جموں و کشمیر
کولگام میں لشکر طیبہ کا انتہائی مطلوب کمانڈر انکاؤنٹر میں ہلاک
سری نگر، جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں بدھ کے روز سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک مسلح تصادم میں لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کا انتہائی مطلوب کمانڈر اور کشمیر میں مبینہ طور پر آخری زندہ بچا مقامی دہشت گرد محمد لطیف بٹ ہلاک ہوگیا۔ اعلیٰ سیکورٹی حکام نے یہ اطلاع دی ہے۔
تاہم، اس سلسلے میں سرکاری طور پر تصدیق کا انتظار ہے۔
حکام کے مطابق، لطیف بٹ کئی حملوں میں مبینہ طور پر ملوث تھا، جن میں حالیہ دنوں میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر کیا گیا حملہ، ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل اور جنوبی کشمیر میں غیر مقامی مزدوروں کے قتل کے واقعات شامل ہیں۔
انکاؤنٹر کولگام کے زنگل پورہ گاؤں میں پیش آیا، جہاں ایک مقامی مسجد میں دہشت گرد کی موجودگی سے متعلق مخصوص خفیہ اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے محاصرہ اور تلاشی کی کارروائی شروع کی تھی۔
حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے لطیف بٹ سے ہتھیار ڈالنے کی اپیل کی، لیکن اس نے خودسپردگی سے انکار کردیا۔ اس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا، جس میں لشکر طیبہ کا مذکورہ کمانڈر مارا گیا۔ اس کے سر پر 15 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔
اس سے قبل کولگام کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) عنایت علی چودھری نے بتایا تھا کہ جموں و کشمیر پولیس کو موصول ہونے والی مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر یہ کارروائی شروع کی گئی۔ اس آپریشن میں پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کا محاصرہ کرنے کے بعد لطیف بٹ کو خودسپردگی پر آمادہ کرنے کی متعدد کوششیں کی گئیں، جن میں ویڈیو کال کے ذریعے اس سے رابطہ قائم کرنا بھی شامل تھا۔
چودھری نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ ”ہم نے اس کے ساتھ ویڈیو کال پر بات کی۔ میرے اور فوج کی 9 راشٹریہ رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر کے درمیان اس سلسلے میں طویل گفتگو ہوئی۔ ہم نے اسے سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ ابھی بہت کم عمر ہے اور اس کی زندگی ابھی باقی ہے، لہٰذا وہ ہتھیار ڈال دے، لیکن اس نے ہماری بات نہیں مانی۔”
ایس ایس پی کے مطابق، بار بار اعلانات کے ذریعے خودسپردگی کی اپیل کیے جانے کے باوجود لطیف بٹ ایک مسجد میں داخل ہوگیا۔ بعد ازاں، دوپہر تقریباً 2 بج کر 45 منٹ پر اس نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں انکاؤنٹر شروع ہوگیا۔
چودھری نے کہا کہ کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ ”ہم نے مسجد کی موجودگی کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ احتیاط اور تحمل سے کام لیا۔ مسجد محاصرے کے درمیان واقع ہے اور ایک دہشت گرد اس کے اندر سے فائرنگ کر رہا ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ سیکورٹی فورسز تمام ممکنہ متبادل طریقوں پر غور کر رہی تھیں تاکہ مسلح دہشت گرد کو ہلاک کیا جاسکے اور ساتھ ہی مذہبی عمارت کو کم سے کم نقصان پہنچے۔
واضح رہے کہ پیر کے روز سے کولگام میں یہ دوسرا انکاؤنٹر تھا۔
پیر کو ہونے والے ایک دیگر انکاؤنٹر میں عمر نثار ڈار نامی شخص مارا گیا تھا، جسے لطیف بٹ کا مبینہ ساتھی بتایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، اس وقت فائرنگ کے تبادلے کے دوران لطیف بٹ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
پیر کے انکاؤنٹر کے بعد سیکورٹی فورسز نے لطیف بٹ کی تلاش کے لیے علاقے میں تلاشی مہم تیز کردی تھی۔ بالآخر بدھ کے روز فائرنگ کے تبادلے میں وہ مارا گیا۔
یواین آئی۔ طا
جموں و کشمیر
یو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
سرینگر، 18 نومبر جموں و کشمیر پولیس نے پلوامہ میں اپنی 70 سالہ ساس کے قتل کی مبینہ سازش کرنے کے الزام میں ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ قتل سپاری دے کر کرانے کی سازش کا حصہ تھا۔
بلقیس اختر اس معاملے میں گرفتار کی جانے والی دوسری ملزمہ ہے۔
اس گرفتاری کو 19 اکتوبر کو جانہ بیگم کے قتل کی تحقیقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مقتولہ پاری گام جاگیر کی رہنے والی تھیں اور ان کا گلا کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔
پولیس نے اس سے قبل اس معاملے کے مبینہ مرکزی ملزم عمران احمد میر کو 11 نومبر کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے بعد گرفتار کیا تھا۔ وہ بھی پاری گام جاگیر کا رہنے والا ہے۔
پولیس کے مطابق عمران سے مسلسل پوچھ گچھ کے دوران مبینہ طور پر بلقیس اختر کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔ بلقیس اختر مقتولہ کے بیٹے جاوید احمد کی اہلیہ ہے۔ تحقیقاتی حکام کا الزام ہے کہ اس نے عمران کے ساتھ مجرمانہ سازش کی اور مالی معاوضے کے بدلے اپنی ساس کے قتل میں مدد کرنے کے لیے اسے آمادہ کیا۔
پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ ”اب تک کی گئی تحقیقات، گرفتار ملزم کے انکشافات اور اہم گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر بلقیس اختر کو اس معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔”
یہ قتل 19 اکتوبر کو اس وقت منظر عام پر آیا، جب پولیس اسٹیشن پلوامہ کو جانہ بیگم کے قتل کی اطلاع موصول ہوئی۔ اس کے بعد بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 103(1) کے تحت ایف آئی آر نمبر 211/2026 درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
جرم کی سنگینی اور حساسیت کے پیش نظر ایس ایس پی پلوامہ نے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی، جس کی سربراہی ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرس پلوامہ کو سونپی گئی۔ تحقیقات کو مرکوز اور مؤثر بنانے کے لیے پولیس اسٹیشن پلوامہ کے ایس ایچ او اور پولیس پوسٹ نیوا کے ڈیوٹی آفیسر (ڈی او) کو بھی اس ٹیم میں شامل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران دستیاب شواہد اور اہم گواہوں کے بیانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سرینگر کی فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) نے بھی متعلقہ شواہد کا سائنسی معائنہ کیا اور اہم فارنسک معلومات فراہم کیں۔ تحقیقاتی حکام کے مطابق ان معلومات سے قتل کے پس منظر میں موجود اہم حقائق اور حالات کا تعین کرنے میں مدد ملی۔
اس معاملے میں اس سے قبل اس وقت اہم پیش رفت ہوئی تھی، جب پولیس نے عمران احمد میر کو مرکزی ملزم کے طور پر گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت تحقیقاتی حکام نے اشارہ دیا تھا کہ اس سے پوچھ گچھ کے دوران ایک اور شخص کے ممکنہ طور پر ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد مبینہ سازش کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔
بلقیس اختر کی گرفتاری کے بعد پولیس اب مبینہ سازش کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس میں دیگر افراد کے ممکنہ طور پر ملوث ہونے اور مجوزہ مالی ادائیگی سے متعلق حالات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔
مزید شواہد جمع کرنے اور مبینہ طور پر ملوث افراد کے انفرادی کردار کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے ایک بار پھر واضح کیا کہ تحقیقات منصفانہ، غیر جانب دار اور سائنسی بنیادوں پر کی جائیں گی اور جو بھی شخص ملوث پایا جائے گا، اسے قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
اے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
سرینگر، آل پارٹیز سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی (اے پی ایس سی سی) نے بدھ کے روز جموں و کشمیر حکومت سے جون 2027 میں ہونے والے گرودوارہ انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ کمیٹی نے تمام اہل سکھ برادری کے افراد کی انتخابی عمل میں شرکت یقینی بنانے کے لیے ووٹر فہرستوں پر بروقت نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا۔
ایک بیان میں اے پی ایس سی سی کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینا نے کہا کہ گرودوارہ اینڈومنٹ ایکٹ کے تحت جموں و کشمیر حکومت کو تمام اضلاع میں بیک وقت انتخابات منعقد کرانے ہیں۔
رینا نے حکومت پر زور دیا کہ ووٹر فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے کا عمل شروع کیا جائے، تاکہ برادری کا ہر اہل فرد انتخابات میں حصہ لے سکے۔
اے پی ایس سی سی کے چیئرمین نے کہاکہ ”حکومت کو انتخابی عمل شروع کرنے میں کافی وقت لگے گا۔ گرودوارہ انتخابات منعقد کرانے سے پہلے بعض ضروری رسمی کارروائیاں مکمل کرنا ہوتی ہیں اور انہیں مقررہ وقت کے اندر پورا کیا جانا چاہیے۔ ذاتی مفادات رکھنے والے کئی افراد انتخابی عمل میں تاخیر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گرودواروں کی تعداد کافی زیادہ ہے اور ان کے ساتھ بڑی جائیدادیں بھی وابستہ ہیں۔”
رینا نے کہا کہ کسی کو بھی ان جائیدادوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جائیدادوں کا مناسب تحفظ اسی وقت ممکن ہے جب انتخابات مکمل ہوں اور گرودواروں کی باقاعدہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر گرودوارے کے ساتھ بڑی جائیدادیں وابستہ ہیں، اس لیے ان کا انتظام متعلقہ ضلعی گرودوارہ کمیٹیاں کرتی ہیں، جن کا انتخاب گرودوارہ اینڈومنٹ ایکٹ کے تحت سکھ برادری کے افراد کرتے ہیں۔
اے پی ایس سی سی نے کہاکہ ”ہر ضلع مجسٹریٹ قانونی طور پر پابند ہے کہ وہ ہر سال کھاتوں کا آڈٹ کرائے، لیکن افسوس کہ ایسا نہیں کیا جارہا ہے۔ حال ہی میں گرودوارہ اینڈومنٹ ایکٹ کے تحت مقررہ آڈٹ نہ کرائے جانے کے خلاف حکومت کو شکایت بھی دی گئی تھی، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔”
رینا نے کہا کہ حکومت وقف بورڈ اور شری ماتا ویشنو دیوی بورڈ کے قواعد پر سختی سے عمل کرتی ہے، لیکن گرودوارہ ایکٹ نافذ نہیں کرتی، حالانکہ یہ قانون 1973 سے نافذ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی گرودوارہ کمیٹیوں کے انتخابات منعقد ہونے کے بعد جموں و کشمیر گرودوارہ بورڈ کے انتخابات کرانا بھی لازمی ہے، لیکن یہ انتخابات نہیں کرائے جارہے ہیں، کیونکہ بعض مفاد پرست عناصر موجودہ صورت حال کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
این آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
سرینگر کی این آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کی سازش کے ایک مقدمے میں ملزم بشارت علی پوزوال کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات جموں و کشمیر پولیس
کی اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) کشمیر کررہی ہے۔
استغاثہ کی جانب سے ملزم کی رہائی کی مخالفت میں دلائل پیش کیے جانے کے بعد عدالت نے منگل کو ضمانت کی عرضی مسترد کردی۔ ملزم کو نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ، غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) اور انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی مختلف دفعات کے
تحت الزامات کا سامنا ہے۔
ایس آئی اے کے مطابق، ملزم بشارت علی پوزوال کا تعلق کپواڑہ ضلع کے کرناہ علاقے کے تاد گاؤں سے ہے اور فی الحال وہ سرینگر کے بمنہ علاقے میں رہائش پذیر ہے۔ اس کے خلاف پولیس اسٹیشن سی آئی۔ایس آئی اے کشمیر میں درج ایف آئی آر نمبر 19/2022 کے تحت مقدمہ چل رہا ہے۔
ملزم پر این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8-اے، 27-بی اور 29، یو اے پی اے کی دفعات 13، 18، 39 اور 40، جبکہ آئی پی سی کی دفعات 120-بی، 121، 121-اے اور 201 کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ایجنسی نے بتایا کہ اس نے ضمانت کی درخواست کے خلاف تفصیلی اعتراضات داخل کیے تھے۔ ان میں الزامات کی سنگینی، جرائم کی نوعیت اور یو اے پی اے و این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضمانت دینے سے متعلق قانونی پابندیوں کو اجاگر کیا گیا تھا۔
اس معاملے پر عدالت میں متعدد سماعتوں کے دوران فریقین کے درمیان دلائل کا تبادلہ ہوا۔ بالآخر عدالت نے دونوں فریقوں کو سننے اور استغاثہ کے دلائل پر غور کرنے کے بعد ملزم کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔
ایس آئی اے نے بتایا کہ اس مقدمے میں تمام ملزمان کے خلاف 15 جولائی 2026 کو الزامات طے کیے گئے تھے اور اب مقدمے کی کارروائی استغاثہ کے شواہد ریکارڈ کرنے کے مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔
ایجنسی نے اس عدالتی فیصلے کو منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے خلاف اپنی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ اور ملک کی سلامتی و سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ضمانت کی درخواست مسترد کیے جانے کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب مقدمے کی کارروائی استغاثہ کے شواہد ریکارڈ کرنے کے مرحلے کی جانب بڑھ رہی ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا
-
ہندوستان1 week agoیمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
-
ہندوستان1 week agoمودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
-
دنیا1 week agoامریکی ایوانِ نمائندگان نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
-
دنیا1 week agoترکی کے اسٹیل کارخانے میں دھماکہ، کم از کم 17 افراد ہلاک، 12 زخمی
-
جموں و کشمیر1 week agoگاندربل میں سڑک حادثے میں گجرات اور مغربی بنگال کے آٹھ سیاح زخمی
-
دنیا1 week agoٹرمپ کی تجویز کردہ 250 فٹ اونچی فتح یادگار کے خلاف کینیڈی خاندان عدالت پہنچ گیا
-
دنیا1 week agoکوپ 31 میں امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں سے ماحولیاتی نقصان کا معاملہ اٹھائیں گے: پزشکیان
-
دنیا1 week agoشیخ حسینہ کو پاسپورٹ جاری کرنے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں: آئی سی ٹی کے چیف پراسیکیوٹر
-
دنیا1 week agoغزہ جنگ کے ساتھ ماحولیاتی تباہی کا بھی شکار ہے: رجب طیب اردوغان
-
ہندوستان1 week agoحیدرآباد میں 13 اور 14 نومبر کو ‘بھارت سمٹ’، 70 ممالک کے تقریباً ایک ہزار نمائندے شریک ہوں گے: خورشید
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ ادھم پور اور ریاسی میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ اور نئے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری، مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی
