھی حوالہ دیا، جن کے مطابق ہندوستان کے تقریباً ایک تہائی بچے کم وزن کے ہیں اور ہر پانچ میں سے ایک بچہ شدید غذائی قلت کا شکار ہے۔
کھرگے نے حکومت کی اہم تغذیہ اسکیموں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے مالیاتی تخصیص، جاری کردہ فنڈز اور حقیقی اخراجات کے درمیان فرق کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ ان کے حوالے سے پیش کیے گئے مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق، سکشم آنگن واڑی، پوشن 2.0 اور ان کی سابقہ اسکیموں کے تحت چھ مالی سال کے دوران 1.13 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ جاری کیے گئے۔
تاہم، انہوں نے الزام لگایا کہ پوشن 2.0 کے تحت جاری کیے گئے اور استعمال کیے گئے فنڈز کے درمیان فرق صرف چار برسوں میں 2,500 کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اصل پوشن ابھیان کے تحت جاری کیے گئے تقریباً 44 فیصد فنڈز بھی استعمال نہیں کیے جاسکے۔
کانگریس صدر نے مزید الزام لگایا کہ خواتین اور بچوں کی ترقی کے لیے حکومت کا بجٹ میں مالی عزم برسوں کے دوران کمزور ہوا ہے۔ ان کے مطابق، مرکزی بجٹ میں اس کا حصہ تقریباً نصف رہ گیا ہے، جو 2015-16 میں 0.96 فیصد تھا اور 2025-26 میں کم ہوکر کر 0.50 فیصد رہ گیا۔
کھرگے نے سوال کیا، ”مودی حکومت کے 12 برسوں کے بعد، تغذیہ کی متعدد اسکیموں، فورٹیفائیڈ چاول اور آئرن سپلیمنٹ پروگراموں کے باوجود جواب دہی کہاں ہے؟” انہوں نے بار بار حکومتی اقدامات کے باوجود غذائی اجزا کی کمی برقرار رہنے پر جواب طلب کیا۔
ہندوستان میں غذائی قلت اور خون کی کمی صحت عامہ کے بڑے مسائل بنے ہوئے ہیں، خاص طور پر خواتین، نوعمر لڑکیوں اور کم عمر بچوں میں۔ حکومت نے 2018 میں پوشن ابھیان شروع کیا تھا، جس کا مقصد مختلف وزارتوں کے درمیان تال میل، ٹیکنالوجی کی مدد سے نگرانی اور تغذیہ خدمات کی بہتر فراہمی کے ذریعے غذائی قلت کے خلاف کوششوں کو مضبوط بنانا تھا۔ بعد ازاں اس پروگرام کو مشن سکشم آنگن واڑی اور پوشن 2.0 کے تحت شامل کیا گیا، جس کا مقصد آنگن واڑی نیٹ ورک کو مضبوط بنانا اور اضافی تغذیہ، نشوونما کی نگرانی اور تغذیہ سے متعلق تعلیم فراہم کرنا ہے۔
حکومت نے آئرن اور فولک ایسڈ کی اضافی خوراک، غذائی اشیا کو غذائیت سے بھرپور بنانے اور کمزور طبقات کو ہدف بنا کر تغذیہ کی مدد فراہم کرنے جیسے اقدامات بھی کیے ہیں۔ تاہم، کھرگے کی جانب سے اجاگر کیے گئے اعداد و شمار نے ان اقدامات کی افادیت، مختص فنڈز کے استعمال اور نتائج کی نگرانی سے متعلق سوالات کو ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
غذائی اجزا کی مسلسل کمی کو پروگراموں کے غیر استعمال شدہ فنڈز اور بجٹ میں گھٹتے ہوئے مختص حصے سے جوڑ کر کھرگے نے توجہ فلاحی اسکیموں کے اعلانات سے ہٹا کر ان پر عمل درآمد اور ان کے قابل پیمائش اثرات کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کی ہے۔ ان کا بنیادی موقف ہے کہ سرکاری اخراجات کا حجم اور تغذیہ سے متعلق اقدامات کی تعداد اس وقت تک کامیابی کا پیمانہ نہیں بن سکتی، جب تک ان سے ہندوستان کی خواتین اور بچوں کی صحت میں ٹھوس بہتری نہ آئے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
جے رام رمیش نے حد بندی کے معاملے پر مودی کو نشانہ بنانے کے لیے کوٹلیہ کا حوالہ دیا، وزیر اعظم سے سیاسی جوڑ توڑ کے بجائے بات چیت کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل
نئی دہلی، کانگریس کے رہنما جےرام رمیش نے بدھ کے روز قدیم سیاسی دانشور کوٹلیہ کے ارتھ شاستر کے اصولوں کا حوالہ دیتے ہوئے مجوزہ حد بندی قانون سازی کے لیے لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کی حکومت کی کوششوں پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نئے سرے سے نشانہ بنایا اور ان سے سیاسی جوڑ توڑ کے بجائے بات چیت اور اتفاق رائے پیدا کرنے کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی۔
کوٹلیہ کے طرز حکمرانی کے چار اصولوں ‘سام، دام، ڈنڈ، بھید’ کا حوالہ دیتے ہوئے رمیش نے وزیر اعظم پر الزام لگایا کہ وہ آئینی طور پر مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے کی کوشش میں آخری تین طریقوں کا سہارا لے رہے ہیں، جبکہ پہلے اصول کو نظر انداز کر رہے ہیں، جو قائل کرنے اور مصالحت کی علامت ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں وزیر اعظم کو ”خود ساختہ چانکیہ” قرار دیا۔
رمیش نے ایک میڈیا گروپ میں شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا، ”لوک سبھا میں دو تہائی کی انتہائی مشتبہ اکثریت حاصل کرنے کی اپنی بے چین کوشش میں، تاکہ حد بندی کے سفاکانہ بل منظور کرائے جا سکیں، خود ساختہ چانکیہ آخری تین طریقوں کا سہارا لیتے رہے ہیں اور ناکام ہوئے ہیں۔ وہ پہلے طریقے کو موقع کیوں نہیں دیتے؟”
کانگریس رہنما کا یہ بیان کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے کی جانب سے حکومت کے مزید قانون سازی اقدامات سے پہلے مجوزہ حد بندی کے عمل پر تبادلہ خیال کے لیے کل جماعتی میٹنگ بلانے کی بار بار کی گئی اپیلوں کے تناظر میں آیا ہے۔
رمیش نے نشاندہی کی کہ مسٹر کھرگے نے گزشتہ سات ماہ کے دوران اس معاملے پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی درخواست کرتے ہوئے مودی کو چار مرتبہ خطوط لکھے، جو 11 اپریل، 16 جولائی، 27 اگست اور 16 اکتوبر کو بھیجے گئے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ان میں سے کسی خط کی وصولی کی معمول کی اطلاع تک نہیں دی گئی۔
حد بندی کے معاملے پر تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب 17 اپریل کو لوک سبھا میں آئینی (131ویں ترمیم) بل ناکام ہوگیا اور یہ قانون سازی ایوان میں موجود اور ووٹ دینے والے ارکان کی آئینی طور پر لازمی دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
مجوزہ آئینی تبدیلیاں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بڑے تنازع کا سبب بن گئی ہیں۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ حد بندی محض انتخابی حلقوں کی ازسرنو تشکیل کا عمل نہیں ہے بلکہ اس سے ریاستوں کے درمیان سیاسی نمائندگی کا توازن بنیادی طور پر تبدیل ہوسکتا ہے۔
کھرگے بار بار اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ ملک کے پارلیمانی اور وفاقی ڈھانچے پر اتنے دور رس اثرات مرتب کرنے والے عمل کو تمام سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ بامعنی مشاورت کے بغیر انجام نہیں دیا جاسکتا۔ 16 اکتوبر کو بھیجے گئے اپنے خط میں انہوں نے مودی سے کل جماعتی میٹنگ بلانے کی اپیل کی تھی اور خبردار کیا تھا کہ مناسب غور و خوض کے بغیر ایک اور آئینی ترمیمی بل پیش نہ کیا جائے۔
کانگریس نے خاص طور پر یہ خدشات ظاہر کیے ہیں کہ آبادی پر قابو پانے کے اقدامات کامیابی سے نافذ کرنے والی ریاستوں کو پارلیمنٹ میں اپنی نمائندگی کے معاملے میں نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے، اگر حد بندی آبادی کی بنیاد پر اور ضروری حفاظتی انتظامات کے بغیر کی گئی۔ پارٹی کا یہ بھی موقف رہا ہے کہ خواتین کے لیے ریزرویشن کے نفاذ کو فوری اور جامع حد بندی کے عمل سے مشروط نہیں کیا جانا چاہیے۔
کوٹلیہ کے چار اصولوں کا حوالہ دے کر رمیش نے پارلیمانی اکثریت حاصل کرنے کی حکومت کی کوشش کو آئینی معاملات پر مشاورت اور اتفاق رائے کی ضرورت سے متعلق ایک وسیع تر سیاسی بحث میں تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ ان کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ وزیر اعظم کو سیاسی دباؤ اور جوڑ توڑ کے ذریعے ایسی قانون سازی منظور کرانے کے بجائے ‘سام’ یعنی قائل کرنے اور بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، جس کے ہندوستان کے وفاقی توازن اور جمہوری نمائندگی پر دیرپا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
ریاض پر حملے میں دو ہندستانی زخمی، ہندستان نے کی سخت مذمت
نئی دہلی، ہندستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے فنانشل ڈسٹرکٹ کی ایک عمارت پر منگل کو ہونے والے اس حملے کی سخت مذمت کی ہے جس میں دو ہندستانی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت خارجہ نے بدھ کے روز جاری ایک بیان میں اس حملے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور سعودی عرب میں شہری، اقتصادی اور توانائی کے ڈھانچے کو نشانہ بنا کر کیے جا رہے مسلسل حملوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ہندستان نے کہا ہے کہ ریاض میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔ ہندستان کا ماننا ہے کہ اس طرح کے حملوں سے عام شہریوں کی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی اور استحکام کو بھی کمزور کرتے ہیں۔
ہندستان نے سعودی عرب کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور شہریوں و مقیم افراد کی سلامتی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔ ہندستان نے امید ظاہر کی کہ خطے میں جلد امن اور معمول کے حالات بحال ہوں گے۔
یواین آئی۔الف الف
-
تجزیہ1 week agoایران۔امریکہ۔اسرائیل جنگ اورعالمی سطح پرفوسل فیول کے اخراج میں کمی
-
ہندوستان1 week agoآسیان- ہندوستان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے مودی منیلا پہنچے
-
ہندوستان1 week agoملک کی باغبانی میں بہار، پھلوں، سبزیوں سے لے کر پھولوں تک ہر شعبے میں زبردست اضافہ: شیوراج سنگھ چوہان
-
ہندوستان1 week agoدسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں انتخابی مہم تیز کرے گی کانگریس، راہل اور پرینکا گاندھی بھی سنبھالیں گے محاذ
-
جموں و کشمیر7 days agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
جموں و کشمیر7 days agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان7 days agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
دنیا1 week agoہندستان، امریکہ سمیت 10 ممالک نے سپر انٹیلی جنس دور کی سپلائی چین کو محفوظ بنانے کے لیے اعلامیے پر دستخط کیے
-
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا
-
جموں و کشمیر7 days agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان7 days agoہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
-
ہندوستان7 days agoمہنگائی کی مار سے 10 میں سے 6 خاندانوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا: دہلی کانگریس
