دنیا
ٹرمپ ایشیا روانہ ہوں گے، شی-پوتن کے ساتھ میٹنگ پر رہے گی دنیا کی نظر
واشنگٹن، امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ پیر کو ایشیا کے دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ تجارتی معاہدوں اور اہم سفارتی ملاقاتوں کے ذریعے اپنی بین الاقوامی ساکھ واپس لانے کی کوشش کریں گے۔
اس دورے میں وہ روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ سہ فریقی جوہری مذاکرات میں بھی شامل ہوں گے۔ یہ دورہ مسٹر ٹرمپ کے لیے سیاسی طور پر ایک چیلنجنگ وقت پر ہو رہا ہے۔ وسط مدتی انتخابات میں مسٹر ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کی شکست کے علاوہ فضائی سفر میں آنے والی حالیہ رکاوٹ اور قومی مسائل پر ٹرمپ انتظامیہ کی ناکامی اہم مدعے بنے ہوئے ہیں۔
مسٹرٹرمپ آسیان سربراہ اجلاس میں حصہ لینے کے لیے فلپائن کے دارالحکومت منیلا جائیں گے، جس کے بعد وہ چین کے ٹیکنالوجی مرکز شینزین کا رخ کریں گے۔ اس دورے پر مسٹرٹرمپ کے پاس یہ ثابت کرنے کا موقع ہوگا کہ ملک کے اندر کی سیاسی مشکلات نے عالمی سطح پر امریکہ کی نمائندگی کرنے کی ان کی صلاحیت پر اثر نہیں ڈالا ہے۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اور اہم سیمی کنڈکٹر ساز ادارے اینویڈیا سے جڑا تنازع بھی مسٹر ٹرمپ کے دورہ چین پر اثر ڈال سکتا ہے۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ اور چینی حکومت کی ایک مبینہ ایجنٹ سے جڑے الزامات کے بیچ یہ معاملہ زیر بحث آیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے اس تنازع اور چین کے ساتھ صدر کی بات چیت پر اس کے ممکنہ اثرات کو کم کر کے دکھانے کی کوشش کی ہے۔
مسٹر ٹرمپ کے دورہ ایشیا میں منیلا میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) سمٹ اور شینزین میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) کی میٹنگ میں حصہ لینا شامل ہے۔ امید ہے کہ وہ ان ملاقاتوں کا استعمال نئے تجارتی معاہدے کرنے، اقتصادی شراکت داریوں کو مضبوط کرنے اور اس خطے میں امریکہ کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کریں گے، جس کی اہمیت عالمی مسابقت تیز ہونے کے ساتھ بڑھی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے حکام نے کہا ہے کہ انتظامیہ ایشیا میں امریکہ کے اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کی کوششوں کے تحت تھائی لینڈ کے ساتھ معاہدے سمیت نئے تجارتی معاہدوں کو آگے بڑھانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکہ مغربی ایشیا اور یورپ میں خارجہ پالیسی کی دیگر ترجیحات کے درمیان توازن برقرار رکھتے ہوئے بحر ہند و الکاہل (انڈو پیسیفک) خطے میں اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ تعلقات گہرے کرنے کی ٹرمپ کی کوششیں گزشتہ ایک سال سے جاری ہیں، لیکن ایران سے جڑے تنازع اور یوکرین میں جاری جنگ نے ان کے وسیع تر خارجہ پالیسی کے ایجنڈے کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ مسٹر ٹرمپ کی ترجمان اولیویا ویلز نے کہا، “صدر نے واضح کیا ہے کہ دیگر موضوعات کے ساتھ ساتھ وہ دنیا میں جوہری ہتھیاروں میں تخفیف پر تبادلہ خیال کریں گے۔ صدر ٹرمپ کا ماننا ہے کہ ان ہتھیاروں کا پھیلاؤ بے حد خطرناک ہے۔”
دونوں تنازعات کا اثر ایشیائی معیشتوں پر بھی پڑ رہا ہے۔ خاص طور پر توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت نیز سپلائی چین کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کے باعث خطے کی معیشتیں متاثر ہو رہی ہیں۔
مسٹر ٹرمپ کی تجارتی پالیسی بھی کشیدگی کا ایک ممکنہ سبب ہے۔ ان کی جانب سے عائد کیے گئے محصولات (ٹیرف) سے لاگت بڑھنے کے خدشات پیدا ہوئے ہیں، جبکہ حالیہ انتخابی برتری کے بعد ڈیموکریٹ اراکین پارلیمنٹ نے ان کے کچھ تجارتی اور فوجی اختیارات کو چیلنج کرنے کے منصوبے کا اشارہ دیا ہے۔ سفارتی بات چیت کے وسیع تر پس منظر میں ٹیکنالوجی کی سلامتی کا معاملہ بھی نمایاں رہ سکتا ہے۔ خاص طور پر اعلیٰ صلاحیت والے مصنوعی ذہانت (اے آئی) چپ اور چین کی جاسوسی سے جڑے الزامات کے درمیان یہ معاملہ سرخیوں میں ہے۔
مسٹر ٹرمپ کے مجوزہ دورہ شینزین سے قبل اس تنازع پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ شینزین چین کی ٹیکنالوجی صنعت کا ایک بڑا مرکز ہے۔ امریکی حکام نے اشارہ دیا ہے کہ مسٹر ٹرمپ کا مسٹر شی کے ساتھ ملاقات میں جاسوسی کے الزامات کو براہ راست اٹھانے کا منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے چین کو جدید سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی کی برآمدات پر ممکنہ نئی پابندیوں کے حوالے سے دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت کے امکان کو بھی کم کر کے پیش کیا ہے۔
امریکہ کے ایک سینئر عہدیدار نے انتظامیہ کے اندرونی غور و خوض کا ذکر کرتے ہوئے کہا، “ممکنہ طور پر فی الحال ہم اس بارے میں چین کو مطلع نہیں کریں گے۔” ٹیکنالوجی سے جڑا یہ تنازع قومی سلامتی سے متعلق خدشات اور تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانے کے درمیان توازن قائم کرنے کے چیلنج کو اجاگر کرتا ہے۔ امریکہ تزویراتی طور پر حساس ٹیکنالوجیز تک چین کی رسائی کو محدود کرنا چاہتا ہے۔
مسٹرٹرمپ، مسٹر شی اور روس کے صدر مسٹر پوتن کے درمیان مجوزہ ملاقات پر بھی خصوصی توجہ رہنے کی امید ہے، کیونکہ اس کے بین الاقوامی سلامتی اور یوکرین جنگ پر ممکنہ اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ مسٹر پوتن نے ابتدائی طور پر اس سہ فریقی ملاقات کی تجویز جنگ پر تبادلہ خیال کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر دی تھی۔ اس تنازع میں علاقائی تنازعات اور قومی خودمختاری سے جڑے سوالات امن مذاکرات کی راہ میں بڑی رکاوٹیں بنے ہوئے ہیں۔
مسٹر ٹرمپ کے معاونین نے اس ملاقات کا موازنہ 1945 کی یالٹا کانفرنس سے کیے جانے کو کم کر کے دکھانے کی کوشش کی ہے۔ اس کانفرنس میں سوویت رہنما جوزف اسٹالن، برطانیہ کے وزیر اعظم ونسٹن چرچل اور امریکہ کے صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ نے یورپ کے بعد از جنگ نظام پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
امریکی حکام نے کہا ہے کہ جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے ایجنڈے میں یوکرین کے شامل ہونے کی توقع نہیں ہے۔ اس کے بجائے مسٹر ٹرمپ دونوں رہنماؤں کے ساتھ جوہری ہتھیاروں اور اسلحہ کنٹرول پر بات چیت شروع کرنا چاہتے ہیں۔ یہ معاملہ اس لیے اہم ہے کیونکہ فروری میں امریکہ اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں سے متعلق آخری بچ جانے والے معاہدے کی مدت ختم ہو گئی تھی۔
امریکہ اور روس، دونوں کے پاس ہزاروں جوہری ہتھیار ہیں، جبکہ چین اپنے جوہری ذخیرے میں توسیع کر رہا ہے۔ اندازہ ہے کہ چین کے پاس 600 سے زائد جوہری ہتھیار ہیں۔ چین نے کسی سہ فریقی جوہری ہتھیاروں کے معاہدے میں شامل ہونے میں بہت کم دلچسپی دکھائی ہے۔
امریکی صدر کے لیے یہ دورہ ایشیا یہ دکھانے کا موقع ہے کہ ملکی سیاست میں لگنے والے جھٹکوں سے ان کا بین الاقوامی اثر و رسوخ یا دنیا کی بڑی طاقتوں کے رہنماؤں سے براہ راست بات چیت کرنے کی صلاحیت کم نہیں ہوئی ہے۔ سفارتی علامت نگاری سے آگے بڑھ کر یہ دورہ اس بات کا بھی امتحان ہوگا کہ امریکہ تجارتی کشیدگی، ٹیکنالوجی کی مسابقت اور چین نیز روس سے جڑے بڑھتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی چیلنجوں کے درمیان ہند-بحرالکاہل کے خطے میں اپنا اثر و رسوخ کس طرح برقرار رکھ پاتا ہے۔
یواین آئی۔الف الف
دنیا
ٹرمپ نے آسیان اتحادیوں کو امریکہ کی مکمل حمایت کا یقین دلایا، دفاعی تعاون بڑھانے پر زور
منیلا، امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز جنوب مشرقی ایشیا کے اتحادی ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون مضبوط بنانے کے امریکی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی شراکت داروں کو ”سو فیصد” حمایت دینے کا یقین دلایا۔
مسٹر ٹرمپ نے منیلا میں خصوصی امریکہ۔آسیان سربراہی اجلاس اور عشائیے کے دوران فوجی تعاون بڑھانے، مشترکہ تربیتی پروگراموں اور امریکی دفاعی سازوسامان کی تیاری کی صلاحیت میں بڑے پیمانے پر توسیع کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اپنے علاقائی شراکت داروں کی ”کامیابی، خودمختاری اور خوشحالی” کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بحرہند۔بحرالکاہل کے خطے میں بڑھتے ہوئے حفاظتی چیلنجوں کے درمیان واشنگٹن اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہم اپنے شراکت داروں اور اتحادیوں کی 100 فیصد حمایت کرتے ہیں۔” انہوں نے رہنماؤں کو یقین دلایا کہ کسی بھی بحران کی صورت میں وہ براہ راست ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”جب کوئی مسئلہ ہو تو آپ مجھے فون کریں گے۔ آپ مارکو کو فون کریں گے، دوسروں کو فون کریں گے اور اگر وہ جواب نہ دیں تو مجھے فون کیجیے۔ میں آپ کا فون ضرور اٹھاؤں گا۔”
امریکی دفاعی صنعت کی بڑھتی ہوئی پیداواری صلاحیت کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکی دفاعی کمپنیاں جدید فوجی سازوسامان کی تیاری بڑھانے کے لیے 22 سے زیادہ نئے کارخانے قائم کر رہی ہیں۔ ان میں پیٹریاٹ میزائل نظام، تھاڈ فضائی دفاعی نظام اور ٹوماہاک میزائلوں کی تیاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہمارے پاس زمین پر اب تک کی سب سے مضبوط اور اہل فوج ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اپنی مسلح افواج میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے اور پورے خطے میں اپنی دفاعی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔
مسٹر ٹرمپ نے انڈونیشیا کے ساتھ ایک بڑے دفاعی تعاون کے معاہدے کا بھی ذکر کیا۔ اس کا مقصد خصوصی فوجی دستوں کی مشترکہ تربیت کو وسعت دینا اور فوجی جدید کاری کی کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔ فلپائن کے ساتھ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ان کے تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”ہم نے فلپائن کے ساتھ اپنے دفاعی تعاون میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے۔ فلپائن تاریخی طور پر امریکہ کا ایک اہم اتحادی رہا ہے، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ اس سے پہلے ہمارے تعلقات کبھی اتنے قریبی رہے ہیں جتنے آج ہیں۔”
علاقائی استحکام کے معاملے پر مسٹر ٹرمپ نے کوالالمپور امن معاہدے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے ساتھ مل کر انہوں نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان اس معاہدے کے لیے ثالثی کی تھی۔ ان کے مطابق اس معاہدے سے جنگ بندی یقینی ہوئی، جس کے نتیجے میں ”ہزاروں اور ہزاروں لوگوں کی جانیں بچیں” اور بے گھر شہری اپنے گھروں کو واپس لوٹ سکے۔
مسٹر ٹرمپ نے کہا، ”ہم اس جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور معاہدے پر پوری ایمانداری سے عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے پابند عہد ہیں۔”
دفاع کے علاوہ مسٹر ٹرمپ نے مصنوعی سپر ذہانت، توانائی کی برآمدات اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکی برتری کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے لیے امریکہ کو ایک اہم اقتصادی اور حفاظتی شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ”توانائی سے لے کر ٹیکنالوجی، سلامتی اور اس سے آگے تک، دنیا میں امریکہ سے بہتر کوئی شراکت دار نہیں ہے۔”
یو این آئی۔ایم جے
دنیا
ٹرمپ اور انوتین نے امریکہ۔تھائی لینڈ باہمی تجارتی معاہدے پر مذاکرات مکمل ہونے کا اعلان کیا
منیلا، امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتین چارن ویراکول نے منگل کے روز امریکہ اور تھائی لینڈ کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات کے اہم مرحلے کی تکمیل کا اعلان کیا۔ اسے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر کے دفتر (وائٹ ہاؤس) کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے تصدیق کی کہ امریکہ اور تھائی لینڈ نے باہمی تجارتی معاہدے (اے آر ٹی) سے متعلق مذاکرات میں ”اہم پیش رفت” حاصل کرلی ہے۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا اور دیرینہ تجارتی روابط کو مزید آگے بڑھانا ہے۔ ان میں 1966 کا دوستی اور اقتصادی تعلقات کا معاہدہ اور 2002 کا تجارت و سرمایہ کاری کا خاکہ معاہدہ بھی شامل ہے۔ بیان کے مطابق، اب دونوں ممالک معاہدے پر دستخط کرنے اور اسے نافذ کرنے کی تیاری کے لیے اپنے اپنے داخلی طریقہ کار شروع کریں گے۔
مسٹر ٹرمپ اور مسٹر انوتین نے 17 نومبر 2026 کو منیلا میں مشترکہ بیان پر دستخط کیے۔ اس وقت امریکی صدر خصوصی امریکہ۔آسیان سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے فلپائن کے دورے پر تھے۔ یہ اعلان جنوب مشرقی ایشیا میں تجارت، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں امریکی شراکت داری کو وسعت دینے کی ٹرمپ کی وسیع تر کوششوں کے درمیان کیا گیا ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے
دنیا
‘ڈرٹی بم’ حملے کی رپورٹ پر ٹرمپ کا ایران کو سخت انتباہ، الزامات کو مسترد کیا
منیلا/واشنگٹن، امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں کسی بھی طرح کے حملے کو انجام دینے کے خلاف ایران کو سخت انتباہ دیا ہے۔
یہ انتباہ ایک امریکی میڈیا رپورٹ کے بعد آیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ‘ڈرٹی بم’ (تابکار مواد پر مشتمل دھماکہ خیز مواد) سے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ آسیان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے یہاں پہنچے مسٹر ٹرمپ سے صحافیوں نے پوچھا کہ کیا واشنگٹن ڈی سی ایک ممکنہ نشانہ ہے۔ اس کے جواب میں مسٹر ٹرمپ نے کہاکہ “اگر ایسا کچھ ہوتا ہے، تو انہیں ایسی قیمت ادا کرنی پڑے گی جو پہلے کبھی کسی ملک نے نہیں ادا کی ہوگی۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اسے بہت سنجیدگی سے لے رہا ہے کیونکہ ایرانی کسی کی نہیں سنتے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ اس سے قبل پیر کو نیوز چینل ‘سی این این’ نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ نئی امریکی انٹیلی جنس معلومات سے اشارہ ملتا ہے کہ ایران امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ممکنہ طور پر ‘ڈرٹی بم’ دھماکہ کرنے کا منصوبہ تیار کر رہا ہے۔
دوسری جانب، ایران نے واشنگٹن ڈی سی میں ‘ڈرٹی بم’ حملے کی سازش سے جڑی اس امریکی خبر کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں ان الزامات کو مکمل طور پر “بے بنیاد” قرار دیا۔
یو این آئی۔ م ع
-
دنیا1 week agoجزیرہ قشم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا: ایران
-
دنیا1 week agoٹرمپ کا اعتراف، ملک بدری کی سخت پالیسی حد سے زیادہ سخت تھی، وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کا سبب
-
ہندوستان1 week agoوزیر اعظم مودی نے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر روحانی ورثے، قدرتی خوبصورتی اور ترقی کی ستائش کی
-
ہندوستان6 days agoمودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
-
ہندوستان1 week agoیمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
-
دنیا1 week ago”خیمے ہمیں بارش سے نہیں بچاتے”: غزہ میں بارش سے بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب
-
دنیا1 week agoاین ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا چینی انٹیلی جنس سے مبینہ روابط رکھنے والی خاتون سے معاشقے کا اعتراف، امریکی کانگریس میں تحقیقات کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoامریکی حملوں کی دھمکیوں کے درمیان ایران میں داخلی سلامتی کے سخت اقدامات
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں اسرائیل کی حمایت میں کمی کو بھی شامل کیا
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش کا صاف ستھری ہوا کے لیے اصلاحات کا مطالبہ، کہا: کاروبار میں آسانی سے زیادہ صاف ہوامیں سانس لینے کاحق ہے
-
دنیا1 week agoترکی کے اسٹیل کارخانے میں دھماکہ، کم از کم 17 افراد ہلاک، 12 زخمی
-
دنیا6 days agoٹرمپ کی تجویز کردہ 250 فٹ اونچی فتح یادگار کے خلاف کینیڈی خاندان عدالت پہنچ گیا
