دنیا
حسینہ کا 16 دسمبر کو بنگلہ دیش واپسی کا منصوبہ، حکام نے حوالگی کے بغیر واپسی کے امکان کو مسترد کر دیا
ڈھاکہ، بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ 1971 کی جنگِ آزادی کی سالگرہ کے موقع پر 16 دسمبر کو اپنے وطن واپس لوٹنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب شیخ حسینہ نے ہندوستان سے اپنی روانگی کے لیے کسی حتمی تاریخ کا تعین کیا ہے۔ یہ اطلاع ان کے بیٹے سجیب واجد نے سوشل میڈیا پر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش حکومت کو “ان کی محفوظ، پُرامن اور بلارکاوٹ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے تیزی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں کام کرنا چاہیے، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ان کے آئینی حقوق اور بین الاقوامی سطح پر ضمانت شدہ قانونی تحفظ کا پورا احترام کیا جائے۔” انہوں نے مزید کہا، “اپنے مادرِ وطن واپس لوٹنا ایک بنیادی حق ہے، نہ کہ کسی حکومت کی صوابدید پر دیا جانے والا کوئی استحقاق۔” یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک شدید سماجی و اقتصادی تناؤ کے ساتھ ساتھ ان کی کالعدم جماعت عوامی لیگ کے حامیوں اور حکمراں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) و جماعت کے درمیان ہونے والی جھڑپوں سے دوچار ہے۔ شیخ حسینہ کی واپسی کی اطلاعات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ملک کی وزیر مملکت برائے امورِ خارجہ شمع عبید اسلام نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم بیرون ملک کسی بھی بنگلہ دیشی سفارت خانے یا سفارتی مشن میں قدم رکھتے ہی گرفتار کر لی جائیں گی۔ محترمہ شمع نے منگل کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “انہیں واپس آنے دیں۔ اگر وہ ملک لوٹتی ہیں تو انہیں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا جائے گا، بس اتنی سی بات ہے۔ وہ بنگلہ دیش میں جہاں بھی جائیں گی، انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔” واضح رہے کہ جولائی 2024 کی عوامی بغاوت-جس کے نتیجے میں انہیں اقتدار سے محروم ہونا پڑا تھا-کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب پر ملک کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی/عدالت) کی جانب سے شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔
محترمہ شمع نے کہا کہ انسانیت کے خلاف جرائم کے مجرم قرار دیے گئے افراد کو پاسپورٹ جاری کرنے کا کوئی قانون نہیں ہے، جس سے ان کی واپسی کے امکانات مزید مشکل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا، “اگر کوئی شخص انسانیت کے خلاف جرم کرتا ہے تو اس کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا جاتا ہے اور نیا پاسپورٹ جاری نہیں کیا جاتا۔ موجودہ آئین کے تحت اس کی صراحت موجود ہے۔” محترمہ حسینہ کو سزا یافتہ مجرم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیگر مجرموں پر لاگو ہونے والی قانونی دفعات ہی ان پر بھی لاگو ہوں گی اور اس معاملے پر مزید بحث کرنا وقت کا ضیاع ہے۔ اسی طرح بنگلہ دیش کے ایک اور وزیر مملکت برائے امورِ خارجہ ہمایوں کبیر نے 16 دسمبر کو واپسی کے ان کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ معزول وزیر اعظم کو حوالگی (ایکسٹراڈیشن) کے عمل کے بغیر ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مسٹر کبیر نے کہا، “کسی بھی صورت میں کسی بھی دہشت گرد کو حوالگی کے بغیر واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حقیقت اور توقعات دو الگ الگ چیزیں ہیں۔” انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ محترمہ حسینہ کوئی عام کمرشل مسافر نہیں ہیں، سڑک یا فضائی راستے سے ان کی بنگلہ دیش واپسی کی تمام قیاس آرائیوں کو محض خام خیالی قرار دے کر رد کر دیا۔ مسٹر کبیر نے کہا، “انہیں صرف ہتھکڑیوں میں یا سخت نگرانی میں ہی واپس لایا جا سکتا ہے۔” دریں اثنا، وزیر اعظم کے مشیر برائے اطلاعات و نشریات زاہد الرحمان نے ان کی ممکنہ واپسی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ڈھاکہ اس وقت ان کی حوالگی کے لیے حکومتِ ہند کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔
محترمہ حسینہ کو سزا یافتہ مجرم قرار دیتے ہوئے مسٹر زاہد نے کہا کہ ان کے خلاف عدالتی کارروائی مکمل ہو چکی ہے اور جرم ثابت ہونے کے بعد انہیں سزا سنائی جا چکی ہے، لہٰذا اگر وہ بنگلہ دیش لوٹنا چاہتی ہیں تو ان کی حوالگی میں کوئی قانونی رکاوٹ حائل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، “بنگلہ دیش انہیں واپس چاہتا ہے اور وہ خود بھی واپس آنا چاہتی ہیں، اس لیے ہندوستان ان کی حوالگی عمل میں لا سکتا ہے، کیونکہ اب دونوں فریقوں کا مؤقف یکساں ہو گیا ہے۔”
یواین آئی ۔ م ع
دنیا
اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کا راستہ ہموار ہونے کا آئزن کوٹ نے دیا اشارہ، لیکوڈ کے ساتھ بات چیت بے نتیجہ
تل ابیب، اسرائیلی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق ‘یاشر پارٹی’ کے رہنما گادی آئزن کوٹ اسرائیل میں اگلی حکومت کی تشکیل کا راستہ تلاش کر لینے کا اعلان کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، حالاں کہ وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کے ساتھ اہم سیاسی امور پر بات چیت اب بھی تعطل کا شکار ہے۔
‘کان نیوز’ کے مطابق، مسٹر آئزن کوٹ ایک ممکنہ اتفاقِ رائے کا اعلان کر سکتے ہیں، جس سے مجوزہ اتحاد کو چند ہی دنوں میں اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں اعتماد کے ووٹ کے لیے پیش کرنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ آئزن کوٹ 27 اکتوبر کو 26ویں کنیسٹ کے لیے ہونے والے انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے درکار پارلیمانی اکثریت حاصل کرنے کی غرض سے لیکوڈ، انتہائی قدامت پسند جماعتوں اور عرب سیاسی گروپوں کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق لیکوڈ اور مسٹر آئزن کوٹ کی یاشر پارٹی کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات اب تک کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔ دونوں فریقوں کے درمیان اس بات پر اختلافات برقرار ہیں کہ حکومت کی قیادت کون کرے گا اور آیا دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر ایتامار بن گویر کو اتحاد میں شامل کیا جائے گا یا نہیں۔
دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت کا تازہ دور اتوار کے روز ہرزلیا کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوا، جس میں ریاستی تحقیقاتی کمیشن کے قیام اور عدالتی اصلاحات کو منسوخ کرنے سمیت کئی متنازع امور پر غور کیا گیا۔
‘یروشلم پوسٹ’ کو آئزن کوٹ کے دفتر نے بتایا کہ اس اجلاس میں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے باری باری میعاد سنبھالنے (روٹیشن) سے متعلق کسی معاہدے پر بات چیت نہیں ہوئی۔
مذاکرات کے بعد جاری ایک مشترکہ بیان میں لیکوڈ اور یاشر نے کہا کہ دونوں فریقوں نے کئی اہم مسائل پر اپنے مؤقف پیش کیے اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ایک اور نشست منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا، تاہم اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق اس بات چیت میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہو سکی۔ ‘کان’ نے رپورٹ کیا کہ اب تک ہونے والی مفاہمت محض عمومی اصولوں تک محدود ہے اور اس سے حکومت کی تشکیل میں حائل بنیادی اختلافات کو دور کرنے میں کوئی خاص مدد نہیں ملی ہے۔ روزنامہ ‘یدیوت احرونوت’ نے خبر دی ہے کہ لیکوڈ پارٹی ایتامار بن گویر کو حکومت میں برقرار رکھنا چاہتی ہے، جبکہ آئزن کوٹ کی پارٹی انہیں اتحاد سے باہر رکھنے کے مطالبے پر ڈٹی ہوئی ہے۔
یواین آئی ، م ع
دنیا
آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرایا چوتھا آئل ٹینکر، آگ بھڑک اٹھی: ایران
تہران، ایران نے منگل کے روز کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مشرق میں ممنوعہ سمندری حدود میں ایک بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد چوتھے آئل ٹینکر میں زوردار دھماکہ ہوا اور اس میں آگ لگ گئی۔
نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘تسنیم’ کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی بحریہ نے بتایا کہ منگل کی علی الصبح بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد ٹینکر میں شدید دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔ اس سے کچھ ہی دیر قبل بحریہ نے اطلاع دی تھی کہ اس آبی گزرگاہ کے مشرق میں دو دیگر آئل ٹینکر بھی بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔
سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی پر نشر ہونے والے ایک بیان میں بحریہ کے محکمہ تعلقات عامہ نے کہا کہ دونوں ٹینکرو اپنی شناختی اور نیوی گیشن سسٹمز بند کرنے کے بعد “ممنوعہ علاقے” میں داخل ہوئے تھے۔
بیان کے مطابق دونوں جہاز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ان میں آگ لگ گئی اور وہ ناکارہ ہو گئے۔ بحریہ نے ان ٹینکروں کی شناخت، عملے کے ارکان یا ممکنہ جانی و مالی نقصان کی تفصیلات کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔
بحریہ نے ٹینکر مالکان پر زور دیا ہے کہ وہ اس اسٹریٹجک آبی گزرگاہ سے محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے ایران کی مسلح افواج کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی قائم کریں۔ یہ تازہ واقعات آبنائے ہرمز سے بحری ٹریفک میں مسلسل درپیش رکاوٹوں کے درمیان پیش آئے ہیں، جو عالمی تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے ایک انتہائی اہم راستہ ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف جنگ شروع کی تھی، جس کے جواب میں تہران نے اسرائیل اور عرب ممالک میں واقع امریکی فوجی اڈوں پر حملے کیے تھے۔ ایران اور امریکہ نے جون میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، تاہم آبنائے ہرمز سے جہاز رانی کی آزادی پر پائے جانے والے اختلافات کے باعث اس پر عمل درآمد رک گیا تھا۔
یواین آئی۔ م ع
دنیا
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا آبادی میں اضافے اور جلد شادی پر زور
تہران، ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ملک میں آبادی بڑھانے پر زور دیتے ہوئے شہریوں کو جلد شادی کرنے، صحت کی بہتر سہولیات سے استفادہ کرنے، بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی اور خاندانی نظام کو مضبوط بنانے کی ترغیب دی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے چوتھے قومی آبادی میں اضافے کے ایوارڈ کی تقریب کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آبادی میں اضافہ ایران کی سائنسی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے آبادی میں اضافے کو دشمنوں کے خطرات اور عزائم کا مقابلہ کرنے سے بھی جوڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے روشن مستقبل کے خواہش مند ایرانی شہریوں کو آئندہ نسلوں کے تسلسل کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے اس مقصد کو ”نئی اسلامی تہذیب” کے تصور سے بھی منسلک کرتے ہوئے خاندانی زندگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے پیغام میں جلد شادی، صحت کی بہتر سہولیات اور بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کو آبادی میں اضافے کے اہم عوامل قرار دیا گیا ہے۔
یو این آئی۔ م س
-
تجزیہ1 week agoایران۔امریکہ۔اسرائیل جنگ اورعالمی سطح پرفوسل فیول کے اخراج میں کمی
-
ہندوستان1 week agoآسیان- ہندوستان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے مودی منیلا پہنچے
-
ہندوستان1 week agoملک کی باغبانی میں بہار، پھلوں، سبزیوں سے لے کر پھولوں تک ہر شعبے میں زبردست اضافہ: شیوراج سنگھ چوہان
-
ہندوستان1 week agoدسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں انتخابی مہم تیز کرے گی کانگریس، راہل اور پرینکا گاندھی بھی سنبھالیں گے محاذ
-
جموں و کشمیر6 days agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
جموں و کشمیر6 days agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان6 days agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
دنیا1 week agoہندستان، امریکہ سمیت 10 ممالک نے سپر انٹیلی جنس دور کی سپلائی چین کو محفوظ بنانے کے لیے اعلامیے پر دستخط کیے
-
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا
-
جموں و کشمیر6 days agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان6 days agoہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
-
ہندوستان6 days agoمہنگائی کی مار سے 10 میں سے 6 خاندانوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا: دہلی کانگریس
