ہندوستان
خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے تمام جماعتیں خواتین ریزرویشن بل کی حمایت کریں: شاہ
نئی دہلی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ مرکزی کابینہ کی جانب سے 132ویں آئینی ترمیمی بل کو منظوری دیے جانے کے ساتھ ہی خواتین کا دہائیوں پرانا انتظار ختم ہونے جا رہا ہے اور اب تمام سیاسی جماعتوں کو اس بل کی حمایت کرنی چاہیے۔
مسٹر شاہ نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس بل کی منظوری سے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن نافذ کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے اسے خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں سے بل کی حمایت کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا، ”کل مودی جی کی قیادت میں مرکزی کابینہ کی جانب سے 132ویں آئینی ترمیمی بل کو دی گئی منظوری کے ساتھ ہی ملک کی خواتین کا دہائیوں پرانا انتظار ختم ہونے جا رہا ہے۔ ناری شکتی وندن ایکٹ کے ذریعے خواتین کو لوک سبھا اور اسمبلیوں میں جو 33 فیصد ریزرویشن دیا گیا تھا، وہ اب حقیقت بنے گا۔”
انہوں نے کہا کہ بل میں آئین کے آرٹیکل 170(1) میں ترمیم کرکے ریاستی اسمبلیوں کی نشستوں کی زیادہ سے زیادہ حد 500 سے بڑھا کر تقریباً 650 کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے اتر پردیش کے غیر منقسم رہنے کی صورت میں اسمبلی میں نمائندگی بڑھانے کا موقع ملے گا۔ اس کے ساتھ ہی خواتین کو ایک تہائی ریزرویشن ملنے سے مقننہ میں ان کی نمائندگی میں بھی اضافہ ہوگا۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ زیادہ عوامی نمائندے اپنے اپنے علاقوں کی ترجیحات ایوان میں پیش کر سکیں گے۔ اس سے مقامی ضروریات کے مطابق منصوبے بنانے اور ترقیاتی عمل کو رفتار دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اتر پردیش کی تمام سیاسی جماعتوں سے بھی بل کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
خواتین کے ریزرویشن کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ دور کریں گے: مودی
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ ان کی حکومت پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں خواتین کی شرکت بڑھانے کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کرے گی۔
پارلیمنٹ میں پیر کو حد بندی اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق بل پیش کیے جانے سے پہلے مسٹر مودی نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں کہا کہ خواتین کی شرکت بڑھانے کی جدوجہد کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی برسوں سے اس سمت میں کوشش کرنے والوں میں شامل رہے ہیں۔ کئی خواتین ان کے سامنے یہ معاملہ اٹھاتی رہی ہیں اور بہنوں نے خط لکھ کر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے ریزرویشن کی مخالفت کرنے والی جماعتیں ملک کی خواتین کو ان کا حق حاصل کرنے سے نہیں روک پائیں گی۔
مسٹر مودی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ملک کی 100 فیصد خواتین کی دعائیں اور آشیرواد ان کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے ملک کی خواتین کو یقین دلایا کہ خواتین کے ریزرویشن کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو ختم کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے حوصلے بلند، ہمت اٹل اور ارادے مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے ریزرویشن کی مخالفت کرنے والی جماعتیں پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں خواتین کی شرکت بڑھانے سے انہیں کبھی نہیں روک پائیں گی۔ اس کے لیے صرف وقت کا انتظار ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
صدر جمہوریہ مرمو نے کہا کہ سمندری راستوں کا تحفظ ممالک کی معیشت اور عام لوگوں کی زندگی سے براہ راست وابستہ ہے
نئی دہلی، صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ سمندری راستوں کا تحفظ ممالک کی اقتصادی خوشحالی اور عام لوگوں کی روزمرہ زندگی سے براہ راست جڑا ہوا ہے۔
صدر جمہوریہ نے ہفتہ کو کیرلم کے ایژیمالا میں واقع انڈین نیول اکیڈمی میں آٹم ٹرم 2026 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ بحری جہازوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ سے ضروری اشیا کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے اور ان کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
محترمہ مرمو نے ہندوستانی کوسٹ گارڈ اور دوست ممالک کے زیر تربیت کیڈٹس سمیت تربیت مکمل کرنے والے تمام کیڈٹس کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں بڑی تعداد میں نوجوان خواتین کی موجودگی باعث فخر ہے۔ ان کی کامیابیاں دوسری نوجوان خواتین کو بڑے خواب دیکھنے اور ملک کی خدمت میں چیلنجنگ ذمہ داریاں سنبھالنے کی ترغیب دیں گی۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج کی ایک دوسرے سے مربوط دنیا میں سمندری خطے کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ عالمی تجارت کا ایک بڑا حصہ سمندری راستوں کے ذریعے انجام پاتا ہے۔ ایسے میں سمندری راستوں کا تحفظ صرف جہازوں تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کے اثرات ممالک کی معیشت اور عام شہریوں پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کیڈٹس سے کہا کہ سمندر میں ان کی خدمات کا تعلق خشکی پر رہنے والے لوگوں کی زندگی سے ہے۔ یہ خدمات لوگوں کے تحفظ، خوشحالی اور فلاح و بہبود میں براہ راست تعاون کرتی ہیں۔
محترمہ مرمو نے کہا کہ نوجوان کیڈٹس کی دیانت داری، پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور حساسیت ہندوستانی بحریہ کے کردار کا تعین کرے گی۔ سمندر میں انہیں خراب موسم، طویل مدت تک تعیناتی اور غیر یقینی حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایسے میں انہیں کئی مرتبہ دباؤ کے درمیان مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کا مطلب صرف احکامات دینا نہیں بلکہ ذمہ داری اٹھانا، اپنے عمل سے مثال قائم کرنا اور ساتھیوں کے ساتھ کھڑے رہنا بھی ہے۔
صدر جمہوریہ نے یقین ظاہر کیا کہ کیڈٹس کی تربیت، حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت اور ان کا عزم انہیں مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرے گا۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ ہندوستانی بحریہ کی اعلیٰ روایات کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وردی ایک ارب سے زیادہ ہندوستانیوں کے اعتماد اور امیدوں کی علامت ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
کھرگے نے جیوتیبا پھولے کو خراج عقیدت پیش کیا، سماجی انصاف اور مساوات کے لیے ان کی جدوجہد کو یاد کیا
نئی دہلی، کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر ملکارجن کھرگے نے ہفتہ کو مہاتما جیوتیبا پھولے کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ذات پات کی تفریق، چھوا چھوت اور سماجی نابرابری کے خلاف جدوجہد کرنے اور خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے میں ان کے اہم کردار کو یاد کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں مسٹر کھرگے نے جیوتیبا پھولے کو، جو عوام میں ‘کرانتی سوریہ’ کے نام سے مشہور ہیں، سماجی انصاف، مساوات اور خواتین کی تعلیم کا علمبردار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیالات اور اصول ایک مساوات پر مبنی اور منصفانہ معاشرے کی تشکیل کی کوششوں کو مسلسل تحریک دیتے رہیں گے۔
مسٹر کھرگے نے کہاکہ ”سماجی انصاف، مساوات اور خواتین کی تعلیم کے علمبردار مہاتما جیوتیبا پھولے کی برسی پر میں انہیں خلوص دل سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔”
ذات پات پر مبنی تفریق، چھوا چھوت اور دیگر سماجی برائیوں کے خلاف پھولے کی زندگی بھر کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ ان کی کوششیں ہندوستان میں سماجی تبدیلی کے لیے تحریک کا ذریعہ بن گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ”ان کے خیالات اور اصول ایک مساوات پر مبنی، تعلیم یافتہ اور منصفانہ معاشرے کی تعمیر کے لیے ہماری رہنمائی کرتے رہیں گے۔”
جیوتی راؤ گوند راؤ پھولے کی پیدائش 11 اپریل 1827 کو مہاراشٹر میں ہوئی تھی۔ وہ 19ویں صدی کے ہندوستان کے ممتاز سماجی مصلحین میں سے ایک تھے۔ انہوں نے اپنی اہلیہ ساوتری بائی پھولے کے ساتھ مل کر خواتین کی تعلیم کی تحریک کی قیادت کی اور ایسے دور میں خواتین اور مظلوم طبقات کی آزادی کے لیے کام کیا، جب سماج میں گہری جڑیں جما چکی روایات انہیں بنیادی حقوق اور مواقع سے محروم رکھتی تھیں۔
اس جوڑے نے 1848 میں پونے میں ہندوستان کے اولین لڑکیوں کے اسکولوں میں سے ایک قائم کیا۔ اس طرح انہوں نے اس وقت رائج قدامت پسند سماجی نظریات کو چیلنج کیا اور خواتین کے لیے تعلیم کے نئے راستے کھولے۔ ان کی کوششوں نے سماج کے پسماندہ طبقات کے لیے تعلیم، عزت و وقار اور مساوی حقوق کی وکالت کرنے والی ایک وسیع تحریک کی بنیاد رکھی۔
سال 1873 میں پھولے نے سماجی مساوات کو فروغ دینے اور ذات پات کے اونچ نیچ پر مبنی نظام، مذہبی قدامت پرستی اور استحصالی سماجی روایات کو چیلنج کرنے کے لیے ستیہ شودھک سماج کی بنیاد رکھی۔ اپنی تحریروں اور اصلاحی سرگرمیوں کے ذریعے انہوں نے ذات پات کے نظام کے جواز پر سوال اٹھائے اور سب کے لیے، خاص طور پر نسل در نسل تفریق کا شکار لوگوں کے لیے، مساوی مواقع اور عزت و وقار کی حمایت کی۔
جیوتیبا پھولے کا انتقال 28 نومبر 1890 کو ہوا۔ ان کی وفات کے ایک صدی سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجود ہندوستان کی سماجی اصلاح کی تحریک میں ان کی خدمات آج بھی اہمیت رکھتی ہیں۔ ان کی میراث سماجی انصاف، مساوات، تعلیم اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے چلنے والی تحریکوں کو مسلسل تحریک دے رہی ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
-
دنیا4 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا آبادی میں اضافے اور جلد شادی پر زور
-
کھیل5 days agoجموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے انتخابات کے لیے حتمی انتخابی فہرست میں 11 کلب شامل: ریٹرننگ افسر
-
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز میں نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرانے سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے امریکہ کو نشانہ بنانے کی مبینہ ‘ڈرٹی بم’ سازش پر ایران کو وارننگ دی
-
دنیا1 week agoسعودی اتحاد کا جازان کی جانب داغے گئے حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
-
ہندوستان5 days agoمودی۔ شاہ کی جوڑی کا پس پردہ کھیل جاننا چاہتا ہے ملک: کانگریس
-
دنیا1 week agoیمنی فوج کی حوثیوں کے خلاف 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں 854 کارروائیاں، 193 ہلاک یا زخمی
-
ہندوستان1 week agoمودی حکومت حد بندی کے ذریعے اکثریت حاصل کرنے کے چکر میں، لوک سبھا کی موجودہ نشستوں میں تبدیلی کے بغیر خواتین کو ریزرویشن دیا جائے: جے رام رمیش
-
ہندوستان5 days agoمودی نے بالیندر شاہ کا راشٹرپتی بھون میں خیرمقدم کیا
-
دنیا5 days agoکیف کے علاقے میں رہائشی عمارت پر حملے میں 11 افراد ہلاک: یوکرین
-
ہندوستان7 days agoشری جھولے لال مندر پٹیل نگر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات، 15 سال کے حسابات کا آڈٹ پیش کرنے کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoایران کے صدر نے معاشی محاذ کو فوجی تنازع سے زیادہ تکلیف دہ قرار دے دیا
