ہندوستان
بحر ہند کے خطے میں تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے: جے شنکر
نئی دہلی، 27 وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بحر ہند رم ایسوسی ایشن (آئی او آر اے) کے رکن ممالک سے کہا ہے کہ بحر ہند کے خطے کو پُرامن، مستحکم اور محفوظ بنانے کے لیے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔
وزارت خارجہ نے جمعہ کو بتایا کہ آئی او آر اے کی وزارتی کونسل کے 25ویں اجلاس کے افتتاحی خطاب میں، جو یہاں ہندوستان کی صدارت میں منعقد ہو رہا ہے، ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ بحر ہند عالمی تجارت، توانائی کے تحفظ، رابطہ کاری اور اقتصادی خوشحالی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ خطہ تنوع اور مواقع کے ساتھ کئی مشترکہ چیلنجوں کا بھی سامنا کر رہا ہے۔ ایسے میں اسے ترقی کے لیے سازگار بنائے رکھنا تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی او آر اے میں ہندوستان کے کردار اور صدارت کی رہنمائی ‘مہاساگر’ کے تصور سے ہوگی۔ اس کا مطلب مختلف شعبوں میں سلامتی اور ترقی کے لیے مشترکہ اور ہمہ گیر پیش رفت ہے۔ یہ ہندوستان کے سابقہ ‘ساگر’ تصور پر مبنی ہے، جس کا مطلب خطے میں سب کے لیے سلامتی اور ترقی ہے۔
ڈاکٹر جے شنکر نے بتایا کہ ہندوستان کی صدارت میں اس بار کا موضوع ‘بحر ہند کے خطے میں اختراع، کشادگی، مضبوطی اور بدلتے حالات کے مطابق ڈھلنے کی صلاحیت’ رکھا گیا ہے۔ اس کے تحت آئی او آر اے کے ترجیحی شعبوں اور مشترکہ امور پر تعاون کو مضبوط بنانے، مذاکراتی شراکت داروں کے ساتھ روابط بڑھانے، علاقائی اقدامات کو فروغ دینے اور تنظیم کے مالیاتی و ادارہ جاتی نظام کو مستحکم کرنے پر کام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بدلتے عالمی نظام اور جغرافیائی سیاسی حالات کے درمیان آئی او آر اے کی اجتماعی آواز کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ اجلاس کا موضوع ‘مضبوط علاقائی آواز: بدلتے عالمی نظام میں آئی او آر اے کا کردار’ اسی ضرورت کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے لیے رکن ممالک کے درمیان بہتر تال میل، مذاکراتی شراکت داروں کے ساتھ بامعنی تعاون اور عملی اقدامات پر توجہ دینی ہوگی۔
وزیر خارجہ نے آئی او آر اے کی گزشتہ صدارت کے لیے سری لنکا کی ستائش کی اور ماریشس کا نائب صدر اور تنظیم کے آئندہ صدر کے طور پر خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک اور تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
آیوروید کالجوں کو مستند اور مؤثر علاج کے ذریعے سماج کی خدمت کرنی چاہیے: صدر جمہوریہ مرمو
نئی دہلی، صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ آیوروید کالجوں کو مستند اور مؤثر آیوروید کے ذریعے سماج کی خدمت کرنی چاہیے۔
انہیں ایسی تعلیم فراہم کرنی چاہیے جس سے موجودہ اور آنے والی نسلوں کو درپیش صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کے اہل ماہرین تیار ہو سکیں۔
صدر جمہوریہ نے جمعہ کو کیرالہ کے تریشور میں ویدیہ رتنم آیوروید کالج کی گولڈن جوبلی تقریبات کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آیوروید کے شعبے میں کیرالہ کا تعاون صرف اسے بین الاقوامی شناخت دلانے تک محدود نہیں ہے، بلکہ ریاست نے آیوروید کی روایتی تعلیم اور طبی علم کی مالا مال روایت کو بھی محفوظ رکھا ہے۔ ویدیہ خاندانوں سے نسل در نسل منتقل ہونے والا طبی علم اور مستند آیورویدک ادویات تیار کرنے کی روایت آج بھی جاری ہے۔
محترمہ مرمو نے کہا کہ آیوروید کا مستند لٹریچر صرف سنسکرت تک محدود نہیں رہا ہے۔ کیرالہ میں ملیالم اور منی پروالَم زبانوں میں بھی اس موضوع پر اصل تصانیف اور شرحیں لکھی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آیوروید کالجوں کو متعلقہ تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ایسے ماہرین بھی تیار کرنے چاہئیں جو مستقبل میں صحت سے متعلق چیلنجوں کا مؤثر انداز میں سامنا کر سکیں۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ویدیہ رتنم آیوروید کالج کا طریقہ کار اسی سوچ کے مطابق ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ویدیہ رتنم آیوروید کالج جیسے ادارے 2047 تک صحت مند اور ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے میں اپنا تعاون دے رہے ہیں۔ انہوں نے کیرالہ کی آیوروید روایت میں طبی پیشے کے ساتھ خدمت خلق کے جذبے کو بھی خاص اہمیت کا حامل قرار دیا۔ صدر جمہوریہ نے طلبہ سے کہا کہ پیشہ ورانہ زندگی میں قدم رکھتے وقت وہ روایتی علم پر مبنی کاروبار اور ضرورت مندوں کی خدمت کو ساتھ لے کر چلیں۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
جامعہ ہمدرد میں پانچویں حکیم عبد الحمید میموریل لیکچر کا کامیاب انعقاد
نئی دہلی، جامعہ ہمدرد کے سینٹر آف ایکسیلنس اِن یونانی میڈیسن (سی او ای) کے زیرِ اہتمام آج پانچویں حکیم عبد الحمید میموریل لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔ اس علمی و تحقیقی نشست کا موضوع ”حکمت سے شواہد تک: طبِ یونانی میں سائنسی جدت اور انٹیگریٹیو ہیلتھ کیئر” رکھا گیا تھا، جس کا بنیادی مقصد طبِ یونانی میں جدید سائنسی تحقیق، شواہد پر مبنی طریقۂ علاج اور دیگر نظام ہائے طب کے ساتھ اشتراک و ہم آہنگی کے امکانات کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز مہمانانِ گرامی کے استقبال اور حافظ محمد زید نواز کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد معزز مہمانوں کی گلدستے اور یادگاری مومنٹو پیش کر کے پذیرائی کی گئی۔ آرگنائزنگ چیئرمین سید منیر عظمت نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے حکیم عبد الحمید میموریل لیکچر کے اغراض و مقاصد اور اس کی علمی و تحقیقی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں سپورٹ سوسائٹی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر اجمل اخلاق اورمریم اجمل نے سوسائٹی کی فلاحی و تعلیمی سرگرمیوں اور خدمات کا جامع تعارف پیش کیا۔
لیکچر کے کلیدی مقرر، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن (اے ایم یو، علی گڑھ) کے شعبۂ کلیات کے چیئرمین پروفیسر اشہر قدیر نے اپنے پرمغز اور بصیرت افروز خطاب میں طبِ یونانی کے قدیم علمی ورثے کو جدید سائنسی تحقیق اور شواہد (ایویڈینس بیس میڈیسن) کے سانچے میں ڈھالنے کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے طبِ یونانی کے تحقیقی معیار کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے تاریخی حوالوں سے واضح کیا کہ یونانی طب میں ارتقاء اور ترمیمات کی ضرورت کب اور کن اسباب کی بنا پر پیش آئی۔ پروفیسر قدیر نے حکیم اجمل خان اور حکیم عبد الحمید کی تعلیمات اور نادر مخطوطات کی روشنی میں بتایا کہ ان اکابرین نے اپنے عہد میں طبِ یونانی کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے کے لیے کس قدر دور رس اقدامات کیے۔ اس ضمن میں انہوں نے خصوصیت کے ساتھ ‘انسٹیٹیوٹ آف ہسٹری آف میڈیسن اینڈ میڈیکل ریسرچ’ (آئی ایچ ایم ایم آر) جیسے تحقیقی اداروں کے قیام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج قومی کمیشن برائے ہندوستانی نظامِ طب (این سی آئی ایس ایم) کی جانب سے طبِ یونانی میں جس تجدید اور جدیدیت کی بات کی جا رہی ہے، ہمارے بزرگوں نے تقریباً ایک صدی قبل ہی نہ صرف اس کا خواب دیکھا تھا بلکہ عملی بنیادیں بھی فراہم کر دی تھیں۔
تقریب کے مہمانانِ اعزازی ڈاکٹر شکیل احمد (جنرل سکریٹری، سر سید ایجوکیشنل سوشل ویلفیئر سوسائٹی) اور پروفیسر سعید احمد (ڈائریکٹر، سینٹر آف ایکسیلنس اِن یونانی میڈیسن،ایس پی سی آر، جامعہ ہمدرد) نے اپنے خطابات میں طبِ یونانی کی ہمہ جہت ترقی، معیاری تحقیق کے فروغ اور دورِ حاضر کے طبی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی ناگزیریت پر زور دیا۔
وزارتِ آیوش، حکومتِ ہند کے نیشنل میڈیسنل پلانٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل و ڈپٹی سی ای او ڈاکٹر عبد القیوم (آئی ایف ایس) نے بطور مہمانِ اعزازی خطاب کرتے ہوئے ادویاتی پودوں کے تحفظ، کاشت، سائنسی تحقیق اور طبِ یونانی کے عالمی فروغ سے متعلق اہم نکات پیش کیے۔ مہمانِ خصوصی جناب آلوک سریواستو (جنرل منیجر، انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ) نے علمی و تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور صحتِ عامہ کے شعبے میں جدت طرازی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر نوجوانوں کی تحقیقی صلاحیتوں کے اعتراف اور حوصلہ افزائی کے لیے ‘اخلاق حسین ینگ ایکسیلنس ایوارڈ’ بھی عطا کیا گیا، جن میں زنیرہ خان، بے بی زائنا خان، میمین حیدر خان اور عمر غالب احسن شامل رہے۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے دہلی یونیورسٹی کے شعبۂ عربی کے صدر پروفیسر محمد اکرم نے حکیم عبد الحمید کی بے مثال علمی، تعلیمی اور طبی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا اور بین العلومی مکالمے و تحقیق کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے حکیم صاحب کی شخصیت کے روحانی پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نہایت درویش صفت اور روحانیت سے معمور انسان تھے، جو تعلیم آباد کی مسجد اور کبھی جامعہ کی رابعہ مسجد میں باقاعدگی سے مراقبہ فرمایا کرتے تھے۔
تقریب کے اختتام پر کنوینر ڈاکٹر نازش احتشام اعظمی نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ قومی ترانے کے ساتھ اس باوقار تقریب کا اختتام ہوا، تقریب میں پروفیسر محمد حسین، ڈاکٹر فرحان اختر،ڈاکٹر سالک، ڈاکٹر سعدیہ، زاہد ڈاکٹر روبی اورنگ زیب ،رمشہ خان ،مقبول حسن اور ڈاکٹر محمد جلیس ڈاکٹر عذیر بقائی صاحبان سمیت طب، تحقیق اور صحت کے شعبے سے وابستہ اساتذہ، محققین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یو این آئی۔این یو۔ م الف
ہندوستان
چاندی کی درآمدی کسٹم ڈیوٹی کی مقررہ قیمت میں 203 ڈالر کی کمی
نئی دہلی، حکومت نے چاندی کی درآمدی کسٹم ڈیوٹی کی مقررہ قیمت میں 203 ڈالر فی کلوگرام کی بڑی کمی کی ہے۔
مرکزی بورڈ برائے بالواسطہ ٹیکس اور کسٹم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ سے چاندی کی درآمدی کسٹم ڈیوٹی کی مقررہ قیمت 1,293 ڈالر فی کلوگرام طے کی گئی ہے۔ اس سے پہلے 20 نومبر کو اسے کم کرکے 1,496 ڈالر فی کلوگرام کیا گیا تھا۔ اس طرح اس میں 13.6 فیصد یعنی 203 ڈالر کی بڑی کمی کی گئی ہے۔
درآمدی کسٹم ڈیوٹی کی مقررہ قیمت وہ قیمت ہوتی ہے جسے بنیاد بناکر حکومت سونے اور چاندی پر درآمدی ڈیوٹی عائد کرتی ہے۔ ایسا اس لیے کیا جاتا ہے کیونکہ بین الاقوامی بازار میں ان دونوں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ ہوتا رہتا ہے اور درآمدی ڈیوٹی عائد کرنے کے لیے ایک مقررہ معیار طے کرنا ضروری ہوتا ہے۔
بین الاقوامی بازار میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چاندی کی قیمتوں میں تیزی سے آئی گراوٹ کے پیش نظر یہ تبدیلی کی گئی ہے۔
اس سے پہلے 24 نومبر کو سونے کی درآمدی کسٹم ڈیوٹی کی مقررہ قیمت میں 96 ڈالر کی کمی کرکے اسے 1,149 ڈالر فی 10 گرام کردیا گیا تھا۔
یو این آئی۔ ایم جے
-
جموں و کشمیر1 week agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
جموں و کشمیر1 week agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان1 week agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
جموں و کشمیر1 week agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
دنیا3 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا آبادی میں اضافے اور جلد شادی پر زور
-
ہندوستان1 week agoہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
-
کھیل4 days agoجموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے انتخابات کے لیے حتمی انتخابی فہرست میں 11 کلب شامل: ریٹرننگ افسر
-
ہندوستان1 week agoمہنگائی کی مار سے 10 میں سے 6 خاندانوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا: دہلی کانگریس
-
ہندوستان1 week ago -
دنیا6 days agoآبنائے ہرمز میں نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرانے سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی
-
دنیا6 days agoسعودی اتحاد کا جازان کی جانب داغے گئے حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
-
دنیا1 week agoایران کا آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
