دنیا
ایران کی اے آئی ویڈیو میں امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنانے کی دھمکی
تہران، ایران نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کردہ ایک دھمکی آمیز ویڈیو جاری کی ہے، جس میں دہشت گرد عناصر کو ایمیزون، مائیکروسافٹ اور اسپیس ایکس جیسی بڑی کمپنیوں کے ہیڈکوارٹرز کو دھماکوں سے تباہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں امریکی اور اسرائیلی حکومتوں کو بھی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
یہ ویڈیو اسلامی جمہوریہ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر کے ذریعے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی۔
اس میں ایک راوی کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ جب دہشت گرد گروہ اپنا حملہ شروع کرتا ہے تو اس کا مقصد اپنے بچوں کے قاتلوں کو بچ نکلنے سے روکنا ہوتا ہے۔ تاہم صوتی پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی عوام کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔
ویڈیو میں مذکورہ کمپنیوں کے ہیڈکوارٹرز کو آگ کی لپیٹ میں اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنتے دکھایا گیا ہے۔
اس دوران راوی خبردار کرتا ہے کہ اس منظر کو ایک وارننگ سمجھا جائے۔ ویڈیو میں ان کمپنیوں پر ایران کے خلاف جاری فوجی تنازع کی حمایت کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے، جو گزشتہ فروری میں شروع ہوا تھا۔
عمارتوں کو آگ میں جلتا دکھاتے ہوئے ویڈیو کا راوی کہتا ہے کہ ایران پر حملوں میں شریک رہنے والی کمپنیوں کو یا تو ہرجانہ ادا کرکے معافی مانگنی ہوگی یا پھر انہیں اسی پیمانے کی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پیغام میں مزید کہا گیا ہے، ”توبہ یا تباہی؟ فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے، اے امریکہ۔”
مہر ایجنسی کی ٹیلی گرام پوسٹ میں فارسی زبان کا ایک پیغام بھی شامل تھا، جس میں ایران کے ایک پرائمری اسکول پر بمباری کے واقعے پر شدید غصے کا اظہار کیا گیا۔ پیغام میں کہا گیا کہ ایرانی عوام اور میناب کے معصوم بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث کمپنیوں کو سخت وارننگ دی جاتی ہے۔ میناب اسی علاقے میں واقع ہے جہاں مذکورہ اسکول قائم ہے۔
ابتدائی فوجی تحقیقات کے مطابق اس میزائل حملے کا ذمہ دار امریکہ ہے، جس میں 175 افراد ہلاک ہوئے تھے اور ان میں زیادہ تر بچے شامل تھے۔ پیغام میں مزید الزام لگایا گیا کہ ایمیزون سے مائیکروسافٹ تک وہ تمام کمپنیاں جوابدہی سے نہیں بچ سکیں گی جو امریکی اور اسرائیلی فوجی یونٹوں کے ساتھ خفیہ تعاون کرتی ہیں۔
اسی ہفتے کے اوائل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ وہ نئے سال کے آغاز کے قریب ایران کے خلاف مزید فوجی حملوں کا حکم دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے تہران پر الزام لگایا تھا کہ وہ مذاکرات کے نام پر ایسی چالیں چل رہا ہے جنہیں انہوں نے ”بکواس” قرار دیا۔
حالیہ ہفتوں میں ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ”جیسے کو تیسا” کی بنیاد پر جاری کشیدگی میں اضافہ کیا ہے۔ اس دوران آبنائے ہرمز میں واقع جزیرہ قشم پر میزائل داغنے کے ایک مقام کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ امریکہ کے مطابق یہ کارروائی ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جارحیت کے جواب میں کی گئی تھی۔
اس کے ردعمل میں ایران نے گزشتہ ہفتے خطے میں امریکی فوجی اڈوں کی جانب میزائل اور ڈرون داغے، تاہم امریکہ کے اتحادی خلیجی ممالک نے ان حملوں کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔
یو این آئی۔ م ع
دنیا
سعودی عرب، پاکستان اور ترکی نے حوثی حملوں کی مذمت کی، سعودی سلامتی مضبوط کرنے کا عزم
ریاض/اسلام آباد، سعودی عرب، پاکستان اور ترکی نے حوثی باغیوں کے نئے حملوں کے درمیان سعودی عرب کی سلامتی اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی کوششیں تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ تینوں ممالک نے مکہ دفاعی اتحاد کے تحت سیاسی اور دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عہد کا بھی اعادہ کیا ہے۔
یہ عہد جمعہ کو اسلام آباد میں اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے دوران کیا گیا۔ تینوں ممالک نے اگست میں دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
کمیٹی نے ایک مشترکہ بیان میں سعودی عرب میں عام شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا کر حوثی جنگجوؤں کی جانب سے کیے جا رہے ‘مسلسل اور گھناؤنے حملوں’ کی شدید مذمت کی۔
تینوں ممالک نے سعودی عرب کی سلامتی کو یقینی بنانے میں اس کی حمایت کی کوششیں تیز کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ اجلاس میں اتحاد کے رکن ممالک کے درمیان سیاسی اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل مشترکہ کارروائی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
شہزادہ خالد نے ہفتہ کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کئی پوسٹس میں کہا کہ تینوں ممالک نے علاقائی سلامتی اور استحکام کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی برقرار رکھنے میں اتحاد کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے رکن ممالک سے اجلاس کے نتائج کی بنیاد پر آگے بڑھنے اور اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا، “مکہ دفاعی اتحاد کے تحت اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا دوسرا اجلاس سیاسی اور دفاعی کوششوں کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل مشترکہ کارروائی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ سلامتی اور استحکام کو آگے بڑھانے میں ہمارے متحد موقف اور کردار کی توثیق کرتا ہے۔”
اجلاس کے موقع پر شہزادہ خالد نے پاکستان کے آرمی چیف اور دفاعی افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ اس میں علاقائی سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے میں اتحاد کے کردار نیز رکن ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال ہوا۔
شہزادہ خالد نے ترکی کے وزیرِ دفاع یاشر گولر سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے کمیٹی کے اجلاس کے نتائج کا خیرمقدم کیا اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی وزیرِ دفاع نے پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے سعودی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات پیش کیں اور دورے پر آئے وفود کے استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ یہ اتحاد ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھی ہوئی ہے اور یمن تنازعے میں چار سالہ جنگ بندی اس سال کے شروع میں ٹوٹنے کے بعد سعودی عرب پر حوثی حملے پھر تیز ہو گئے ہیں۔
فروری میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ چھڑنے کے بعد حوثیوں نے حملے شروع کیے تھے۔
شہزادہ خالد کے ساتھ جمعہ کے اجلاس میں سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی شریک ہوئے۔ کمیٹی نے علاقائی سلامتی کے منظرنامے کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے تینوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا۔
رکن ممالک نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے اصولوں اور مقاصد کے تئیں اپنے عہد کا بھی اعادہ کیا۔ ان میں اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام شامل ہے۔
یو این آئی۔ م ع
دنیا
افغانستان میں مڈل اسکول کے قریب دھماکہ، سات طلبہ کی موت، 97 زخمی
کابل، افغانستان کے شمال مشرقی صوبہ کُنر میں ہفتہ کو ایک مڈل اسکول کے قریب واقع مکان میں دھماکہ ہونے سے کم از کم سات طلبہ کی موت ہو گئی اور 97 دیگر زخمی ہو گئے۔
حریت ریڈیو نے کنر کے اطلاعات و ثقافت کے ڈائریکٹر سمیع الحق حق کے حوالے سے بتایا کہ زیادہ تر زخمیوں کو ننگرہار علاقائی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
مسٹر حق نے بتایا کہ مکان میں کان کنی کے کام کے لیے دھماکہ خیز مواد رکھا گیا تھا۔ اس مواد کا استعمال کنڑ-نورستان سڑک پر بھی کیا جا رہا تھا۔ دھماکے سے آس پاس کے کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
یو این آئی ، م ع
دنیا
آبنائے ہرمز سے شمالی بحرِ ہند تک سمندری علاقے پر نگرانی کا ایرانی بحریہ کا دعویٰ
تہران، ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بحریہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے سے شمالی بحرِ ہند تک پھیلے اہم سمندری علاقے کی نگرانی اور حفاظت کر رہی ہے اور اس خطے میں اپنی موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایرانی بحریہ اس سمندری خطے میں مکمل اختیار کے ساتھ موجود ہے اور اس کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
جنرل اکرمینیا نے ماضی کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس دوران ایرانی بحریہ نے عراقی بحریہ کو ایسی شکست دی تھی کہ وہ جنگ کے اختتام تک کسی کارروائی کے قابل نہیں رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگ میں بھی ایرانی بحریہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے سے شمالی بحرِ ہند تک پھیلے سمندری علاقے پر اپنا کنٹرول اور نگرانی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
یہ بیان ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی بحری کشیدگی اور واشنگٹن کی جانب سے ایران پر عائد بحری ناکہ بندی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
اس سے قبل ایرانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل شہرام ایرانی نے امریکی بحری ناکہ بندی کو واشنگٹن کی ناکامی قرار دیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران اس محاصرے کو توڑنے کے لیے کوششیں شروع کر چکا ہے۔
یو این آئی۔ م س
-
دنیا4 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا آبادی میں اضافے اور جلد شادی پر زور
-
کھیل5 days agoجموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے انتخابات کے لیے حتمی انتخابی فہرست میں 11 کلب شامل: ریٹرننگ افسر
-
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز میں نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرانے سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے امریکہ کو نشانہ بنانے کی مبینہ ‘ڈرٹی بم’ سازش پر ایران کو وارننگ دی
-
دنیا1 week agoسعودی اتحاد کا جازان کی جانب داغے گئے حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
-
ہندوستان5 days agoمودی۔ شاہ کی جوڑی کا پس پردہ کھیل جاننا چاہتا ہے ملک: کانگریس
-
دنیا1 week agoیمنی فوج کی حوثیوں کے خلاف 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں 854 کارروائیاں، 193 ہلاک یا زخمی
-
ہندوستان1 week agoمودی حکومت حد بندی کے ذریعے اکثریت حاصل کرنے کے چکر میں، لوک سبھا کی موجودہ نشستوں میں تبدیلی کے بغیر خواتین کو ریزرویشن دیا جائے: جے رام رمیش
-
ہندوستان5 days agoمودی نے بالیندر شاہ کا راشٹرپتی بھون میں خیرمقدم کیا
-
دنیا5 days agoکیف کے علاقے میں رہائشی عمارت پر حملے میں 11 افراد ہلاک: یوکرین
-
ہندوستان1 week agoشری جھولے لال مندر پٹیل نگر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات، 15 سال کے حسابات کا آڈٹ پیش کرنے کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoایران کے صدر نے معاشی محاذ کو فوجی تنازع سے زیادہ تکلیف دہ قرار دے دیا
