ہندوستان
مودی حکومت کی پالیسیوں نے معاشی لبرلائزیشن کو برباد کر دیا: کھرگے
نئی دہلی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مودی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حکومت نے عام لوگوں کے مفادات کو نظر انداز کر کے صارفین کے لیے متعدد اختیارات کی مسابقت کو ختم کر دیا ہے اور منتخب سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے، جس سے معاشی لبرلائزیشن کی بنیاد برباد ہو گئی ہے۔
مسٹر کھرگے نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر لکھا کہ مودی حکومت کی معاشی پالیسیوں کا مقصد معیشت کا کنٹرول اپنے چہیتے سرمایہ دار دوستوں کے ہاتھوں میں سونپنا ہے، تاکہ بدلے میں منافع میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا حصہ برقرار رہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسابقت کو ختم کر کے اجارہ داری اور دو کمپنیوں کے غلبے والے نظام کو نافذ کر کے بی جے پی کے خزانے کو بھرنے کا کام کیا گیا ہے۔
کانگریس صدر نے کہا کہ ٹیلی کام کے شعبے میں 2014 سے پہلے 13 کمپنیاں تھیں، جبکہ اب صرف تین بڑی نجی کمپنیاں رہ گئی ہیں۔ اسی طرح اندرونِ ملک ہوا بازی کے شعبے میں 2014 سے پہلے سات کمپنیوں کے مقابلے اب صرف دو بڑی کمپنیاں رہ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی، سیمنٹ اور فوڈ ڈیلیوری ایپس سمیت مختلف شعبوں میں حکومت کی ترجیح مسابقت کو ختم کرنا رہی ہے۔ مسٹر کھرگے نے کہا کہ کانگریس معاشی لبرلائزیشن کی بانی ہے، جبکہ بی جے پی پر اپنے منافع کے لیے ‘معاشی دہشت گردی’ نافذ کرنے کا الزام لگایا۔
مسٹر کھرگے نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں سے مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای) اور دیگر چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو نقصان پہنچا ہے نیز ملک کے نوجوانوں کو شدید بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
ہندوستان کا ہنرمندی کا نظام اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہا ہے : جینت چودھری
از: جینت چودھری
نئی دہلی، سال 2014 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ہمارے ملک کی ترقی میں ‘شرمیو جیتے’ کی طاقت بھی ‘ستیَہ مَیو جَیتے’ کے برابر ہے۔لکھنؤ میں پانچویں ‘کوشل دکشانت سماروہ’ یعنی ہنرمندی کے شعبے کی فارغ التحصیلی تقریب میں اس یقین نے ایک اہم پیش رفت کی، جہاں ہمارے بہترین تربیت یافتہ افراد کو اعزاز سے نوازا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے اعلان کیا کہ ہندوستان 2027 میں ورلڈ اسکلز ایشیا کے اگلے مقابلے کی میزبانی اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں کرے گا۔ محض ایک سال قبل ہندوستان نے ورلڈ اسکلز ایشیا میں شرکت کے لیے اپنا پہلا دستہ بھیجا تھا اور اب پہلی مرتبہ ورلڈ اسکلز کا کوئی مقابلہ ہندوستان میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان کا ہنرمندی کا نظام اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہا ہے اور دنیا اس کا اعتراف کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہاروزیر مملکت برائے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزارت فروغ ہنرمندی اور کاروبار، تعلیم جینت چودھری نے یہاں جاری ایک ریلیز میں کیا۔
انھون نے کہا کہ ہندوستانی تہذیب نے ہمیشہ تخلیق کاروں اور ہنرمندوں کو عزت دی ہے۔ ہم اپنی کارگاہوں اور کارخانوں میں بھگوان وشوکرما کی پوجا کرتے ہیں، اپنے دستکاروں کی جدت طرازی پر فخر کرتے ہیں اور ان کی تیار کردہ اشیا کی قدر کرتے ہیں۔ اس کے باوجود، بہت سے خاندانوں کے لیے ہنرمندی کا حصول آج بھی دوسرا انتخاب ہے۔ ترجیح اب بھی ڈگری حاصل کرنے کو دی جاتی ہے، حالاںکہ کوئی اچھی فنی اہلیت روزگار اور پیشہ ورانہ اطمینان کے حصول کا زیادہ براہِ راست راستہ فراہم کر سکتی ہے۔ ‘کوشل دکشانت سماروہ’ کا تصور اسی یقین کے ساتھ پیش کیا گیا تھا کہ کسی صنعتی تربیتی ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے نوجوان الیکٹریشن یا مشین ساز کو بھی اتنی ہی باوقار تقریب ملنی چاہیے، جتنی کسی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طالب علم کو ملتی ہے۔
انھون نے کہا کہ وشوکرما جینتی کے موقع پر 2022 میں پہلی بار منعقد ہونے والی اس تقریب نے یہ ثابت کیا کہ فنی تعلیم کی بے پناہ اہمیت ہے۔ اگر ایسی تقریب فنی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ان کی حقیقی قدر و منزلت کا احساس دلاتی ہے، تو کسی بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی پوری قوم کو یہ پیغام دیتی ہے کہ ان کی مہارت عالمی سطح پر بھی قابلِ قدر ہے۔ کل لکھنؤ میں منعقدہ تقریب نے یہ دکھایا کہ نئی نسل کی صلاحیتیں کہاں سے ابھر کر سامنے آئیں گی۔ اعزاز حاصل کرنے والوں میں مغربی بنگال کے رام کرشن مشن بلائنڈ بوائز اکیڈمی کے نابینا دھات کاٹنے کی تربیت حاصل کرنے والے امیت بیراگی، پوری کے موٹر گاڑیوں کے مستری سپریتی موہاپاترا اور الیکٹرانکس کے مستری شہباز خان شامل تھے، جنہوں نے علی گنج میں اسی ہال سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر تربیت حاصل کی تھی، جہاں انہیں اعزاز سے نوازا گیا۔ 52 نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں میں نصف سے زیادہ خواتین تھیں۔
وزیر موصوف نے کہا کہ مطالعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جیسے جیسے زیادہ آجر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو اپنا رہے ہیں، ویسے ویسے اعلیٰ مہارت رکھنے والے کارکنوں کی مانگ بڑھ رہی ہے، جب کہ حالیہ فارغ التحصیل نوجوانوں کو کئی برسوں کے سب سے دشوار روزگار بازار کا سامنا ہے۔ اے ڈی پی کی ‘پیپل ایٹ ورک 2026’ رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں 80 فی صد ملازمین ہفتے میں کئی مرتبہ مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہیں اور 41 فی صد تقریباً روزانہ اس کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ شرح سروے میں شامل تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہے، جس سے ہندوستان کو موجودہ حالات میں ایک منفرد موقع حاصل ہوا ہے۔
انھون نے کہا کہ دنیا بھر میں ہونے والی تحقیق بھی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ہنرمندی کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کے مطابق، 2030 تک 17 کروڑ نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، جب کہ 9 کروڑ 20 لاکھ موجودہ ملازمتیں ختم ہو جائیں گی۔ فورم کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہر 100 کارکنوں میں سے 59 کو تربیت کی ضرورت ہوگی۔ ‘دی اکانومسٹ’ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، مصنوعی ذہانت کے باعث اب تک امریکہ میں تقریباً 10 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں، جب کہ اس کے سبب تقریباً 2 لاکھ ملازمین کی برطرفی کی بات سامنے آئی ہے۔ ان میں سے بہت سی نئی ملازمتیں ایسے الیکٹریشنز، تکنیکی ماہرین اور تنصیب کاروں کے لیے ہیں، جو ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر اور دیکھ بھال کرتے ہیں۔
انھون نے کہا کہ مصنوعی ذہانت ہنرمند افرادی قوت کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی ضرورت بھی بڑھا رہی ہے۔ اسی سمت میں وزیر اعظم نے گزشتہ سال کی فارغ التحصیلی تقریب میں ‘پی ایم-سیتو’ کا آغاز کیا تھا۔ اس اسکیم کے لیے 60,000 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت 1,000 صنعتی تربیتی اداروں کو جدید بنایا جائے گا۔ اب یہ اسکیم منصوبہ بندی سے عملی نفاذ کی جانب بڑھ رہی ہے اور 15 کلسٹروں کے لیے سرمایہ کاری کے منصوبوں کو منظوری دی جا چکی ہے، جن میں سے ہر ایک کے ساتھ ایک اہم صنعتی شراکت دار وابستہ ہوگا۔ ہمارے ادارے ان کے مطابق کارگاہیں اور تجربہ گاہیں قائم کریں گے، جب کہ آجروں کو مطلوبہ ہنرمند افراد ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گے۔
ورلڈ اسکلز ایشیا جیسے مقابلے ہنرمندی کی تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ گزشتہ نومبر میں تائی پے میں منعقدہ ورلڈ اسکلز ایشیا مقابلے میں اپنی پہلی شرکت کے موقع پر ہندوستان نے 29 ممالک میں آٹھویں مقام پر کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب، 2015 میں ساؤ پاؤلو میں منعقدہ ورلڈ اسکلز مقابلے میں 29ویں مقام پر رہنے کے بعد، ہم نے اس سال ستمبر میں شنگھائی میں پہلی مرتبہ سرفہرست 10 ممالک میں جگہ بنائی۔ ایسے مقابلوں کی اہمیت کا اندازہ صرف تمغوں یا درجہ بندی سے نہیں لگایا جا سکتا۔ ان کے اثرات کہیں زیادہ گہرے ہوتے ہیں اور ان سے پیدا ہونے والی امنگوں میں بھی پوشیدہ ہوتے ہیں۔ انسان جس چیز کو قریب سے دیکھتا ہے، اس کا حصہ بننے کی خواہش بھی اسی کے دل میں پیدا ہوتی ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ 1997 میں 15 سالہ جھولن گوسوامی ایڈن گارڈنز کے میدان کی حد پر کھڑی ہو کر خواتین کے عالمی کپ کا فائنل دیکھ رہی تھیں۔ وہ اس میدان سے ہندوستان کے لیے کھیلنے کے عزم کے ساتھ واپس لوٹیں اور آگے چل کر خواتین کی یک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی کھلاڑی بنیں۔ گریٹر نوئیڈا، جہاں انڈیا اسکلز قومی مقابلہ 2025-26 منعقد ہوا تھا، اب بہت سے مزید خواہش مند نوجوانوں کو وہی منظر دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا، جس کا مشاہدہ اب تک صرف مقابلے میں حصہ لینے والے ہی کر سکتے تھے۔ اتر پردیش کا کوئی تربیت یافتہ نوجوان، جو ابھی مقابلے کا حصہ نہیں بنا ہے، اس ہال میں داخل ہو کر ایشیا کے بہترین ہنرمندوں کو قریب سے کام کرتے ہوئے دیکھ سکے گا اور اگلی بار اسی اسٹیج پر کھڑے ہونے کا ہدف مقرر کر سکے گا۔
ورلڈ اسکلز ایشیا کی میزبانی کی تیاریوں سے بین الاقوامی معیار اور تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع بھی ملے گا، جس سے تجارتی ہنرمندی کے امتحانات، جانچ کے طریقۂ کار اور تربیت کے معیار کے بارے میں ہماری سوچ کو نئی سمت ملے گی۔ ہندوستانی تربیت کار اور صنعتی ماہرین ایشیا کے دیگر ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ تبادلۂ خیال کر سکیں گے، جب کہ یہ مقابلہ ہنرمندی کے شعبے کو اسکول کے طلبہ اور ان کے خاندانوں کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ریاستی اور قومی سطح پر منعقد ہونے والے انڈیا اسکلز مقابلے اس سفر کا ایک اہم حصہ ہوں گے۔
یہ مقابلے صلاحیتوں کی شناخت، ہنرمندی کی جانچ اور نوجوان مقابلہ کرنے والوں کو دباؤ کے حالات میں اپنی کارکردگی دکھانے کا تجربہ فراہم کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں۔ نوجوانوں کے جوش و جذبے کی تصدیق انڈیا اسکلز 2026-27 کے لیے موصول ہونے والے ردعمل سے بھی ہوتی ہے، جس میں اب تک 63 ہنرمندیوں کے شعبوں میں 4.5 لاکھ سے زیادہ اندراجات ہو چکے ہیں۔
وزارت ہنرمندی کی ترقی اور کاروبار کی وزارت کے قیام کے بعد سے اس محکمے نے ایسے ضوابط، معیارات اور ادارے تشکیل دیے ہیں، جو عالمی معیار کی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہیں۔ ورلڈ اسکلز ایشیا کی میزبانی، ہندوستان کو عالمی ہنرمندی کا مرکز بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ یہ راستہ آسان نہیں، جیسا کہ رومی مصنف سینیکا نے لکھا ہے: ‘نون ایسٹ اَڈ آسٹرا مولِس ای ٹیرِس ویا’، یعنی زمین سے ستاروں تک پہنچنے کا راستہ آسان نہیں ہوتا۔ ہر تمغے کے پیچھے ایک ایسا تربیت یافتہ نوجوان ہوتا ہے، جس نے آسان راستے کے بجائے محنت کا انتخاب کیا۔ 2027 میں ایشیا ہمارے دروازے پر دستک دے گا اور ہندوستان دنیا کو ان ستاروں کی جھلک دکھائے گا، جن تک پہنچنے کے لیے اس کے ہنرمند ہاتھ کوشاں ہیں۔
یو این آئی۔ ایف اے۔ م الف
ہندوستان
شرومنی اکالی دل کی این ڈی اے میں واپسی، پنجاب میں بی جے پی کے ساتھ مل کر انتخابات لڑے گا
نئی دہلی، شرومنی اکالی دل منگل کو چھ سال بعد ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) میں شامل ہوگیا اور اس نے پنجاب میں اسمبلی انتخابات بی جے پی کے ساتھ مل کر لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
بی جے پی کے قومی صدر نتن نبین، پارٹی کے سینئر رہنما اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور شرومنی اکالی دل کے صدر سکھبیر سنگھ بادل نے منگل کو یہاں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اس سلسلے میں اعلان کیا۔ اکالی دل نے مودی حکومت کے تین متنازع زرعی قوانین کے خلاف ستمبر 2020 میں بی جے پی سے اپنا 24 سال پرانا رشتہ توڑ لیا تھا۔ اکالی دل کی رہنما ہرسمرت کور نے مرکزی کابینہ سے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔ بعد ازاں مودی حکومت نے ان تینوں قوانین کو منسوخ کردیا تھا۔
مسٹر بادل نے کہا کہ یہ محض ایک سیاسی سمجھوتہ نہیں، بلکہ پنجاب کے مفاد میں قائم کیا گیا ایک ”جذباتی اتحاد” ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکالی دل کوئی نئی سیاسی جماعت نہیں ہے، بلکہ 106 سال کی شاندار تاریخ کے ساتھ ہندوستان کی قدیم ترین جماعتوں میں سے ایک ہے۔ ملک کی آزادی کی جدوجہد سے لے کر پنجاب کی ترقی اور فلاح و بہبود تک اس تاریخی جماعت کا انتہائی اہم کردار رہا ہے۔ یہ اتحاد ریاست میں امن و سکون، خوشحالی اور ترقی کے لیے وقف ہے۔
بی جے پی اور اکالی دل کے سرکردہ رہنماؤں کی موجودگی میں مسٹر شاہ نے اکالی دل کی این ڈی اے میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا، ”جب پورا ملک شری گرو نانک دیو کا پرکاش پرو منا رہا ہے، ایسے وقت میں ہم سب کے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ ہمارا سب سے پرانا ساتھی شرومنی اکالی دل ایک بار پھر ہمارے ساتھ آگیا ہے۔” انہوں نے مسٹر بادل اور اکالی دل کے تمام رہنماؤں کا این ڈی اے میں خیرمقدم کیا۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ پنجاب میں آئندہ اسمبلی انتخابات بی جے پی اور اکالی دل مل کر لڑیں گے اور آج سے اکالی دل این ڈی اے کے اتحادی کے طور پر کام کرے گا۔
اتحاد میں نشستوں کی تقسیم کے بارے میں بات چیت بعد میں ہوگی۔
مسٹر نبین نے کہا کہ پنجاب اور ملک کے مفاد میں ایک انتہائی اہم فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ پرکاش پرو کے موقع پر پورے پنجاب میں ترقی، انصاف اور اچھی حکمرانی کی روشنی پھیلے گی۔ انہوں نے کہا، ”میں سکھبیر سنگھ بادل جی اور ان کی پارٹی کے ارکان کو اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ این ڈی اے اتحاد میں آپ کی شمولیت سے ہمیں مزید مضبوطی ملے گی۔ ہم پنجاب کے نوجوانوں کے لیے ان کی اپنی ریاست میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، خواتین کی حفاظت یقینی بنانے اور ترقی پر مبنی حکومت تشکیل دینے کا عزم کرتے ہیں۔”
بی جے پی صدر نے کہا، ”ہم پنجاب کو، جس کی بہادری، شجاعت، خوشحالی اور بہادر سپوتوں کی شاندار تاریخ رہی ہے، ایک ترقی یافتہ ریاست بنانے کی سمت آگے لے جائیں گے۔ ایک ترقی یافتہ پنجاب، ‘ترقی یافتہ ہندوستان’ کی تعمیر کے خواب میں انمول تعاون دے گا۔”
انہوں نے کہا کہ ہندو۔سکھ اتحاد کا موضوع سکھ گروؤں کی جانب سے دی گئی قربانیوں سے بھی وابستہ ہے۔ 1675 میں گرو تیغ بہادر جی نے کشمیری پنڈتوں کی حفاظت اور مذہب کی تبدیلی روکنے کے لیے اپنی جان قربان کردی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسی قربانی نے انہیں وہ عزت اور احترام دلایا، جو ہندو۔سکھ ہم آہنگی سے جڑا ہوا ہے۔
مسٹر نبین نے کہا، ”آج مجھے یقین ہے کہ ہم ان پیغامات کو سماج اور پورے پنجاب تک پہنچائیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جس طرح سکھ برادری کے احترام اور پنجاب کی ترقی کے لیے مسلسل تعاون کیا ہے، اس سے مجھے بہت اعتماد ملتا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ شرومنی اکالی دل کے ساتھ یہ اتحاد ایک فطری اتحاد ہے۔ اتحاد کے شراکت داروں، پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کے درمیان ایک فطری ربط ہے، جو اب ایک بار پھر متحد ہوکر پنجاب کی ترقی کے لیے آگے بڑھیں گے۔”
انہوں نے کہا کہ سکھ گروؤں کا دیا ہوا ‘سب کی فلاح’ کا پیغام اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کا دیا ہوا انصاف اور اچھی حکمرانی کا پیغام، ان دونوں پیغامات کو بی جے پی اور شرومنی اکالی دل مل کر پنجاب میں آگے بڑھائیں گے۔
بی جے پی صدر نے کہا، ”مجھے پورا یقین ہے کہ این ڈی اے اتحاد کے تحت ایک ساتھ آکر ہم پنجاب کے تئیں اپنی عہد بستگی پوری کرنے کی سمت کام کریں گے۔ مسٹر مودی کی قیادت میں ہماری حکومت نے پنجاب کو منشیات سے پاک بنانے کا عزم کیا ہے۔ ہم ایسی حکومت تشکیل دینے کا عزم کریں گے جو پنجاب کے نوجوانوں کو ان کی اپنی ریاست میں ہی روزگار فراہم کرے، خواتین کی حفاظت یقینی بنائے اور ترقی پر توجہ مرکوز کرے، ساتھ ہی ہر عام شہری کا بھی خیال رکھے۔”
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
سونیا کی کتاب میں کئی باتیں چھوٹ گئی ہیں: راہل
نئی دہلی، کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ان کی والدہ سونیا گاندھی کی کتاب ‘بلانگنگ: اے جرنی آف لو’ کے 500 سے زیادہ صفحات ہونے کے باوجود اس میں کئی باتیں شامل ہونے سے رہ گئی ہیں۔
مسٹر گاندھی نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہا کہ ان کی ساتویں سالگرہ بھی منصوبے کے مطابق نہیں منائی جا سکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ گاندھی کے 2004 میں وزیر اعظم نہ بننے کے فیصلے سے کچھ لوگوں کو راحت ملی، جبکہ کچھ دوسرے لوگوں کو خوشی ہوئی۔
انہوں نے اپنے والد راجیو گاندھی کی حفاظت سے متعلق ایک معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ ان کے والد کی سکیورٹی واپس لینے کے پیچھے بھی ایک مقصد تھا۔ مسٹر گاندھی نے بتایا کہ انہوں نے اور ان کی بہن پرینکا گاندھی نے اپنی والدہ کے ساتھ بیٹھ کر ان تمام واقعات پر تبادلہ خیال کیا اور پرانی یادیں تازہ کیں۔ ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے اس وقت کی خوشی، ہنسی اور درد ایک بار پھر محسوس ہوا۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ ان کی والدہ کی زندگی کے سفر میں بے پناہ محبت اور انتہائی دردناک واقعات شامل رہے ہیں اور انہوں نے ان تمام حالات کا سامنا وقار اور ہمت کے ساتھ کیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اس گفتگو کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
اس دوران محترمہ گاندھی نے بھی اسی سلسلے میں ‘ایکس’ پر لکھاکہ ”میں نے اپنی یادوں کی بنیاد پر ‘بلانگنگ’ لکھی۔ راہل اور پرینکا نے بھی اپنی یادیں شیئر کیں اور ان کہانیوں کو ایک نئی زندگی مل گئی۔
میرے بچے میری سب سے بڑی خوشی اور طاقت ہیں اور وہ دو ایسے لوگ ہیں جو کسی بھی دوسرے شخص کے مقابلے میں میرے صبر کا سب سے زیادہ امتحان لیتے ہیں۔”
یو این آئی۔ این یو۔
-
تجزیہ1 week agoایران۔امریکہ۔اسرائیل جنگ اورعالمی سطح پرفوسل فیول کے اخراج میں کمی
-
ہندوستان1 week agoملک کی باغبانی میں بہار، پھلوں، سبزیوں سے لے کر پھولوں تک ہر شعبے میں زبردست اضافہ: شیوراج سنگھ چوہان
-
ہندوستان1 week agoآسیان- ہندوستان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے مودی منیلا پہنچے
-
جموں و کشمیر6 days agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
ہندوستان1 week agoدسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں انتخابی مہم تیز کرے گی کانگریس، راہل اور پرینکا گاندھی بھی سنبھالیں گے محاذ
-
جموں و کشمیر6 days agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان6 days agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
دنیا1 week agoہندستان، امریکہ سمیت 10 ممالک نے سپر انٹیلی جنس دور کی سپلائی چین کو محفوظ بنانے کے لیے اعلامیے پر دستخط کیے
-
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا
-
جموں و کشمیر6 days agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان6 days agoہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
-
ہندوستان6 days agoمہنگائی کی مار سے 10 میں سے 6 خاندانوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا: دہلی کانگریس
