جموں و کشمیر
ہم یہ بہانہ ہرگز قبول نہیں کریں گے کہ یہاں تربیت یافتہ مقامی نوجوان دستیاب نہیں: وزیراعلیٰ عمرعبداللہ
جموں و کشمیر میں کام شروع کرنے والی کمپنیوں کوانتباہ ،غیرمقامی لوگوں کی بھرتی ناقابل برداشت
مقامی نوجوان اپنالوہامنوانے کیلئے صرف مواقع کے منتظر
کہامقامی نوجوانوںکی تربیت کےلئے بیرونی کمپنیوں کو6 ماہ سے لےکر ایک سال تک کا وقت دیا جا سکتا ہے
جموں: وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر میں اپنا کام شروع کرنے والی کمپنیوں کو مقامی نوجوانوں کو ملازمت دینی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت باہر سے لوگوں کو بھرتی کرنے کی کوششوں کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی، چاہے اس کےلئے تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی کا بہانہ ہی کیوں نہ بنایا جائے۔جے کے این ایس کے مطابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے یہ بات جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھنے اور ان کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ اس دوران انہوں نے جموں و کشمیر کے تمام خطوں میں یکساں ترقی کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ کمپنیوں کو مقامی لوگوں کی تربیت کےلئے6 ماہ سے لے کر ایک سال تک کا وقت دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جموں و کشمیر میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور یہاں کے نوجوانوں کو صرف اپنی قابلیت ثابت کرنے کے مواقع درکار ہیں۔کٹھوعہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہاکہ ہم یہ بہانہ ہرگز قبول نہیں کریں گے کہ تربیت یافتہ مقامی نوجوان دستیاب نہیں ہیں۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ ہم آپ کو اپنے نوجوانوں کی تربیت کے لیے چھ ماہ یا ایک سال کا وقت دے سکتے ہیں۔ ہمارے پاس اکیڈمیاں، تربیتی مراکز، کالج اور یونیورسٹیاں موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں نے کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور وہ ملک کی مختلف رجمنٹوں اور مختلف حصوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے سوال کیاکہ مجھے بتائیں، کیا ملک میں کوئی ایسی رجمنٹ ہے جہاں آپ کو جموں و کشمیر کا کوئی نوجوان نہ ملے؟ کیا کوئی ایسا خطہ ہے جہاں ہمارے نوجوان تعینات نہ ہوں؟ آپ جہاں بھی دیکھیں، جس طرف بھی نظر ڈالیں، آپ کو جموں و کشمیر کے نوجوان ملک کی خدمت کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے مزید کہاکہ ہمارے نوجوان صرف مواقع کے منتظر ہیں۔ جیسے ہی انہیں موقع ملتا ہے، وہ اپنی چھاپ چھوڑ دیتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کمپنیوں کو ہمارے نوجوانوں کو ملازمت دینی ہوگی۔ جب ان کمپنیوں میں مقامی نوجوان کام کر رہے ہوں گے، تب ہی میں سمجھوں گا کہ ہمارے ساتھ انصاف ہوا ہے۔کھیلوں کے میدان میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی شاندار کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہاکہ شاید اب تک فٹ بال اور ہاکی جیسے کھیلوں پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔لیکن گزشتہ برس، ہمارے نوجوانوں نے دوڑ، کشتی رانی اور دیگر مقابلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے شہری ترقی کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ کٹھوعہ اس خطے میں سامان کی آمد و رفت کے لیے ایک اہم دروازے کی حیثیت رکھتا ہے، ساتھ ہی اسے سیاحوں کے لیے بھی ایک اہم مقام قرار دیا۔وزیراعلیٰ نے کشمیر میں مجوزہ بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کا بھی ذکر کیا اور اس منصوبے کے لیے درکار زمین سے متعلق مسئلے کے حل پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ کچھ وجوہات کی بنا پر، زمین کا معاملہ ایک رکاوٹ بن گیا تھا۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہاکہ آج مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ آپ نے زمین سے متعلق اس مطالبے کو حل کر لیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے جموں و کشمیر کو اب بین الاقوامی سطح کی سہولت میسر آئے گی۔زراعت کے حوالے سے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا’جے کسان‘ (کسان کی جے ہو) کا نعرہ تبھی حقیقی معنوں میں درست ثابت ہوگا جب کسانوں کی مشکلات کم ہوں، انہیں ان کی محنت کا جائز معاوضہ ملے اور ان کی آمدنی میں اضافہ ہو۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے غیر متوقع موسم کو کسانوں کو درپیش سب سے بڑے چیلنجوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے، آبپاشی کے لیے بارش پر انحصار کم کرنے کی خاطر ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔مرکزی حکومت کے تعاون سے تقریباً 12 کروڑ روپے کے ’کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ‘ منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے، ضلع سامبا کے علاقے گگوال میں عمرعبداللہ نے کہا کہ اس سے 7 دیہاتوں پر محیط 400 ہیکٹر زرعی اراضی کو آبپاشی کی سہولیات فراہم ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد، ان دیہاتوں کے کسانوں کو اپنے کھیتوں کو سیراب کرنے کے لیے بارش کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے کسانوں کی آمدنی میں بہتری آئے گی۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے یقین دلایا کہ یہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کو نہ صرف کام مکمل کرنے کے لیے بلکہ منصوبہ شروع ہونے کے بعد بھی کچھ سالوں تک اس کی نگرانی کرنے کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام جموں و کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے، جس سے آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے بشمول پمپس اور شمسی توانائی سے چلنے والے نظام کو چلانے اور ان کی دیکھ بھال کرنے کا تجربہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہاکہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ منصوبہ مقررہ وقت کے اندر مکمل ہو جائے گا اور آپ کے کھیتوں تک پانی پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں اور میرے ساتھی دوبارہ یہاں آئیں گے، دروازے کھولیں گے اور خود دیکھیں گے کہ پانی آپ کے کھیتوں میں بہہ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ انہوں نے بی جے پی کے رکن اسمبلی (ایم ایل اے) سرجیت سنگھ سلاٹھیا پر یہ بات واضح کر دی ہے کہ اس سے قطع نظر کہ وہ کس سیاسی جماعت سے منتخب ہوئے ہیں، دونوں فریقین نے عوام سے وعدے کیے ہیں اور ان وعدوں کو پورا کرنے کی مشترکہ ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے۔انہوں نے جموں کے علاقے ہکل میںسینٹرل آرٹیفیشل بریڈنگ اسٹیشن (مرکزی مصنوعی افزائشِ نسل مرکز) کو مستحکم کرنے کے لیے 11.83 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک منصوبے کا سنگِ بنیاد بھی رکھی۔
جموں و کشمیر
جموں: جعلی سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر ملازمت حاصل کرنے کے معاملے میں کرائم برانچ نے فردِ جرم داخل کی
جموں، جموں کی کرائم برانچ (اقتصادی جرائم شاخ) نے کشتواڑ کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ایک ملزم کے خلاف فردِ جرم داخل کی ہے۔ ملزم پر جعلی اور فرضی اسکول چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ (ٹی سی) دھوکہ دہی سے استعمال کرکے محکمہ جنگلات میں سرکاری ملازمت حاصل کرنے کا الزام ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق، یہ فردِ جرم ضلع کشتواڑ کے پاڈر علاقے میں واقع تتہ پانی کے رہنے والے شمشیر سنگھ کے خلاف داخل کی گئی ہے۔ یہ معاملہ محکمہ جنگلات کی جانب سے بھیجی گئی ایک شکایت کے بعد شروع ہوا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم نے ایک جعلی تعلیمی دستاویز جمع کرکے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے لیے اپنی تاریخ پیدائش سے متعلق متضاد ریکارڈ کا استعمال کیا تھا۔ شکایت موصول ہونے کے بعد جموں کرائم برانچ نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی تھیں۔
انسپکٹر سمیر احمد کی جانب سے کی گئی تحقیقات اور اس دوران جمع کیے گئے دستاویزی اور زبانی شواہد کی بنیاد پر انکشاف ہوا کہ ملزم شمشیر سنگھ نے محکمہ جنگلات میں اپنی ملازمت برقرار رکھنے کے لیے بے ایمانی سے ایک جعلی ٹی سی کا استعمال کیا۔ اس نے غیر قانونی طور پر تنخواہ کی مد میں 7,65,210 روپے حاصل کیے، جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔
چنانچہ تحقیقات مکمل ہونے اور جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر جموں کرائم برانچ نے قانون کے مطابق عدالتی کارروائی کے لیے ملزم شمشیر سنگھ کے خلاف کشتواڑ کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں فردِ جرم داخل کردی ہے۔
جموں کی اقتصادی جرائم شاخ (کرائم برانچ) کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملازمت سے متعلق دھوکہ دہی کے معاملات میں ہوشیار اور محتاط رہیں۔ عوام کو یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ اس طرح کی کسی بھی دھوکہ دہی کی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر سرکاری ای میل پتے کے ذریعے جموں کرائم برانچ کو دیں۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
جموں و کشمیر
کلگام میں انسداد دہشت گردی مہم جاری، سکیورٹی فورسز کو لشکر کے مطلوب کمانڈر کی تلاش
سری نگر، جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام میں منگل کو بھی انسداد دہشت گردی مہم جاری رہی۔ اس دوران سکیورٹی فورسز نے لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے مطلوب کمانڈر محمد لطیف بھٹ کی تلاش تیز کر دی ہے۔
ایسا مانا جا رہا ہے کہ بھٹ پیر کو مڈبھیڑ کے مقام سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ 15 لاکھ روپے کے انعامی اور آخری زندہ مقامی لشکر کمانڈر بھٹ کل لارو میں ہوئی فائرنگ میں مبینہ طور پر بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔ اس فائرنگ میں اس کا ساتھی مارا گیا، جس کے بارے میں خیال ہے یہ عمر نثار ڈار ہوسکتا ہے۔ علاقے میں مختصر مڈبھیڑ کے بعد لارو میں یہ مہم شروع کی گئی تھی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیر لیا تھا۔ مطلوب کمانڈر کا پتہ لگانے کے لیے ناکہ بندی جاری ہے اور آس پاس کے علاقوں میں بھی تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے اس بارے میں کوئی باضابطہ وضاحت نہیں دی گئی ہے کہ بھٹ محاصرے والے علاقے میں ہی پھنسا ہوا ہے یا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ تاہم پولیس افسران نے کہا کہ لارو میں مہم جاری ہے۔ لشکر کمانڈر بھٹ ان مطلوب دہشت گردوں میں شامل ہے، جس پر جنوبی کشمیر میں سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں پر ہوئے حملوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے، جن میں حال ہی میں اکھران میں سی آر پی ایف ناکہ پر ہوا حملہ بھی شامل ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، 11 نومبر کو عمر ڈار نے بھٹ کے ساتھ مل کر اکھران واقع سی آر پی ایف ناکہ پر حملہ کیا تھا اور پھر موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ 11 نومبر کو ریکارڈ کیے گئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے دوران سکیورٹی ایجنسیوں نے ڈار اور بھٹ دونوں کو کئی مقامات پر دیکھا۔
ذرائع نے کہا، “فوٹیج میں اکھران حملے سے پہلے ریکی کرنے اور اس کے بعد فرار ہونے کے دوران ان کی سرگرمیاں درج ہوئی ہیں۔”
ذرائع نے بتایا کہ ڈار کے لاپتہ ہونے کے بعد اس کے اہل خانہ نے کلگام پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ انہوں نے کہا، “تفتیش کے دوران جانچ ایجنسیوں نے یہ طے کیا کہ عمر پچھلے پانچ سے چھ مہینوں سے لشکر کمانڈر لطیف بھٹ کو پناہ اور مدد فراہم کر رہا تھا۔ جانچ میں یہ بھی سامنے آیا کہ اکھران کے واقعے کے فوراً بعد عمر نثار ڈار ٹی آر ایف تنظیم میں شامل ہو گیا تھاـ” گزشتہ 11 نومبر کو سی آر پی ایف ناکہ پر ہوئے حملے کے بعد سے کلگام ضلع میں تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے۔
یواین آئی۔الف الف
جموں و کشمیر
کلگام میں انسداد دہشت گردی آپریشنز کے درمیان شہریوں کو درپیش مشکلات پر سیاسی رہنماؤں کا اظہار تشویش
سرینگر، جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر حملے اور اس کے بعد ایک مشتبہ عسکریت پسند کی ہلاکت کے تناظر میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز کے درمیان سیاسی رہنماؤں نے شہریوں کی نقل و حرکت پر طویل پابندیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سی پی آئی (ایم) کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور کلگام سے رکن اسمبلی ایم وائی تاریگامی نے کہا کہ اس صورتحال نے کئی دیہات کے لوگوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں، جہاں سخت پابندیوں کے باعث سخت سردی کے موسم میں مکین طویل عرصے سے اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
سی آر پی ایف اہلکاروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مسٹر تاریگامی نے کہا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنا سکیورٹی فورسز کا حق بجانب اقدام ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ عام شہری آبادی کو طویل پابندیوں کا نشانہ بنانا نہ تو منصفانہ ہے اور نہ ہی قابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ “معصوم آبادی کو کسی ایسے واقعے کا خمیازہ نہیں بھگتنا چاہیے جس میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا”، اور اس بات پر زور دیا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عام لوگوں کی زندگیوں اور روزگار کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ 11 نومبر کو اکھرن گاؤں میں سی آر پی ایف کی ایک چوکی پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام کے کئی دیہات میں محاصرے اور تلاشی کی متعدد کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ پیر کے روز سکیورٹی فورسز نے ضلع میں ایک تصادم کے دوران مطلوب لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کمانڈر محمد لطیف بٹ کے ایک مبینہ قریبی ساتھی کو ہلاک کر دیا تھا۔
حکمران جماعت جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (جے کے این سی) کے ریاستی ترجمان اور انچارج کلگام عمران ڈار نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیا ہے۔
مسٹر ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ “اکھرن حملے کے بعد کلگام کی صورتحال تشویشناک ہے، اگرچہ سکیورٹی ایجنسیوں کو تلاشی لینے اور حفاظتی جانچ پڑتال کرنے کا پورا حق حاصل ہے، لیکن معمر افراد سمیت پورے کے پورے دیہات کو کئی دنوں تک پابندیوں کے تحت رکھنا قابل اجتناب تھا اور اس کے نتیجے میں غیر ضروری مشکلات پیدا ہو رہی ہیں”۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں جموں و کشمیر پولیس اور فوج کی سرینگر چنار کور کو بھی ٹیگ کیا۔
ایک روز قبل جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سینئر رہنما سرتاج مدنی نے بھی صورتحال پر حکومت کے ردعمل پر سوال اٹھاتے ہوئے اکھرن اور حلقہ دیوسر کے ملحقہ علاقوں میں پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
مسٹر مدنی نے کہا کہ “اکھرن کلگام میں تین سی آر پی ایف اہلکاروں پر ہونے والا افسوسناک حملہ انتہائی پریشان کن ہے اور اس کی دو ٹوک الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔ تشدد کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا اور ہر فرد، خواہ وہ شہری ہو یا سکیورٹی اہلکار، کی حفاظت اولین ترجیح رہنی چاہیے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ “تاہم اس واقعے کے بعد رونما ہونے والے حالات بھی اتنے ہی تشویشناک ہیں۔ بالخصوص اکھرن اور حلقہ دیوسر کے ملحقہ علاقوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندیوں سے خوف، غیر یقینی صورتحال اور اجتماعی مشکلات کی فضا پیدا ہو رہی ہے۔ یہ صورتحال تیزی سے 1990 کی دہائی کے مشکل دنوں کی یاد دلا رہی ہے۔ ہم کشمیر کے لوگوں کو دوبارہ ایک ایسے دور میں دھکیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے جس سے نکلنے کے لیے انہوں نے بے پناہ تکالیف برداشت کی ہیں”۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
-
دنیا1 week agoٹرمپ کا اعتراف، ملک بدری کی سخت پالیسی حد سے زیادہ سخت تھی، وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کا سبب
-
دنیا1 week agoجزیرہ قشم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا: ایران
-
ہندوستان1 week agoیمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
-
دنیا1 week ago”خیمے ہمیں بارش سے نہیں بچاتے”: غزہ میں بارش سے بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب
-
ہندوستان1 week agoوزیر اعظم مودی نے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر روحانی ورثے، قدرتی خوبصورتی اور ترقی کی ستائش کی
-
ہندوستان6 days agoمودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
-
دنیا1 week agoاین ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا چینی انٹیلی جنس سے مبینہ روابط رکھنے والی خاتون سے معاشقے کا اعتراف، امریکی کانگریس میں تحقیقات کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoامریکی حملوں کی دھمکیوں کے درمیان ایران میں داخلی سلامتی کے سخت اقدامات
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں اسرائیل کی حمایت میں کمی کو بھی شامل کیا
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش کا صاف ستھری ہوا کے لیے اصلاحات کا مطالبہ، کہا: کاروبار میں آسانی سے زیادہ صاف ہوامیں سانس لینے کاحق ہے
-
ہندوستان1 week agoگجرات کو 2028 تک منشیات سے پاک بنانے کا ہدف: شاہ
-
جموں و کشمیر7 days agoگاندربل میں سڑک حادثے میں گجرات اور مغربی بنگال کے آٹھ سیاح زخمی
