جموں و کشمیر
کشمیر کے اسکولوں میں 30 نومبر سے سرمائی تعطیلات، نویں تا بارہویں جماعت کے لیے 14 دسمبر سے چھٹیاں
سرینگر، ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر نے جمعہ کے روز وادیٔ کشمیر کے تمام سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکولوں میں ہائر سیکنڈری سطح تک سرمائی تعطیلات کا اعلان کیا۔
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق پری پرائمری سے آٹھویں جماعت تک کے اسکول 30 نومبر سے 28 فروری 2027 تک بند رہیں گے، جبکہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے 14 دسمبر سے 22 فروری 2027 تک سرمائی تعطیلات ہوں گی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران تمام تدریسی عملہ کسی بھی تعلیمی سرگرمی کے لیے دستیاب رہے گا۔ اساتذہ کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ اسکول دوبارہ کھلنے سے چار روز قبل اپنی متعلقہ درس گاہوں میں حاضر ہوں، تاکہ تدریسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے لیے ضروری انتظامات کیے جاسکیں۔
ڈائریکٹوریٹ نے خبردار کیا ہے کہ اداروں کے سربراہان یا تدریسی عملے کی جانب سے مقررہ شیڈول پر عمل نہ کرنے کی صورت میں قواعد کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب وادی میں سردی کی شدت بڑھ رہی ہے اور گزشتہ رات بیشتر موسمی مراکز میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مرکز سرینگر کے مطابق، کشمیر ڈویژن کے کئی مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا۔
مشہور پہاڑی سیاحتی مقام پہلگام اہم موسمی مراکز میں سب سے سرد رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو اس موسم کے معمول سے 1.6 ڈگری کم ہے، جبکہ وادی کے داخلی مقام قاضی گنڈ میں درجہ حرارت منفی 2.4 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے 1.7 ڈگری کم ہے۔
شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں منفی 1.5 ڈگری سیلسیس اور کوکرناگ میں منفی 0.3 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے برعکس، اسکیئنگ کے لیے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر، ایک ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 3.8 ڈگری زیادہ ہے۔ سونہ مرگ میں 0.8 ڈگری اور کولگام میں 0.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 3 دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر: میرواعظ ایک بار پھر گھر میں نظر بند، عوامی مسائل اٹھانے پر پابندیوں کا الزام
سرینگر، کشمیر کے میرواعظ اور ممتاز مذہبی رہنما میرواعظ عمر فاروق نے جمعہ کے روز کہا کہ انہیں ایک بار پھر گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل اور تشویش کے معاملات اٹھانے پر ان کے خلاف پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں میرواعظ نے بار بار عائد کی جانے والی پابندیوں کو جمعہ کی ایک ”روایت” قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ انہیں معمول کے مطابق جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دینے کے لیے جانے سے قبل گھر میں محصور کردیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”مجھے اس بات کا پہلے ہی اندازہ تھا، کیونکہ میں نے وائرل ہونے والی ویڈیوز کے بعد ماحولیات کے اعتبار سے انتہائی حساس علاقے شیش ناگ میں آنے والے ممکنہ تباہ کن خطرے پر عوام کی سنگین تشویش کا اظہار کیا تھا۔ اس کے بعد وقف بورڈ کی ایک مذہبی تقریب میں وندے ماترم کے پڑھنے کا معاملہ بھی اٹھایا تھا۔ مجھے معلوم تھا کہ اس جمعہ کو گھر میں نظر بند کرکے اس کی سزا دی جائے گی۔”
میرواعظ نے کہا کہ اب یہ ایک روایت بن گئی ہے کہ جب بھی وہ عوام کے مسائل اور ان کی تشویش کے معاملات اٹھاتے ہیں تو اسی جمعہ انہیں جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
انہوں نے کہاکہ ”حکومت کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ مجھ پر دباؤ ڈالنے کے بجائے ان معاملات کی حساسیت اور جموں و کشمیر کے عوام پر ان کے اثرات کو سمجھے۔ حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ اسے عوام کی فلاح و بہبود عزیز ہے، اس لیے اسے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے لوگوں کو تکلیف اور تشویش لاحق ہوتی ہے۔”
بعد ازاں جاری ایک بیان میں میرواعظ نے کہا کہ یہ بات بھی انتہائی افسوسناک ہے کہ گزشتہ روز کشمیر کے معروف اسلامی عالم دین اور متحدہ مجلس علما کے سرپرست مولانا رحمت اللہ قاسمی صاحب کو پولیس اسٹیشن طلب کرکے سرزنش کی گئی۔
انہوں نے سوال کیاکہ ”کیا اب ہمیں اپنے مذہبی عقائد اور جذبات کے تحفظ کے لیے آواز اٹھانے کا بھی حق نہیں رہا؟ کیا ہمیں اپنے مذہبی معاملات سے متعلق تشویش کا اظہار کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے؟ اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ ہم مذہبی معاملات میں کسی بھی قسم کی زبردستی برداشت نہیں کریں گے، خاص طور پر اپنے بنیادی عقیدے توحید (اللہ کی وحدانیت) کے معاملے میں۔”
یواین آئی۔ ظا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اور موجودہ رکن اسمبلی پیرزادہ محمد سید کا 73 سال کی عمر میں انتقال
سری نگر، کانگریس کے سینئر رہنما، موجودہ رکن اسمبلی، چار مرتبہ وزیر رہنے والے اور جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے سابق صدر پیرزادہ محمد سید کا مختصر علالت کے بعد 73 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔
2024 کے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر اننت ناگ اسمبلی حلقے سے کامیابی حاصل کی تھی۔
کانگریس کے تجربہ کار سیاست داں پیرزادہ محمد سید کا سیاسی سفر تقریباً پانچ دہائیوں پر محیط تھا۔ اس دوران انہوں نے پارٹی اور سابقہ ریاست جموں و کشمیر کی حکومت میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔
وہ 2003 سے 2008 تک جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر رہے۔ اس کے علاوہ 1977 سے 1986 تک جموں و کشمیر پردیش یوتھ کانگریس کے صدر بھی رہے۔ اس سے پہلے انہوں نے جموں و کشمیر یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور بعد میں پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور سینئر نائب صدر کے عہدوں پر بھی فائز رہے۔
چار مرتبہ کابینی وزیر رہے پیرزادہ محمد سید نے فاروق عبداللہ، مفتی محمد سعید، غلام نبی آزاد اور عمر عبداللہ کی قیادت والی مختلف حکومتوں میں خدمات انجام دیں۔
اپنے وزارت کے دور میں انہوں نے تعلیم، کھیل، حج و اوقاف اور سرکاری اداروں سمیت کئی اہم محکموں کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
پیرزادہ محمد سید نے پہلی مرتبہ 1987 میں اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ بعد ازاں 1999 کے لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر اننت ناگ پارلیمانی حلقے سے انتخاب لڑا اور 2002 میں دوبارہ اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے۔
2008 کے اسمبلی انتخابات میں وہ ایک مرتبہ پھر کوکرناگ سے منتخب ہوئے اور وزیر تعلیم و سرکاری اداروں کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
ان کے انتقال پر کئی رہنماؤں نے رنج و غم کا اظہار کیا۔
کانگریس رہنما اور جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر غلام احمد میر نے بھی ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
غلام احمد میر نے تعزیتی پیغام میں کہاکہ ”رکن اسمبلی، سابق وزیر، پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر اور انڈین نیشنل کانگریس کے ایک مخلص رہنما پیرزادہ محمد سید کے انتقال کی خبر سے مجھے گہرا صدمہ پہنچا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ عوام اور کانگریس پارٹی کے لیے پیرزادہ محمد سید کی طویل اور مخلصانہ خدمات کو ہمیشہ عزت اور قدر کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔
یو این آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر: امن برقرار رکھنے کے بانڈ پر دستخط کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں، وانگچک
سری نگر، ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک مرکز کے زیر انتظام علاقے کی انتظامیہ کی جانب سے جاری وجہ بتاؤ نوٹس کے جواب میں لیہہ میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوئے اور غیر رسمی طور پر واضح کیا کہ امن برقرار رکھنے کے بانڈ پر دستخط کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کیونکہ انہوں نے نہ تو کچھ ایسا کہا ہے اور نہ ہی کوئی ایسا کام کیا ہے جس سے کسی بھی طرح امن و امان کو خطرہ لاحق ہو۔
لیہہ انتظامیہ نے جمعرات کو وانگچک کو طلب کیا تھا اور ان سے وضاحت طلب کی تھی کہ آنے والے لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) کے انتخابات کے سلسلے میں انہیں امن برقرار رکھنے کے لیے بانڈ جمع کرانے کا پابند کیوں نہ کیا جائے۔
وانگچک نے بتایا کہ طلب کیے جانے کے بعد وہ جمعرات کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لیہہ ڈیلیکس نمگیال کے سامنے پیش ہوئے اور انہیں وضاحت دینی تھی کہ انتخابی مدت کے دوران امن برقرار رکھنے کے لیے انہیں بانڈ جمع کرانے کا پابند کیوں نہ کیا جائے۔
مورخہ 25 نومبر کو بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس)، 2023 کی دفعات 126 اور 130 کے تحت جاری کیے گئے نوٹس میں 23 نومبر کو لیہہ کے این ڈی ایس میموریل پارک میں ایک اجتماع کے دوران وانگچک کی جانب سے مبینہ طور پر دیے گئے بیانات کا حوالہ دیا گیا تھا۔
نوٹس کے مطابق وانگچک نے مبینہ طور پر سرکاری ملازمین سے اپیل کی تھی کہ وہ انتخابی مدت کے دوران اجتماعی طور پر چھٹی پر چلے جائیں۔ انہوں نے لوگوں سے موسم سرما کے دوران انتخابات کرانے کی مخالفت جاری رکھنے کی اپیل بھی کی تھی اور 27 نومبر سے 4 دسمبر، یعنی پولنگ کے دن تک، عوامی اجتماع کے بعد بھوک ہڑتال کرنے کی بھی اپیل کی تھی۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے کے دوران دیے گئے ان بیانات سے امن و امان میں ممکنہ خلل اور عوامی سکون متاثر ہونے کا اندیشہ پیدا ہوا ہے۔
مجوزہ بانڈ میں ایک ماہ کی مدت کے لیے 10000 روپے کی رقم اور اسی مالیت کے دو ضامن پیش کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔
تاہم وانگچک نے کہا کہ وہ مسلسل احتجاج کے پُرامن طریقوں، جن میں دھرنا اور بھوک ہڑتال شامل ہیں، کی حمایت کرتے رہے ہیں اور انہیں امن برقرار رکھنے کے بانڈ پر دستخط کرنے کا پابند بنانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
جاری۔یو این آئی۔ این یو۔
-
جموں و کشمیر1 week agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
جموں و کشمیر1 week agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان1 week agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
جموں و کشمیر1 week agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
دنیا3 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا آبادی میں اضافے اور جلد شادی پر زور
-
ہندوستان1 week agoہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
-
کھیل4 days agoجموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے انتخابات کے لیے حتمی انتخابی فہرست میں 11 کلب شامل: ریٹرننگ افسر
-
ہندوستان1 week ago -
ہندوستان1 week agoمہنگائی کی مار سے 10 میں سے 6 خاندانوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا: دہلی کانگریس
-
دنیا6 days agoآبنائے ہرمز میں نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرانے سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی
-
دنیا6 days agoسعودی اتحاد کا جازان کی جانب داغے گئے حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
-
دنیا1 week agoایران کا آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
