دنیا
یمنی فوج تعز میں فوجیوں کی دوبارہ تعینات کر رہی ہے
عدن، یمن کی فوج حوثی باغیوں کا محاصرہ توڑنے کے لیے تعز میں فوجیوں کی دوبارہ تعیناتی کر رہی ہے۔ وہیں، حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سرکاری افواج کو اسٹریٹجک آبنائے باب المندب کے آس پاس کے ٹھکانوں سے پیچھے ہٹنا پڑا ہے۔
یمنی فوج نے کہا کہ وہ خطرات کا مقابلہ کرنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے جنوبی اور جنوب مغربی محاذوں پر فوجیوں کی تعیناتی میں تبدیلی کر رہی ہے۔ اس نے بتایا کہ تعز، مآرب اور الجوف میں لڑائی جاری ہے۔
یہ بیان حکومت نواز افواج کی جانب سے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع باب المندب اور پڑوسی علاقے ذباب سے پیچھے ہٹنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔ وزیرِ اطلاعات سالم ابوبکر محمد ثابت العولقی نے کہا کہ اس اقدام سے حکومت کے عارضی دارالحکومت عدن اور آس پاس کے صوبوں کو حوثیوں کی عسکری سرگرمیوں سے بچانے میں مدد ملے گی۔ پیچھے ہٹنے والے فوجیوں نے کہا ہے کہ وہ خطرے والے محاذوں پر اپنی طاقت بڑھائیں گے اور تعز کا محاصرہ ختم کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
حوثیوں نے اس سے برعکس دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری افواج نے اپنے ٹھکانے اور رسد کے راستے کھو دیے ہیں اور دباؤ میں آ کر عدن کی جانب پیچھے ہٹ رہی ہیں۔
اس دوران، یمنی فوج نے ‘یمن ڈان’ آپریشن کے تحت 906 فضائی، ڈرون، توپ خانے اور راکٹ حملوں کی اطلاع دی ہے۔ تاہم، اس نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ حملے کس مدت کے دوران کیے گئے۔ فوج نے دعویٰ کیا کہ 201 حوثی جنگجوؤں اور کمانڈروں کو ہلاک یا ناکارہ بنایا گیا اور 121 فوجی گاڑیوں اور آلات کو تباہ یا نقصان پہنچایا گیا۔ سرکاری افواج نے اکتوبر کے اوائل میں باب المندب اور ذباب کے کچھ حصوں پر دوبارہ قبضہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے تقریباً ایک ماہ قبل حوثیوں نے اس علاقے پر قبضہ کیا تھا۔
آبنائے باب المندب بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے جوڑتی ہے اور نہر سوئز سے آنے جانے والے بحری جہازوں کے لیے ایک اہم سمندری گزرگاہ ہے۔ یمن میں 2014 سے خانہ جنگی جاری ہے، جب ایران نواز حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعاء اور کئی صوبوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد 2015 میں سعودی عرب کی قیادت والے اتحاد نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت میں مداخلت کی تھی۔
یواین آئی۔الف الف
دنیا
ٹرمپ نے آسیان اتحادیوں کو امریکہ کی مکمل حمایت کا یقین دلایا، دفاعی تعاون بڑھانے پر زور
منیلا، امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز جنوب مشرقی ایشیا کے اتحادی ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون مضبوط بنانے کے امریکی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی شراکت داروں کو ”سو فیصد” حمایت دینے کا یقین دلایا۔
مسٹر ٹرمپ نے منیلا میں خصوصی امریکہ۔آسیان سربراہی اجلاس اور عشائیے کے دوران فوجی تعاون بڑھانے، مشترکہ تربیتی پروگراموں اور امریکی دفاعی سازوسامان کی تیاری کی صلاحیت میں بڑے پیمانے پر توسیع کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اپنے علاقائی شراکت داروں کی ”کامیابی، خودمختاری اور خوشحالی” کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بحرہند۔بحرالکاہل کے خطے میں بڑھتے ہوئے حفاظتی چیلنجوں کے درمیان واشنگٹن اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہم اپنے شراکت داروں اور اتحادیوں کی 100 فیصد حمایت کرتے ہیں۔” انہوں نے رہنماؤں کو یقین دلایا کہ کسی بھی بحران کی صورت میں وہ براہ راست ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”جب کوئی مسئلہ ہو تو آپ مجھے فون کریں گے۔ آپ مارکو کو فون کریں گے، دوسروں کو فون کریں گے اور اگر وہ جواب نہ دیں تو مجھے فون کیجیے۔ میں آپ کا فون ضرور اٹھاؤں گا۔”
امریکی دفاعی صنعت کی بڑھتی ہوئی پیداواری صلاحیت کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکی دفاعی کمپنیاں جدید فوجی سازوسامان کی تیاری بڑھانے کے لیے 22 سے زیادہ نئے کارخانے قائم کر رہی ہیں۔ ان میں پیٹریاٹ میزائل نظام، تھاڈ فضائی دفاعی نظام اور ٹوماہاک میزائلوں کی تیاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہمارے پاس زمین پر اب تک کی سب سے مضبوط اور اہل فوج ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اپنی مسلح افواج میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے اور پورے خطے میں اپنی دفاعی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔
مسٹر ٹرمپ نے انڈونیشیا کے ساتھ ایک بڑے دفاعی تعاون کے معاہدے کا بھی ذکر کیا۔ اس کا مقصد خصوصی فوجی دستوں کی مشترکہ تربیت کو وسعت دینا اور فوجی جدید کاری کی کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔ فلپائن کے ساتھ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ان کے تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”ہم نے فلپائن کے ساتھ اپنے دفاعی تعاون میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے۔ فلپائن تاریخی طور پر امریکہ کا ایک اہم اتحادی رہا ہے، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ اس سے پہلے ہمارے تعلقات کبھی اتنے قریبی رہے ہیں جتنے آج ہیں۔”
علاقائی استحکام کے معاملے پر مسٹر ٹرمپ نے کوالالمپور امن معاہدے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے ساتھ مل کر انہوں نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان اس معاہدے کے لیے ثالثی کی تھی۔ ان کے مطابق اس معاہدے سے جنگ بندی یقینی ہوئی، جس کے نتیجے میں ”ہزاروں اور ہزاروں لوگوں کی جانیں بچیں” اور بے گھر شہری اپنے گھروں کو واپس لوٹ سکے۔
مسٹر ٹرمپ نے کہا، ”ہم اس جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور معاہدے پر پوری ایمانداری سے عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے پابند عہد ہیں۔”
دفاع کے علاوہ مسٹر ٹرمپ نے مصنوعی سپر ذہانت، توانائی کی برآمدات اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکی برتری کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے لیے امریکہ کو ایک اہم اقتصادی اور حفاظتی شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ”توانائی سے لے کر ٹیکنالوجی، سلامتی اور اس سے آگے تک، دنیا میں امریکہ سے بہتر کوئی شراکت دار نہیں ہے۔”
یو این آئی۔ایم جے
دنیا
ٹرمپ اور انوتین نے امریکہ۔تھائی لینڈ باہمی تجارتی معاہدے پر مذاکرات مکمل ہونے کا اعلان کیا
منیلا، امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتین چارن ویراکول نے منگل کے روز امریکہ اور تھائی لینڈ کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات کے اہم مرحلے کی تکمیل کا اعلان کیا۔ اسے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر کے دفتر (وائٹ ہاؤس) کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے تصدیق کی کہ امریکہ اور تھائی لینڈ نے باہمی تجارتی معاہدے (اے آر ٹی) سے متعلق مذاکرات میں ”اہم پیش رفت” حاصل کرلی ہے۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا اور دیرینہ تجارتی روابط کو مزید آگے بڑھانا ہے۔ ان میں 1966 کا دوستی اور اقتصادی تعلقات کا معاہدہ اور 2002 کا تجارت و سرمایہ کاری کا خاکہ معاہدہ بھی شامل ہے۔ بیان کے مطابق، اب دونوں ممالک معاہدے پر دستخط کرنے اور اسے نافذ کرنے کی تیاری کے لیے اپنے اپنے داخلی طریقہ کار شروع کریں گے۔
مسٹر ٹرمپ اور مسٹر انوتین نے 17 نومبر 2026 کو منیلا میں مشترکہ بیان پر دستخط کیے۔ اس وقت امریکی صدر خصوصی امریکہ۔آسیان سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے فلپائن کے دورے پر تھے۔ یہ اعلان جنوب مشرقی ایشیا میں تجارت، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں امریکی شراکت داری کو وسعت دینے کی ٹرمپ کی وسیع تر کوششوں کے درمیان کیا گیا ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے
دنیا
‘ڈرٹی بم’ حملے کی رپورٹ پر ٹرمپ کا ایران کو سخت انتباہ، الزامات کو مسترد کیا
منیلا/واشنگٹن، امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں کسی بھی طرح کے حملے کو انجام دینے کے خلاف ایران کو سخت انتباہ دیا ہے۔
یہ انتباہ ایک امریکی میڈیا رپورٹ کے بعد آیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ‘ڈرٹی بم’ (تابکار مواد پر مشتمل دھماکہ خیز مواد) سے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ آسیان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے یہاں پہنچے مسٹر ٹرمپ سے صحافیوں نے پوچھا کہ کیا واشنگٹن ڈی سی ایک ممکنہ نشانہ ہے۔ اس کے جواب میں مسٹر ٹرمپ نے کہاکہ “اگر ایسا کچھ ہوتا ہے، تو انہیں ایسی قیمت ادا کرنی پڑے گی جو پہلے کبھی کسی ملک نے نہیں ادا کی ہوگی۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اسے بہت سنجیدگی سے لے رہا ہے کیونکہ ایرانی کسی کی نہیں سنتے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ اس سے قبل پیر کو نیوز چینل ‘سی این این’ نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ نئی امریکی انٹیلی جنس معلومات سے اشارہ ملتا ہے کہ ایران امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ممکنہ طور پر ‘ڈرٹی بم’ دھماکہ کرنے کا منصوبہ تیار کر رہا ہے۔
دوسری جانب، ایران نے واشنگٹن ڈی سی میں ‘ڈرٹی بم’ حملے کی سازش سے جڑی اس امریکی خبر کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں ان الزامات کو مکمل طور پر “بے بنیاد” قرار دیا۔
یو این آئی۔ م ع
-
دنیا1 week agoٹرمپ کا اعتراف، ملک بدری کی سخت پالیسی حد سے زیادہ سخت تھی، وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کا سبب
-
دنیا1 week agoجزیرہ قشم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا: ایران
-
ہندوستان1 week agoیمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
-
دنیا1 week ago”خیمے ہمیں بارش سے نہیں بچاتے”: غزہ میں بارش سے بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب
-
ہندوستان1 week agoوزیر اعظم مودی نے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر روحانی ورثے، قدرتی خوبصورتی اور ترقی کی ستائش کی
-
ہندوستان6 days agoمودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
-
دنیا1 week agoاین ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا چینی انٹیلی جنس سے مبینہ روابط رکھنے والی خاتون سے معاشقے کا اعتراف، امریکی کانگریس میں تحقیقات کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoامریکی حملوں کی دھمکیوں کے درمیان ایران میں داخلی سلامتی کے سخت اقدامات
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں اسرائیل کی حمایت میں کمی کو بھی شامل کیا
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش کا صاف ستھری ہوا کے لیے اصلاحات کا مطالبہ، کہا: کاروبار میں آسانی سے زیادہ صاف ہوامیں سانس لینے کاحق ہے
-
ہندوستان1 week agoگجرات کو 2028 تک منشیات سے پاک بنانے کا ہدف: شاہ
-
جموں و کشمیر7 days agoگاندربل میں سڑک حادثے میں گجرات اور مغربی بنگال کے آٹھ سیاح زخمی
