دنیا
ٹرمپ کی تجویز کردہ 250 فٹ اونچی فتح یادگار کے خلاف کینیڈی خاندان عدالت پہنچ گیا
واشنگٹن، امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ارلنگٹن قومی قبرستان کے قریب تجویز کردہ 250 فٹ اونچی فتح کی یادگار کے خلاف کینیڈی خاندان کے نو افراد قانونی جنگ میں شامل ہو گئے ہیں۔
خاندان کا کہنا ہے کہ اس یادگار کی تعمیر سے ان کے اہل خانہ کی قبروں اور قومی یادگاروں کے تاریخی مناظر متاثر ہوں گے۔خاندان کے ارکان نے منگل کو واشنگٹن ڈی سی کی ایک عدالت میں عرضی دائر کر کے اس منصوبے کو چیلنج کرنے والے موجودہ مقدمے میں شامل ہونے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مجوزہ یادگار سے صدر جان ایف کینیڈی، سینیٹر رابرٹ ایف کینیڈی اور سینیٹر ایڈورڈ ایم کینیڈی کی قبروں کے ساتھ ساتھ ‘ایٹرنل فلیم’ یادگار کا منظر بھی متاثر ہوگا۔خاندان نے دلیل دی کہ یہ وسیع ڈھانچہ امریکی فوجیوں کی قبروں، جن میں کینیڈی خاندان کے افراد کی قبریں بھی شامل ہیں، پر مستقل طور پر سایہ ڈالے گا اور قبرستان کی تاریخی نوعیت کو متاثر کرے گا۔
خاندان کے ارکان نے پیر کو ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی امریکی ضلعی عدالت میں دائر عرضی میں درخواست کی کہ عدالت ٹرمپ انتظامیہ کو کانگریس کی منظوری، کانگریس کی جانب سے کسی اسپانسر کی نامزدگی اور تمام قانونی تقاضوں کی تعمیل کیے بغیر یادگار کو منظوری دینے، مجاز کرنے یا اس کی تعمیر سے روکے۔عرضی میں کہا گیا ہے، “صدر ڈونلڈ ٹرمپ غیر قانونی طور پر ایک وسیع یادگاری دروازہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو ارلنگٹن قومی قبرستان میں کینیڈی خاندان کے اعزاز میں تعمیر کی گئی یادگاروں اور ان کی قبروں کے تاریخی مناظر پر مستقل طور پر سایہ ڈالے گا اور انہیں نقصان پہنچائے گا۔ اس سے ملک کے لیے جان قربان کرنے والے لاکھوں امریکی ہیروز کی یادگاروں کے مناظر بھی متاثر ہوں گے۔”مجوزہ یادگار کو لنکن میموریل سے دوگنے سے بھی زیادہ اونچا اور 25 منزلہ دفتری عمارت کے برابر قرار دیتے ہوئے خاندان نے کہا کہ میموریل سرکل میں اس کی تعمیر لنکن میموریل اور ارلنگٹن قومی قبرستان کو جوڑنے والی تاریخی بصری لکیر میں رکاوٹ بنے گی۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، روری کینیڈی اور میکسویل کینیڈی نے ایک بیان میں کہا کہ مجوزہ ڈھانچہ ان کے والدین اور چچاؤں کی قبروں کے ساتھ ساتھ ملک کے لیے قربانی دینے والے ہزاروں امریکی فوجیوں کی قبروں پر سایہ ڈالے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس منصوبے سے جمہوری اصولوں اور تاریخی اہمیت کے حامل مقامات کے تحفظ سے متعلق قانونی دفعات پر سوالات کھڑے ہوتے ہیں۔
مقدمے میں شامل کینیڈی خاندان کے نو ارکان میں رابرٹ ایف کینیڈی اور ایڈورڈ ایم کینیڈی کے بچے اور پوتے پوتیاں شامل ہیں۔ انہوں نے واشنگٹن ڈی سی اور ریاست ورجینیا کی جانب سے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف دائر مقدمے میں فریق بننے کی درخواست کی ہے۔ ویتنام جنگ کے کئی سابق فوجیوں، تاریخی ورثے کے تحفظ سے وابستہ افراد اور ارلنگٹن کاؤنٹی نے بھی اس منصوبے کو چیلنج کیا ہے۔کینیڈی خاندان کا کہنا ہے کہ اپنے اہل خانہ کی قبروں کے تحفظ میں ان کا قانونی مفاد وابستہ ہے۔
خاندان نے دلیل دی کہ عدالتیں پہلے بھی اہل خانہ کو اپنے پیاروں کی قبروں کے تحفظ کا حق دے چکی ہیں۔
خاندان کے وکیلوں نے کہا کہ مجوزہ یادگار ارلنگٹن قومی قبرستان کے کام کاج اور تاریخی نوعیت میں غیر قانونی مداخلت ہے۔ ان کا استدلال ہے کہ اس سطح کی مداخلت کی منظوری دینے کا آئینی حق صرف امریکی کانگریس کے پاس ہے۔یہ قانونی چیلنج ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب گزشتہ ہفتے ایک وفاقی جج نے مجوزہ یادگار کی تعمیر پر عارضی طور پر 14 دنوں کے لیے روک لگا دی تھی۔ یہ روک منصوبے کے حق میں حتمی منظوری کے لیے ہونے والی ووٹنگ کے بعد لگائی گئی۔ اس سے قبل طویل عوامی سماعت کے دوران شہریوں نے اس منصوبے کی مخالفت کی تھی۔مجوزہ یادگار پوٹومیک ندی کے اس پار ایک ٹریفک چوراہے پر تعمیر کی جانی ہے، جو لنکن میموریل کے سامنے واقع ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد امریکہ کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کی یاد منانا ہے۔ انتظامیہ نے نومبر سے ہی تعمیراتی کام شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
یو این آئی ۔ م ع
دنیا
ابوظہبی میں روس، یوکرین امن مذاکرات کا دوسرا دور، علاقائی تنازعات اور سلامتی ضمانتوں پر توجہ
ابوظہبی، روس، یوکرین اور امریکہ کے حکام کے درمیان امن مذاکرات کا دوسرا دن بدھ کو ابوظہبی میں دوبارہ شروع ہوا۔ فروری 2022 میں شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کی راہ تلاش کرنے کی کوششوں کے درمیان کیف نے واشنگٹن کے بدلے ہوئے موقف کا خیرمقدم کیا ہے، تاہم علاقائی تنازعات، سلامتی ضمانتوں اور جنگ بندی کی شرائط پر دونوں فریقوں کے درمیان بڑے اختلافات برقرار ہیں۔
کیف اور واشنگٹن نے مذاکرات کے پہلے دن کی بات چیت کو ‘تعمیری’ قرار دیا، تاہم فوری طور پر کسی بڑی پیش رفت کے آثار نظر نہیں آئے۔ فروری کے بعد روس اور یوکرین کے درمیان یہ پہلی براہ راست بات چیت ہے۔
پہلے دن کے مذاکرات کے بعد نہ تو روسی اور نہ ہی یوکرینی مذاکرات کاروں نے تفصیلات فراہم کیں۔ ماسکو اور کیف ممکنہ امن معاہدے کی اہم شرائط پر اب بھی ایک دوسرے سے کافی دور ہیں، جس سے تنازع کے خاتمے کے لیے کسی اتفاق رائے تک پہنچنے میں درپیش مشکلات کا اندازہ ہوتا ہے۔
واشنگٹن کی ثالثی میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات ایک دن کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوئے۔ اس سے قبل یوکرین اور امریکہ نے ابتدائی بات چیت کو تعمیری اور نتیجہ خیز قرار دیا تھا، اگرچہ کسی فوری پیش رفت کے آثار سامنے نہیں آئے تھے۔
یوکرین کے مذاکراتی وفد کے سربراہ رستم عمروف نے ٹیلی گرام پر ایک پیغام میں کہا، ”ہم مذاکرات کے دوسرے دن کا آغاز کر رہے ہیں۔” انہوں نے بتایا کہ پہلے امریکہ اور روس کی شرکت کے ساتھ سہ فریقی بات چیت ہوگی، جس کے بعد یورپی شراکت داروں کے ساتھ الگ ملاقات کی جائے گی۔
روسی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس اور دیگر روسی میڈیا اداروں نے بھی ذرائع کے حوالے سے مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کی اطلاع دی۔ اطلاعات کے مطابق پہلے دن کی بات چیت تقریباً ساڑھے چار گھنٹے جاری رہی۔ توقع ہے کہ روسی وفد بدھ کو بعد میں میڈیا کے سامنے اپنا موقف پیش کرے گا۔
مذاکرات میں شرکت نہ کرنے والے یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ابتدائی بات چیت کو ‘تعمیری اور خاصی بامعنی’ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں یوکرین کے لیے سلامتی ضمانتوں اور انہیں طویل مدت تک مؤثر بنانے کے انتظامات پر خاص طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ”جنگ کی دوبارہ شروعات کو روکنے کے لیے حقیقی اقدامات کی ضرورت ہے۔ کشیدگی میں کمی لانے کے اقدامات کی ضرورت پر بھی بات ہوئی۔” انہوں نے مزید کہا کہ انسانی ہمدردی کے امور، بالخصوص قیدیوں کی رہائی، بھی مذاکرات کا حصہ رہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مذاکرات کے پہلے دن کو ‘انتہائی نتیجہ خیز’ قرار دیا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر مذاکرات میں واشنگٹن کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
کشنر نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، ”آج ہونے والی تعمیری بات چیت سے ہماری حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ امریکی مذاکراتی ٹیم انتظامیہ کی براہ راست رہنمائی میں کام کر رہی ہے۔
فروری میں ابوظہبی اور جنیوا میں ہونے والے مذاکرات کے بعد تینوں ممالک کے درمیان یہ پہلی سہ فریقی بات چیت ہے۔
یہ مذاکرات ماسکو اور کیف کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کی شرائط پر گہرے اختلافات کے درمیان ہو رہے ہیں۔ روس اس وقت یوکرین کے تقریباً پانچویں حصے پر کنٹرول رکھتا ہے اور اس نے کیف سے غیر جانبدار حیثیت اختیار کرنے اور نیٹو میں شمولیت کی کوشش ترک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یوکرین کے لیے سلامتی ضمانتیں اور روسی افواج کے قبضے میں موجود علاقوں کا مستقبل معاہدے کی راہ میں بڑی رکاوٹوں میں شامل ہیں۔
علاقائی تنازعات اب بھی اختلافات کا بنیادی سبب ہیں۔ ماسکو کا مطالبہ ہے کہ یوکرین مشرقی علاقوں سے اپنی فوجیں واپس بلائے، جن میں وہ علاقے بھی شامل ہیں جو اب بھی کیف کے کنٹرول میں ہیں۔
زیلنسکی نے کہا کہ روسی مذاکرات کاروں نے یہ دعویٰ کرکے غلط بیانی کی ہے کہ ماسکو کی افواج نے ڈونباس کے اس نصف علاقے پر بھی قبضہ کر لیا ہے جو اب تک یوکرین کے کنٹرول میں ہے۔
سفارتی کوششوں اور ٹرمپ کی جانب سے جنگ ختم ہونے کے بارے میں ظاہر کی جانے والی امید کے باوجود کسی بھی فریق نے بڑی رعایت دینے کا اشارہ نہیں دیا ہے۔
دریں اثنا، مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کے باوجود محاذ پر لڑائی جاری رہی۔ یوکرین کے وزیر اعظم سرگی کوریتسکی نے کہا کہ روسی افواج نے وسطی یوکرین کے چار علاقوں میں بجلی کے چھ بڑے سب اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ابوظہبی مذاکرات سے قبل امریکی اور یوکرینی حکام کے درمیان مشاورت بھی ہوئی، جس میں برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، نیٹو اور یورپی کمیشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
یو این آئی۔ م ع
دنیا
ایران کے جوہری پروگرام کی معلومات کے لیے انعام کی امریکی پیشکش کی مذمت کریں اقوام متحدہ اور آئی اے ای اے: عراقچی
تہران، ایران نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) سے کہا ہے کہ اس کے جوہری پروگرام کے بارے میں معلومات کے لیے 20 لاکھ ڈالر تک انعام کی امریکی حکومت کی پیشکش کی سخت مذمت کی جانی چاہیے۔
ایران نے خبردار کیا ہے کہ اس قدم سے جاسوسی کو فروغ مل سکتا ہے، جوہری سائنسدانوں کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے اور حساس جوہری تنصیبات کو تخریب کاری کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، سلامتی کونسل کی صدر سانیتا پاولوٹا-ڈیسلینڈز اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کو لکھے گئے خط میں امریکی اعلان کو ایران کے پرامن جوہری پروگرام کی سلامتی اور سالمیت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔امریکی محکمہ خارجہ نے 6 اور 7 نومبر کو اپنے ‘ریوارڈز فار جسٹس’ پروگرام کے تحت اس انعام کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی اس کی تشہیر کی۔ اس کے تحت ایران کی جوہری تنصیبات، آلات اور ان سے وابستہ افراد، جن میں سائنسی برادری کے ارکان بھی شامل ہیں، کے بارے میں معلومات دینے پر 20 لاکھ ڈالر تک کا انعام اور ضرورت پڑنے پر منتقلی کی سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
مسٹر عراقچی نے اس اعلان کو غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جوہری تنصیبات، مواد، تکنیکی آلات اور سائنسدانوں کے بارے میں خفیہ طور پر انٹیلی جنس معلومات اکٹھا کرنے کو کھلی ترغیب دینے کے مترادف ہے۔انہوں نے متنبہ کیا کہ مالی لالچ دے کر جوہری سائنسدانوں اور تکنیکی عملے کو نشانہ بنانے سے وہ جاسوسی، دھمکیوں اور حملوں کے خطرے میں آ سکتے ہیں۔ اس سے پرامن جوہری سرگرمیوں میں شامل تنصیبات کی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی سنگین تشویش پیدا ہوتی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے آئی اے ای اے کے سیکیورٹی نگرانی کے نظام کی معتبریت اور غیر جانبداری پر بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی خودمختار ملک کی جوہری تنصیبات اور وہاں کام کرنے والے افراد کی خفیہ معلومات عوامی سطح پر مانگے جانے سے ایجنسی کی تصدیق سے متعلق ذمہ داریاں کمزور ہو سکتی ہیں۔ یہ تشویش اس وقت مزید سنگین ہو جاتی ہے، جب متعلقہ تنصیبات بین الاقوامی نگرانی کے نظام کے تحت آتی ہوں۔مسٹر عراقچی نے خط میں لکھا، “امریکہ کے اس تشویشناک اعلان کا ایک فوری اثر یہ ہوگا کہ باقاعدہ سیکیورٹی نگرانی کا مطالبہ کرنا ممکن نہیں رہے گا، جبکہ جن تنصیبات، عملے اور حساس معلومات پر یہ نظام انحصار کرتا ہے، وہ قتل، تخریب کاری اور جارحانہ کارروائی کے خطرے کی زد میں ہوں گے۔”انہوں نے کہا، “یہ ضروری ہے کہ اس مخصوص معاملے میں ایجنسی کے سیکیورٹی نگرانی کے نظام کا استعمال امریکی انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے کی سرگرمیوں کے لیے نہ ہو اور نہ ہی اس کی غیر جانبداری پر سمجھوتہ کیا جائے۔” انہوں نے متنبہ کیا کہ نگرانی کی سرگرمیوں کے دوران اکٹھی کی گئی معلومات کا استعمال ایجنسی کی تصدیق کی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر غیر متعلقہ مقاصد کے لیے کیا جا سکتا ہے۔
جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کے آرٹیکل چار کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر عراقچی نے کہا کہ ہر ملک کو اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کرنے کی شرط پر، بغیر کسی امتیاز کے، پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کی تحقیق، پیداوار اور استعمال کا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو دوسرے ملک کی جائز جوہری سرگرمیوں میں دباؤ ڈالنے والے اقدامات، خفیہ مداخلت یا اس کی جوہری تنصیبات اور سائنسی برادری کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی کارروائیوں کے ذریعے رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔وزیر نے کہا کہ جوہری سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین کو بغیر کسی خوف، دھمکی یا دباؤ کے اپنا پیشہ ورانہ کام کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جوہری تنصیبات اور وہاں کام کرنے والے افراد کو غیر قانونی مداخلت سے بچانے کی مشترکہ ذمہ داری بین الاقوامی برادری کی ہے۔
مسٹر عراقچی نے گوتریس اور سلامتی کونسل سے امریکی اعلان کے اثرات کو فوری طور پر بین الاقوامی برادری کے نوٹس میں لانے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو درپیش خطرے پر توجہ دینے کی اپیل کی۔آئی اے ای اے کے سربراہ گروسی کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹر عراقچی نے ایجنسی کی نگرانی کی سرگرمیوں میں رازداری، غیر جانبداری اور ادارہ جاتی آزادی کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے گروسی سے یہ یقینی بنانے کے لیے کہا کہ نگرانی سے متعلق معلومات کا انکشاف یا غلط استعمال ایجنسی کے دائرہ اختیار کے برعکس مقاصد کے لیے نہ ہو۔
یو این آئی ۔ م ع
دنیا
ایران سے جنگ کرنے کی سیاسی قیمت امریکہ اور اسرائیل چکا رہے ہیں: پزشکیان
تہران، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بدھ کوے روز کہا کہ امریکہ اور اسرائیل ان کے ملک کے خلاف جنگ کرنے کے فیصلے کی سیاسی قیمت چکا رہے ہیں۔
مسٹر پزشکیان نے ترکی میں منعقد ہونے والی سی او پی 31 کانفرنس میں شرکت کے لیے تہران سے روانہ ہونے سے قبل کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو شروع ہونے والے تنازع کے دوران جنگی جرائم کا ارتکاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور یورپ میں حالیہ انتخابی نتائج ‘جنگ پسندوں اور تشدد پسند عناصر’ کے خلاف عوام کی بڑھتی ہوئی ناراضگی کو ظاہر کرتے ہیں۔
مسٹر پزشکیان نے کہا کہ سی او پی 31 امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں سے ماحولیات کو پہنچنے والے نقصان کو اجاگر کرنے کا ایک اچھا موقع ہے۔ وہ بین الاقوامی رہنماؤں اور عہدیداروں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے دوران یہ معاملہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیاں جمہوریت اور انسانی حقوق کے تئیں ان کی وابستگی کے دعوؤں کے برعکس ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے علاوہ ان کی 10 سے زائد ممالک کے رہنماؤں اور عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتیں طے ہیں۔ ان میں ترکی کے صدر رجب طیب اردغان بھی شامل ہیں۔
ایران اور ترکی کے درمیان تعلقات کو سازگار قرار دیتے ہوئے مسٹر پزشکیان نے کہا کہ دونوں ممالک کے علاقائی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی مفادات مشترک ہیں، جو دو طرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا یہ دورہ بین الاقوامی برادری تک ایرانی عوام کا پیغام پہنچائے گا اور اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
مسٹر پزشکیان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے، جب امریکہ نے اشارہ دیا ہے کہ فی الحال اسے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کو بڑے پیمانے پر بڑھانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے منگل کے روز پیرس میں جی-7 کی میٹنگ کے دوران کہا کہ ایران میں ‘بڑی فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔’ اس کے ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران پر امریکہ کی اقتصادی دباؤ کی مہم مؤثر طریقے سے کام کر رہی ہے۔
مسٹر ٹرمپ نے اتوار کے روز نشر ہونے والے سی بی ایس کے پروگرام ’60 منٹس’ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ فی الحال انہیں تنازع کو بڑھانے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔ تاہم، انہوں نے جنگ شروع کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی اثرات کے باوجود یہ تاریخی اعتبار سے درست فیصلہ تھا۔
یو این آئی۔ م ع
-
دنیا1 week agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
دنیا1 week agoایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا
-
ہندوستان1 week agoڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
-
دنیا6 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
جموں و کشمیر1 week agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
دنیا1 week agoامریکہ اور اسرائیل نے دوبارہ ایران پر بمباری کی تو تہران کا ردعمل کیا ہوگا
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں کے آتشزدگی سے متاثرہ شیو مارکیٹ کے دکانداروں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
-
دنیا6 days agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
دنیا6 days agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر پولیس نے 11 ڈمپر ضبط کیے، کانکنی مافیا کے خلاف مقدمہ درج، کٹھوعہ میں ایک شخص گرفتار
-
ہندوستان1 week agoریلوے نے اکتوبر میں مال برداری کا نیا ریکارڈ قائم کیا
-
دنیا1 week agoوسط مدتی انتخابات سے قبل ٹرمپ کی آخری انتخابی مہم، مہنگائی کے بجائے واشنگٹن کے تزئین و آرائش کے منصوبوں پر توجہ
