ہندوستان
اردو اکادمی، دہلی کے زیراہتمام، اردو ڈراما فیسٹول غالب کی زندگی کے مختلف واقعات کو مربوط انداز میں پیش کیا گیا
نئی دہلی، اردو اکادمی، دہلی کے زیرِ اہتمام 36 ویں اردو ڈراما فیسٹول کے پانچویں روز شری رام سینٹر، منڈی ہاؤس میں ڈاکٹر چرن داس سدھو کا تحریر کردہ تاریخی ڈراما ”غالبِ اعظم” پیش کیا گیا۔ روی تنیجا کی ہدایت کاری میں کالجیٹ ڈراما سوسائٹی کی اس پیشکش میں مرزا اسد اللہ خاں غالبؔ کی نجی و گھریلو زندگی، معاشی پریشانیوں، جدوجہد، ذاتی صدمات اور انسان دوستی کو مؤثر انداز میں اسٹیج پر پیش کیا گیا۔
تقریباً سولہ مناظر پر مشتمل اس ڈرامے میں غالب کی زندگی کے مختلف واقعات کو مربوط انداز میں پیش کیا گیا۔ ڈرامے کا آغاز دریا گنج میں نواب صاحب کے گھر سے ہوتا ہے، جہاں مرزا غالب اور شمس الدین کے درمیان تلخ بحث دیکھنے کو ملتی ہے۔ شمس الدین غالب پر الزام عائد کرتے ہیں کہ انھوں نے اپنی زندگی عیش و عشرت، شراب نوشی اور شاعری میں گزار دی، جب کہ شمس الدین اور ان کے والد نے فیروزپور جھرکہ اور دیگر جاگیروں سے محصولات کی وصولی کے لیے سخت محنت کی۔ اس مکالمے کے ذریعے غالب کی شخصیت اور ان کے طرزِ زندگی کا ایک مختلف پہلو سامنے آتا ہے۔
ڈرامے میں غالب کی اہلیہ امراؤ بیگم کے ساتھ ان کے گھریلو تعلقات، دونوں کے درمیان ہونے والی بحث و تکرار، بچوں کی یکے بعد دیگرے کم عمری میں وفات کا صدمہ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ذہنی و جذباتی کیفیت کو بھی نمایاں کیا گیا۔ اسی طرح خاندانی پنشن کے حصول کے لیے غالب کی طویل جدوجہد کو ڈرامے کا ایک اہم موضوع بنایا گیا۔ غالب جب اپنی پنشن کے معاملے میں نواب احمد بخش خان سے فریاد کرتے ہیں تو نواب صاحب اپنی علالت کے باعث بے بسی ظاہر کرتے ہیں۔ اس منظر میں غالب کا کرب اور گزشتہ اٹھارہ برس سے جاری ناانصافی کا احساس شدت سے ابھر کر سامنے آتا ہے۔
اس ڈرامے کی ایک نمایاں خصوصیت یہ رہی کہ ہر منظر کا آغاز کسی معروف شاعر یا صوفی بزرگ کے کلام سے کیا گیا۔ امیر خسرو، بابا نانک، سنت روی داس، سنت کبیر داس، بابا بلھے شاہ، مرزا غالب اور مومن خان مومن کے کلام کو موسیقی کے ساتھ پس منظر میں پیش کیا گیا، جس کے بعد متعلقہ منظر کا آغاز ہوتا تھا۔ صوفیانہ شاعری اور موسیقی کا یہ امتزاج ڈرامے کی فضا کو مزید مؤثر اور دلچسپ بناتا رہا۔ ہر منظر سے پہلے کلام کی پیشکش نے نہ صرف ڈرامے کے فنی حسن میں اضافہ کیا بلکہ ہندوستان کی مشترکہ تہذیبی روایت اور صوفیانہ فکر کو بھی نمایاں کیا۔
ڈرامے میں تقریباً چودہ سے پندرہ کردار پیش کیے گئے۔ مرزا غالب کا مرکزی کردار خود ہدایت کار روی تنیجا نے ادا کیا، جبکہ شمس الدین کا کردار جتیندر ورسووال اور نواب احمد بخش خان کا کردار سَتّو بنرجی نے نبھایا۔ نواب صاحب کی دونوں اہلیاؤں، مدّی بیگم اور بیگم جان کے کردار شلپا اور زوبی شاہ نے ادا کیے۔ اسی طرح امین الدین کے کردار میں کنہیا اور رحیم خان کے کردار میں پرفل راٹھور نے اپنی اداکاری سے متاثر کیا۔ دیگر فن کاروں نے بھی معاون اور ضمنی کرداروں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
مجموعی طور پر ڈرامے کے مکالمے مؤثر، اداکاری قابلِ تعریف اور موسیقی کا استعمال نہایت موزوں تھا۔ ہر منظر سے قبل صوفی شعرا اور معروف ادبی شخصیات کے کلام کی موسیقی کے ساتھ پیشکش نے ڈرامے کی اثر انگیزی کو دوچند کر دیا۔ وہیں اداکاری کے ساتھ ملبوسات، موسیقی، میک اَپ اور پروڈکشن کے دیگر فنی پہلو بھی قابلِ تعریف رہے۔ کرداروں کے لباس اور میک اَپ نے ان کی شخصیت اور عہد کی مناسبت کو نمایاں کیا، جبکہ موسیقی اور دیگر فنی انتظامات نے ہر منظر کے تاثر کو مزید گہرا کیا۔ یہ پیشکش اس اعتبار سے بھی منفرد رہی کہ اس نے غالب کی ادبی عظمت کے ساتھ ان کی نجی زندگی کے دکھوں، معاشی جدوجہد اور انسانی احساسات کو بھی ناظرین کے سامنے پیش کیا۔
ڈرامے کے اختتام پر اردو اکادمی کے سینئر کارکنان جناب محمد ہارون اور جناب عزیر حسن قدوسی نے ہدایت کار جناب روی تنیجا کو پودا پیش کرکے ان کی فنی کاوشوں کو سراہا اور حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر ناظرین نے بھی تمام فنکاروں اور ہدایت کار کی بھرپور پذیرائی کی۔
یو این آئی۔ الف الف۔ م الف
ہندوستان
مودی کل فکی کے سالانہ کنونشن کا افتتاح کریں گے
نئی دہلی، 18 نومبر وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو یہاں بھارت منڈپم میں فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فکی) کی سالانہ عام میٹنگ اور سالانہ کنونشن کا افتتاح کریں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم حاضرین سے خطاب بھی کریں گے۔
اس سال کنونشن کا مرکزی موضوع ‘انڈیا 2047’ رکھا گیا ہے۔ اس میں صنعت و تجارت کی دنیا کی اہم شخصیات، کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو افسران، سفیروں، سفارت کاروں اور پالیسی سازوں سمیت 2500 سے زائد نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔
سال 2026-27 میں فکی کے 100سال مکمل ہورہے ہیں ۔ اس تنظیم کی بنیاد 7 اپریل 1927 کو رکھی گئی تھی اور 7 اپریل 2027 کو اسے 100 سال مکمل ہو جائیں گے۔
فکی کا قیام ایسے وقت میں عمل میں آیا تھا جب ہندوستانی کمپنیوں کی اقتصادی پالیسیاں وضع کرنے کے عمل میں شرکت محدود تھی۔ آزادی کے بعد سے یہ تنظیم ہندوستان کی اقتصادی تبدیلی اور عالمی معیشت کے ساتھ ملک کے بڑھتے ہوئے روابط میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے۔
فکی سرکاری، نجی اور کثیر ملکی شعبوں کی ڈھائی لاکھ سے زیادہ کمپنیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ ان میں 300 سے زائد علاقائی اور ریاستی سطح کی صنعتی انجمنوں کے ذریعے اس سے وابستہ کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ تنظیم کے 100 سے زیادہ ممالک کی 250 قومی کاروباری تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے ہیں۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
مودی حکومت کا اقتصادی ماڈل ناکام، ملک سنگین بحران کی طرف بڑھ رہا ہے: راہل
نئی دہلی، 18 نومبر کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت کا اقتصادی ماڈل ناکام ہو چکا ہے اور ملک سنگین اقتصادی بحران کی جانب بڑھ رہا ہے۔
مسٹر گاندھی نے امریکہ کے نیویارک میں کولمبیا یونیورسٹی کے اسکول آف انٹرنیشنل اینڈ پبلک افیئرز میں منگل کو منعقدہ ایک مکالمے کے دوران کہا کہ بے روزگاری، نظام تعلیم کی خامیاں، مینوفیکچرنگ کے شعبے کی کمزوری اور چھوٹے و درمیانہ درجے کے کاروباری اداروں کی مشکلات ملک کے بڑے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا نہیں ہو رہے ہیں اور اقتصادی و سیاسی طاقت چند بڑے گروپوں کے ہاتھوں میں مرتکز ہوتی جا رہی ہے۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ ان مسائل کو شرح نمو کے اعداد و شمار یا خدمات کے شعبے کی توسیع کے ذریعے چھپایا نہیں جا سکتا۔ صحافی لیڈیا پولگرین کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے ‘میک اِن انڈیا’ اور ‘اسٹارٹ اَپ انڈیا’ جیسی اسکیموں کی افادیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات مینوفیکچرنگ کے شعبے کو مطلوبہ مضبوطی فراہم کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کامیاب نہیں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمات کا شعبہ اکیلے ہندوستان جیسے بڑی آبادی والے ملک میں روزگار کی ضرورت پوری نہیں کر سکتا۔ مینوفیکچرنگ کو اقتصادی ترقی کی اصل بنیاد بنانا ہوگا۔
مسٹر گاندھی نے زراعت اور چھوٹے و درمیانہ درجے کے کاروباری اداروں کو ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ توسیع نہیں ہو رہی ہے اور کاروبار کے مواقع چند بڑے صنعتی گروپوں تک محدود ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہندوستان میں نجی سرمایہ کاری کیوں نہیں ہو رہی ہے اور ملک میں صرف اڈانی اور امبانی کے کاروبار ہی کیوں ترقی کر رہے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے گزشتہ کئی دہائیوں میں تیار کیے گئے اقتصادی ڈھانچے کو کمزور کیا ہے اور دولت کے ساتھ سیاسی طاقت کا ارتکاز بھی بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق قبائلی، دلت، کسان اور اقلیتیں اقتصادی اور سیاسی نظام میں حاشیے پر دھکیلی جا رہی ہیں۔ روزگار کی کمی اور معیاری تعلیم تک غیر مساوی رسائی کے باعث نوجوانوں میں بے اطمینانی بڑھ رہی ہے۔
طلبہ کے احتجاجی مظاہروں اور نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی سیاسی بے اطمینانی سے متعلق سوال پر مسٹر گاندھی نے کہا کہ کئی مظاہرین متوسط طبقے کے خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں، جنہیں کبھی وزیر اعظم نریندر مودی سے کافی امیدیں وابستہ تھیں۔ اب نوجوان سوال کر رہے ہیں کہ کیا تعلیمی قابلیت اور ڈگریاں انہیں روزگار اور اقتصادی تحفظ کی ضمانت دے سکتی ہیں۔ انہوں نے اقتصادی اور سیاسی طاقت کے ارتکاز کو جمہوری اداروں کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ دہرایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے انتخابی بے ضابطگیوں کے ثبوت جمع کیے ہیں اور نظام کے اندر سے بھی لوگ معلومات فراہم کرکے سامنے آ رہے ہیں۔
امریکہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کے ہندوستانی طلبہ اور نوجوانوں پر اثرات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے ہندوستانیوں کی تعداد ملک میں روزگار کے بڑے چیلنج کا محض ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔ ملک میں روزگار پیدا کرنے، گھریلو پیداوار کو مضبوط بنانے اور تعلیم کے معیار اور اس تک رسائی کو بہتر بنانے پر توجہ دینا ضروری ہے۔
مسٹر گاندھی نے امریکہ اور یورپی ممالک کے اقتصادی چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی نسبتاً کم لاگت اسے عالمی اقتصادی دباؤ کے درمیان کچھ مضبوطی فراہم کر سکتی ہے، لیکن اس کے لیے گھریلو اقتصادی کمزوریوں کو دور کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان کے طویل مدتی امکانات کے بارے میں پرامید ہیں، لیکن ملک وقت گنوا رہا ہے۔ اگر موجودہ اقتصادی سمت اگلے پانچ سے دس سال تک برقرار رہی تو ہندوستان سنگین مشکلات میں گھر سکتا ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
راجناتھ نے جاپان کے بحری اڈے کا دورہ کیا، جنگی جہاز کا بھی معائنہ کیا
نئی دہلی، 18 نومبر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بدھ کے روز جاپان کے یوکوسوکا میں جاپان میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے بحری اڈے کا دورہ کیا۔
اس موقع پر جاپان کے وزیر دفاع شن جیرو کوئزومی بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے جاپان کے موگامی کلاس کے کثیر المقاصد جنگی جہاز ‘جے ایس ناتوری’ کا معائنہ کیا۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان اور جاپان کے درمیان بڑھتا ہوا بحری تعاون آزاد، کھلے اور ضابطوں پر مبنی ہند بحرالکاہل خطے کے تئیں دونوں ممالک کے گہرے اعتماد اور مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے پہلے جاپان پہنچنے پر مسٹر سنگھ کا وزارت دفاع میں استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس کے بعد دونوں وزرائے دفاع نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بحری اڈے کا دورہ کیا۔
ٹوکیو میں ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ عالمی چیلنجوں کے باوجود ہندوستان دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشتوں میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں دفاعی پیداوار ایک دہائی قبل کے 48 ہزار کروڑ روپے سے بڑھ کر 1.80 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہو گئی ہے۔ وہیں دفاعی برآمدات 600 کروڑ روپے سے بڑھ کر ریکارڈ 38 ہزار کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں۔
مسٹر سنگھ دو روزہ دورے پر جاپان میں ہیں۔ جمعرات کو وہ ٹوکیو میں ہندوستان اور جاپان کے وزرائے خارجہ اور دفاع کی سطح پر ہونے والے چوتھے مذاکرات (ٹو پلس ٹو) میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی موجود رہیں گے۔ مسٹر سنگھ جاپان کے وزیر دفاع کے ساتھ دوطرفہ بات چیت بھی کریں گے۔
یواین آئی۔ ایف اے
-
ہندوستان1 week agoیمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
-
ہندوستان1 week agoمودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
-
دنیا1 week agoامریکی ایوانِ نمائندگان نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
-
دنیا1 week agoترکی کے اسٹیل کارخانے میں دھماکہ، کم از کم 17 افراد ہلاک، 12 زخمی
-
جموں و کشمیر1 week agoگاندربل میں سڑک حادثے میں گجرات اور مغربی بنگال کے آٹھ سیاح زخمی
-
دنیا1 week agoٹرمپ کی تجویز کردہ 250 فٹ اونچی فتح یادگار کے خلاف کینیڈی خاندان عدالت پہنچ گیا
-
دنیا1 week agoکوپ 31 میں امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں سے ماحولیاتی نقصان کا معاملہ اٹھائیں گے: پزشکیان
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ ادھم پور اور ریاسی میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ اور نئے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری، مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی
-
ہندوستان1 week agoسونیا گاندھی کی ‘بیلونگنگ’: ایک محبت کی داستان جو ہندوستان کی سیاسی تاریخ بن گئی
-
دنیا1 week agoشیخ حسینہ کو پاسپورٹ جاری کرنے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں: آئی سی ٹی کے چیف پراسیکیوٹر
-
دنیا1 week agoغزہ جنگ کے ساتھ ماحولیاتی تباہی کا بھی شکار ہے: رجب طیب اردوغان
