جموں و کشمیر
کشمیر میں دو روزہ بارش اور برف باری کے بعد موسم بہتر ہونے کی پیش گوئی، 15 نومبر سے موسم خشک رہے گا
سرینگر، کشمیر میں دو روز تک بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد موسم میں بہتری آنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مرکز سرینگر نے پیش گوئی کی ہے کہ 15 نومبر سے وادی کشمیر میں عمومی طور پر موسم خشک رہے گا، تاہم 20 اور 21 نومبر کو مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پانچ روزہ پیش گوئی کے مطابق، ہفتہ کے روز مطلع عمومی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ دوپہر اور سہ پہر کے اوقات میں بعض مقامات سے لے کر کئی علاقوں تک ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا مختصر سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 15 سے 21 نومبر تک جموں و کشمیر میں موسم عمومی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم 20 اور 21 نومبر کو مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے۔ اسی طرح 22 سے 25 نومبر کے دوران بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے موسم کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 15 نومبر سے اپنی زرعی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دیں۔
دریں اثنا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران درج کی گئی بارش کے اعداد و شمار کے مطابق، گاندربل ضلع کے مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں سب سے زیادہ 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ میں 18 ملی میٹر جبکہ معروف اسکی ریزورٹ گلمرگ میں 11.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔
شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں 5 ملی میٹر جبکہ مشہور پہاڑی سیاحتی مقام پہلگام میں 3.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ اور کوکرناگ میں بالترتیب 2 ملی میٹر اور 1.3 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ گرمائی دارالحکومت سرینگر میں ایک ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
ادھر، وادی کے بیشتر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سیلسیس زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، وادی کشمیر میں گلمرگ سرد ترین مقام رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 7.4 ڈگری سیلسیس جبکہ پہلگام میں 2.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
جموں: جعلی سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر ملازمت حاصل کرنے کے معاملے میں کرائم برانچ نے فردِ جرم داخل کی
جموں، جموں کی کرائم برانچ (اقتصادی جرائم شاخ) نے کشتواڑ کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ایک ملزم کے خلاف فردِ جرم داخل کی ہے۔ ملزم پر جعلی اور فرضی اسکول چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ (ٹی سی) دھوکہ دہی سے استعمال کرکے محکمہ جنگلات میں سرکاری ملازمت حاصل کرنے کا الزام ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق، یہ فردِ جرم ضلع کشتواڑ کے پاڈر علاقے میں واقع تتہ پانی کے رہنے والے شمشیر سنگھ کے خلاف داخل کی گئی ہے۔ یہ معاملہ محکمہ جنگلات کی جانب سے بھیجی گئی ایک شکایت کے بعد شروع ہوا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم نے ایک جعلی تعلیمی دستاویز جمع کرکے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے لیے اپنی تاریخ پیدائش سے متعلق متضاد ریکارڈ کا استعمال کیا تھا۔ شکایت موصول ہونے کے بعد جموں کرائم برانچ نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی تھیں۔
انسپکٹر سمیر احمد کی جانب سے کی گئی تحقیقات اور اس دوران جمع کیے گئے دستاویزی اور زبانی شواہد کی بنیاد پر انکشاف ہوا کہ ملزم شمشیر سنگھ نے محکمہ جنگلات میں اپنی ملازمت برقرار رکھنے کے لیے بے ایمانی سے ایک جعلی ٹی سی کا استعمال کیا۔ اس نے غیر قانونی طور پر تنخواہ کی مد میں 7,65,210 روپے حاصل کیے، جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔
چنانچہ تحقیقات مکمل ہونے اور جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر جموں کرائم برانچ نے قانون کے مطابق عدالتی کارروائی کے لیے ملزم شمشیر سنگھ کے خلاف کشتواڑ کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں فردِ جرم داخل کردی ہے۔
جموں کی اقتصادی جرائم شاخ (کرائم برانچ) کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملازمت سے متعلق دھوکہ دہی کے معاملات میں ہوشیار اور محتاط رہیں۔ عوام کو یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ اس طرح کی کسی بھی دھوکہ دہی کی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر سرکاری ای میل پتے کے ذریعے جموں کرائم برانچ کو دیں۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
جموں و کشمیر
کلگام میں انسداد دہشت گردی مہم جاری، سکیورٹی فورسز کو لشکر کے مطلوب کمانڈر کی تلاش
سری نگر، جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام میں منگل کو بھی انسداد دہشت گردی مہم جاری رہی۔ اس دوران سکیورٹی فورسز نے لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے مطلوب کمانڈر محمد لطیف بھٹ کی تلاش تیز کر دی ہے۔
ایسا مانا جا رہا ہے کہ بھٹ پیر کو مڈبھیڑ کے مقام سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ 15 لاکھ روپے کے انعامی اور آخری زندہ مقامی لشکر کمانڈر بھٹ کل لارو میں ہوئی فائرنگ میں مبینہ طور پر بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔ اس فائرنگ میں اس کا ساتھی مارا گیا، جس کے بارے میں خیال ہے یہ عمر نثار ڈار ہوسکتا ہے۔ علاقے میں مختصر مڈبھیڑ کے بعد لارو میں یہ مہم شروع کی گئی تھی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیر لیا تھا۔ مطلوب کمانڈر کا پتہ لگانے کے لیے ناکہ بندی جاری ہے اور آس پاس کے علاقوں میں بھی تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے اس بارے میں کوئی باضابطہ وضاحت نہیں دی گئی ہے کہ بھٹ محاصرے والے علاقے میں ہی پھنسا ہوا ہے یا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ تاہم پولیس افسران نے کہا کہ لارو میں مہم جاری ہے۔ لشکر کمانڈر بھٹ ان مطلوب دہشت گردوں میں شامل ہے، جس پر جنوبی کشمیر میں سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں پر ہوئے حملوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے، جن میں حال ہی میں اکھران میں سی آر پی ایف ناکہ پر ہوا حملہ بھی شامل ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، 11 نومبر کو عمر ڈار نے بھٹ کے ساتھ مل کر اکھران واقع سی آر پی ایف ناکہ پر حملہ کیا تھا اور پھر موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ 11 نومبر کو ریکارڈ کیے گئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے دوران سکیورٹی ایجنسیوں نے ڈار اور بھٹ دونوں کو کئی مقامات پر دیکھا۔
ذرائع نے کہا، “فوٹیج میں اکھران حملے سے پہلے ریکی کرنے اور اس کے بعد فرار ہونے کے دوران ان کی سرگرمیاں درج ہوئی ہیں۔”
ذرائع نے بتایا کہ ڈار کے لاپتہ ہونے کے بعد اس کے اہل خانہ نے کلگام پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ انہوں نے کہا، “تفتیش کے دوران جانچ ایجنسیوں نے یہ طے کیا کہ عمر پچھلے پانچ سے چھ مہینوں سے لشکر کمانڈر لطیف بھٹ کو پناہ اور مدد فراہم کر رہا تھا۔ جانچ میں یہ بھی سامنے آیا کہ اکھران کے واقعے کے فوراً بعد عمر نثار ڈار ٹی آر ایف تنظیم میں شامل ہو گیا تھاـ” گزشتہ 11 نومبر کو سی آر پی ایف ناکہ پر ہوئے حملے کے بعد سے کلگام ضلع میں تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے۔
یواین آئی۔الف الف
جموں و کشمیر
کلگام میں انسداد دہشت گردی آپریشنز کے درمیان شہریوں کو درپیش مشکلات پر سیاسی رہنماؤں کا اظہار تشویش
سرینگر، جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر حملے اور اس کے بعد ایک مشتبہ عسکریت پسند کی ہلاکت کے تناظر میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز کے درمیان سیاسی رہنماؤں نے شہریوں کی نقل و حرکت پر طویل پابندیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سی پی آئی (ایم) کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور کلگام سے رکن اسمبلی ایم وائی تاریگامی نے کہا کہ اس صورتحال نے کئی دیہات کے لوگوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں، جہاں سخت پابندیوں کے باعث سخت سردی کے موسم میں مکین طویل عرصے سے اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
سی آر پی ایف اہلکاروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مسٹر تاریگامی نے کہا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنا سکیورٹی فورسز کا حق بجانب اقدام ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ عام شہری آبادی کو طویل پابندیوں کا نشانہ بنانا نہ تو منصفانہ ہے اور نہ ہی قابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ “معصوم آبادی کو کسی ایسے واقعے کا خمیازہ نہیں بھگتنا چاہیے جس میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا”، اور اس بات پر زور دیا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عام لوگوں کی زندگیوں اور روزگار کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ 11 نومبر کو اکھرن گاؤں میں سی آر پی ایف کی ایک چوکی پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام کے کئی دیہات میں محاصرے اور تلاشی کی متعدد کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ پیر کے روز سکیورٹی فورسز نے ضلع میں ایک تصادم کے دوران مطلوب لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کمانڈر محمد لطیف بٹ کے ایک مبینہ قریبی ساتھی کو ہلاک کر دیا تھا۔
حکمران جماعت جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (جے کے این سی) کے ریاستی ترجمان اور انچارج کلگام عمران ڈار نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیا ہے۔
مسٹر ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ “اکھرن حملے کے بعد کلگام کی صورتحال تشویشناک ہے، اگرچہ سکیورٹی ایجنسیوں کو تلاشی لینے اور حفاظتی جانچ پڑتال کرنے کا پورا حق حاصل ہے، لیکن معمر افراد سمیت پورے کے پورے دیہات کو کئی دنوں تک پابندیوں کے تحت رکھنا قابل اجتناب تھا اور اس کے نتیجے میں غیر ضروری مشکلات پیدا ہو رہی ہیں”۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں جموں و کشمیر پولیس اور فوج کی سرینگر چنار کور کو بھی ٹیگ کیا۔
ایک روز قبل جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سینئر رہنما سرتاج مدنی نے بھی صورتحال پر حکومت کے ردعمل پر سوال اٹھاتے ہوئے اکھرن اور حلقہ دیوسر کے ملحقہ علاقوں میں پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
مسٹر مدنی نے کہا کہ “اکھرن کلگام میں تین سی آر پی ایف اہلکاروں پر ہونے والا افسوسناک حملہ انتہائی پریشان کن ہے اور اس کی دو ٹوک الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔ تشدد کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا اور ہر فرد، خواہ وہ شہری ہو یا سکیورٹی اہلکار، کی حفاظت اولین ترجیح رہنی چاہیے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ “تاہم اس واقعے کے بعد رونما ہونے والے حالات بھی اتنے ہی تشویشناک ہیں۔ بالخصوص اکھرن اور حلقہ دیوسر کے ملحقہ علاقوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندیوں سے خوف، غیر یقینی صورتحال اور اجتماعی مشکلات کی فضا پیدا ہو رہی ہے۔ یہ صورتحال تیزی سے 1990 کی دہائی کے مشکل دنوں کی یاد دلا رہی ہے۔ ہم کشمیر کے لوگوں کو دوبارہ ایک ایسے دور میں دھکیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے جس سے نکلنے کے لیے انہوں نے بے پناہ تکالیف برداشت کی ہیں”۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
-
دنیا1 week agoٹرمپ کا اعتراف، ملک بدری کی سخت پالیسی حد سے زیادہ سخت تھی، وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کا سبب
-
دنیا1 week agoجزیرہ قشم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا: ایران
-
ہندوستان1 week agoیمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
-
دنیا1 week ago”خیمے ہمیں بارش سے نہیں بچاتے”: غزہ میں بارش سے بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب
-
ہندوستان1 week agoوزیر اعظم مودی نے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر روحانی ورثے، قدرتی خوبصورتی اور ترقی کی ستائش کی
-
ہندوستان6 days agoمودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
-
دنیا1 week agoاین ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا چینی انٹیلی جنس سے مبینہ روابط رکھنے والی خاتون سے معاشقے کا اعتراف، امریکی کانگریس میں تحقیقات کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoامریکی حملوں کی دھمکیوں کے درمیان ایران میں داخلی سلامتی کے سخت اقدامات
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں اسرائیل کی حمایت میں کمی کو بھی شامل کیا
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش کا صاف ستھری ہوا کے لیے اصلاحات کا مطالبہ، کہا: کاروبار میں آسانی سے زیادہ صاف ہوامیں سانس لینے کاحق ہے
-
ہندوستان1 week agoگجرات کو 2028 تک منشیات سے پاک بنانے کا ہدف: شاہ
-
جموں و کشمیر7 days agoگاندربل میں سڑک حادثے میں گجرات اور مغربی بنگال کے آٹھ سیاح زخمی
