جموں و کشمیر
ایف اے اے امتحان میں نقل کے تنازع پر تنقید کے بعد جے کے ایس ایس بی نے آئندہ امتحانات کے لیے سکیورٹی سخت کردی
سرینگر، حال ہی میں منعقدہ فنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ (ایف اے اے) امتحان میں نقل کے معاملے پر بڑھتی ہوئی تنقید کے درمیان جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) نے آئندہ امتحانات کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ بورڈ نے کہا ہے کہ بعض ”غیر ذمہ دار عناصر” امتحانی عمل کو متاثر کرنے کے لیے ”تازہ ترین طریقۂ کار” استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کئی سیاسی قائدین نے جے کے ایس ایس بی کے آئندہ امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے بھرتی کے عمل کی ساکھ اور شفافیت پر سوال اٹھاتے ہوئے ایف اے اے امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے لیے جواب دہی طے کرنے پر زور دیا ہے۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر پولیس نے نقل کے معاملے کی تحقیقات کے دوران پہلے ہی 20 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
بورڈ کے کنٹرولر امتحانات نے نئے حفاظتی اقدامات کی تفصیلات جاری کی ہیں۔
نئے انتظامات کے تحت ڈپٹی کمشنر پہلے سے نشان زد کیے گئے عملے کے پول میں سے رینڈمائزیشن کے طریقۂ کار کے ذریعہ امتحانی مراکز پر نگرانی کے لیے عملے کا تقرر کریں گے۔ امیدواروں کو امتحانی مراکز بھی پہلے کی طرح اتفاقی طریقے سے الاٹ کیے جائیں گے، تاہم اب ایڈمٹ کارڈ امتحان سے سات دن قبل کے بجائے صرف تین دن پہلے ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
بورڈ نے بتایا کہ پولیس محکمہ کے ساتھ مشاورت کے بعد امتحانی مراکز کی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا ہے۔
امیدواروں اور امتحانی عملے کی تلاشی کی نگرانی کی ذمہ داری مجسٹریٹس کو سونپی گئی ہے۔ انہیں یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی غیر مجاز شخص امتحانی مرکز میں داخل نہ ہو اور امتحان مکمل ہونے تک کسی کو وہاں سے باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
شیش ناگ تنازع: محبوبہ مفتی کا کارکنوں کو ہراساں کرنے کا الزام، عمر عبداللہ سے بی آر او کے ساتھ مفاہمت نامہ منسوخ کرنے کا مطالبہ
سری نگر، جموں و کشمیر کے وزیر جنگلات الطاف احمد وانی کی جانب سے بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کو کلین چٹ دیے جانے کے ایک روز بعد پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے جمعرات کو الزام لگایا کہ شیش ناگ جھیل کے قریب بھاری مشینری کے استعمال سے تعمیراتی کام کا معاملہ اٹھانے والوں کو وادی میں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بی آر او کے ساتھ کیا گیا مفاہمت نامہ منسوخ کیا جائے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے تو انہیں جائے وقوعہ کا دورہ کرنے سے کیوں روکا گیا؟
انہوں نے کہاکہ ”اگر حکومت کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے تو مجھے وہاں جانے کی اجازت کیوں نہیں دی گئی؟”
محبوبہ مفتی نے بتایا کہ ”سیو شیش ناگ، سیو کشمیر” مہم چلانے والے نوجوانوں کو پولیس تھانوں میں طلب کیا گیا اور ان کے موبائل فون ضبط کرلیے گئے، جبکہ آن لائن عرضی شروع کرنے والی ایک نوجوان خاتون کو بھی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہاکہ ”کل جموں و کشمیر کے وزیر کے اس بیان کے بعد سے کہ وہاں سب کچھ ٹھیک ہے، ان لوگوں کے حوصلے مزید بڑھ گئے ہیں۔ کیا یہ کہنا کوئی جرم ہے کہ کشمیر کو بچاؤ، شیش ناگ کو بچاؤ، اپنے ماحولیات کو بچاؤ اور امرناتھ یاترا کا تحفظ کرو؟”
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب مبینہ طور پر ایک جے سی بی آپریٹر کی جانب سے اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں بلند پہاڑی علاقے میں واقع جھیل کے قریب بھاری مشینری دکھائی دی۔
محبوبہ مفتی نے سوال کیاکہ ”جے سی بی مشین ساڑھے تین ہزار میٹر سے زیادہ بلندی پر کیسے پہنچ گئی؟ اور ہماری حکومت نے اس کی اجازت کیسے دے دی؟ دنیا میں کہیں بھی آپ کو ایسی صورت حال نہیں ملے گی جہاں اتنی بلندی پر واقع جھیل کے قریب جے سی بی مشین لے جائی جائے۔”
انہوں نے اس معاملے کو سیاسی یا مذہبی مسئلہ قرار دینے کے بجائے کشمیر کے وجود اور مستقبل سے جڑا ایک اہم معاملہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گلیشیئر، جھیل اور اس کے اطراف کے جنگلات کے قدرتی ماحول میں چھیڑ چھاڑ سے امرناتھ غار میں برفانی شیو لنگ کی تشکیل بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر پولیس نے ریاسی میں متعدد دہشت گردانہ معاملات میں مطلوب مفرور دہشت گرد کو گرفتار کرلیا
جموں، ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے ضلع ریاسی میں دو دہائیوں سے زائد عرصے سے مفرور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، گرفتار ملزم کی شناخت محمد منشا کے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع ریاسی کے تھورو لسولی کا رہنے والا ہے۔ وہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے قانون کی گرفت سے بچ رہا تھا اور پولیس اہلکار کے قتل سمیت سنگین جرائم کے متعدد معاملات میں مطلوب تھا۔
ملزم پولیس اسٹیشن ماہو رے میں درج ایک معاملے میں متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مطلوب تھا۔ اس واقعے میں جموں و کشمیر پولیس کے ایک اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملزم کے خلاف چارج شیٹ مجاز عدالت میں پیش کی گئی تھی، جس کے بعد اسے مفرور قرار دے دیا گیا تھا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج، ریاسی کی عدالت نے 6 دسمبر 2001 کو ملزم کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیا تھا۔
محمد منشا 2000 سے 2007 کے دوران سرگرم دہشت گرد تھا اور اس نے 2007 میں سکیورٹی فورسز کے سامنے خودسپردگی کردی تھی۔ تاہم خودسپردگی کے باوجود وہ قانونی کارروائی سے بچتا رہا اور قانون کی گرفت سے باہر رہا۔
وہ 2000 سے 2007 کے درمیان درج کیے گئے 13 فوجداری معاملات میں مطلوب تھا۔ ان معاملات میں قتل، اقدامِ قتل، مجرمانہ سازش، حکومت کے خلاف جنگ چھیڑنے اور آرمس ایکٹ کی خلاف ورزی جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق، مسلسل کوششوں، محتاط منصوبہ بندی اور قابلِ اعتماد خفیہ معلومات کی بنیاد پر پولیس اسٹیشن ماہو رے اور ضلع مفرور ملزمین کی تلاش کے لیے قائم خصوصی یونٹ کے اہلکاروں پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جسے ضلع اونتی پورہ کے ترال روانہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پیشہ ورانہ مہارت، مسلسل کوششوں اور بین اضلاع تال میل کے نتیجے میں ٹیم نے اونتی پورہ پولیس کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا اور اسے کامیابی کے ساتھ گرفتار کرلیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اس گرفتاری سے ضلع ریاسی پولیس کو ایک اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے اور دو دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری تلاش بالآخر کامیابی پر ختم ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی مفرور ملزمین، خصوصاً سنگین جرائم میں ملوث افراد کو تلاش کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ریاسی پولیس کے عزم اور مسلسل کوششوں کا ثبوت ہے۔ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ وقت گزرنے یا جغرافیائی حدود کی تبدیلی کے باوجود قانون سے بچنے والوں کو انصاف کے کٹہرے تک پہنچانے کی کوششیں جاری رہتی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ضلع ریاسی پولیس قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ کوئی بھی مجرم، خواہ وہ کتنے ہی عرصے تک قانونی کارروائی سے بچتا رہے، جواب دہی سے بچ نہ سکے۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
تعلیمی اسناد میں جعل سازی: ای او ڈبلیو کشمیر نے بانڈی پورہ کے تین باشندوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کردی
سری نگر، کرائم برانچ کے اکنامک آفینسز ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے محکمہ خوراک، شہری رسد اور امور صارفین میں کلاس فور کی آسامیوں کے حصول کے لیے مبینہ طور پر تعلیمی اسناد میں جعل سازی کرنے کے معاملے میں بانڈی پورہ کے تین باشندوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کردی ہے۔ حکام نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔
حکام کے مطابق، اس معاملے میں سال 2021 میں رنبیر پینل کوڈ کی دفعات 420، 467، 468 اور 471 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ چارج شیٹ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، بانڈی پورہ کی عدالت میں پیش کی گئی ہے۔
ملزمان کی شناخت زاہد مجید میر، الفت جان اور رقیہ اختر کے طور پر کی گئی ہے۔ تینوں بانڈی پورہ کے رہنے والے ہیں۔
یہ معاملہ محکمہ کی جانب سے 2017 میں مشتہر کی گئی کلاس فور کی آسامیوں کے لیے بھرتی کے عمل میں ناکام رہنے والے امیدواروں کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔ شکایت کنندگان نے الزام لگایا تھا کہ تینوں ملزمان نے انتخابی عمل میں غیر منصفانہ فائدہ حاصل کرنے کے لیے زیادہ نمبر ظاہر کرتے ہوئے ترمیم شدہ اور اسکین شدہ تعلیمی اسناد جمع کرائی تھیں۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ زاہد نے دسویں جماعت میں اپنے نمبر 500 میں سے 359 سے بڑھا کر 420 اور بارہویں جماعت میں 500 میں سے 295 سے بڑھا کر 393 ظاہر کیے تھے۔
اسی طرح الفت جان نے دسویں جماعت میں اپنے حقیقی نمبر 185 کے بجائے 500 میں سے 336 اور بارہویں جماعت میں حقیقی نمبر 297 کے بجائے 750 میں سے 492 نمبر ظاہر کیے تھے۔
جعل سازی کے سب سے سنگین معاملے میں رقیہ اختر نے دسویں جماعت میں اپنے نمبر 500 میں سے 261 سے بڑھا کر 405 ظاہر کیے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بارہویں جماعت کی ایسی سند بھی جمع کرائی تھی جس میں 750 میں سے 629 نمبر درج تھے، تاہم جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے تصدیق کی کہ وہ اس امتحان میں کبھی شریک ہی نہیں ہوئی تھیں۔
فارنزک سائنس لیبارٹری نے بھی تعلیمی اسناد میں جعل سازی کی تصدیق کی ہے۔
ای او ڈبلیو کے مطابق، دستیاب شواہد تینوں ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی، جعل سازی اور جعلی دستاویزات کے استعمال کے جرائم کو ثابت کرتے ہیں۔ اب یہ معاملہ عدالتی کارروائی اور مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت میں زیر غور ہے۔
یواین آئی۔ ط ا
-
جموں و کشمیر1 week agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
جموں و کشمیر1 week agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان1 week agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
جموں و کشمیر1 week agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان1 week agoہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
-
ہندوستان1 week agoمہنگائی کی مار سے 10 میں سے 6 خاندانوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا: دہلی کانگریس
-
ہندوستان1 week ago -
کھیل3 days agoجموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے انتخابات کے لیے حتمی انتخابی فہرست میں 11 کلب شامل: ریٹرننگ افسر
-
دنیا2 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا آبادی میں اضافے اور جلد شادی پر زور
-
دنیا5 days agoآبنائے ہرمز میں نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرانے سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی
-
جموں و کشمیر1 week agoوزیر اعلیٰ جموں و کشمیر پونچھ میں عوام کے نام 92.84 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے وقف کریں گے
-
دنیا5 days agoسعودی اتحاد کا جازان کی جانب داغے گئے حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
