ہندوستان
کھرگے نے جیوتیبا پھولے کو خراج عقیدت پیش کیا، سماجی انصاف اور مساوات کے لیے ان کی جدوجہد کو یاد کیا
نئی دہلی، کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر ملکارجن کھرگے نے ہفتہ کو مہاتما جیوتیبا پھولے کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ذات پات کی تفریق، چھوا چھوت اور سماجی نابرابری کے خلاف جدوجہد کرنے اور خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے میں ان کے اہم کردار کو یاد کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں مسٹر کھرگے نے جیوتیبا پھولے کو، جو عوام میں ‘کرانتی سوریہ’ کے نام سے مشہور ہیں، سماجی انصاف، مساوات اور خواتین کی تعلیم کا علمبردار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیالات اور اصول ایک مساوات پر مبنی اور منصفانہ معاشرے کی تشکیل کی کوششوں کو مسلسل تحریک دیتے رہیں گے۔
مسٹر کھرگے نے کہاکہ ”سماجی انصاف، مساوات اور خواتین کی تعلیم کے علمبردار مہاتما جیوتیبا پھولے کی برسی پر میں انہیں خلوص دل سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔”
ذات پات پر مبنی تفریق، چھوا چھوت اور دیگر سماجی برائیوں کے خلاف پھولے کی زندگی بھر کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ ان کی کوششیں ہندوستان میں سماجی تبدیلی کے لیے تحریک کا ذریعہ بن گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ”ان کے خیالات اور اصول ایک مساوات پر مبنی، تعلیم یافتہ اور منصفانہ معاشرے کی تعمیر کے لیے ہماری رہنمائی کرتے رہیں گے۔”
جیوتی راؤ گوند راؤ پھولے کی پیدائش 11 اپریل 1827 کو مہاراشٹر میں ہوئی تھی۔ وہ 19ویں صدی کے ہندوستان کے ممتاز سماجی مصلحین میں سے ایک تھے۔ انہوں نے اپنی اہلیہ ساوتری بائی پھولے کے ساتھ مل کر خواتین کی تعلیم کی تحریک کی قیادت کی اور ایسے دور میں خواتین اور مظلوم طبقات کی آزادی کے لیے کام کیا، جب سماج میں گہری جڑیں جما چکی روایات انہیں بنیادی حقوق اور مواقع سے محروم رکھتی تھیں۔
اس جوڑے نے 1848 میں پونے میں ہندوستان کے اولین لڑکیوں کے اسکولوں میں سے ایک قائم کیا۔ اس طرح انہوں نے اس وقت رائج قدامت پسند سماجی نظریات کو چیلنج کیا اور خواتین کے لیے تعلیم کے نئے راستے کھولے۔ ان کی کوششوں نے سماج کے پسماندہ طبقات کے لیے تعلیم، عزت و وقار اور مساوی حقوق کی وکالت کرنے والی ایک وسیع تحریک کی بنیاد رکھی۔
سال 1873 میں پھولے نے سماجی مساوات کو فروغ دینے اور ذات پات کے اونچ نیچ پر مبنی نظام، مذہبی قدامت پرستی اور استحصالی سماجی روایات کو چیلنج کرنے کے لیے ستیہ شودھک سماج کی بنیاد رکھی۔ اپنی تحریروں اور اصلاحی سرگرمیوں کے ذریعے انہوں نے ذات پات کے نظام کے جواز پر سوال اٹھائے اور سب کے لیے، خاص طور پر نسل در نسل تفریق کا شکار لوگوں کے لیے، مساوی مواقع اور عزت و وقار کی حمایت کی۔
جیوتیبا پھولے کا انتقال 28 نومبر 1890 کو ہوا۔ ان کی وفات کے ایک صدی سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجود ہندوستان کی سماجی اصلاح کی تحریک میں ان کی خدمات آج بھی اہمیت رکھتی ہیں۔ ان کی میراث سماجی انصاف، مساوات، تعلیم اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے چلنے والی تحریکوں کو مسلسل تحریک دے رہی ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
ہندوستان
سپریم کورٹ نے ‘ووٹ چور، گدی چھوڑ’ والے ویڈیو ہٹانے کی عرضی خارج کر دی
نئی دہلی، ‘بھارت سمٹ 2026’ کے دوران اٹلی کے رہنما جیاکومو فلیبیک کے ‘ووٹ چور، گدی چھوڑ’ والے ویڈیو کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کی درخواست سپریم کورٹ نے جمعہ کو خارج کر دی۔
جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس اپریش کمار سنگھ کی بنچ نے سوال اٹھایا کہ عرضی گزار نے دیگر دستیاب متبادل، مثلاً متعلقہ حکام کے پاس شکایت درج کرانے کے بجائے براہ راست آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت سپریم کورٹ سے رجوع کیوں کیا؟
عرضی گزار نے کہا کہ وہ کسی تعزیری کارروائی کا مطالبہ نہیں کر رہے ہیں، بلکہ عدالت سے درخواست کر رہے ہیں کہ ان ویڈیوز کو ہٹانے کا حکم دیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی جائے کہ وہ ایسے پروگراموں میں غیر ملکی سیاسی نمائندوں کی تقریروں کو ضابطے کے تحت لانے کو یقینی بنائے۔
تاہم، بنچ نے اس معاملے میں مداخلت کرنے سے انکار کرتے ہوئے عرضی خارج کر دی۔ عدالت نے کہا، ”آپ کو پہلے یہ مسئلہ اٹھانا چاہیے کہ حکومت کو اس ملک کے شہریوں کی آزادیٔ اظہار کو ضابطے میں لانے کا اختیار ہونا چاہیے یا نہیں۔ اس کے بعد آپ غیر ملکیوں کے بارے میں بات کریں۔ عرضی خارج کی جاتی ہے۔”
عرضی میں الزام لگایا گیا تھا کہ ‘پارٹی آف یوروپین سوشلسٹس’ کے جنرل سکریٹری جیاکومو فلیبیک نے ہندوستان کے داخلی سیاسی عمل میں مداخلت کی۔ انہوں نے حزب اختلاف کے نعرے کا استعمال کیا اور سمٹ میں موجود غیر ملکی نمائندوں کے لیے اس کا انگریزی میں ترجمہ بھی کیا۔
سماعت کے دوران عرضی گزار کے وکیل نے یہ بھی بتایا کہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے مسٹر فلیبیک کو واضح کر دیا تھا کہ اس طرح کے رویے کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
عرضی میں اس بات کی جانچ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا کہ آیا مسٹر فلیبیک کا طرز عمل ہندوستان میں غیر ملکی شہریوں کے داخلے اور سرگرمیوں سے متعلق ضابطوں کے مطابق تھا یا نہیں۔ اس کے ساتھ ہی مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے کی بھی درخواست کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ تلنگانہ حکومت سے معافی مانگنے اور تحریری یقین دہانی دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی سمٹ کے انعقاد سے متعلق حالات کی جانچ کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دینے کی بھی درخواست کی گئی تھی۔
اس سے پہلے 18 نومبر کو چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ کے سامنے اس معاملے کا ذکر کیا گیا تھا۔ وکیل سید رضوان احمد نے ویڈیو کے مسلسل وائرل ہونے کے پیش نظر فوری مداخلت کی درخواست کی تھی، جس کے بعد بنچ نے عرضی کو سماعت کے لیے فہرست میں شامل کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
مسٹر فلیبیک ‘بھارت سمٹ’ میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی شرکاء میں سے ایک تھے۔ اس سمٹ کا انعقاد تلنگانہ حکومت نے ‘سمردھ بھارت فاؤنڈیشن’ سمیت دیگر تنظیموں کے اشتراک سے حیدرآباد میں کیا تھا، جس میں تقریباً 70 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔
حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی نے ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے ‘ووٹ چور، گدی چھوڑ’ کا نعرہ دیا تھا، جسے بعد میں حزب اختلاف نے اپنے سیاسی نعرے کے طور پر اپنا لیا۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
ہندوستان
کابینہ نے حلقہ بندی ترمیمی بل کو منظوری دے دی
نئی دہلی، مرکزی کابینہ نے حلقہ بندی ترمیمی بل اور اس سے متعلق خواتین کے ریزرویشن بل کو منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں جمعہ کو سیوا تیرتھ میں منعقدہ میٹنگ میں ان بلوں کو منظوری دی گئی۔
یہ مانا جا رہا ہے کہ حکومت ان بلوں کو 30 نومبر سے طلب کیے گئے پارلیمنٹ کے اجلاس میں پیش کرنے والی ہے۔
حلقہ بندی بل میں تمام ریاستوں میں تناسب کی بنیاد پر لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لوک سبھا کی نشستوں کی یہ تعداد آئندہ 25 برسوں تک منجمد رہے گی۔ حلقہ بندی بل کی بنیاد پر ہی لوک سبھا میں خواتین کے لیے ایک تہائی ریزرویشن کی گنجائش فراہم کی جائے گی۔
اس دوران پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا ہے کہ اجلاس میں حکومت ایوان کی منظوری کے لیے انتہائی اہم کام کاج پیش کرے گی۔ انہوں نے تمام ارکان پارلیمنٹ سے بحث میں سنجیدگی کے ساتھ حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر اور یکم دسمبر کو لوک سبھا میں انتہائی اہم ‘کاروباری امور’ پیش کیے جائیں گے اور انہیں ہی 2 اور 3 دسمبر کو راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے اس سلسلے میں کسی بل کا نام نہیں لیا اور کہا کہ کارروائی کی تفصیلات مناسب وقت پر فراہم کی جائیں گی۔
لوک سبھا اور راجیہ سبھا سکریٹریٹ نے پارلیمنٹ کے اس اجلاس کو مانسون سیشن کا دوسرا حصہ قرار دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے پارلیمنٹ کا مانسون سیشن 20 جولائی سے شروع ہوا تھا اور 13 اگست کو دونوں ایوانوں کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی، لیکن اب تک باضابطہ طور پر اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ختم نہیں کیا گیا تھا۔ اس طرح دونوں ایوانوں کی یہ میٹنگیں مانسون سیشن کا ہی تسلسل ہوں گی۔
عام طور پر مانسون سیشن کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے کے چند دن بعد اس کا اختتام کر دیا جاتا ہے اور نومبر کے آخری ہفتے میں سرمائی اجلاس طلب کیا جاتا ہے۔ اجلاس کے اختتام کے بعد نئے اجلاس کے لیے صدر جمہوریہ سے منظوری لی جاتی ہے، لیکن اس مرتبہ مانسون سیشن کا باضابطہ اختتام نہ کیے جانے کی وجہ سے صدر جمہوریہ کی منظوری کی ضرورت نہیں ہے۔
اپوزیشن مانسون سیشن کا اختتام نہ کیے جانے کے معاملے پر حکومت کی نیت پر سوال اٹھاتا رہا ہے اور اسے پارلیمانی روایات کی خلاف ورزی قرار دیتا رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں، خاص طور پر کانگریس کا الزام ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو پارلیمانی جمہوریت پر بھروسہ نہیں ہے۔ اپوزیشن مسلسل یہ بھی کہتا رہا ہے کہ حکومت حلقہ بندی بل اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق بل کو جوڑ توڑ کے ذریعے منظور کرانے کے لیے اچانک پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرنا چاہتی ہے، اسی لیے مانسون سیشن کا اختتام نہیں کیا جا رہا ہے۔
حکومت نے گزشتہ اپریل میں حلقہ بندی بل لوک سبھا میں پیش کیا تھا، لیکن اپوزیشن کے متحد ہونے کی وجہ سے ووٹنگ میں یہ بل گر گیا تھا۔ آئینی ترمیمی بل ہونے کے سبب اسے منظور کرانے کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہے۔ اس دوران حکومت ان بلوں کو منظور کرانے کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں سے بالواسطہ طور پر بات چیت کرتی رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور کئی دیگر وزراء مسلسل کہتے رہے ہیں کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت خواتین کے ریزرویشن بل کو ضرور منظور کرائے گی۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
آیوروید کالجوں کو مستند اور مؤثر علاج کے ذریعے سماج کی خدمت کرنی چاہیے: صدر جمہوریہ مرمو
نئی دہلی، صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ آیوروید کالجوں کو مستند اور مؤثر آیوروید کے ذریعے سماج کی خدمت کرنی چاہیے۔
انہیں ایسی تعلیم فراہم کرنی چاہیے جس سے موجودہ اور آنے والی نسلوں کو درپیش صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کے اہل ماہرین تیار ہو سکیں۔
صدر جمہوریہ نے جمعہ کو کیرالہ کے تریشور میں ویدیہ رتنم آیوروید کالج کی گولڈن جوبلی تقریبات کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آیوروید کے شعبے میں کیرالہ کا تعاون صرف اسے بین الاقوامی شناخت دلانے تک محدود نہیں ہے، بلکہ ریاست نے آیوروید کی روایتی تعلیم اور طبی علم کی مالا مال روایت کو بھی محفوظ رکھا ہے۔ ویدیہ خاندانوں سے نسل در نسل منتقل ہونے والا طبی علم اور مستند آیورویدک ادویات تیار کرنے کی روایت آج بھی جاری ہے۔
محترمہ مرمو نے کہا کہ آیوروید کا مستند لٹریچر صرف سنسکرت تک محدود نہیں رہا ہے۔ کیرالہ میں ملیالم اور منی پروالَم زبانوں میں بھی اس موضوع پر اصل تصانیف اور شرحیں لکھی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آیوروید کالجوں کو متعلقہ تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ایسے ماہرین بھی تیار کرنے چاہئیں جو مستقبل میں صحت سے متعلق چیلنجوں کا مؤثر انداز میں سامنا کر سکیں۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ویدیہ رتنم آیوروید کالج کا طریقہ کار اسی سوچ کے مطابق ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ویدیہ رتنم آیوروید کالج جیسے ادارے 2047 تک صحت مند اور ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے میں اپنا تعاون دے رہے ہیں۔ انہوں نے کیرالہ کی آیوروید روایت میں طبی پیشے کے ساتھ خدمت خلق کے جذبے کو بھی خاص اہمیت کا حامل قرار دیا۔ صدر جمہوریہ نے طلبہ سے کہا کہ پیشہ ورانہ زندگی میں قدم رکھتے وقت وہ روایتی علم پر مبنی کاروبار اور ضرورت مندوں کی خدمت کو ساتھ لے کر چلیں۔
یواین آئی۔ ایف اے
-
دنیا4 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا آبادی میں اضافے اور جلد شادی پر زور
-
کھیل5 days agoجموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے انتخابات کے لیے حتمی انتخابی فہرست میں 11 کلب شامل: ریٹرننگ افسر
-
دنیا7 days agoآبنائے ہرمز میں نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرانے سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی
-
دنیا7 days agoسعودی اتحاد کا جازان کی جانب داغے گئے حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
-
دنیا7 days agoیمنی فوج کی حوثیوں کے خلاف 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں 854 کارروائیاں، 193 ہلاک یا زخمی
-
ہندوستان7 days agoمودی حکومت حد بندی کے ذریعے اکثریت حاصل کرنے کے چکر میں، لوک سبھا کی موجودہ نشستوں میں تبدیلی کے بغیر خواتین کو ریزرویشن دیا جائے: جے رام رمیش
-
دنیا7 days agoٹرمپ نے امریکہ کو نشانہ بنانے کی مبینہ ‘ڈرٹی بم’ سازش پر ایران کو وارننگ دی
-
دنیا5 days agoکیف کے علاقے میں رہائشی عمارت پر حملے میں 11 افراد ہلاک: یوکرین
-
ہندوستان7 days agoشری جھولے لال مندر پٹیل نگر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات، 15 سال کے حسابات کا آڈٹ پیش کرنے کا مطالبہ
-
ہندوستان5 days agoمودی۔ شاہ کی جوڑی کا پس پردہ کھیل جاننا چاہتا ہے ملک: کانگریس
-
ہندوستان5 days agoمودی نے بالیندر شاہ کا راشٹرپتی بھون میں خیرمقدم کیا
-
دنیا7 days agoایران کے خلاف مشترکہ حملوں کا خواہاں اسرائیل، ٹرمپ نے تاحال فیصلہ نہیں کیا
