جموں و کشمیر
بھاری مشینری کے استعمال پر تنازع کے درمیان محبوبہ مفتی کو شیش ناگ جھیل جانے سے روک دیا گیا
سری نگر، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو منگل کو چندن واڑی میں پولیس نے اس وقت روک دیا، جب وہ شیش ناگ جھیل کے قریب بھاری مشینری سے جاری کھدائی کا جائزہ لینے جا رہی تھیں۔
وہ پارٹی کے ارکان اسمبلی وحید پارہ اور سید منتظر مہدی کے ہمراہ امرناتھ یاترا کے راستے سے پیدل آگے بڑھ رہی تھیں۔ مقدس امرناتھ گپھا کے راستے پر 3590 میٹر کی بلندی پر واقع شیش ناگ جھیل جموں و کشمیر کی ان 14 گلیشیائی جھیلوں میں سے ایک ہے، جنہیں انتہائی حساس اور زیادہ خطرے والے زمرے میں رکھا گیا ہے۔
پی ڈی پی کے مطابق محترمہ محبوبہ اپنے ارکان اسمبلی کے ساتھ وہاں کے حالات کا جائزہ لینے جا رہی تھیں کیونکہ ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا، جس میں جھیل کے کنارے کھدائی کرنے والی مشینیں کام کرتے ہوئے دکھائی دے رہی تھیں۔
اتوار دیر رات سامنے آنے والے اس ویڈیو کے بعد شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ کئی سیاسی لیڈران اور مذہبی شخصیات نے تشویش کا اظہار کیا کہ اس کام سے ماحولیات پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے پیر کو اپنے دفاع میں کہا کہ وہ امرناتھ یاترا کے بعد کا کام کر رہے ہیں اور اس میں تمام حفاظتی ضوابط اور ماحولیاتی رہنما خطوط پر عمل کیا جا رہا ہے۔
محترمہ محبوبہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ایک ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے کہ جب وہ جھیل کی جانب جانے کی کوشش کر رہی تھیں، تو پولیس نے انہیں روک دیا۔ انہوں نے راستے میں افسران سے گفتگو کے دوران ماحولیاتی نقطہ نظر سے حساس اس علاقے میں بلڈوزر جیسی بھاری مشینیں تعینات کرنے پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ بڑے پیمانے پر کھدائی اور تعمیراتی کام سے ہمالیائی ماحولیاتی نظام کو مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیش ناگ نہ صرف ماحولیاتی لحاظ سے حساس مقام ہے بلکہ ہندو تیرتھ یاتریوں کے لیے بھی بہت زیادہ مذہبی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے ترقی اور امرناتھ یاترا کے نام پر اتنی بھاری مشینری کے استعمال کی ضرورت پر سوال اٹھایا۔
انہوں نے کہا، “جموں و کشمیر اپنے ماحول، ندیوں، جھیلوں اور جنگلات کی وجہ سے ہی زندہ ہے۔” انہوں نے خبردار کیا کہ ان قدرتی وسائل کو نقصان پہنچنے سے مستقبل میں سنگین نتائج بھگتنے پڑ سکتے ہیں۔
محترمہ محبوبہ نے اتراکھنڈ اور نیپال میں ماحولیات کو پہنچنے والے نقصان کی مثال دیتے ہوئے حکام سے اپیل کی کہ وہ ہمالیہ کے اس حساس علاقے میں بڑے پیمانے پر ہونے والے تعمیراتی کاموں پر نظرثانی کریں۔ انہوں نے جھیل کے قریب جاری کام کی نوعیت کے بارے میں بھی بی آر او سے وضاحت طلب کی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پی ڈی پی سربراہ نے زور دے کر کہا کہ وہ صرف اس جگہ پر جا کر خود صورتحال کا جائزہ لینا چاہتی تھیں۔ انہوں نے اپنی حفاظت کی ذمہ داری خود لینے کی بھی پیشکش کی لیکن انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں ملی۔
انہوں نے امرناتھ یاترا کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے جموں و کشمیر میں ہندو مسلم بھائی چارے کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے ہمیشہ تیرتھ یاتریوں کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور کئی لوگوں نے تو اس دوران اپنی جانیں تک قربان کر دی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جھیل، آس پاس کے جنگلات اور گلیشیئرز کو نقصان پہنچنے سے امرناتھ گپھا میں قدرتی طور پر بننے والے برفانی شیولنگ پر برا اثر پڑ سکتا ہے۔ اس شیولنگ کے درشن کے لیے ہر سال ہزاروں تیرتھ یاتری آتے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ نے مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری اورمتعلقہ حکام سے جاری کام پر نظرثانی کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ تیرتھ یاتریوں کے لیے سہولیات کو بہتر بنانا ضروری ہے لیکن ترقی کے نام پر ماحولیات کو تباہ نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا، “شیش ناگ کے تقدس کا احترام کیا جانا چاہیے اور اس کی حفاظت کی جانی چاہیے۔”
یواین آئی۔الف الف
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے کسانوں کو بااختیار بنانے اور ڈوگرہ ورثے کے تحفظ کی اپیل کی
جموں، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کسانوں کو بااختیار بنانے اور ڈوگرہ ورثے کے تحفظ کی اپیل کرتے ہوئے ملک کی غذائی کفالت اور اس کی روایات کو مالا مال کرنے میں کسانوں کے اہم تعاون کا ذکر کیا۔
مسٹر سنہا نے آج یہاں سالانہ جِھڑی میلے میں بابا جتّو اور بوا کوڑی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سالانہ میلے کو عقیدت، ثقافتی ورثے اور اجتماعی شعور کی علامت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھڑی کی سالانہ یاترا ایک مقدس تیرتھ یاترا ہے، جو بابا جتو کے تئیں صدیوں پرانی عقیدت اور احترام کی عکاسی کرتی ہے۔
بابا جتو کی میراث پر مسٹر سنہا نے کہا کہ ان کی زندگی سچائی، ہمت اور انصاف کی ابدی اقدار کی علامت تھی۔ انہوں نے کہا کہ بابا جتو کی جدوجہد محض ایک فصل کے لیے نہیں تھی، بلکہ ہر محنت کش کسان کے وقار، حقوق اور عزت نفس کے تحفظ کے لیے تھی۔ انہوں نے کہا، “ان کی قربانی معاشرے کو ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے اور محنت کی عزت برقرار رکھنے کے لیے مسلسل ترغیب دیتی ہے۔ بابا جتو کا پیغام ذات، طبقے اور برادری سے بالاتر ہے اور ایک مشترکہ قومی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے۔”
لیفٹیننٹ گورنر نے زور دیا کہ بابا جتو اور بوا کوڑی کو سچا خراج عقیدت ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کرنا ہوگا، جہاں حقوق اور وقار کی جدوجہد میں کوئی بھی کسان تنہا نہ رہے۔ ‘مجموعی معاشرے کے نقطہ نظر’ کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے جامع ترقی، سماجی ہم آہنگی اور مساوی مواقع کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندستان کی تعمیر کے لیے ایک ترقی یافتہ جموں و کشمیر کی ضرورت ہے، جس کی بنیاد تین بنیادی اصولوں-سچائی، سخت محنت اور باہمی احترام-پر ٹکی ہو۔ انہوں نے کسانوں، اساتذہ، نوجوانوں، سرکاری افسران اور خاندانوں سے اس ہدف کے حصول میں اجتماعی تعاون دینے کی درخواست کی۔
انہوں نے کہا، “اس کے لیے کسانوں کو اپنی سخت محنت جاری رکھنی ہوگی۔ اساتذہ کو بدلتی دنیا کے مطابق نئی نسل کو تعلیم دینی ہوگی۔ نوجوانوں کو اختراع کے لیے آگے آنا ہوگا۔ سرکاری افسران کو پوری ایمانداری سے عوام کی خدمت کرنی ہوگی اور ہر خاندان کو چھوٹے بچوں میں اچھی اقدار ڈالنی ہوں گی۔ عام شہریوں سے لے کر سرکاری افسران تک، سبھی کو اپنے کاموں میں دیانتدار رہنا ہوگا، اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری سے نبھانا ہوگا اور مشکل حالات میں مل جل کر کام کرنا ہوگا۔”
مجموعی زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈی پی) کی حصولیابیوں پر مسٹر سنہا نے کہا کہ اس پہل نے جدید بنیادی ڈھانچے، تنوع اور بازار پر مبنی اصلاحات کے ذریعے زراعت، باغبانی اور ڈیری کے شعبوں میں نمایاں تبدیلی لائی ہے۔ انہوں نے کسانوں، بالخصوص چھوٹے اور پسماندہ کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی اپنانے اور اپنی پیداوار کو ابھرتی ہوئی منڈی کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کی ترغیب دی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے موٹے اناج (ملیٹس) کی کاشت کو بڑے پیمانے پر اپنانے کی بھی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ غیر متوازن بارش، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح کے چیلنجز کے درمیان موٹے اناج کی فصلیں ماحول دوست اور آمدنی بڑھانے والا متبادل ہیں۔
نوجوانوں سے ٹیکنالوجی، کاروباری صلاحیت اور سائنسی طریقوں کے ذریعے زراعت میں تبدیلی لانے کی اپیل کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے ان سے کھیتی باڑی اور اس سے منسلک شعبوں کو ترقی کے متحرک انجن کے طور پر دیکھنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا، “جموں و کشمیر کا زرعی منظر نامہ اختراع اور روزگار کے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے، اور نوجوانوں کو کھیتی باڑی کو زیادہ پیداواری، منافع بخش اور مستقبل کے لیے تیار کرنے میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔” انہوں نے دیہی معیشت میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت کی بھی ستائش کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ خواتین کسان، سیلف ہیلپ گروپس اور دیہی کاروباری خواتین پورے جموں و کشمیر میں معاشی خود انحصاری کو رفتار دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے دیہی علاقوں میں خواتین کے لیے تعلیم، ہنر مندی کے فروغ اور کاروباری مواقع کو وسعت دینے کی اپیل کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، “کئی سیلف ہیلپ گروپس اب دیہی معیشت کو ایک نئی سمت دینے کے لیے خواتین کسانوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ دیہات کی خواتین مقامی مصنوعات، دستکاری، فوڈ پروسیسنگ اور چھوٹے کاروبار کے ذریعے معاشی خود انحصاری کی نئی مثالیں قائم کر رہی ہیں۔ زراعت اور اس سے جڑے شعبوں میں ہماری بیٹیاں اختراع اور انٹرپرینیورشپ کے نئے معیارات قائم کر رہی ہیں۔”
ڈوگرہ ثقافت کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں سے اپنی زبان، لوک روایات اور علاقائی تاریخ پر فخر کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے نوجوانوں کو بزرگوں سے روایتی گیت، لوک کہانیاں اور تاریخ سیکھنے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے انہیں محفوظ کرنے کی ترغیب دی، تاکہ آنے والی نسلیں اپنی ثقافتی جڑوں سے جڑی رہیں۔ انہوں نے کہا، “ٹیکنالوجی نے آج ہمارے ہاتھوں میں ایسی طاقت دی ہے، جس کے ذریعے ہم اپنی ثقافت کو ملک و دنیا کے کونے کونے تک پہنچا سکتے ہیں۔ ہمیں دنیا کو ڈوگرہ ثقافت کی پہچان سے متعارف کرانے کے لیے اس ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا چاہیے۔”
لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ انتظامیہ جھڑی میلے کے خوش اسلوبی اور مؤثر انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے بنیادی ڈھانچے میں کافی بہتری آئی ہے اور ضرورت کے مطابق اس کی مزید توسیع کی کوششیں جاری رہیں گی۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے سرکاری محکموں، زرعی کاروباری افراد، سیلف ہیلپ گروپس اور کسانوں کی جانب سے لگائے گئے نمائشی اسٹالز کا مشاہدہ کیا۔ تقریب میں بابا جتو اور بوا کوڑی پر مبنی ایک مختصر ڈرامہ اور خطے کے مالا مال فن اور ثقافتی ورثے کی عکاسی کرنے والے فنکاروں کی دلکش پیشکشیں بھی ہوئیں۔
اس موقع پر رکن پارلیمنٹ جگل کشور شرما، مڑھ کے رکن اسمبلی سریندر کمار، سچیت گڑھ کے رکن اسمبلی پروفیسر گارو رام بھگت، محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری چندراکر بھارتی، جموں کے ڈویژنل کمشنر وکاس کنڈل، جموں کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) تیجندر سنگھ، جے ایس کے رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) شری دھر پاٹل، جموں کے ڈپٹی کمشنر منگا شیرپا، جموں کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) جوگندر سنگھ، جموں کی میونسپل کمشنر آیوشی سودن، سینئر افسران، معزز شہری، ترقی پسند کسان اور معاشرے کے تمام طبقات کے افراد موجود تھے۔
یواین آئی۔الف الف
جموں و کشمیر
شیش ناگ جھیل کے قریب سڑک چوڑی کرنے کے معاملے پر الطاف ٹھاکر کا پی ڈی پی پر ‘مخصوص سیاست’ کرنے کا الزام
سرینگر، بی جے پی رہنما الطاف ٹھاکر نے منگل کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں شیش ناگ جھیل کے قریب امرناتھ یاترا کے لیے سڑک چوڑی کرنے کے کام پر اعتراضات اٹھانے کے معاملے میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے پارٹی پر مخصوص معاملات میں سیاست کرنے اور وادی میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کا الزام لگایا۔
پی ڈی پی کے اعتراضات کے وقت پر سوال اٹھاتے ہوئے ٹھاکر نے اس تنازع کو دہشت گرد لطیف بھٹ کی ہلاکت سے جوڑا اور الزام لگایا کہ بعض عناصر اس معاملے کو بدامنی پھیلانے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ٹھاکر نے کہا، ”یہاں سب سے بڑا مسئلہ اس کا وقت ہے۔ جب خطرناک دہشت گرد لطیف بھٹ مارا گیا تو یہ معاملہ اٹھایا گیا۔ یہ مخصوص سیاست اور مخصوص طرزِ عمل ہے۔”
انہوں نے مغل روڈ اور ویلو سرنگ سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر پی ڈی پی کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مغل روڈ منصوبے کے دوران 36,000 سرسبز درخت کاٹے گئے، لیکن اس وقت پارٹی نے ماحولیات کے حوالے سے اسی طرح کے اعتراضات نہیں اٹھائے تھے۔
انہوں نے سوال کیا، ”پی ڈی پی صرف اسی وقت اعتراض کیوں کرتی ہے جب امرناتھ یاترا کے لیے سڑک چوڑی کرنے کی بات ہوتی ہے؟”
ٹھاکر نے الزام لگایا کہ پی ڈی پی کو پاکستان اور آئی ایس آئی سے ہدایات ملتی ہیں اور نوجوانوں کو اکسا کر کشمیر میں بدامنی پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا، ”آپ کو پاکستان اور آئی ایس آئی سے ہدایات ملتی ہیں۔ وہ کشمیر میں امن نہیں چاہتے۔
دہشت گرد لطیف بھٹ کی ہلاکت کے بعد وہ ایک نیا مسئلہ کھڑا کرنا چاہتے تھے تاکہ لوگ سڑکوں پر نکلیں اور پتھراؤ کریں۔ یہ وہی گروہ ہے جو 2008 میں پتھراؤ کرنے کے لیے سڑکوں پر نکلا تھا۔”
پی ڈی پی پر ہندو مذہبی مقامات سے وابستہ ترقیاتی منصوبوں کو بار بار نشانہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے ٹھاکر نے سوال کیا، ”کیا کوئی ہندو کشمیر میں نہیں رہ سکتا؟ کیا کسی ہندو کو اپنے مذہبی مقام تک جانے والی سڑک بنانے یا وہاں خوبصورتی کے کام کرانے کا حق نہیں ہے؟”
انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ پی ڈی پی آبی ذخائر کے ختم ہونے اور دھان کے کھیتوں کو کنکریٹ کی عمارتوں میں تبدیل کیے جانے پر تشویش کیوں ظاہر نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا، ”دیکھیے کتنے آبی ذخائر ختم ہوچکے ہیں اور کس طرح دھان کے کھیتوں کو کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ پی ڈی پی ان مسائل پر کیوں نہیں بولتی؟ پہلے اپنی حکومت کے دور میں کاٹے گئے 36,000 درختوں کا جواب دیجیے۔”
شیش ناگ سڑک کو چوڑا کرنے کے منصوبے کو ضروری منظوری ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے اس کے لیے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کیا ہے اور اس منصوبے پر اٹھائے جانے والے اعتراضات پر سوال کیا۔
انہوں نے کہا، ”اگر یاتریوں کی سہولت کے لیے سڑک چوڑی کی جا رہی ہے اور این جی ٹی پہلے ہی سرٹیفکیٹ اور این او سی دے چکا ہے تو پھر اتنا شور کیوں مچایا جا رہا ہے؟”
دریں اثنا، جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے فنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ امتحان سے متعلق الگ تنازع پر بی جے پی نے نیشنل کانفرنس حکومت پر شفافیت یقینی بنانے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا۔
ٹھاکر نے کہا کہ بعض امیدواروں کو فائدہ پہنچانے کی مبینہ کوشش ان محنتی امیدواروں کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے، جو بھرتی کے امتحانات کی تیاری میں برسوں صرف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس حکومت یہ دلیل دے کر اپنی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتی کہ اس نے جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے چیئرمین کا تقرر نہیں کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شفافیت اور جواب دہی یقینی بنانا برسراقتدار حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے سوال کیا، ”آج آپ حکومت میں ہیں اور محکمہ تعلیم بھی آپ کے پاس ہے۔ یہ کہہ کر آپ اپنی ذمہ داری سے کیسے بچ سکتے ہیں کہ چیئرمین کا تقرر کسی اور نے کیا تھا؟”
مرکزی حکومت سے موازنہ کرتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ پرچہ افشا ہونے کے تنازع کے بعد مرکزی وزیر تعلیم نے استعفیٰ دے دیا تھا، جو جواب دہی کی ایک مثال ہے۔
انہوں نے جموں و کشمیر پولیس اور تفتیشی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مبینہ گھوٹالے کے پیچھے موجود اصل سازشی عناصر کی شناخت کرکے انہیں بے نقاب کریں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایف آئی آر درج ہونے اور مبینہ طور پر تقریباً 20 افراد کی گرفتاری کے باوجود ذمہ دار لوگ اب تک آزاد کیوں گھوم رہے ہیں۔
ٹھاکر نے الزام لگایا کہ اس طرح کی بے ضابطگیوں کے لیے سرکاری افسران کی شمولیت یا ملی بھگت ضروری ہے۔ انہوں نے ذمہ دار پائے جانے والوں کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) نافذ کرنے سمیت سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے بھرتیوں سے متعلق بار بار سامنے آنے والے گھوٹالوں کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
جموں و کشمیر
سی پی آئی (ایم) کے رکن اسمبلی طارقامی نے بلند پہاڑی علاقے میں واقع شیش ناگ جھیل کے قریب تعمیراتی کام فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا
سرینگر، سی پی آئی (ایم) کے رہنما اور رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے منگل کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بلند پہاڑی علاقے میں واقع شیش ناگ جھیل کے قریب زمین کی کھدائی اور سڑک کی تعمیر کے کاموں پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہمالیہ کے نازک ماحولیاتی نظام میں غیر سائنسی مداخلت سے امرناتھ یاتریوں اور علاقے کے رہنے والوں کی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
مسٹر تاریگامی نے کہا کہ یہ سرگرمیاں بظاہر خانہ بل۔ بالتل سڑک منصوبے (این ایچ۔501) کا حصہ ہیں، جس میں مجوزہ شیش ناگ سرنگ بھی شامل ہے۔ انہوں نے ماحولیات کے لحاظ سے حساس علاقے میں بھاری مشینری کے استعمال پر سوال اٹھایا۔
انہوں نے سوال کیا، ”اگر سرحدی سڑک تنظیم (بی آر او) کا کہنا ہے کہ یہ کام پہلے سے موجود سڑک کے حصے پر کیا جا رہا ہے تو پھر جے سی بی جیسی اتنی بڑی مشینری کی کیا ضرورت ہے؟” انہوں نے مطالبہ کیا کہ جب تک سائنسی اور ماحولیاتی جائزہ نہیں لیا جاتا، اس وقت تک جاری کام فوری طور پر روک دیا جائے۔
کشمیر میں امرناتھ یاتریوں کا استقبال کرنے کی روایت پر زور دیتے ہوئے تاریگامی نے کہا کہ یاتریوں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں، لیکن ترقیاتی کاموں سے خطے کے نازک ماحولیاتی نظام یا یاتریوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا، ”ہماری روایت امرناتھ یاتریوں کا استقبال کرنے کی ہے اور انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔ لیکن شیش ناگ میں جاری یہ سرگرمیاں نہ تو نازک ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچائیں اور نہ ہی یاتریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ بنیں۔”
اسمبلی کی ماحولیاتی کمیٹ کے چیئرمین تاریگامی نے کہا کہ ہمالیائی خطہ ماحولیاتی خلل کے لیے خاص طور پر حساس ہے۔ بادل پھٹنے، سیلاب اور موسم کی دیگر شدید صورتحال کے واقعات ہمیں ماحولیاتی تباہی کے نتائج کی یاد دلاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ امرناتھ یاترا کی مخالفت کا نہیں ہے، جس کی کشمیر کے لیے مذہبی، سماجی اور اقتصادی اہمیت ہے، بلکہ اس کا تعلق یاتریوں اور مقامی آبادی کی سلامتی سے ہے۔
ہمالیہ کے ماحولیاتی طور پر حساس علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے حوالے سے سپریم کورٹ کے مشاہدات کا حوالہ دیتے ہوئے تاریگامی نے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ، سائنسی جائزہ، پائیدار بنیادی ڈھانچہ، کچرے کا انتظام اور قدرتی ماحولیاتی نظام کا تحفظ لازمی شرائط کے طور پر اختیار کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے اس تضاد پر بھی سوال اٹھایا کہ ایک طرف دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پہلے سے موجود راستوں کی صرف مرمت کی جا رہی ہے، جبکہ دوسری طرف بھاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے اور راستوں کو چوڑا کرنے کی تجویز بھی ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ حکام سے مشورہ کیا گیا ہے اور ضروری منظوری حاصل کی گئی ہے؟
تاریگامی نے مطالبہ کیا کہ معتبر ماہرین ارضیات، ماہرین ماحولیات اور دیگر متعلقہ شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ایک آزاد کمیٹی تشکیل دی جائے، جو موقع کا معائنہ کرکے اردگرد کے ماحولیاتی نظام پر اس منصوبے کے اثرات کا جائزہ لے۔
انہوں نے کہا، ”ملک میں ماہرین اور معتبر اداروں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ان سے مشورہ کیا جانا چاہیے اور ان کی جانچ رپورٹ کی بنیاد پر فیصلہ ہونا چاہیے کہ یہ کام آگے جاری رکھا جا سکتا ہے یا نہیں۔”
انہوں نے ہندوستان اور جموں و کشمیر کی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں، ضروری ماحولیاتی اور جنگلات سے متعلق منظوری حاصل کریں اور اس منصوبے کا شفاف سائنسی جائزہ یقینی بنائیں۔تاریگامی نے کہا، ”یہ کوئی سیاسی یا جماعتی مسئلہ نہیں ہے۔ میری تشویش صرف یہ ہے کہ یاتری یہاں محفوظ طریقے سے آئیں اور خیریت سے اپنے گھروں کو واپس جائیں، ساتھ ہی اس علاقے میں رہنے والے لوگوں کی سلامتی بھی یقینی بنائی جائے۔”
دریں اثنا، کشمیر کے میر واعظ عمر فاروق نے بھی منگل کو کشمیر کے نازک ماحولیاتی نظام کی مبینہ تباہی کے خلاف اجتماعی آواز اٹھانے کی اپیل کی اور اس معاملے پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔
میر واعظ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ”ہم سب کو مل کر ان انتہائی حساس مقامات پر اپنے ماحولیاتی نظام کی اندھا دھند تباہی روکنے کے لیے آواز اٹھانی ہوگی۔ ہمارے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ خاموش کیوں ہیں؟ عوام کے منتخب نمائندے کی حیثیت سے یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ آواز اٹھائیں اور اس لوٹ مار کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔”
انہوں نے مزید کہا، ”میں نے اس عرضداشت پر دستخط کردیے ہیں اور کشمیر کے نازک ماحولیاتی نظام کو بچانے کے خواہش مند تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھی اس پر دستخط کریں۔”
میر واعظ نے کشمیر کی پہاڑی جھیلوں کے آس پاس تعمیراتی سرگرمیاں بند کرانے کے مطالبے سے متعلق آن لائن عرضداشت کا لنک بھی شیئر کیا۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
-
تجزیہ1 week agoایران۔امریکہ۔اسرائیل جنگ اورعالمی سطح پرفوسل فیول کے اخراج میں کمی
-
ہندوستان1 week agoآسیان- ہندوستان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے مودی منیلا پہنچے
-
ہندوستان1 week agoملک کی باغبانی میں بہار، پھلوں، سبزیوں سے لے کر پھولوں تک ہر شعبے میں زبردست اضافہ: شیوراج سنگھ چوہان
-
جموں و کشمیر6 days agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
ہندوستان1 week agoدسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں انتخابی مہم تیز کرے گی کانگریس، راہل اور پرینکا گاندھی بھی سنبھالیں گے محاذ
-
جموں و کشمیر6 days agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان6 days agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
دنیا1 week agoہندستان، امریکہ سمیت 10 ممالک نے سپر انٹیلی جنس دور کی سپلائی چین کو محفوظ بنانے کے لیے اعلامیے پر دستخط کیے
-
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا
-
جموں و کشمیر6 days agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان6 days agoہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
-
ہندوستان6 days agoمہنگائی کی مار سے 10 میں سے 6 خاندانوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا: دہلی کانگریس
