دنیا
این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا چینی انٹیلی جنس سے مبینہ روابط رکھنے والی خاتون سے معاشقے کا اعتراف، امریکی کانگریس میں تحقیقات کا مطالبہ
سانتا کلارا، دنیا کی سب سے بڑی مصنوعی ذہانت کمپنیوں میں شامل این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ نے چینی انٹیلی جنس سے مبینہ روابط رکھنے والی خاتون ایلس ہوانگ کے ساتھ معاشقے کا اعتراف کیا ہے، جس کے بعد امریکی ٹیکنالوجی اور سیاسی حلقوں میں تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ امریکی کانگریس کے ارکان نے معاملے کی تحقیقات اور کمپنی کے سربراہ سے وضاحت طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
این ویڈیا کی بنیاد رکھنے کے بعد 33 برس سے کمپنی کی قیادت کرنے والے ہوانگ نے اتوار کو ملازمین کے نام ایک خط میں اپنے معاشقے کا اعتراف کرتے ہوئے اہل خانہ سے معذرت کی۔ اس انکشاف کے بعد کمپنی کے بورڈ نے مبینہ چینی جاسوسی کارروائی کی آزادانہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
امریکی حکام کو شبہ ہے کہ این ویڈیا کی صارف کمپنی میگاسپیڈ کی ایگزیکٹو ایلس ہوانگ کو چین کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے جینسن ہوانگ کے ساتھ تعلقات قائم کرنے اور ان کے ذریعے حساس کاروباری معلومات حاصل کرنے کے مقصد سے بھرتی کیا تھا۔ مبینہ طور پر ان کا ایک مقصد ہوانگ کو امریکی حکام پر دباؤ ڈالنے کے لیے آمادہ کرنا بھی تھا، تاکہ چین کو جدید سیمی کنڈکٹرز کی برآمد پر عائد پابندیاں نرم کرائی جا سکیں۔
‘نیویارک ٹائمز’ نے 29 اکتوبر کو پہلی بار دونوں کے قریبی تعلقات اور ایلس ہوانگ کے بیجنگ سے مبینہ روابط کے بارے میں رپورٹ دی تھی۔ اخبار کے مطابق، امریکی انٹیلی جنس حکام نے اس معاملے پر تشویش ظاہر کی تھی اور صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو بھی بریفنگ دی گئی تھی۔ 31 اکتوبر کو ‘وال اسٹریٹ جرنل’ نے رپورٹ کیا کہ امریکہ، سنگاپور اور تائیوان کے انٹیلی جنس حکام کو خدشہ ہے کہ ایلس ہوانگ چینی حکومت کو معلومات فراہم کر سکتی ہیں۔ بعد ازاں 6 نومبر کو ‘نیویارک ٹائمز’ اور ‘فنانشل ٹائمز’ نے دعویٰ کیا کہ چین کے اعلیٰ انٹیلی جنس حکام نے انہیں خاص طور پر جینسن ہوانگ سے تعلقات استوار کرنے کے لیے بھرتی کیا تھا۔
این ویڈیا نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان رابطے معمول کے کاروباری معاملات تک محدود تھے اور کوئی حساس معلومات شیئر نہیں کی گئیں۔ کمپنی کے مطابق، علاقائی کلاؤڈ صارفین کو عام تجارتی معلومات فراہم کی جاتی ہیں، نہ کہ خفیہ کاروباری راز یا قومی سلامتی سے متعلق مواد۔ کمپنی کے بورڈ نے بھی کہا ہے کہ اس کے پاس قومی سلامتی یا کمپنی کے رازوں سے متعلق معلومات افشا ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے اور اسے ہوانگ پر اعتماد ہے۔ ہوانگ نے بھی تحقیقات کے دوران سی ای او کے عہدے پر برقرار رہنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اتوار کو ہوانگ کا دفاع کرتے ہوئے انہیں ”ایک معزز شخص” قرار دیا اور کہا کہ ان کی بے وفائی کے لیے ”شاید کوئی جواز” ہو۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ہوانگ ان کے آئندہ دورہ ایشیا میں ساتھ جائیں گے، ٹرمپ نے کہا، ”مجھے نہیں معلوم، لیکن میں یقیناً انہیں ساتھ لے جاؤں گا۔” انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ہوانگ کے کسی غلط کام کے بارے میں نہیں سنا اور ذاتی تعلقات قائم کرنا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔
اس معاملے نے ٹرمپ انتظامیہ کے کردار پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ‘نیویارک ٹائمز’ کے مطابق، صدر کو 2025 میں مبینہ انٹیلی جنس کارروائی کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی، جبکہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے رواں سال موسم بہار میں ایک خفیہ انٹیلی جنس میمو کی نگرانی کی تھی، جس میں اعلیٰ حکام کو خبردار کیا گیا تھا۔ ان انتباہات کے باوجود ہوانگ کو صدر تک رسائی حاصل رہی، وہ وائٹ ہاؤس کی تقریبات میں شریک ہوتے رہے اور رواں سال کے اوائل میں ٹرمپ کے ساتھ چین کا دورہ بھی کیا۔ واشنگٹن میں چین کو جدید سیمی کنڈکٹرز کی برآمد پر پابندیوں سے متعلق بحث کے دوران وہ انتظامیہ کے نمایاں کارپوریٹ مشیروں میں شمار ہوتے رہے ہیں۔
جاری۔ یو این اآئی۔ ع ا۔
دنیا
جزیرہ قشم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا: ایران
تپران، ایران کے ایک صوبائی عہدیدار احمد نفیسی نے پیر کے روز جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ایران کے جزیرے قشم پر رات گئے کئے گئے امریکی حملوں میں رہائشی مکانات، تجارتی علاقوں یا اہم بنیادی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق جنوبی صوبے ہرمزگان کے سیاسی، سکیورٹی اور سماجی امور کے نائب گورنر احمد نفیسی نے کہا ہے کہ جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا وہ رہائشی علاقوں، کاروباری مراکز اور عوامی خدمات کی تنصیبات سے دُور تھےلہٰذا جزیرے کے اہم بنیادی ڈھانچے یا بنیادی خدمات کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔’
نفیسی نے کہا ہے کہ جزیرہ قشم کی صورتِ حال قابو میں ہے اور ہنگامی امدادی ٹیمیں، عوامی خدمات کے ادارے اور انتظامی محکمے انتہائی چوکس حالت میں ہیں۔
یہ بیان اتوار کی شام جنوبی ساحلی شہر بندر عباس اور اس کے قریب واقع جزیرہ قشم میں ہونے والے دھماکوں کی اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ‘فارس’ نے ابتدائی طور پر مقامی ذرائع کے حوالے سے جاری کردہ خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ یہ دھماکے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے قواعد کی خلاف ورزی کے شبہے میں بعض جہازوں پر کی گئی تنبیہی فائرنگ کا نتیجہ ہو سکتے ہیں۔ تاہم ایرانی حکام نے تاحال اس واقعے کی وجہ سے متعلق کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔
واضح رہے کہ جزیرہ قشم، بندر عباس کے قریب آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر واقع ہے۔ یہ ایک اہم بحری گزرگاہ ہے جہاں سے عالمی سطح پر برآمد کیے جانے والے تیل کا ایک بڑا حصہ گزرتا ہے۔
یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب تنازعے میں کمی لانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم آبنائے ہرمز میں سلامتی اور محفوظ سیر و سفر کے معاملات پر واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔
دنیا
امریکی حملوں کی دھمکیوں کے درمیان ایران میں داخلی سلامتی کے سخت اقدامات
تہران، ایران کا داخلی سلامتی کا نظام ہائی الرٹ پر ہے اور حکام ان سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے اپنا رویہ مزید سخت کر رہے ہیں جنہیں وہ امریکہ کے ساتھ جاری جنگ کے دوران ملک پر اپنی گرفت کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں۔
ایرانی حکام نے عوام کو حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت پر سخت سزاؤں کی وارننگ دی ہے اور عوامی مقامات پر کنٹرول بھی سخت کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب گزشتہ کئی ماہ سے لوگوں کے لباس سے متعلق پابندیوں کے نفاذ میں نسبتاً نرمی دیکھی جا رہی تھی۔
مختصراً، ایرانی حکام یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے دکھائی دے رہے ہیں کہ آٹھ ماہ کی جنگ اور امریکہ کی جانب سے نئے، وسیع تر اور زیادہ شدید حملوں کے خطرے کے باوجود وہ اسلامی جمہوریہ کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
قطر یونیورسٹی کے گلف اسٹڈیز سینٹر کے ڈائریکٹر محجوب زویری نے کہا کہ ان کشیدگیوں کے درمیان حکام تہران میں حکومت کے تسلسل کے حامیوں کو عوامی سطح پر متحرک کرنے میں بھی کامیاب رہے ہیں۔
انہوں نے الجزیرہ کو بتایا، ”ان میں صرف اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) کے ارکان ہی نہیں بلکہ بعض عام شہری بھی شامل ہیں اور امکان ہے کہ جنگ ختم ہونے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔” آئی آر جی سی ایک فوجی ادارہ ہے جسے 1979 کے اسلامی انقلاب کے اصولوں کے تحفظ کے لیے قائم کیا گیا تھا۔
ایرانی حکام اختلافِ رائے کی کسی بھی شکل کی حوصلہ شکنی کے لیے معمول کے مطابق سخت سزائیں دیتے ہیں۔ 28 اکتوبر کو ایرانی رہنماؤں کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے حملوں سے شروع ہونے والی جنگ نے اس عمل کو مزید تیز کر دیا ہے۔
عدلیہ نے اتوار کو بتایا کہ جنوری میں ملک گیر احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے تین نوجوانوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو فائدہ پہنچانے کے لیے تہران کے قریب سرکاری دفاتر پر حملے کیے اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔
ایرانی حکام حکومت مخالف احتجاج کو امریکہ اور اسرائیل سے وابستہ ”دہشت گردوں” کی جانب سے ”تختہ پلٹنے” کی کوشش قرار دیتے ہیں۔ تاہم اقوام متحدہ کے ایک آزاد تحقیقاتی مشن نے پایا کہ مظاہرین کے خلاف پرتشدد کریک ڈاؤن کے دوران حکام نے انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق اس کارروائی میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر اموات 8 اور 9 جنوری کی راتوں میں ہوئیں۔
بیرون ملک قائم انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ سزائے موت کے نتیجے میں ختم ہونے والے متعدد سیاسی مقدمات میں تشدد، جبری اعترافات اور قانونی کارروائی کے منصفانہ تقاضوں کی خلاف ورزی کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
ناروے میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ہینگاؤ کے مطابق ایران میں رواں سال کم از کم 79 سیاسی یا مذہبی قیدیوں کو پھانسی دی گئی ہے، جن میں جنوری کے احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے 40 افراد بھی شامل ہیں۔ ان میں سے بعض کو جاسوسی کے الزامات میں سزا سنائے جانے کے بعد پھانسی دی گئی۔
جاری ۔ یو این آئی۔ ع ا۔
دنیا
”خیمے ہمیں بارش سے نہیں بچاتے”: غزہ میں بارش سے بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب
الزوایدہ، غزہ پٹی، غزہ کے وسطی علاقے الزوایدہ میں جابر الکسیح کے خیمے میں ہفتے کی رات اچانک پانی داخل ہونے لگا۔ غزہ میں موسلادھار بارش کے باعث پانی خیمے میں گھس آیا، جس سے جابر اور ان کے اہل خانہ کی آنکھ کھل گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے خیمے کا فرش پانی سے بھر گیا اور گدے، قالین، کمبل بھیگ گئے، جبکہ خاندان نے بڑی مشکل سے جو تھوڑا بہت کھانا محفوظ رکھا تھا، وہ بھی خراب ہو گیا۔
ستر برس سے زائد عمر کے جابر نے الجزیرہ کو بتایا، ”سب کی آنکھ کھل گئی اور ہم جاگتے رہے۔ لوگ اپنے پڑوسیوں سے نقصان کی صورتحال اور بچوں کے بارے میں پوچھتے رہے۔”
انہوں نے بے گھر افراد کے اس کیمپ کے باہر کے علاقے کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ہزاروں فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے اور پورا علاقہ کسی سوئمنگ پول کا منظر پیش کر رہا تھا۔
غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر کے مطابق جمعہ کی دیر رات سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث 70 ہزار سے زائد خیمے زیرِ آب آ چکے ہیں۔ لاکھوں بے گھر فلسطینی ایسے مقامات پر پناہ لیے ہوئے ہیں جہاں مزید سیلاب کا خطرہ انتہائی زیادہ ہے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان نام نہاد جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے ایک سال سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجود اسرائیل معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں اشیا کی آمد روک رہا ہے۔ ان میں 60 ہزار موبائل مکانات اور دو لاکھ خیمے بھی شامل ہیں۔
اب تک صرف 20 ہزار خیموں کو غزہ میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ موبائل مکانات مصر کی سرحد کے دوسری جانب کھڑے ہیں۔ ان میں سے کئی دو برس سے زیادہ عرصے سے وہیں موجود ہیں۔
جابر اور ان کا خاندان الزوایدہ کے علاقے میں خیمے میں رہتے ہوئے چوتھی سردی کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کا تعلق شمالی غزہ کے بیت لاہیا سے ہے اور وہ بھی 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد بیشتر فلسطینیوں کی طرح کئی بار نقل مکانی کر چکے ہیں۔
اس جنگ کے باعث 90 فیصد سے زیادہ فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں اور ان میں سے بہت سے افراد کو متعدد مرتبہ اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔ اس جنگ کو عالمی سطح پر شدید مذمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جابر کے مطابق گزشتہ موسم سرما میں ان کے کیمپ میں تین سے چار مرتبہ سیلاب آیا، جس کے باعث کئی خاندانوں کو وہاں سے نقل مکانی کرنا پڑی۔ اب بھی تقریباً 40 خیمے موجود ہیں، لیکن تازہ بارش نے ان کی حالت مزید خراب کر دی ہے۔انہوں نے کہا، ”اب تمام خیمے خراب، پھٹے ہوئے اور کیچڑ سے بھرے ہیں۔ ہمیں آنے والے مشکل دنوں سے بچنے کے لیے فوری طور پر خیموں، ترپالوں، پلاسٹک کی چادروں، گدوں، کمبلوں اور قالینوں کی ضرورت ہے۔
”ہم سنتے رہتے ہیں کہ خیمے اور ترپالیں تقسیم کی جا رہی ہیں، لیکن ہمیں کچھ بھی نہیں ملا۔
”ہمیں امید تھی کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت جن موبائل مکانات اور عارضی رہائشی یونٹوں کا وعدہ کیا گیا تھا، ان سے ہمیں کچھ راحت ملے گی اور ہم محفوظ و پُرامن زندگی کی طرف لوٹ سکیں گے۔ لیکن یہ سب محض زبانی وعدے ثابت ہوئے۔ ہم نے عملی طور پر کچھ نہیں دیکھا۔”
جاری ۔ یو این آئی۔ْ ع اْ
-
دنیا6 days agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش نے پی ایم 2.5 کو صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا، فضائی آلودگی کے معیارات میں فوری ترمیم کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoاسرائیلی حکام کا انتخابی نتائج برقرار رکھنے کا اعلان، نیتن یاہو نے انتخابات کو ‘چوری’ قرار دیا
-
جموں و کشمیر1 week agoتاریگامی کا سی آئی ڈی تصدیقی عمل پر نظرثانی کا مطالبہ
-
دنیا6 days agoایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا
-
ہندوستان1 week agoسونیا گاندھی نے لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی
-
ہندوستان6 days agoڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
-
ہندوستان1 week agoتیرہ کروڑ ووٹوں کی چوری کا اپوزیشن کا دعویٰ بے بنیاد، ایس آئی آر پر راہل گاندھی غلط فہمی پھیلا رہے ہیں: سمبت پاترا
-
دنیا7 days agoامریکہ اور اسرائیل نے دوبارہ ایران پر بمباری کی تو تہران کا ردعمل کیا ہوگا
-
جموں و کشمیر6 days agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
دنیا6 days agoوسط مدتی انتخابات سے قبل ٹرمپ کی آخری انتخابی مہم، مہنگائی کے بجائے واشنگٹن کے تزئین و آرائش کے منصوبوں پر توجہ
-
دنیا4 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
