جموں و کشمیر
ایل او سی کے قریب اڑی گاؤں میں ایس یو وی گاڑی گہری کھائی میں گری، ایک ہی خاندان کے 4 افراد ہلاک، نوعمر لڑکی زخمی
سری نگر، شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے اڑی علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب گوہلان میں جمعہ کی دیر رات ٹاٹا سومو گاڑی گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور 17 سالہ لڑکی سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ 11 سالہ لڑکی زخمی ہوگئی۔
حکام نے بتایا کہ گاڑی مبینہ طور پر سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں اس میں سوار پانچوں افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ہلاک شدگان کی شناخت سید شفیق شاہ (26)، ان کی اہلیہ رشیدہ بانو (25)، دلناز فاطمہ (17) اور شاہدہ فاطمہ (27) کے طور پر ہوئی ہے۔
زخمی نوعمر لڑکی کو ابتدائی طور پر مقامی طبی مرکز منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے خصوصی علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ بھیج دیا گیا۔
پانچوں افراد کو پہلے قریبی طبی مرکز پہنچایا گیا، جہاں چار افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا، جبکہ نوعمر لڑکی کو مزید علاج کے لیے ریفر کردیا گیا۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر
کشمیر میں ممتاز مذہبی عالم کو طلب کیے جانے پر شدید ناراضگی
سرینگر، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی، کشمیر کے مفتی اعظم میر واعظ عمر فاروق اور کئی اہم سیاسی رہنماؤں نے جمعہ کو الزام لگایا کہ متحدہ مجلس علما (ایم ایم یو) کے سرپرست اور ممتاز اسلامی اسکالر مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کو پولیس نے طلب کیا ہے۔ یہ معاملہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کے ایک پروگرام میں وندے ماترم گائے جانے پر پیدا ہونے والے تنازع کے درمیان سامنے آیا ہے۔
معمر عالم دین کو طلب کیے جانے کو ‘انتہائی افسوسناک’ قرار دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہ اختلاف رائے ظاہر کرنے پر مذہبی آوازوں کو خوف زدہ کرنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا، ”کیا اب اختلاف رائے ظاہر کرنا جرم بن گیا ہے؟ کیا ضمیر اور اظہار کی آزادی اب اس بات سے مشروط ہو گئی ہے کہ اقتدار میں بیٹھے لوگوں کی بات سے اتفاق کیا جائے؟ جمہوریت جبراً ہم خیالی مسلط کرنے، خوف زدہ کرنے اور اختلاف کی آوازوں کو خاموش کرنے سے قائم نہیں رہ سکتی۔”
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مذہبی علماء عزت و احترام کے مستحق ہیں، نہ کہ ہراسانی کے۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ وہ خوف زدہ کرنے کا سلسلہ بند کریں۔ انہوں نے آزادیٔ اظہار، مذہبی تنوع اور عقیدے کے احترام کو آئین کی بنیادی اقدار قرار دیا۔
میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ مولانا قاسمی کو پولیس تھانے بلائے جانے اور انہیں سرزنش کیے جانے کا واقعہ افسوسناک ہے۔
انہوں نے سوال کیا، ”کیا اب ہم اپنے مذہبی عقائد اور جذبات کے تحفظ کے لیے آواز بھی نہیں اٹھا سکتے؟ کیا ہمیں اپنے مذہبی خدشات کا اظہار کرنے کا بھی حق نہیں ہے؟” انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی معاملات، خصوصاً توحید (اللہ کی وحدانیت) کے معاملے میں کسی بھی قسم کی زبردستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سابق رکن پارلیمنٹ روح اللہ مہدی نے بھی مولانا قاسمی کو طلب کیے جانے کو قابل مذمت قرار دیا۔ یہ واقعہ متحدہ مجلس علما کی جانب سے مذکورہ معاملے کی مذمت کے بعد پیش آیا ہے۔
انہوں نے کہا، ”مولانا قاسمی جیسی ممتاز شخصیت اور قابل احترام مذہبی مبلغ کو ہراساں کرنا ایک حد سے تجاوز کرنے کے مترادف ہے۔ ہم اس واقعے پر جموں و کشمیر پولیس سے فوری وضاحت کا مطالبہ کرتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ یہ پوچھ گچھ کس قانون کے تحت کی گئی؟”
پولیس نے اب تک اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
یہ تنازع 23 نومبر کو سرینگر میں منعقدہ وقف ڈے کی تقریب سے شروع ہوا، جس میں مرکزی وزیر کرن رجیجو، جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشاں اندرابی اور کئی مذہبی علماء نے شرکت کی تھی۔
تقریب میں وندے ماترم کے تمام 6 بند پیش کیے گئے اور اس دوران کئی علماء اور ائمہ کھڑے ہوئے۔ اس تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں، جس کے بعد مسلم برادری کے بعض حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی۔
شدید مخالفت کے بعد کئی علماء نے بعد میں ایک ویڈیو جاری کرکے معذرت کی، اپنی غلطی پر افسوس ظاہر کیا، اللہ تعالیٰ سے معافی مانگی اور کلمہ پڑھا۔ کشمیر کے سب سے بڑے دینی مدرسے دارالعلوم رحیمیہ کے سربراہ مولانا قاسمی نے اس معذرت کا خیر مقدم کیا اور اپنی غلطی تسلیم کرنے پر ان علماء کی تعریف کی۔
متحدہ مجلس علما نے کہا تھا کہ مذکورہ گیت بجانا توحید کے ‘بنیادی اور ناقابل سمجھوتہ’ اسلامی اصول کی خلاف ورزی ہے۔
مجلس نے کہا، ”کوئی بھی ایسا اظہار یا عمل جس میں وطن کو الوہیت کا درجہ دیا جائے، توحید کے بنیادی اسلامی عقیدے کے خلاف ہے اور اسی لیے مسلمانوں کے لیے غیر اسلامی اور ناجائز ہے۔”
جموں و کشمیر کے مفتی اعظم ناصر الاسلام نے بھی اس عمل کو مسلمانوں کے لیے ناجائز قرار دیا، جبکہ ایک اور ممتاز عالم دین نے دعویٰ کیا کہ متعلقہ علماء کے نکاح ختم ہو گئے ہیں اور انہیں دوبارہ نکاح کرنا ہوگا۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر: میرواعظ ایک بار پھر گھر میں نظر بند، عوامی مسائل اٹھانے پر پابندیوں کا الزام
سرینگر، کشمیر کے میرواعظ اور ممتاز مذہبی رہنما میرواعظ عمر فاروق نے جمعہ کے روز کہا کہ انہیں ایک بار پھر گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل اور تشویش کے معاملات اٹھانے پر ان کے خلاف پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں میرواعظ نے بار بار عائد کی جانے والی پابندیوں کو جمعہ کی ایک ”روایت” قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ انہیں معمول کے مطابق جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دینے کے لیے جانے سے قبل گھر میں محصور کردیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”مجھے اس بات کا پہلے ہی اندازہ تھا، کیونکہ میں نے وائرل ہونے والی ویڈیوز کے بعد ماحولیات کے اعتبار سے انتہائی حساس علاقے شیش ناگ میں آنے والے ممکنہ تباہ کن خطرے پر عوام کی سنگین تشویش کا اظہار کیا تھا۔ اس کے بعد وقف بورڈ کی ایک مذہبی تقریب میں وندے ماترم کے پڑھنے کا معاملہ بھی اٹھایا تھا۔ مجھے معلوم تھا کہ اس جمعہ کو گھر میں نظر بند کرکے اس کی سزا دی جائے گی۔”
میرواعظ نے کہا کہ اب یہ ایک روایت بن گئی ہے کہ جب بھی وہ عوام کے مسائل اور ان کی تشویش کے معاملات اٹھاتے ہیں تو اسی جمعہ انہیں جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
انہوں نے کہاکہ ”حکومت کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ مجھ پر دباؤ ڈالنے کے بجائے ان معاملات کی حساسیت اور جموں و کشمیر کے عوام پر ان کے اثرات کو سمجھے۔ حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ اسے عوام کی فلاح و بہبود عزیز ہے، اس لیے اسے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے لوگوں کو تکلیف اور تشویش لاحق ہوتی ہے۔”
بعد ازاں جاری ایک بیان میں میرواعظ نے کہا کہ یہ بات بھی انتہائی افسوسناک ہے کہ گزشتہ روز کشمیر کے معروف اسلامی عالم دین اور متحدہ مجلس علما کے سرپرست مولانا رحمت اللہ قاسمی صاحب کو پولیس اسٹیشن طلب کرکے سرزنش کی گئی۔
انہوں نے سوال کیاکہ ”کیا اب ہمیں اپنے مذہبی عقائد اور جذبات کے تحفظ کے لیے آواز اٹھانے کا بھی حق نہیں رہا؟ کیا ہمیں اپنے مذہبی معاملات سے متعلق تشویش کا اظہار کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے؟ اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ ہم مذہبی معاملات میں کسی بھی قسم کی زبردستی برداشت نہیں کریں گے، خاص طور پر اپنے بنیادی عقیدے توحید (اللہ کی وحدانیت) کے معاملے میں۔”
یواین آئی۔ ظا
جموں و کشمیر
کشمیر کے اسکولوں میں 30 نومبر سے سرمائی تعطیلات، نویں تا بارہویں جماعت کے لیے 14 دسمبر سے چھٹیاں
سرینگر، ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر نے جمعہ کے روز وادیٔ کشمیر کے تمام سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکولوں میں ہائر سیکنڈری سطح تک سرمائی تعطیلات کا اعلان کیا۔
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق پری پرائمری سے آٹھویں جماعت تک کے اسکول 30 نومبر سے 28 فروری 2027 تک بند رہیں گے، جبکہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے 14 دسمبر سے 22 فروری 2027 تک سرمائی تعطیلات ہوں گی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران تمام تدریسی عملہ کسی بھی تعلیمی سرگرمی کے لیے دستیاب رہے گا۔ اساتذہ کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ اسکول دوبارہ کھلنے سے چار روز قبل اپنی متعلقہ درس گاہوں میں حاضر ہوں، تاکہ تدریسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے لیے ضروری انتظامات کیے جاسکیں۔
ڈائریکٹوریٹ نے خبردار کیا ہے کہ اداروں کے سربراہان یا تدریسی عملے کی جانب سے مقررہ شیڈول پر عمل نہ کرنے کی صورت میں قواعد کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب وادی میں سردی کی شدت بڑھ رہی ہے اور گزشتہ رات بیشتر موسمی مراکز میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مرکز سرینگر کے مطابق، کشمیر ڈویژن کے کئی مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا۔
مشہور پہاڑی سیاحتی مقام پہلگام اہم موسمی مراکز میں سب سے سرد رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو اس موسم کے معمول سے 1.6 ڈگری کم ہے، جبکہ وادی کے داخلی مقام قاضی گنڈ میں درجہ حرارت منفی 2.4 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے 1.7 ڈگری کم ہے۔
شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں منفی 1.5 ڈگری سیلسیس اور کوکرناگ میں منفی 0.3 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے برعکس، اسکیئنگ کے لیے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر، ایک ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 3.8 ڈگری زیادہ ہے۔ سونہ مرگ میں 0.8 ڈگری اور کولگام میں 0.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 3 دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
یواین آئی۔ ط ا
-
دنیا4 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا آبادی میں اضافے اور جلد شادی پر زور
-
کھیل5 days agoجموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے انتخابات کے لیے حتمی انتخابی فہرست میں 11 کلب شامل: ریٹرننگ افسر
-
دنیا7 days agoآبنائے ہرمز میں نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرانے سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی
-
دنیا7 days agoسعودی اتحاد کا جازان کی جانب داغے گئے حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
-
دنیا7 days agoیمنی فوج کی حوثیوں کے خلاف 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں 854 کارروائیاں، 193 ہلاک یا زخمی
-
ہندوستان7 days agoمودی حکومت حد بندی کے ذریعے اکثریت حاصل کرنے کے چکر میں، لوک سبھا کی موجودہ نشستوں میں تبدیلی کے بغیر خواتین کو ریزرویشن دیا جائے: جے رام رمیش
-
دنیا7 days agoٹرمپ نے امریکہ کو نشانہ بنانے کی مبینہ ‘ڈرٹی بم’ سازش پر ایران کو وارننگ دی
-
دنیا5 days agoکیف کے علاقے میں رہائشی عمارت پر حملے میں 11 افراد ہلاک: یوکرین
-
ہندوستان7 days agoشری جھولے لال مندر پٹیل نگر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات، 15 سال کے حسابات کا آڈٹ پیش کرنے کا مطالبہ
-
ہندوستان5 days agoمودی۔ شاہ کی جوڑی کا پس پردہ کھیل جاننا چاہتا ہے ملک: کانگریس
-
ہندوستان5 days agoمودی نے بالیندر شاہ کا راشٹرپتی بھون میں خیرمقدم کیا
-
دنیا7 days agoایران کے خلاف مشترکہ حملوں کا خواہاں اسرائیل، ٹرمپ نے تاحال فیصلہ نہیں کیا
