جموں و کشمیر
تعلیمی اسناد میں جعل سازی: ای او ڈبلیو کشمیر نے بانڈی پورہ کے تین باشندوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کردی
سری نگر، کرائم برانچ کے اکنامک آفینسز ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے محکمہ خوراک، شہری رسد اور امور صارفین میں کلاس فور کی آسامیوں کے حصول کے لیے مبینہ طور پر تعلیمی اسناد میں جعل سازی کرنے کے معاملے میں بانڈی پورہ کے تین باشندوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کردی ہے۔ حکام نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔
حکام کے مطابق، اس معاملے میں سال 2021 میں رنبیر پینل کوڈ کی دفعات 420، 467، 468 اور 471 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ چارج شیٹ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، بانڈی پورہ کی عدالت میں پیش کی گئی ہے۔
ملزمان کی شناخت زاہد مجید میر، الفت جان اور رقیہ اختر کے طور پر کی گئی ہے۔ تینوں بانڈی پورہ کے رہنے والے ہیں۔
یہ معاملہ محکمہ کی جانب سے 2017 میں مشتہر کی گئی کلاس فور کی آسامیوں کے لیے بھرتی کے عمل میں ناکام رہنے والے امیدواروں کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔ شکایت کنندگان نے الزام لگایا تھا کہ تینوں ملزمان نے انتخابی عمل میں غیر منصفانہ فائدہ حاصل کرنے کے لیے زیادہ نمبر ظاہر کرتے ہوئے ترمیم شدہ اور اسکین شدہ تعلیمی اسناد جمع کرائی تھیں۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ زاہد نے دسویں جماعت میں اپنے نمبر 500 میں سے 359 سے بڑھا کر 420 اور بارہویں جماعت میں 500 میں سے 295 سے بڑھا کر 393 ظاہر کیے تھے۔
اسی طرح الفت جان نے دسویں جماعت میں اپنے حقیقی نمبر 185 کے بجائے 500 میں سے 336 اور بارہویں جماعت میں حقیقی نمبر 297 کے بجائے 750 میں سے 492 نمبر ظاہر کیے تھے۔
جعل سازی کے سب سے سنگین معاملے میں رقیہ اختر نے دسویں جماعت میں اپنے نمبر 500 میں سے 261 سے بڑھا کر 405 ظاہر کیے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بارہویں جماعت کی ایسی سند بھی جمع کرائی تھی جس میں 750 میں سے 629 نمبر درج تھے، تاہم جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے تصدیق کی کہ وہ اس امتحان میں کبھی شریک ہی نہیں ہوئی تھیں۔
فارنزک سائنس لیبارٹری نے بھی تعلیمی اسناد میں جعل سازی کی تصدیق کی ہے۔
ای او ڈبلیو کے مطابق، دستیاب شواہد تینوں ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی، جعل سازی اور جعلی دستاویزات کے استعمال کے جرائم کو ثابت کرتے ہیں۔ اب یہ معاملہ عدالتی کارروائی اور مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت میں زیر غور ہے۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
عمر عبداللہ رام بن میں 57 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے
جموں، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جمعرات کو ضلع رام بن میں کروڑوں روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
یہاں ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ضلع کی ترقیاتی پیش رفت کا جائزہ لینے اور اہم منصوبوں و اسکیموں کے نفاذ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے رام بن کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے، تعلیم، سماجی بہبود، قبائلی امور اور شہری ترقی کے شعبوں سے متعلق 57 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان منصوبوں کا مقصد عوامی بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنا اور ضروری خدمات کو بہتر بنانا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ شہریوں اور عوامی وفود سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ ان کے مسائل، شکایات اور ترقیاتی توقعات سے آگاہی حاصل کی جاسکے۔
یواین آئی۔ط ا
جموں و کشمیر
وقف ڈے تقریب میں وندے ماترم بجائے جانے پر متحدہ مجلس علما کا اعتراض
سری نگر، جموں و کشمیر میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی مذہبی تنظیموں کے متحدہ پلیٹ فارم متحدہ مجلس علما (ایم ایم یو) نے سری نگر میں جموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے منعقدہ وقف ڈے تقریب میں قومی گیت ‘وندے ماترم’ بجائے جانے پر سخت اعتراض کیا ہے۔
مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور و اقلیتی امور کرن رجیجو نے پیر کے روز پہلی مرتبہ منعقد ہونے والی وقف ڈے تقریبات میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی تھی۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ میاں الطاف، کئی سرکاری عہدیدار اور مذہبی علما بھی موجود تھے۔ جموں و کشمیر وقف بورڈ کی سربراہی بی جے پی کی سینئر رہنما درخشاں اندرابی کررہی ہیں۔
ایک بیان میں متحدہ مجلس علما نے کہا کہ اسلام کا بنیادی اور ناقابل سمجھوتہ عقیدہ توحید، یعنی اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، کسی بھی شخص، شے، زمین یا مخلوق کو الوہیت کا درجہ دینے کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام اگرچہ وطن سے محبت کی ترغیب دیتا ہے، لیکن وطن سے محبت اور اسے معبود کا درجہ دینے کے درمیان واضح فرق کرتا ہے۔ تنظیم کے مطابق مادرِ وطن کو الوہیت سے منسوب کرنے کا کوئی بھی عمل مسلمانوں کے لیے غیر اسلامی اور ناقابل قبول ہے۔
کشمیر کے میرواعظ عمر فاروق کی سربراہی میں کام کرنے والی اس تنظیم نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ بھی اس گیت کے حوالے سے اسلامی موقف واضح کرچکا ہے اور مذہبی و آئینی بنیادوں پر اسے لازمی طور پر پڑھنے یا بجانے کی مخالفت کرچکا ہے۔
متحدہ مجلس علما نے اس پیش رفت کو انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ وقف بورڈ، جس کی ذمہ داری مسلم مذہبی اوقاف کا تحفظ ہے، نے ایک سرکاری تقریب میں وندے ماترم بجایا، حالانکہ ایسا کرنے کی کوئی قانونی پابندی نہیں تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ محض سرکاری تقریب ہونے کی بنیاد پر وندے ماترم بجانا قانونی طور پر لازمی نہیں تھا بلکہ یہ اختیاری عمل تھا۔ اس کے باوجود وقف بورڈ نے کشمیری مسلمانوں کے بنیادی مذہبی عقائد اور جذبات کو مکمل طور پر نظرانداز کرتے ہوئے یہ گیت بجایا، جس سے عوام کو شدید دکھ اور تکلیف پہنچی ہے۔
تنظیم نے مسلم اکثریتی خطے میں سرکاری تقریبات کے دوران وندے ماترم کو بڑھتے ہوئے معمول کا حصہ بنائے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات عوام میں بداعتمادی اور احساسِ بیگانگی کو مزید گہرا کرتے ہیں۔
متحدہ مجلس علما نے کہا کہ وہ اس معاملے میں قانونی رائے حاصل کرنے پر غور کررہی ہے اور حکام کو باضابطہ نمائندگی پیش کرے گی۔ تنظیم کا مطالبہ ہے کہ سرکاری تقریبات، تعلیمی اداروں اور عوامی پروگراموں میں اس گیت کو زبردستی مسلط کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور آئین میں دی گئی مذہبی آزادی اور ضمیر کی آزادی کا احترام کیا جائے۔
بیان میں مسلمانوں، بالخصوص مذہبی ذمہ داریاں ادا کرنے والے افراد کو بھی یاد دلایا گیا کہ وہ کسی بھی دباؤ، عہدے یا مصلحت سے قطع نظر اسلام کے بنیادی اصولوں پر قائم رہیں۔ تنظیم نے کہا کہ عقیدہ توحید کے معاملے میں نہ کوئی ابہام ہوسکتا ہے اور نہ ہی کوئی سمجھوتہ۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ نے قابل تجدید توانائی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے اور شروع کیے گئے منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت دی
جموں، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کو صاف توانائی کی طرف لے جانے، اہم منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور قابل تجدید توانائی کے بنیادی ڈھانچے کا بہترین استعمال یقینی بنانے پر زور دیا، تاکہ عوام کو اس کے حقیقی فوائد حاصل ہوسکیں۔
یہاں سول سکریٹریٹ میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے محکمے کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ، جن کے پاس یہ محکمہ بھی ہے، نے اہم اقدامات، ادارہ جاتی سرگرمیوں اور جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے عمل درآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور تحقیق، اختراع اور سائنسی بیداری کی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کے آغاز میں انتظامی سکریٹری ببلا رکوال نے جموں و کشمیر سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن کونسل (جے کے ایس ٹی آئی سی) اور جموں و کشمیر انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی (جاکیڈا) کے مقاصد، کامیابیوں، جاری منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی پیش کش کی۔
وزیر اعلیٰ کو پی ایم سوریہ گھر: مفت بجلی یوجنا کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ کیپیکس طریقہ کار کے تحت اب تک 9,025 سرکاری عمارتوں میں شمسی توانائی کے نظام نصب کیے جاچکے ہیں، جن کی مجموعی صلاحیت 96.10 میگاواٹ ہے۔
انہوں نے محکمے کو باقی سرکاری عمارتوں میں شمسی توانائی کے نظام کی تنصیب کا کام تیز کرنے اور یکساں بلنگ، بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں (ڈسکام) کی جانب سے ورچوئل نیٹ میٹرنگ (وی این ایم) کی سہولت اپنانے اور 10 کلوواٹ یا اس سے زیادہ صلاحیت کے شمسی توانائی کے پلانٹوں کے لیے سنگل فیز کنکشن کو تھری فیز کنکشن میں تبدیل کرنے سے متعلق مختلف محکموں کے درمیان مسائل حل کرنے کی ہدایت دی۔
قابل تجدید توانائی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے شمسی توانائی کی توسیع میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے قابل عمل امکانات تلاش کرنے کی بھی ہدایت دی۔
انہوں نے محکمے کے سال 2030 کے وژن کا جائزہ لیا، جس کے تحت 500 میگاواٹ شمسی فوٹو وولٹک صلاحیت، 100 میگاواٹ چھوٹے پن بجلی منصوبوں کی صلاحیت اور ہوا، ہائیڈروجن، بایوماس اور بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم (بی ای ایس ایس) کے شعبوں میں مجموعی طور پر 5 میگاواٹ صلاحیت حاصل کرنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے پی ایم سوریہ سروور یوجنا کے تحت آبی ذخائر میں شمسی توانائی پیدا کرنے کے امکانات تلاش کرنے اور جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع میں ماڈل سولر ولیج منصوبے کو جلد نافذ کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے منصوبوں کی مقررہ مدت پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے محکمے کو ہندواڑہ میں صنعتی بایوٹیکنالوجی پارک، راج باغ سری نگر میں ذیلی علاقائی سائنس مرکز اور سائنس اختراعی تشہیر مرکز اور سانبہ کے پٹیاری کلسٹر میں 240 کلوواٹ کے شمسی زرعی فوٹو وولٹک پریشر آبپاشی منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے 135.15 میگاواٹ کی مجموعی صلاحیت کے 62 چھوٹے پن بجلی منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا، جو اس وقت ترقیاتی مراحل میں ہیں۔ انہوں نے منصوبوں پر عمل درآمد میں تاخیر سے بچنے کے لیے ضروری جنگلاتی منظوریوں اور عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) کے حصول کے لیے مقررہ مدت میں مربوط کوششیں کرنے پر زور دیا۔
گھٹی، کٹھوعہ اور ہندواڑہ میں صنعتی بایوٹیکنالوجی پارکوں کے ساتھ مجوزہ مرکز برائے اختراع و امتیاز کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے انہیں بروقت فعال کرنے اور تحقیق، اختراع، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے ان کا مؤثر استعمال یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گھٹی میں مکمل ہوچکے بایوٹیکنالوجی پارک کو تجارتی اور تحقیقی سرگرمیوں کے لیے بہترین طریقے سے استعمال میں لایا جانا چاہیے۔
انہوں نے سری نگر میں ذیلی علاقائی سائنس مرکز کو مکمل طور پر فعال بنانے اور سائنسی موضوعات پر دلچسپ اور معلوماتی نمائشوں کے ذریعے لوگوں کو وہاں آنے کی ترغیب دینے کی بھی ہدایت دی۔ نوجوانوں میں سائنسی سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے محکمے کو سائنس سے متعلق بیداری کی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے اور سیارہ گھر جیسی سہولتیں تیار کرنے کی ہدایت دی، تاکہ سائنسی تعلیم کو زیادہ دلچسپ اور آسان بنایا جاسکے۔
ادویاتی اور خوشبودار پودوں کے لیے مجوزہ بایو فارمز کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ان کی تجارتی افادیت یقینی بنانے اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے بازاروں سے مضبوط روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ میں پی ایم کسم کے تحت نمایاں پیش رفت کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ جاکیڈا نے 5,000 کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 4,891 شمسی زرعی پمپ نصب کیے ہیں، اس طرح 97.8 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا ہے۔
اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی یو ایس ٹی)، اونتی پورہ میں 30 کلوواٹ کا شمسی توانائی سے چلنے والا برقی گاڑیوں کا چارجنگ اسٹیشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گوبردھن پروگرام کے تحت توانائی کے وسائل کے دوبارہ استعمال کو فروغ دینے کے لیے جموں و کشمیر کمپریسڈ بایو گیس (سی بی جی) پالیسی 2026 کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
ریسکو طریقہ کار کے تحت جاکیڈا کے ذریعے 152 میگاواٹ کی مجموعی صلاحیت کے 8,000 سرکاری عمارتوں اور این ایچ پی سی کے ذریعے 23 میگاواٹ کی صلاحیت کے مزید 1,500 سرکاری عمارتوں میں شمسی توانائی کے نظام نصب کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ جموں میں محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے لیے 8 میگاواٹ بجلی کی خریداری کا معاہدہ پہلے ہی طے پاچکا ہے۔
سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبے میں جے کے ایس ٹی آئی سی نے سال 2026 کے دوران کئی اہم سائنسی تقریبات کے کامیاب انعقاد کی تفصیلات پیش کیں۔ ان میں ایس کے آئی ایم ایس/ایس کے آئی سی سی میں جموں و کشمیر میڈیکل سائنس کانگریس، آئی یو ایس ٹی میں جموں و کشمیر سائنس کانگریس، ایس کے یو اے ایس ٹی کشمیر میں جموں و کشمیر زرعی سائنس کانگریس اور گورنمنٹ کالج فار ویمن، پریڈ، جموں میں جموں و کشمیر ویمن سائنس کانگریس شامل ہیں۔
آئندہ کے منصوبوں میں ‘سائنس آن ویلز’ شامل ہے، جس کے تحت ایک موبائل نمائش بس کے ذریعے تعلیمی اداروں سے باہر بھی سائنسی بیداری پھیلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر چلڈرن سائنس کانگریس، معذور افراد کے لیے معاون ٹیکنالوجی کے شعبے میں تحقیق و ترقی، مخصوص علاقوں کے مطابق صحت سے متعلق تحقیق اور پیٹنٹ و دانشورانہ ملکیت کے حقوق (آئی پی آر) کے لیے مالی امداد فراہم کرنے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے تحقیق اور اختراع کے نظام کو مضبوط بنانے، سائنسی بیداری کی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ تحقیق اور تکنیکی اقدامات جموں و کشمیر کے عوام کے لیے عملی حل، کاروباری مواقع اور معاشی ترقی کے نئے امکانات پیدا کریں۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
-
ہندوستان1 week agoملک کی باغبانی میں بہار، پھلوں، سبزیوں سے لے کر پھولوں تک ہر شعبے میں زبردست اضافہ: شیوراج سنگھ چوہان
-
جموں و کشمیر1 week agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
ہندوستان1 week agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
جموں و کشمیر1 week agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
جموں و کشمیر1 week agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان1 week agoہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
-
ہندوستان1 week agoمہنگائی کی مار سے 10 میں سے 6 خاندانوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا: دہلی کانگریس
-
دنیا1 week ago‘ڈرٹی بم’ حملے کی رپورٹ پر ٹرمپ کا ایران کو سخت انتباہ، الزامات کو مسترد کیا
-
ہندوستان1 week ago -
دنیا2 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا آبادی میں اضافے اور جلد شادی پر زور
-
دنیا5 days agoآبنائے ہرمز میں نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرانے سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی
-
کھیل3 days agoجموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے انتخابات کے لیے حتمی انتخابی فہرست میں 11 کلب شامل: ریٹرننگ افسر
