دنیا
وزیر اعظم طارق رحمان کو ہندوستان میں ہونے والی برکس سربراہی کانفرنس میں بھیجنے کی گنجائش نہیں: بنگلہ دیش
ڈھاکہ، بنگلہ دیش کے خارجہ امور کے وزیر مملکت ہمایوں کبیر نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعظم طارق رحمان آئندہ برکس سربراہی کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے، کیونکہ انہیں وزیر اعظم کی حیثیت سے مدعو نہیں کیا گیا ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی جانب سے کانفرنس میں حکومت کے کسی نمائندے کو بھیجنے کی گنجائش ہوسکتی ہے۔
خارجہ سروس اکیڈمی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کبیر نے طارق رحمان کی کانفرنس میں شرکت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا، ’’ہم کیسے جائیں؟ کیا بنگلہ دیش حکومت کے کسی فرد کو مدعو کیا گیا ہے؟ ہمارے وزیر اعظم کو مدعو نہیں کیا گیا۔ آپ کو کس نے بتایا کہ ہمارے وزیر اعظم کو مدعو کیا گیا ہے؟ بمسٹیک کے چیئرمین کو مدعو کیا گیا ہے۔ پھر آپ یہ سوال کیوں کر رہے ہیں؟‘‘
بنگلہ دیش کی شرکت سے متعلق سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کے بجائے حکومت کا کوئی نمائندہ کانفرنس میں شرکت کرسکتا ہے۔
کبیر نے مزید کہا کہ طارق رحمان کا ہندوستان کا پہلا دورہ کسی کثیر ملکی اجلاس کے سلسلے میں نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق حکومت مناسب وقت پر دو طرفہ دورے کا انتظام کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
بنگلہ دیش نے گزشتہ سال اپریل میں بمسٹیک کی دو سالہ مدت کے لیے صدارت سنبھالی تھی۔ اس کا مقصد علاقائی تعاون اور ترقی کو فروغ دینا ہے۔
بمسٹیک میں بنگلہ دیش، بھوٹان، ہندوستان، میانمار، نیپال، سری لنکا اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔
ہندوستان نے تصدیق کی ہے کہ طارق رحمان کو بمسٹیک کے چیئرمین کی حیثیت سے برکس سربراہی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انہیں ہندوستان کے دو طرفہ دورے کی الگ دعوت بھی رواں سال فروری سے دی جا چکی ہے۔
18ویں برکس سربراہی کانفرنس 12 اور 13 ستمبر کو نئی دہلی میں منعقد ہوگی، جس میں رکن اور شراکت دار ممالک کے رہنماؤں کے علاوہ دیگر مدعو شرکا بھی شرکت کریں گے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس بھی کانفرنس میں شرکت کرنے والے ہیں۔
2026 میں برکس کے چیئرمین کی حیثیت سے ہندوستان نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں سربراہی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔
یو این آئی۔ ع ا۔
دنیا
یوکرین کے ڈرون نے لیبیا کے ساحل کے قریب روسی جنگی جہاز کو ڈبویا: زیلنسکی
کیف، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پیر کے روز کہا کہ یوکرینی فوج نے مشرقی لیبیا کی بن غازی بندرگاہ پر روسی فوجی اثاثوں کو نشانہ بناتے ہوئے بحری ڈرون سے حملہ کیا، جس میں روس کا ایک جنگی جہاز (کارویٹ) ڈوب گیا اور ہتھیاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والا ایک مال بردار جہاز تباہ ہوگیا۔
مسٹر زیلنسکی نے ایک بیان میں روس کے حملے کے جواب میں کیے گئے یوکرین کے ایک شاندار فوجی آپریشن کی تعریف کی۔
مسٹر زیلنسکی نے بتایا کہ یوکرینی فوج نے بن غازی بندرگاہ پر روس کے جدید ترین بحری جہازوں میں سے ایک ‘مرکری’ کو نشانہ بنانے کے لیے یوکرین میں تیار کیے گئے 7 بحری ڈرون استعمال کیے۔ اس حملے میں ‘مرکری’ ڈوب گیا اور ہتھیاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والا ایک مال بردار جہاز تباہ ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں روس کا ایک کے اے 27 فوجی ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہوگیا۔
یوکرینی صدر کے مطابق، ایک دوسرے ہدف روسی مال بردار جہاز ‘ایم وی انگارا’ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
مسٹر زیلنسکی نے ٹیلی گرام پر جاری ایک بیان میں کہاکہ ”ہم طے شدہ سمندری علاقوں میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔” یہ واقعہ اتوار کی صبح سامنے آیا، جب مشرقی لیبیا کے حکام نے بن غازی کے بحری اڈے پر ایک روسی جنگی جہاز سے وابستہ دھماکے کی تصدیق کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ جہاز روس واپس جانے سے پہلے ایندھن اور دیگر ضروری سامان لینے کے لیے بندرگاہ پر رکا ہوا تھا۔
اس حملے سے لیبیا کی خودمختاری کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے اور اس بات کا خطرہ بھی پیدا ہوگیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ بحیرہ روم تک پھیل سکتی ہے۔
لیبیا کی وزارت صحت نے بتایا کہ ساحل کے قریب نشانہ بنائے گئے ایک تجارتی جہاز پر سوار کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ وہی جہاز ہے جس کا ذکر یوکرین کے صدر کر رہے ہیں یا جس کی شناخت ‘ایم وی انگارا’ کے طور پر کی گئی ہے۔
روس نے ان حملوں پر براہ راست کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا اور سوالات کے جواب کے لیے روسی وزارت دفاع سے رابطہ کرنے کو کہا۔ لیبیا کے ساحل کے قریب یہ حملہ ہفتے کے روز خلیج فن لینڈ کے مشرقی حصے میں ایک دوسرے روسی مال بردار جہاز ‘اسپارٹا 2’ پر ہوئے ڈرون حملے کے ٹھیک ایک دن بعد ہوا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ جہاز روس کے بالٹک خطے کالینن گراڈ کی طرف جا رہا تھا، تبھی اس پر حملہ کیا گیا۔ فن لینڈ کی دفاعی افواج نے کہا کہ اس حملے کے لیے ممکنہ طور پر یوکرین ذمہ دار ہے، حالانکہ کیف نے اس واقعے پر عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے بالٹک خطے میں حملوں میں اضافے کو ایک خطرناک پیش رفت قرار دیا، جس سے علاقائی کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔
مسٹر پیسکوف نے نامہ نگاروں سے کہا کہ بالٹک میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کا پھیلاؤ ایک خطرناک رجحان ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
دنیا
بنگلہ دیش کی عدالت نے 2024 کی عوامی بغاوت کے معاملے میں عوامی لیگ کے 6 سینئر رہنماؤں کو جیل بھیجنے کا حکم دیا
ڈھاکہ، بنگلہ دیش کے بین الاقوامی جرائم ٹریبونل (آئی سی ٹی) نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو اقتدار سے بے دخل کرنے والی جولائی۔اگست 2024 کی عوامی بغاوت کے دوران مبینہ طور پر انسانیت کے خلاف جرائم سے متعلق ایک معاملے میں عوامی لیگ کے 6 سینئر رہنماؤں کو جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ ان میں پارٹی کی پریزیڈیم کے رکن امیر حسین امو بھی شامل ہیں۔
ٹریبونل نے اسی معاملے میں عوامی لیگ کے تنظیمی سکریٹری مرزا اعظم کو پیش ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے 2 قومی اخبارات میں نوٹس شائع کرنے کا بھی حکم دیا۔ جسٹس ایم ڈی نظر الاسلام چودھری کی سربراہی میں بین الاقوامی جرائم ٹریبونل۔2 کے 3 رکنی بینچ نے اتوار کو یہ احکامات جاری کیے۔
دیگر ملزمان میں سابق وزیر جہاز رانی شاہجہاں خان، سابق وزیر شہری ہوابازی اور سیاحت لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) فاروق خان، سابق وزیر زراعت عبدالرزاق، حسینہ کے سابق مشیر برائے بجلی، توانائی اور معدنی وسائل توفیق الٰہی چودھری اور سابق وزیر ڈاکٹر دیپو مونی شامل ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، 6 میں سے 5 ملزمان کو اتوار کی صبح ٹریبونل کے سامنے پیش کیا گیا، جبکہ بیماری کی وجہ سے فاروق خان کو عدالت نہیں لایا جا سکا۔
ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق، سماعت کے دوران استغاثہ کے وکیل عبد الستار پلووان نے ٹریبونل کو بتایا کہ 6 ملزمان کو اس کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ مرزا اعظم کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا گیا تھا، لیکن ان کے مستقل اور عارضی پتوں پر تلاش کے باوجود قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کا سراغ لگانے میں ناکام رہے۔
رپورٹ کے مطابق، اس کے بعد متعلقہ اداروں نے وارنٹ پر عمل درآمد نہ ہونے سے متعلق رپورٹ پیش کی، جس کے بعد ٹریبونل نے 2 قومی اخبارات میں نوٹس شائع کرکے اعظم کو اپنے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی۔ استغاثہ نے 2 نومبر کو عوامی لیگ کے 7 رہنماؤں کے خلاف باضابطہ الزامات داخل کیے تھے۔ ٹریبونل نے 5 نومبر کو ان الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے 6 ملزمان کو پیش ہونے کی ہدایت دی تھی اور اعظم کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا تھا۔
یہ کارروائی اگست 2024 میں شیخ حسینہ کی قیادت والی حکومت کے خاتمے کے بعد سے عوامی لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے درمیان ہوئی ہے۔ محمد یونس کی قیادت والی عبوری حکومت کے دور میں شروع ہونے والی گرفتاریاں اور قانونی کارروائیاں اب برسراقتدار بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی حکومت میں بھی جاری ہیں۔
گزشتہ ہفتے سابق وزیر تعلیم اور عوامی لیگ کے سینئر رہنما نورالاسلام ناہید کو جولائی 2024 کے احتجاجی مظاہروں سے متعلق قتل کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا۔ شمال مغربی تھانے کے انچارج افسر خالد منصور نے ناہید کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ڈھاکہ کے شمالی علاقے میں واقع ان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران حراست میں لیا گیا۔
اخبار پرتھم آلو نے پولیس افسر کے حوالے سے کہاکہ ”امتیازی سلوک کے خلاف طلبہ تحریک کے دوران ہوئے قتل کے سلسلے میں ان کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں۔ ان کے خلاف قانونی معاملات کی جانچ کی جا رہی ہے اور انہیں نمٹایا جا رہا ہے۔”
سلہٹ۔6 انتخابی حلقے کے سابق رکن پارلیمنٹ ناہید عوامی لیگ کی مشاورتی کونسل کے رکن ہیں۔ 2008 کے پارلیمانی انتخابات کے بعد پارٹی کے اقتدار میں آنے پر انہوں نے 10 سال تک وزیر تعلیم کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔ ان کی گرفتاری سے ایک دن پہلے سابق وزیر اور ریٹائرڈ فوجی افسر نظرالاسلام ہیرو کو بھی ڈھاکہ میں ریپڈ ایکشن بٹالین نے گرفتار کیا تھا۔ حسینہ حکومت کے خاتمے کے بعد ان کے خلاف درج کئی مقدمات کے سلسلے میں یہ گرفتاری عمل میں آئی تھی۔
طلبہ مظاہرین کی قیادت میں جولائی۔اگست 2024 میں ہونے والی عوامی بغاوت 15 سال سے زیادہ عرصے تک عوامی لیگ کی حکومت رہنے کے بعد شیخ حسینہ کے اقتدار سے بے دخل ہونے پر ختم ہوئی تھی۔
یو این آئی۔ این یو۔
دنیا
ایران نے امریکہ اور اسرائیل کو چیلنج کرتے ہوئے زیر زمین میزائل اڈوں اور جدید ہتھیاروں کے نظام کی نمائش کی
تہران، ایران نے اپنے جدید میزائل نظام، زیر زمین فوجی اڈوں اور دوہرے میزائل داغنے کے نظام کی نمائش کی ہے۔ اس نمائش کے ذریعے ایران نے اشارہ دیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں اور بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ کے باوجود اس کی فوجی صلاحیتیں کافی مضبوط ہیں۔
اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) کے کمانڈر میجر جنرل احمد واحدی نے آئی آر جی سی کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل ماجد موسوی کے ساتھ ایک زیر زمین میزائل اڈے کا دورہ کیا۔ نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق، مسٹر واحدی کو میزائل اڈے کی عملی تیاریوں اور فوج کی جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی کی تیاری کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن آئی آر آئی بی پر نشر ہونے والی تصاویر کے مطابق، ایک ایسے دوہرے میزائل داغنے کے نظام کی نمائش کی گئی، جسے بیک وقت دو مائع ایندھن والے میزائل داغنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ نمائش کے دوران زیر زمین احاطے میں کئی جدید میزائل، انہیں داغنے کے نظام اور فوجی سازوسامان بھی دکھائے گئے۔
ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ میزائلوں کی جدید ترین نسل کی مار کرنے کی صلاحیت، درستگی اور سمت کا تعین کرنے کی صلاحیت میں بہتری لائی گئی ہے۔ ان میں ایسے نظام بھی شامل ہیں، جنہیں امریکہ کے گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) پر انحصار کیے بغیر کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
آئی آر آئی بی کے مطابق، مائع ایندھن والے میزائلوں کو سیدھے اوپر کی جانب داغا جا سکتا ہے اور ان کی رفتار کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ اس سے انہیں فضائی دفاعی نظام کو چکمہ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔
یہ نمائش ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب ایران فروری کے اواخر میں شروع ہونے والی امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے بعد اپنی دفاعی صلاحیت مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وہیں ملک کو بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ اور امریکی بحری ناکہ بندی کا بھی سامنا ہے، جس سے اس کی تیل کی برآمدات متاثر ہوئی ہیں۔ ایران کئی دہائیوں سے بیلسٹک اور کروز میزائل تیار کرنے کے ساتھ ساتھ فضائی حملوں کا مقابلہ کرنے کے قابل زیر زمین فوجی ڈھانچہ بھی بنا رہا ہے۔
آئی آر جی سی نے کہاکہ ”میزائلوں اور ڈرون کی تیاری کے مراکز کو زمین کے اوپر واقع اڈوں سے زیر زمین احاطوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، تاکہ شدید بمباری کے دوران بھی ان کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کا عمل جاری رکھا جا سکے۔”
نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق، آئی آر جی سی کی ایرو اسپیس فورس نے اس سے پہلے 10 نومبر کو ایک نئے زیر زمین میزائل اڈے کا افتتاح کیا تھا۔ اس تقریب میں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی اور بریگیڈیئر جنرل ماجد موسوی نے شرکت کی تھی۔ اس دوران بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے ساتھ انہیں داغنے کے نظام کی بھی نمائش کی گئی تھی۔
جاری۔ یو این آئی۔ این یو۔
-
ہندوستان1 week agoآسیان- ہندوستان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے مودی منیلا پہنچے
-
ہندوستان6 days agoملک کی باغبانی میں بہار، پھلوں، سبزیوں سے لے کر پھولوں تک ہر شعبے میں زبردست اضافہ: شیوراج سنگھ چوہان
-
تجزیہ1 week agoایران۔امریکہ۔اسرائیل جنگ اورعالمی سطح پرفوسل فیول کے اخراج میں کمی
-
دنیا1 week agoنیتن یاہو کی گادی آئزن کوٹ سے ایران پر دوبارہ حملوں کے امکان پر بات چیت
-
جموں و کشمیر5 days agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان1 week agoدسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں انتخابی مہم تیز کرے گی کانگریس، راہل اور پرینکا گاندھی بھی سنبھالیں گے محاذ
-
جموں و کشمیر5 days agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
ہندوستان5 days agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
دنیا1 week agoہندستان، امریکہ سمیت 10 ممالک نے سپر انٹیلی جنس دور کی سپلائی چین کو محفوظ بنانے کے لیے اعلامیے پر دستخط کیے
-
دنیا6 days agoآبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا
-
جموں و کشمیر5 days agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان5 days ago
