تازہ ترین
سری نگر کے منور آباد علاقے میں شبانہ آگ، مینوفیکچرنگ یونٹ اور 12 دکانیں خاکستر
سری نگر، شہر کے منور آباد علاقے میں گزشتہ شب اچانک بھڑک اُٹھی آگ نے ایک مینوفیکچرنگ یونٹ اور کم از کم بارہ دکانوں کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کردیا۔
آگ کی یہ واردات رات تقریباً ساڑھے دس بجے پیش آئی، جب مقامی لوگوں نے عمارت سے اٹھتی لپٹوں اور دھوئیں کو دیکھ کر فوری طور پر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ اطلاع ملتے ہی متعدد ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئیں، اور مجموعی طور پر بارہ فائر ٹینڈروں کی مدد سے کئی گھنٹوں کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق شعلوں نے چند ہی منٹوں میں پورے کمپلیکس کو گھیر لیا، جبکہ دوکان مالکان بے بسی سے اپنی محنت کی کمائی کو جلتا دیکھتے رہے۔ مقامی لوگوں نے بھی فائر سروسز کے ساتھ مل کر آگ بجھانے کی کوشش کی، مگر شدید شدت نے ابتدائی کوششوں کو ناکام بنادیا۔
اگرچہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، تاہم مالی نقصان بھاری بتایا جارہا ہے۔ فائر سروسز کے اہلکاروں کے مطابق ابتدائی اندازوں کے تحت لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوا ہے۔ آگ کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی، البتہ حکام نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
مقامی تاجر برادری نے اس افسوسناک واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے متاثرین کی فوری بازآبادکاری کا مطالبہ کیا ہے۔ شہر میں خشک موسم اور بڑھتی سردی کے پیشِ نظر اس طرح کے واقعات پر کنٹرول اور احتیاطی تدابیر کو انتہائی ضروری قرار دیا جارہا ہے۔
یو این آئی، ارشید بٹ
جموں و کشمیر
ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو لیہ انتظامیہ نے طلب کرلیا
سرینگر، ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو لیہ انتظامیہ نے طلب کرتے ہوئے وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی ہے کہ آئندہ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) انتخابات کے سلسلے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انہیں شخصی مچلکہ داخل کرنے کا حکم کیوں نہ دیا جائے۔
وانگچک نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ انہیں یومِ آئین کے موقع پر سمن موصول ہوا ہے اور وہ اپنا موقف پیش کرنے کے لیے مجسٹریٹ کے سامنے حاضر ہوں گے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لیہ ڈیلیکس نمگیال کی جانب سے 25 نومبر کو بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس)، 2023 کی دفعات 126 اور 130 کے تحت جاری نوٹس میں 23 نومبر کو لیہ کے این ڈی ایس میموریل پارک میں منعقدہ ایک اجتماع کے دوران وانگچک کی جانب سے مبینہ طور پر دیے گئے بیانات کا حوالہ دیا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق، وانگچک نے مبینہ طور پر سرکاری ملازمین سے اپیل کی تھی کہ وہ انتخابی مدت کے دوران اجتماعی طور پر رخصت پر چلے جائیں۔ انہوں نے لوگوں سے موسمِ سرما میں انتخابات منعقد کرنے کی مخالفت جاری رکھنے کی اپیل بھی کی تھی۔ اس کے علاوہ 26 نومبر کو عوامی اجتماع منعقد کرنے اور اس کے بعد 27 نومبر سے 4 دسمبر، یعنی پولنگ کے دن تک، بھوک ہڑتال کرنے کی اپیل کی تھی۔
انتظامیہ نے کہا کہ ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات کے لیے ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے کے پس منظر میں ان بیانات سے امن و امان کی خلاف ورزی یا عوامی سکون میں خلل پڑنے کا اندیشہ پیدا ہوا ہے۔
مجوزہ مچلکے کی رقم 10 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 10 ہزار روپے کے دو ضمانتی بھی پیش کرنے ہوں گے۔ یہ مچلکہ حتمی حکم جاری ہونے کی تاریخ سے ایک ماہ کی مدت کے لیے ہوگا۔
سونم وانگچک لیہ اپیکس باڈی (ایل اے بی) کے رکن بھی ہیں۔ یہ لداخ کا ایک بااثر سماجی و سیاسی پلیٹ فارم ہے، جو کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) کے ساتھ مل کر لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کے مطالبے پر تحریک چلا رہا ہے۔
نوٹس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وانگچک نے کہا کہ وہ ہمیشہ پُرامن طریقوں سے احتجاج کی وکالت کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں مجسٹریٹ کے سامنے حاضر ہوکر اپنا موقف واضح کریں گے۔
ایکس پر اپنی پوسٹ میں وانگچک نے کہاکہ ”اس کی سادہ سی وجہ یہ ہے کہ میں نے ہمیشہ اور صرف احتجاج کے پُرامن طریقوں، مثلاً دھرنا اور انشن کی اپیل کی ہے، حتیٰ کہ منفی 15 ڈگری کی سرد راتوں میں بھی، جن میں تکلیف صرف ہم خود برداشت کرتے ہیں، کسی دوسرے کو نہیں پہنچاتے۔ یہ الگ بات ہے کہ اکثر میری باتوں کو توڑ مروڑ کر اس طرح پیش کیا جاتا ہے، جس سے وہی مطلب اخذ کیا جاسکے جو لوگ سننا چاہتے ہیں۔ خوش قسمتی سے اس مرتبہ ہمارے پاس کافی دستاویزی شواہد موجود ہیں، بالکل اسی طرح جیسے گزشتہ سال قومی سلامتی قانون (این ایس اے) کے معاملے میں تھے۔”
واضح رہے کہ 2019 میں لداخ کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنائے جانے کے بعد ایل اے ایچ ڈی سی کے یہ پہلے انتخابات ہوں گے، جو 4 دسمبر کو منعقد ہونے والے ہیں۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
بین وزارتی مرکزی ٹیم نے لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع مانسون سے متاثر
جموں، 26 بین وزارتی مرکزی ٹیم (آئی ایم سی ٹی) نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں 2026 کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور مانسون کی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔
اس ٹیم کی قیادت مرکزی وزارت داخلہ، حکومت ہند کے جوائنٹ سکریٹری (ایف۔II) گیا پرساد نے کی۔ ٹیم نے ڈوڈہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقے ٹھٹھری کا دورہ کیا اور مانسون 2026 کے دوران اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا موقع پر جائزہ لیا۔
ٹیم میں وزارت توانائی اور مرکزی بجلی اتھارٹی کے چیف انجینئر (ڈی پی اینڈ ایم) شیام کیجریوال، وزارت دیہی ترقی کے ڈپٹی سکریٹری پربھات کمار اور وزارت جل شکتی و مرکزی آبی کمیشن کی ڈائریکٹر شچی جین شامل تھیں۔
دورے کے دوران ٹیم نے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا اور اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایا۔ اس کے علاوہ عوامی بنیادی ڈھانچے، ضروری خدمات اور مقامی آبادی پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کیں۔
اس سے قبل آئی ایم سی ٹی نے ڈوڈہ کے ڈپٹی کمشنر دفتر کے احاطے کے کانفرنس ہال میں ایک تفصیلی اجلاس منعقد کیا، جس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور گزشتہ مانسون کے موسم میں مسلسل بارشوں، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایا گیا۔
ڈوڈہ کے ڈپٹی کمشنر کرشن لال نے ٹیم کو متاثرہ علاقوں کی موجودہ صورت حال، دشوار گزار جغرافیائی حالات، دریائے چناب میں پانی کی سطح، سڑکوں اور پلوں کو پہنچنے والے نقصانات، بحالی اور امدادی اقدامات اور شدید بارشوں سے ہونے والے مجموعی نقصانات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔
ٹیم کو سڑکوں، پلوں، بجلی کے بنیادی ڈھانچے اور پانی کی فراہمی کی اسکیموں سمیت اہم بنیادی سہولتوں کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی متعلقہ محکموں کی جانب سے ضروری خدمات اور آمدورفت کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے جاری بحالی اور بازآبادکاری کے کاموں کی صورت حال سے بھی واقف کرایا گیا۔
ڈوڈہ کے ڈپٹی کمشنر نے تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی میں درپیش مشکلات کو بھی اجاگر کیا، خاص طور پر دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں پیش آنے والی دشواریوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے متاثرہ لوگوں کو راحت پہنچانے اور ضروری خدمات جلد از جلد بحال کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔
اجلاس میں قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے، نقصانات سے بچاؤ اور ایسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیاری اور ردعمل کے نظام کو مضبوط بنانے کی غرض سے ضلع انتظامیہ کی جانب سے اختیار کیے گئے احتیاطی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
دریں اثنا، ٹیم نے کشتواڑ میں مانسون کے دوران بادل پھٹنے، شدید بارشوں، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا۔
ٹیم نے ضلع انتظامیہ کے ساتھ تفصیلی اجلاس منعقد کیا، جس میں ضلع کے مختلف علاقوں میں مانسون سے متعلق قدرتی آفات کی صورت حال اور ان سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران کشتواڑ کے ڈپٹی کمشنر پنکج کمار شرما نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے عوامی بنیادی ڈھانچے، جن میں سڑکیں، پل، بجلی کا نظام، پانی کی فراہمی کی اسکیمیں اور سرکاری و نجی املاک شامل ہیں، کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلی جانکاری دی۔
انہوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے کیے گئے راحت رسانی، بحالی اور بازآبادکاری کے اقدامات کے بارے میں بھی ٹیم کو بتایا۔
ٹیم کو ضروری خدمات اور سڑکوں کے رابطے بحال کرنے میں درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا گیا، خاص طور پر دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں پیش آنے والی دشواریوں کے بارے میں بتایا گیا۔ اس کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت مدد فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے اقدامات کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔
مرکزی ٹیم نے زمینی سطح پر نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے بادل پھٹنے سے متاثرہ علاقے چھاترو کا بھی دورہ کیا۔ ٹیم نے سب ڈویژن چھاترو کے چھ متاثرہ مقامات میں سے تین کا معائنہ کیا اور وہاں سڑکوں، بنیادی ڈھانچے، پانی کی فراہمی کی اسکیموں اور دیگر ضروری سہولتوں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔
ٹیم نے ڈوگا، چھاترو کا معائنہ کیا، جو اگست 2026 میں بادل پھٹنے سے متاثر ہوا تھا۔ اس کے علاوہ گُزار سے گُرینال رابطہ سڑک کا بھی جائزہ لیا، جو جولائی 2026 میں بادل پھٹنے سے متاثر ہوئی تھی۔ ٹیم نے تحصیل کمپلیکس چھاترو کے راستے ہیلی پیڈ روڈ سے گُزار تک جانے والی رابطہ سڑک کا بھی معائنہ کیا، جو اگست 2026 میں بادل پھٹنے سے متاثر ہوئی تھی۔
ٹیم نے متاثرہ لوگوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے جاری بحالی کے کاموں اور راحت رسانی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
یہ دورہ ضلع میں مانسون سے متعلق نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے بین وزارتی مرکزی ٹیم کے معائنے کا حصہ ہے۔ اس جائزے سے ٹیم کو نقصانات کی اصل صورت حال سمجھنے اور بحالی و بازآبادکاری کی ضروریات کا اندازہ لگانے میں مدد ملے گی۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
ہندوستان
دستور کو پامال کرنا اور اس کا قتل کرنا کانگریس کے ڈی این اے میں شامل ہے: شیوراج
نئی دہلی، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما اور زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے یومِ دستور کے موقع پر جمعرات کو کانگریس پر الزام عائد کیا کہ جو پارٹی دستور کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے سبب خود کٹہرے میں کھڑی ہے، وہ جب دستور کے تحفظ کی بات کرتی ہے تو یہ انتہائی مضحکہ خیز لگتا ہے۔
مسٹر چوہان نے یہاں یومِ دستور کے موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ دستور کی توہین کرتے ہوئے اسے پامال کرنے کا کام کیا ہے۔ اس نے دستور کا قتل کرکے ملک میں ایمرجنسی نافذ کی تھی۔ دستور کی توہین کرنا، اسے پامال کرنا اور اس کا قتل کرنا کانگریس کے ڈی این اے میں شامل ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ کانگریس اپنے مخالفین کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ خود کٹہرے میں کھڑی ہے۔ کانگریس کے لیے دستور کی توہین کرنا یا اس کا قتل کرنا کوئی جرم نہیں ہے، کیونکہ یہ اس کے ڈی این اے کا حصہ ہے۔ بی جے پی رہنما نے کہا کہ کانگریس نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرکے دستور کا قتل کیا تھا۔ ایمرجنسی کے دوران اس نے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ لوگوں کو جیلوں میں بند کیا تھا۔
انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے خود کو وزیر اعظم کے عہدے پر برقرار رکھنے کے لیے اپنی انتخابی جیت کو عدالتی جائزے سے باہر رکھنے کی کوشش کی تھی۔ یہی نہیں، دستور کے تحفظ کی بات کرنے والی کانگریس نے 100 سے زیادہ منتخب حکومتوں کو برطرف کیا ہے، جن میں سے تقریباً 50 حکومتیں صرف سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے دورِ اقتدار میں برطرف کی گئی تھیں۔ کانگریس نے منتخب حکومتوں کو کپڑوں کی طرح تبدیل کیا۔
مسٹر چوہان نے کہا کہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت کے دور میں منتخب حکومت کے اوپر قومی مشاورتی کونسل بٹھائی گئی تھی۔ اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کی کابینہ کے فیصلے کو پارٹی رہنما راہل گاندھی نے سرعام پھاڑ کر پھینک دیا تھا۔ مسٹر گاندھی کی یہ کارروائی اس وقت کے وزیر اعظم اور پوری کابینہ کی توہین تھی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے مسلسل دستور کی دھجیاں اڑانے کا کام کیا ہے اور دستور کی توہین کے معاملے میں آج وہ خود کٹہرے میں کھڑی ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
-
جموں و کشمیر1 week agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
ہندوستان1 week agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
جموں و کشمیر1 week agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
جموں و کشمیر1 week agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان1 week agoہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
-
ہندوستان1 week agoمہنگائی کی مار سے 10 میں سے 6 خاندانوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا: دہلی کانگریس
-
ہندوستان1 week ago -
دنیا2 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا آبادی میں اضافے اور جلد شادی پر زور
-
کھیل3 days agoجموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے انتخابات کے لیے حتمی انتخابی فہرست میں 11 کلب شامل: ریٹرننگ افسر
-
دنیا5 days agoآبنائے ہرمز میں نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرانے سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی
-
جموں و کشمیر1 week agoوزیر اعلیٰ جموں و کشمیر پونچھ میں عوام کے نام 92.84 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے وقف کریں گے
-
دنیا5 days agoسعودی اتحاد کا جازان کی جانب داغے گئے حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
