جموں و کشمیر
شیش ناگ معاملہ: وزیر جنگلات کے اعتراف سے حکومت کی ساکھ بے نقاب ہوئی، اے آئی پی
سرینگر، عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) نے، جس کی قیادت جیل میں بند رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کر رہے ہیں، جمعرات کو شیش ناگ تنازعہ پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر جنگلات الطاف کالو کے اس اعتراف نے کہ انہیں مقام کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، حکومت کے موقف میں تضادات کو بے نقاب کردیا ہے اور اس کی ساکھ پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔
اے آئی پی کے چیف ترجمان عنایت النبی نے کہاکہ ”یہ حیرت انگیز ہے کہ وزیر جنگلات اعتراف کرتے ہیں کہ انہیں شیش ناگ جانے سے روک دیا گیا، لیکن اس کے باوجود وہ اپنے ماتحت عہدیداروں کی پیش کردہ رپورٹ کی بنیاد پر اس مقام کو کلین چٹ دے رہے ہیں۔ جو وزیر خود موقع پر جاکر معائنہ نہیں کرسکا، وہ وہاں کی صورتِ حال یا اپنے محکمے کے نتائج کی آزادانہ طور پر تصدیق کرنے کا دعویٰ کیسے کرسکتا ہے؟”
واضح رہے کہ شیش ناگ جھیل کے قریب بھاری مشینری کے کام کرنے کی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بڑا تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔ اس کے نتیجے میں بارڈر روڈس آرگنائزیشن (بی آر او) کی جانب سے وہاں تعمیراتی سرگرمیاں انجام دینے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ جموں و کشمیر کے وزیر جنگلات الطاف کالو نے بدھ کو ان خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ جھیل محفوظ ہے اور ارتھ موور مشین جھیل سے 200 تا 300 فٹ دور، زیادہ بلندی پر کام کررہی تھی۔ وزیر نے یہ بھی کہا تھا کہ سلامتی سے متعلق خدشات کے باعث وہ موقع پر جاکر معائنہ نہیں کرسکے۔
عنایت النبی نے کہا کہ وزیر کا یہ اعتراف محض انتظامی شرمندگی کا معاملہ نہیں بلکہ منتخب اسمبلی کے وقار اور ادارہ جاتی ساکھ پر بھی سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”جب کابینہ کا ایک وزیر عوامی طور پر یہ اعتراف کرتا ہے کہ اسے اپنی سرکاری ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے کسی مقام کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تو اس سے منتخب حکومت کی بے بسی کا اندازہ ہوتا ہے۔ جب ایک وزیر بھی اپنے اختیارات استعمال نہیں کرسکتا تو اسمبلی کی بالادستی اور اختیار باقی کیا رہ جاتا ہے؟ عمر عبداللہ حکومت نے ایک ادارے کی حیثیت سے اسمبلی کے وقار اور منتخب نمائندوں کے اجتماعی مینڈیٹ کو محض رسمی کارروائی بناکر رکھ دیا ہے۔”
عنایت النبی نے کہا کہ وزیر جنگلات الطاف کالو کے اس اعتراف سے یہ تاثر مزید مضبوط ہوا ہے کہ عمر عبداللہ ایک بااختیار منتخب حکومت کے بجائے کسی میونسپلٹی کی سربراہی کررہے ہیں۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
لیفٹنٹ گورنر کا محکمہ قانون وانصاف کے زیراہتمام منعقدہ یومِ آئین کی تقریب سے خطاب
آئین ہماری جمہوریت کیلئے سب سے بڑی رہنمائی کا ذریعہ
آئین محض ایک قانونی دستاویز نہیں بلکہ اجتماعی امنگوں اور جمہوری عزم کا زندہ اظہار :منوج سنہا
کہابھارت کوذاتی مفادات کے بجائے ملکی مفادات کوترجیح دینے والے دیانت دار افراد کی ضرورت
جموں: جموں وکشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کویومِ آئین کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے جموں و کشمیر کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایک ترقی یافتہ، سب کو شامل کرنے والے اور ترقی پسند بھارت، نیز ایک خود انحصار مرکز کے زیر انتظام علاقے کی تعمیر کے اجتماعی سفر میں آئین سے تحریک حاصل کریں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا آئین ہماری جمہوریت کیلئے سب سے بڑی رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ منوج سنہا نے کہا کہ بھارت کا آئین دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے لیے ایک عظیم مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے، جس میں ملک کی لازوال اور سنہری اقدار پوری طرح محفوظ ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ ایک مضبوط، خوشحال اورترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے لیے ان آئینی اصولوں پر عمل پیرا رہنے اور ایک ذمہ دار شہری کے طور پر اپنے بنیادی فرائض کی ادائیگی کے عزم کی تجدید کریں۔جے کے این ایس کے مطابق یومِ آئین کی تقریب میں موجودشہریوں سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یومِ آئین ہمیں ان نظریات سے دوبارہ جڑنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو ہماری جمہوریہ کی بنیاد ہیں، اور یہ آئین میں درج اصولوں کے تئیں اپنے عزم کی تجدید کا بھی ایک ذریعہ ہے۔26 نومبر 1949 کو دستور ساز اسمبلی کی جانب سے آئین کو اپنائے جانے کا ذکر کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے اسے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام نے آزاد بھارت کو ایک آئینی سمت عطا کی اور انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے پر مبنی ایک جمہوری مستقبل کی بنیاد رکھی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آئین محض ایک قانونی دستاویز نہیں ہے، بلکہ یہ بھارت کی اجتماعی امنگوں اور جمہوری عزم کا ایک زندہ اظہار ہے۔ گزشتہ۷۷ برسوں میں قوم کی کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت آج خلائی تحقیق، سیمی کنڈکٹرز، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سائنس اور جدت طرازی کے شعبوں میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ یہ سب اس مضبوط آئینی بنیاد کی بدولت ممکن ہوا ہے جسے ہمارے ملک کے معماروں نے استوار کیا تھا۔بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو ¿ امبیڈکر اور دستور ساز اسمبلی کے دیگر اراکین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر نے جمہوری اداروں کو برقرار رکھنے میں سماجی جمہوریت اوربھائی چارے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ محض قانونی اور آئینی تحفظات کافی نہیں ہیں؛ جب تک کہ شہری روزمرہ کی زندگی میں ایک دوسرے کے وقار، حقوق اور امنگوں کو تسلیم نہ کریں اور ان کا احترام نہ کریں۔مصنوعی ذہانت ، کوانٹم ٹیکنالوجی، بائیو ٹیکنالوجی اور خلائی ٹیکنالوجی میں ہونے والی تیز رفتار پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے ڈیجیٹل دور میں آزادی، پرائیویسی (رازداری) اور انسانی وقار کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی ترقی کوانسان مرکوز ہونا چاہیے اور اسے آئینی اقدار سے ہم آہنگ رہنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ ہماری آئینی ذمہ داریاں بھی بڑھ رہی ہیں۔ ڈیجیٹل دور میں یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ تکنیکی ترقی کے درمیان بھی فرد کی آزادی، پرائیویسی اور خود مختاری محفوظ رہے۔لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے کہاکہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ٹیکنالوجی انسانوں کی معاون بنے، نہ کہ انسانوں کو ٹیکنالوجی کا تابع بنا دے۔ انہوں نے کہاکہ اس کےساتھ ساتھ، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ انتظامی عمل کے ہر سطح پر باہمی تعاون اور ہم آہنگی کا جذبہ مزید گہرا ہو۔لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے کہاکہ ہمارا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ خدمات اور بنیادی ڈھانچہ جموں و کشمیر کے ہر حصے تک یکساں احساس اور عزم کے ساتھ پہنچیں، اور ترقی کے اس سفر میں کوئی بھی شخص پیچھے نہ رہ جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کے لیے مساوی مواقع، تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے، کسانوں اور مزدوروں کے وقار، اور عوام کے لیے جوابدہ سرکاری اداروں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی وہ ہے جو مواقع میں وسعت لائے اور ہر شہری کے معیارِ زندگی کو بہتر بنائے۔لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے کہاکہ بھارت مستقبل کا انتظار نہیں کر رہا بلکہ اسے تعمیر کر رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ آئین نے آنے والی نسلوں کو وہ بنیاد فراہم کی ہے جس کی مدد سے وہ ناقابلِ تصور اہداف حاصل کر سکتی ہیں۔ اب ہمیں حقیقی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے، جس کا مطلب ہے مواقع کو وسیع کرنا، عدم مساوات کو کم کرنا اور ہر شہری کے وقار کو یقینی بنانا۔شہریوں سے قوم کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر نے ان پر زور دیا کہ وہ آئینی آداب کی پاسداری کریں، ڈیجیٹل اخلاقیات اپنائیں، مساوات کو فروغ دیں، ماحول کا تحفظ کریں، سائنسی سوچ کی حوصلہ افزائی کریں، مقامی نظم و نسق میں حصہ لیں اور آئینی اداروں پر عوام کے اعتماد کو مضبوط بنائیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت کو صرف ایسے دیانت دار افراد کی ضرورت ہے جو ملک کے مفادات کو اپنے ذاتی مفادات پر ترجیح دیں۔لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے کہاکہ ہمارے آئین سازوں نے ہمیں ایک مضبوط جمہوری بنیاد فراہم کی ہے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس بنیاد پر ایک ایسا بھارت تعمیر کریں جو آنے والی نسلوں کے لیے تحریک، اعتماد اور فخر کا باعث بنے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شہریوں کے اجتماعی عزم، لگن اور سخت محنت کی بدولت بھارت ایک ایسی ترقی یافتہ قوم کے طور پر ابھرے گا جس کی جڑیں آئینی اقدار اور جمہوری نظریات میں پیوست ہوں۔ انہوں نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ آئین کو اپنے طرزِ عمل کے لیے رہنما بنائےں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ آئیں ہم سب مل کر ایک ایسا ترقی یافتہ ہندوستان تعمیر کریں جو صلاحیت کے اعتبار سے خوشحال، سوچ کے لحاظ سے کشادہ نظر، برتاو ¿ میں ہمدردانہ، مواقع کی فراہمی میں سب کو شامل کرنے والا، اور انصاف کے قیام کے عزم پر غیر متزلزل ہو۔
انہوںنے کہاکہ ہمارے ارادے بلند ہوں، ہمارے خواب بڑے ہوں، ہماری کوششیں مسلسل جاری رہیں، اور ہمارا اتحاد ہمیشہ اٹوٹ رہے۔ آئین کی منظوری کی یاد میں منعقدہ اس تقریب کا اہتمام محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور نے محکمہ ثقافت کے اشتراک سے کیا تھا۔اس تقریب میں جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر، چیف سیکرٹری ڈاکٹر سجن سنگھ یادو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (محکمہ خزانہ) شیلیندر کمار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (محکمہ تعمیرات عامہ) انیل کمار سنگھ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری گووند جیسوال، کمشنر سیکرٹری (محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور) اچل سیٹھی، سیکرٹری (محکمہ ثقافت) رمیش کمار کے علاوہ اعلیٰ حکام، ممتاز شہریوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جموں و کشمیر
ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو لیہ انتظامیہ نے طلب کرلیا
سرینگر، ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو لیہ انتظامیہ نے طلب کرتے ہوئے وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی ہے کہ آئندہ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) انتخابات کے سلسلے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انہیں شخصی مچلکہ داخل کرنے کا حکم کیوں نہ دیا جائے۔
وانگچک نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ انہیں یومِ آئین کے موقع پر سمن موصول ہوا ہے اور وہ اپنا موقف پیش کرنے کے لیے مجسٹریٹ کے سامنے حاضر ہوں گے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لیہ ڈیلیکس نمگیال کی جانب سے 25 نومبر کو بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس)، 2023 کی دفعات 126 اور 130 کے تحت جاری نوٹس میں 23 نومبر کو لیہ کے این ڈی ایس میموریل پارک میں منعقدہ ایک اجتماع کے دوران وانگچک کی جانب سے مبینہ طور پر دیے گئے بیانات کا حوالہ دیا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق، وانگچک نے مبینہ طور پر سرکاری ملازمین سے اپیل کی تھی کہ وہ انتخابی مدت کے دوران اجتماعی طور پر رخصت پر چلے جائیں۔ انہوں نے لوگوں سے موسمِ سرما میں انتخابات منعقد کرنے کی مخالفت جاری رکھنے کی اپیل بھی کی تھی۔ اس کے علاوہ 26 نومبر کو عوامی اجتماع منعقد کرنے اور اس کے بعد 27 نومبر سے 4 دسمبر، یعنی پولنگ کے دن تک، بھوک ہڑتال کرنے کی اپیل کی تھی۔
انتظامیہ نے کہا کہ ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات کے لیے ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے کے پس منظر میں ان بیانات سے امن و امان کی خلاف ورزی یا عوامی سکون میں خلل پڑنے کا اندیشہ پیدا ہوا ہے۔
مجوزہ مچلکے کی رقم 10 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 10 ہزار روپے کے دو ضمانتی بھی پیش کرنے ہوں گے۔ یہ مچلکہ حتمی حکم جاری ہونے کی تاریخ سے ایک ماہ کی مدت کے لیے ہوگا۔
سونم وانگچک لیہ اپیکس باڈی (ایل اے بی) کے رکن بھی ہیں۔ یہ لداخ کا ایک بااثر سماجی و سیاسی پلیٹ فارم ہے، جو کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) کے ساتھ مل کر لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کے مطالبے پر تحریک چلا رہا ہے۔
نوٹس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وانگچک نے کہا کہ وہ ہمیشہ پُرامن طریقوں سے احتجاج کی وکالت کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں مجسٹریٹ کے سامنے حاضر ہوکر اپنا موقف واضح کریں گے۔
ایکس پر اپنی پوسٹ میں وانگچک نے کہاکہ ”اس کی سادہ سی وجہ یہ ہے کہ میں نے ہمیشہ اور صرف احتجاج کے پُرامن طریقوں، مثلاً دھرنا اور انشن کی اپیل کی ہے، حتیٰ کہ منفی 15 ڈگری کی سرد راتوں میں بھی، جن میں تکلیف صرف ہم خود برداشت کرتے ہیں، کسی دوسرے کو نہیں پہنچاتے۔ یہ الگ بات ہے کہ اکثر میری باتوں کو توڑ مروڑ کر اس طرح پیش کیا جاتا ہے، جس سے وہی مطلب اخذ کیا جاسکے جو لوگ سننا چاہتے ہیں۔ خوش قسمتی سے اس مرتبہ ہمارے پاس کافی دستاویزی شواہد موجود ہیں، بالکل اسی طرح جیسے گزشتہ سال قومی سلامتی قانون (این ایس اے) کے معاملے میں تھے۔”
واضح رہے کہ 2019 میں لداخ کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنائے جانے کے بعد ایل اے ایچ ڈی سی کے یہ پہلے انتخابات ہوں گے، جو 4 دسمبر کو منعقد ہونے والے ہیں۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
بین وزارتی مرکزی ٹیم نے لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع مانسون سے متاثر
جموں، 26 بین وزارتی مرکزی ٹیم (آئی ایم سی ٹی) نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں 2026 کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور مانسون کی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔
اس ٹیم کی قیادت مرکزی وزارت داخلہ، حکومت ہند کے جوائنٹ سکریٹری (ایف۔II) گیا پرساد نے کی۔ ٹیم نے ڈوڈہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقے ٹھٹھری کا دورہ کیا اور مانسون 2026 کے دوران اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا موقع پر جائزہ لیا۔
ٹیم میں وزارت توانائی اور مرکزی بجلی اتھارٹی کے چیف انجینئر (ڈی پی اینڈ ایم) شیام کیجریوال، وزارت دیہی ترقی کے ڈپٹی سکریٹری پربھات کمار اور وزارت جل شکتی و مرکزی آبی کمیشن کی ڈائریکٹر شچی جین شامل تھیں۔
دورے کے دوران ٹیم نے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا اور اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایا۔ اس کے علاوہ عوامی بنیادی ڈھانچے، ضروری خدمات اور مقامی آبادی پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کیں۔
اس سے قبل آئی ایم سی ٹی نے ڈوڈہ کے ڈپٹی کمشنر دفتر کے احاطے کے کانفرنس ہال میں ایک تفصیلی اجلاس منعقد کیا، جس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور گزشتہ مانسون کے موسم میں مسلسل بارشوں، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایا گیا۔
ڈوڈہ کے ڈپٹی کمشنر کرشن لال نے ٹیم کو متاثرہ علاقوں کی موجودہ صورت حال، دشوار گزار جغرافیائی حالات، دریائے چناب میں پانی کی سطح، سڑکوں اور پلوں کو پہنچنے والے نقصانات، بحالی اور امدادی اقدامات اور شدید بارشوں سے ہونے والے مجموعی نقصانات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔
ٹیم کو سڑکوں، پلوں، بجلی کے بنیادی ڈھانچے اور پانی کی فراہمی کی اسکیموں سمیت اہم بنیادی سہولتوں کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی متعلقہ محکموں کی جانب سے ضروری خدمات اور آمدورفت کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے جاری بحالی اور بازآبادکاری کے کاموں کی صورت حال سے بھی واقف کرایا گیا۔
ڈوڈہ کے ڈپٹی کمشنر نے تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی میں درپیش مشکلات کو بھی اجاگر کیا، خاص طور پر دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں پیش آنے والی دشواریوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے متاثرہ لوگوں کو راحت پہنچانے اور ضروری خدمات جلد از جلد بحال کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔
اجلاس میں قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے، نقصانات سے بچاؤ اور ایسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیاری اور ردعمل کے نظام کو مضبوط بنانے کی غرض سے ضلع انتظامیہ کی جانب سے اختیار کیے گئے احتیاطی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
دریں اثنا، ٹیم نے کشتواڑ میں مانسون کے دوران بادل پھٹنے، شدید بارشوں، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا۔
ٹیم نے ضلع انتظامیہ کے ساتھ تفصیلی اجلاس منعقد کیا، جس میں ضلع کے مختلف علاقوں میں مانسون سے متعلق قدرتی آفات کی صورت حال اور ان سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران کشتواڑ کے ڈپٹی کمشنر پنکج کمار شرما نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے عوامی بنیادی ڈھانچے، جن میں سڑکیں، پل، بجلی کا نظام، پانی کی فراہمی کی اسکیمیں اور سرکاری و نجی املاک شامل ہیں، کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلی جانکاری دی۔
انہوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے کیے گئے راحت رسانی، بحالی اور بازآبادکاری کے اقدامات کے بارے میں بھی ٹیم کو بتایا۔
ٹیم کو ضروری خدمات اور سڑکوں کے رابطے بحال کرنے میں درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا گیا، خاص طور پر دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں پیش آنے والی دشواریوں کے بارے میں بتایا گیا۔ اس کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت مدد فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے اقدامات کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔
مرکزی ٹیم نے زمینی سطح پر نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے بادل پھٹنے سے متاثرہ علاقے چھاترو کا بھی دورہ کیا۔ ٹیم نے سب ڈویژن چھاترو کے چھ متاثرہ مقامات میں سے تین کا معائنہ کیا اور وہاں سڑکوں، بنیادی ڈھانچے، پانی کی فراہمی کی اسکیموں اور دیگر ضروری سہولتوں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔
ٹیم نے ڈوگا، چھاترو کا معائنہ کیا، جو اگست 2026 میں بادل پھٹنے سے متاثر ہوا تھا۔ اس کے علاوہ گُزار سے گُرینال رابطہ سڑک کا بھی جائزہ لیا، جو جولائی 2026 میں بادل پھٹنے سے متاثر ہوئی تھی۔ ٹیم نے تحصیل کمپلیکس چھاترو کے راستے ہیلی پیڈ روڈ سے گُزار تک جانے والی رابطہ سڑک کا بھی معائنہ کیا، جو اگست 2026 میں بادل پھٹنے سے متاثر ہوئی تھی۔
ٹیم نے متاثرہ لوگوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے جاری بحالی کے کاموں اور راحت رسانی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
یہ دورہ ضلع میں مانسون سے متعلق نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے بین وزارتی مرکزی ٹیم کے معائنے کا حصہ ہے۔ اس جائزے سے ٹیم کو نقصانات کی اصل صورت حال سمجھنے اور بحالی و بازآبادکاری کی ضروریات کا اندازہ لگانے میں مدد ملے گی۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
-
جموں و کشمیر1 week agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
ہندوستان1 week agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
جموں و کشمیر1 week agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
جموں و کشمیر1 week agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان1 week agoہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
-
ہندوستان1 week agoمہنگائی کی مار سے 10 میں سے 6 خاندانوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا: دہلی کانگریس
-
دنیا2 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا آبادی میں اضافے اور جلد شادی پر زور
-
ہندوستان1 week ago -
کھیل3 days agoجموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے انتخابات کے لیے حتمی انتخابی فہرست میں 11 کلب شامل: ریٹرننگ افسر
-
دنیا5 days agoآبنائے ہرمز میں نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرانے سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی
-
دنیا1 week agoایران کا آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
-
ہندوستان1 week agoگھر گھر جا کر معافی مانگیں اکھلیش، تب بھی عوام معاف نہیں کریں گے: پنکج چودھری
