دنیا
ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا امریکی ترجیح ہے، روبیو کا بیان
واشنگٹن، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ٹرمپ انتظامیہ کا بنیادی ہدف ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس تہران پورے مشرق وسطیٰ اور امریکہ کو یرغمال بنا سکتا ہے۔ انہوں نے ایرانی قیادت پر الزام لگایا کہ وہ مسلح گروہوں کے ذریعے علاقائی عدم استحکام کو ہوا دے رہی ہے اور ایسی صلاحیتیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس سے اسے جوہری ہتھیار بنانے میں مدد مل سکے۔
واشنگٹن میں فیڈرلسٹ سوسائٹی کے 2026 نیشنل لائرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے روبیو نے کہا کہ امریکہ علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانے کی ایران کی طویل المدتی کوششوں کو نظر انداز کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ روبیو نے کہا، “ہماری کامیابی اسی میں ہے کہ ہم یہ یقینی بنائیں کہ ان کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہ ہوں۔” انہوں نے زور دے کر کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے تحفظ کے لیے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران 1979 سے امریکہ کے خلاف ایک مہم چلا رہا ہے، اور اس کی قیادت پر الزام لگایا کہ وہ خطے میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے مشرق وسطیٰ بھر میں مسلح گروہوں کی حمایت کر رہی ہے۔ روبیو نے لبنان میں حزب اللہ، عراق میں شیعہ ملیشیا اور یمن میں حوثیوں کو ان گروہوں کی مثال کے طور پر پیش کیا جنہیں مبینہ طور پر ایران کی حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے تہران پر یہ بھی الزام لگایا کہ وہ عوامی سطح پر جوہری عزائم سے انکار کرتے ہوئے اندرون خانہ جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت کے حصول کی کوشش کر رہا ہے۔ ایران کے میزائل پروگرام اور یورینیم افزودگی کی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، “وہ صرف ان تمام چیزوں میں دلچسپی رکھتے ہیں جن کی جوہری ہتھیار بنانے کے لیے ضرورت ہوتی ہے۔” روبیو نے دلیل دی کہ ایران کے جوہری ہتھیاروں کے حصول سے اسے مشرق وسطیٰ کے ممالک پر زیادہ دباؤ ڈالنے کا موقع ملے گا اور بین الاقوامی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا، “تصور کریں کہ اگر ان کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو وہ پورے خطے کو یرغمال بنا لیتے۔ وہ اس ملک کو بھی یرغمال بنا لیتے۔”
وزیر خارجہ نے ایران کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کے نقطہ نظر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی دباؤ نے ایرانی حکومت کو کمزور کر دیا ہے، اور اس مسئلے کو یونہی نہیں چھوڑا جا سکتا۔ روبیو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ‘امریکہ فرسٹ’ کی خارجہ پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت کی بنیادی ذمہ داری بین الاقوامی توقعات پر پورا اترنے کے بجائے امریکی مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا، “امریکہ کی حکومت اور اس کے رہنماؤں کا کام امریکیوں کے لیے کام کرنا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن نے بہت طویل عرصے سے امریکی مزدوروں اور برادریوں کی قیمت پر عالمی منڈیوں اور بین الاقوامی وابستگیوں کو ترجیح دی ہے۔
روبیو نے کہا کہ امریکہ کو دوسرے ممالک کے ساتھ مشغول ہونا چاہیے اور جہاں مفادات ہم آہنگ ہوں وہاں اتحاد بنانا چاہیے، لیکن زور دیا کہ قومی مفادات کو ہی رہنماء اصول ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا، “ہم دنیا کا واحد ملک ہیں جو شاید یہ بھول چکا ہے۔ میں ہر معاملے میں امریکی فریق پر کھڑا ہوں۔” ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو بین الاقوامی سطح پر متحرک رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ دنیا میں ہونے والی پیش رفت اس کی قومی سلامتی، اقتصادی مفادات اور سرحدی سلامتی کو براہ راست متاثر کر سکتی ہے۔
روبیو نے بین الاقوامی اداروں، بالخصوص بین الاقوامی فوجداری عدالت پر بھی تنقید کی، اور الزام لگایا کہ جسے وہ عالمی بیوروکریسی کا نظام قرار دیتے ہیں، وہ بین الاقوامی قانون کا استعمال کرتے ہوئے انفرادی ممالک کی خود مختاری کو محدود کر رہا ہے۔ ان کی دلیل تھی کہ بین الاقوامی قانون کو تیزی سے غیر جانبدارانہ قواعد کے فریم ورک کے بجائے ایک سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، “اس عالمی اشرافیہ کے لیے، بین الاقوامی قانون غیر جانبدارانہ قواعد کا مجموعہ نہیں ہے؛ بلکہ بین الاقوامی قانون آفاقی اصولوں کی آڑ میں اپنے مفادات کو آگے بڑھانے کا ایک آلہ ہے۔”
انہوں نے آئی سی سی پر پابندیاں عائد کرنے کے ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے استدلال کیا کہ ایک غیر منتخب بین الاقوامی ٹربیونل کو ان ممالک پر اختیار کا دعویٰ نہیں کرنا چاہیے جنہوں نے اس کے دائرہ کار کو تسلیم ہی نہیں کیا۔ روبیو نے بین الاقوامی تنظیموں اور وکالتی گروپوں کی جانب سے امریکی امیگریشن اور خارجہ پالیسی کے فیصلوں میں مداخلت کی مبینہ کوششوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
امیگریشن اور قومی تشخص کے حوالے سے سوالات کے جواب میں، روبیو نے کہا کہ امریکہ کو دوسرے ممالک سے آنے والے لوگوں کو خوش آمدید کہتے رہنا چاہیے لیکن ملک میں داخل ہونے اور آباد ہونے والوں کے لیے قواعد و ضوابط برقرار رکھنے چاہئیں۔ انہوں نے انضمام اور مشترکہ امریکی تشخص اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، “امریکہ میں رہنے اور کام کرنے کے لیے آنے، اور امریکی بننے کے لیے آنے میں فرق ہے۔ یہ ہمیشہ ایک جیسی چیز نہیں ہوتی۔” روبیو کا کہنا تھا کہ ملک کا تشخص نسل یا قومیت پر نہیں بلکہ مشترکہ اقدار اور امنگوں پر مبنی ہے۔
انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ نوجوان امریکیوں کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، اور دلیل دی کہ معاشی ترقی کو خوشحالی اور باوقار روزگار کے مواقع دونوں فراہم کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا، “منڈی کا وجود لوگوں کی خدمت کے لیے ہے، نہ کہ لوگوں کا منڈی کی خدمت کے لیے۔” روبیو نے مزید کہا کہ امریکہ کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ہر نسل اگلی نسل کے لیے ایک زیادہ محفوظ، مضبوط اور خوشحال ملک چھوڑ کر جائے۔
فیڈرلسٹ سوسائٹی کے عروج پر غور کرتے ہوئے، روبیو نے کہا کہ دیرپا سیاسی اور ادارہ جاتی تبدیلی کے لیے محض انتخابات جیتنا کافی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم نے کئی دہائیوں کے دوران نیٹ ورکس بنا کر، نوجوان قدامت پسند وکلاء کو تیار کر کے اور اداروں کو متاثر کر کے امریکی قانونی سوچ کو تشکیل دینے میں مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا، “سیاست محض انتخابات جیتنے سے کہیں زیادہ چیز کا تقاضا کرتی ہے، کیونکہ حکومت سیاسی طاقت کا واحد ذریعہ نہیں ہے۔” ان کی دلیل تھی کہ یونیورسٹیاں، میڈیا تنظیمیں، تھنک ٹینکس، کارپوریشنز اور سول سوسائٹی کے ادارے بھی قومی بحث اور عوامی پالیسی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ روبیو نے کہا کہ بڑی سیاسی اور ادارہ جاتی تبدیلیوں کے لیے مختصر انتخابی چکروں کے بجائے نسلوں پر محیط مسلسل کوششوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا، “عظیم چیزیں جو دیرپا ہوتی ہیں، وہ دہائیوں میں بنتی ہیں، انتخابی چکروں میں نہیں۔”
یو این آئی۔ م ع
دنیا
ٹرمپ نے آسیان اتحادیوں کو امریکہ کی مکمل حمایت کا یقین دلایا، دفاعی تعاون بڑھانے پر زور
منیلا، امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز جنوب مشرقی ایشیا کے اتحادی ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون مضبوط بنانے کے امریکی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی شراکت داروں کو ”سو فیصد” حمایت دینے کا یقین دلایا۔
مسٹر ٹرمپ نے منیلا میں خصوصی امریکہ۔آسیان سربراہی اجلاس اور عشائیے کے دوران فوجی تعاون بڑھانے، مشترکہ تربیتی پروگراموں اور امریکی دفاعی سازوسامان کی تیاری کی صلاحیت میں بڑے پیمانے پر توسیع کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اپنے علاقائی شراکت داروں کی ”کامیابی، خودمختاری اور خوشحالی” کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بحرہند۔بحرالکاہل کے خطے میں بڑھتے ہوئے حفاظتی چیلنجوں کے درمیان واشنگٹن اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہم اپنے شراکت داروں اور اتحادیوں کی 100 فیصد حمایت کرتے ہیں۔” انہوں نے رہنماؤں کو یقین دلایا کہ کسی بھی بحران کی صورت میں وہ براہ راست ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”جب کوئی مسئلہ ہو تو آپ مجھے فون کریں گے۔ آپ مارکو کو فون کریں گے، دوسروں کو فون کریں گے اور اگر وہ جواب نہ دیں تو مجھے فون کیجیے۔ میں آپ کا فون ضرور اٹھاؤں گا۔”
امریکی دفاعی صنعت کی بڑھتی ہوئی پیداواری صلاحیت کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکی دفاعی کمپنیاں جدید فوجی سازوسامان کی تیاری بڑھانے کے لیے 22 سے زیادہ نئے کارخانے قائم کر رہی ہیں۔ ان میں پیٹریاٹ میزائل نظام، تھاڈ فضائی دفاعی نظام اور ٹوماہاک میزائلوں کی تیاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہمارے پاس زمین پر اب تک کی سب سے مضبوط اور اہل فوج ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اپنی مسلح افواج میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے اور پورے خطے میں اپنی دفاعی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔
مسٹر ٹرمپ نے انڈونیشیا کے ساتھ ایک بڑے دفاعی تعاون کے معاہدے کا بھی ذکر کیا۔ اس کا مقصد خصوصی فوجی دستوں کی مشترکہ تربیت کو وسعت دینا اور فوجی جدید کاری کی کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔ فلپائن کے ساتھ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ان کے تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”ہم نے فلپائن کے ساتھ اپنے دفاعی تعاون میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے۔ فلپائن تاریخی طور پر امریکہ کا ایک اہم اتحادی رہا ہے، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ اس سے پہلے ہمارے تعلقات کبھی اتنے قریبی رہے ہیں جتنے آج ہیں۔”
علاقائی استحکام کے معاملے پر مسٹر ٹرمپ نے کوالالمپور امن معاہدے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے ساتھ مل کر انہوں نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان اس معاہدے کے لیے ثالثی کی تھی۔ ان کے مطابق اس معاہدے سے جنگ بندی یقینی ہوئی، جس کے نتیجے میں ”ہزاروں اور ہزاروں لوگوں کی جانیں بچیں” اور بے گھر شہری اپنے گھروں کو واپس لوٹ سکے۔
مسٹر ٹرمپ نے کہا، ”ہم اس جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور معاہدے پر پوری ایمانداری سے عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے پابند عہد ہیں۔”
دفاع کے علاوہ مسٹر ٹرمپ نے مصنوعی سپر ذہانت، توانائی کی برآمدات اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکی برتری کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے لیے امریکہ کو ایک اہم اقتصادی اور حفاظتی شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ”توانائی سے لے کر ٹیکنالوجی، سلامتی اور اس سے آگے تک، دنیا میں امریکہ سے بہتر کوئی شراکت دار نہیں ہے۔”
یو این آئی۔ایم جے
دنیا
ٹرمپ اور انوتین نے امریکہ۔تھائی لینڈ باہمی تجارتی معاہدے پر مذاکرات مکمل ہونے کا اعلان کیا
منیلا، امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتین چارن ویراکول نے منگل کے روز امریکہ اور تھائی لینڈ کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات کے اہم مرحلے کی تکمیل کا اعلان کیا۔ اسے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر کے دفتر (وائٹ ہاؤس) کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے تصدیق کی کہ امریکہ اور تھائی لینڈ نے باہمی تجارتی معاہدے (اے آر ٹی) سے متعلق مذاکرات میں ”اہم پیش رفت” حاصل کرلی ہے۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا اور دیرینہ تجارتی روابط کو مزید آگے بڑھانا ہے۔ ان میں 1966 کا دوستی اور اقتصادی تعلقات کا معاہدہ اور 2002 کا تجارت و سرمایہ کاری کا خاکہ معاہدہ بھی شامل ہے۔ بیان کے مطابق، اب دونوں ممالک معاہدے پر دستخط کرنے اور اسے نافذ کرنے کی تیاری کے لیے اپنے اپنے داخلی طریقہ کار شروع کریں گے۔
مسٹر ٹرمپ اور مسٹر انوتین نے 17 نومبر 2026 کو منیلا میں مشترکہ بیان پر دستخط کیے۔ اس وقت امریکی صدر خصوصی امریکہ۔آسیان سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے فلپائن کے دورے پر تھے۔ یہ اعلان جنوب مشرقی ایشیا میں تجارت، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں امریکی شراکت داری کو وسعت دینے کی ٹرمپ کی وسیع تر کوششوں کے درمیان کیا گیا ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے
دنیا
‘ڈرٹی بم’ حملے کی رپورٹ پر ٹرمپ کا ایران کو سخت انتباہ، الزامات کو مسترد کیا
منیلا/واشنگٹن، امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں کسی بھی طرح کے حملے کو انجام دینے کے خلاف ایران کو سخت انتباہ دیا ہے۔
یہ انتباہ ایک امریکی میڈیا رپورٹ کے بعد آیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ‘ڈرٹی بم’ (تابکار مواد پر مشتمل دھماکہ خیز مواد) سے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ آسیان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے یہاں پہنچے مسٹر ٹرمپ سے صحافیوں نے پوچھا کہ کیا واشنگٹن ڈی سی ایک ممکنہ نشانہ ہے۔ اس کے جواب میں مسٹر ٹرمپ نے کہاکہ “اگر ایسا کچھ ہوتا ہے، تو انہیں ایسی قیمت ادا کرنی پڑے گی جو پہلے کبھی کسی ملک نے نہیں ادا کی ہوگی۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اسے بہت سنجیدگی سے لے رہا ہے کیونکہ ایرانی کسی کی نہیں سنتے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ اس سے قبل پیر کو نیوز چینل ‘سی این این’ نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ نئی امریکی انٹیلی جنس معلومات سے اشارہ ملتا ہے کہ ایران امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ممکنہ طور پر ‘ڈرٹی بم’ دھماکہ کرنے کا منصوبہ تیار کر رہا ہے۔
دوسری جانب، ایران نے واشنگٹن ڈی سی میں ‘ڈرٹی بم’ حملے کی سازش سے جڑی اس امریکی خبر کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں ان الزامات کو مکمل طور پر “بے بنیاد” قرار دیا۔
یو این آئی۔ م ع
-
دنیا1 week agoٹرمپ کا اعتراف، ملک بدری کی سخت پالیسی حد سے زیادہ سخت تھی، وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کا سبب
-
دنیا1 week agoجزیرہ قشم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا: ایران
-
ہندوستان1 week agoیمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
-
دنیا1 week ago”خیمے ہمیں بارش سے نہیں بچاتے”: غزہ میں بارش سے بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب
-
ہندوستان1 week agoوزیر اعظم مودی نے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر روحانی ورثے، قدرتی خوبصورتی اور ترقی کی ستائش کی
-
ہندوستان6 days agoمودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
-
دنیا1 week agoاین ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا چینی انٹیلی جنس سے مبینہ روابط رکھنے والی خاتون سے معاشقے کا اعتراف، امریکی کانگریس میں تحقیقات کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoامریکی حملوں کی دھمکیوں کے درمیان ایران میں داخلی سلامتی کے سخت اقدامات
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں اسرائیل کی حمایت میں کمی کو بھی شامل کیا
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش کا صاف ستھری ہوا کے لیے اصلاحات کا مطالبہ، کہا: کاروبار میں آسانی سے زیادہ صاف ہوامیں سانس لینے کاحق ہے
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: جموں پولیس نے پستول اور میگزین کے ساتھ ایک شخص کو گرفتار کیا
-
دنیا6 days agoامریکی ایوانِ نمائندگان نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
