دنیا
ٹرمپ اور انوتین نے امریکہ۔تھائی لینڈ باہمی تجارتی معاہدے پر مذاکرات مکمل ہونے کا اعلان کیا
منیلا، امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتین چارن ویراکول نے منگل کے روز امریکہ اور تھائی لینڈ کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات کے اہم مرحلے کی تکمیل کا اعلان کیا۔ اسے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر کے دفتر (وائٹ ہاؤس) کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے تصدیق کی کہ امریکہ اور تھائی لینڈ نے باہمی تجارتی معاہدے (اے آر ٹی) سے متعلق مذاکرات میں ”اہم پیش رفت” حاصل کرلی ہے۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا اور دیرینہ تجارتی روابط کو مزید آگے بڑھانا ہے۔ ان میں 1966 کا دوستی اور اقتصادی تعلقات کا معاہدہ اور 2002 کا تجارت و سرمایہ کاری کا خاکہ معاہدہ بھی شامل ہے۔ بیان کے مطابق، اب دونوں ممالک معاہدے پر دستخط کرنے اور اسے نافذ کرنے کی تیاری کے لیے اپنے اپنے داخلی طریقہ کار شروع کریں گے۔
مسٹر ٹرمپ اور مسٹر انوتین نے 17 نومبر 2026 کو منیلا میں مشترکہ بیان پر دستخط کیے۔ اس وقت امریکی صدر خصوصی امریکہ۔آسیان سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے فلپائن کے دورے پر تھے۔ یہ اعلان جنوب مشرقی ایشیا میں تجارت، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں امریکی شراکت داری کو وسعت دینے کی ٹرمپ کی وسیع تر کوششوں کے درمیان کیا گیا ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے
دنیا
ٹرمپ نے آسیان اتحادیوں کو امریکہ کی مکمل حمایت کا یقین دلایا، دفاعی تعاون بڑھانے پر زور
منیلا، امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز جنوب مشرقی ایشیا کے اتحادی ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون مضبوط بنانے کے امریکی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی شراکت داروں کو ”سو فیصد” حمایت دینے کا یقین دلایا۔
مسٹر ٹرمپ نے منیلا میں خصوصی امریکہ۔آسیان سربراہی اجلاس اور عشائیے کے دوران فوجی تعاون بڑھانے، مشترکہ تربیتی پروگراموں اور امریکی دفاعی سازوسامان کی تیاری کی صلاحیت میں بڑے پیمانے پر توسیع کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اپنے علاقائی شراکت داروں کی ”کامیابی، خودمختاری اور خوشحالی” کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بحرہند۔بحرالکاہل کے خطے میں بڑھتے ہوئے حفاظتی چیلنجوں کے درمیان واشنگٹن اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہم اپنے شراکت داروں اور اتحادیوں کی 100 فیصد حمایت کرتے ہیں۔” انہوں نے رہنماؤں کو یقین دلایا کہ کسی بھی بحران کی صورت میں وہ براہ راست ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”جب کوئی مسئلہ ہو تو آپ مجھے فون کریں گے۔ آپ مارکو کو فون کریں گے، دوسروں کو فون کریں گے اور اگر وہ جواب نہ دیں تو مجھے فون کیجیے۔ میں آپ کا فون ضرور اٹھاؤں گا۔”
امریکی دفاعی صنعت کی بڑھتی ہوئی پیداواری صلاحیت کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکی دفاعی کمپنیاں جدید فوجی سازوسامان کی تیاری بڑھانے کے لیے 22 سے زیادہ نئے کارخانے قائم کر رہی ہیں۔ ان میں پیٹریاٹ میزائل نظام، تھاڈ فضائی دفاعی نظام اور ٹوماہاک میزائلوں کی تیاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہمارے پاس زمین پر اب تک کی سب سے مضبوط اور اہل فوج ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اپنی مسلح افواج میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے اور پورے خطے میں اپنی دفاعی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔
مسٹر ٹرمپ نے انڈونیشیا کے ساتھ ایک بڑے دفاعی تعاون کے معاہدے کا بھی ذکر کیا۔ اس کا مقصد خصوصی فوجی دستوں کی مشترکہ تربیت کو وسعت دینا اور فوجی جدید کاری کی کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔ فلپائن کے ساتھ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ان کے تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”ہم نے فلپائن کے ساتھ اپنے دفاعی تعاون میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے۔ فلپائن تاریخی طور پر امریکہ کا ایک اہم اتحادی رہا ہے، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ اس سے پہلے ہمارے تعلقات کبھی اتنے قریبی رہے ہیں جتنے آج ہیں۔”
علاقائی استحکام کے معاملے پر مسٹر ٹرمپ نے کوالالمپور امن معاہدے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے ساتھ مل کر انہوں نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان اس معاہدے کے لیے ثالثی کی تھی۔ ان کے مطابق اس معاہدے سے جنگ بندی یقینی ہوئی، جس کے نتیجے میں ”ہزاروں اور ہزاروں لوگوں کی جانیں بچیں” اور بے گھر شہری اپنے گھروں کو واپس لوٹ سکے۔
مسٹر ٹرمپ نے کہا، ”ہم اس جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور معاہدے پر پوری ایمانداری سے عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے پابند عہد ہیں۔”
دفاع کے علاوہ مسٹر ٹرمپ نے مصنوعی سپر ذہانت، توانائی کی برآمدات اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکی برتری کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے لیے امریکہ کو ایک اہم اقتصادی اور حفاظتی شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ”توانائی سے لے کر ٹیکنالوجی، سلامتی اور اس سے آگے تک، دنیا میں امریکہ سے بہتر کوئی شراکت دار نہیں ہے۔”
یو این آئی۔ایم جے
دنیا
‘ڈرٹی بم’ حملے کی رپورٹ پر ٹرمپ کا ایران کو سخت انتباہ، الزامات کو مسترد کیا
منیلا/واشنگٹن، امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں کسی بھی طرح کے حملے کو انجام دینے کے خلاف ایران کو سخت انتباہ دیا ہے۔
یہ انتباہ ایک امریکی میڈیا رپورٹ کے بعد آیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ‘ڈرٹی بم’ (تابکار مواد پر مشتمل دھماکہ خیز مواد) سے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ آسیان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے یہاں پہنچے مسٹر ٹرمپ سے صحافیوں نے پوچھا کہ کیا واشنگٹن ڈی سی ایک ممکنہ نشانہ ہے۔ اس کے جواب میں مسٹر ٹرمپ نے کہاکہ “اگر ایسا کچھ ہوتا ہے، تو انہیں ایسی قیمت ادا کرنی پڑے گی جو پہلے کبھی کسی ملک نے نہیں ادا کی ہوگی۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اسے بہت سنجیدگی سے لے رہا ہے کیونکہ ایرانی کسی کی نہیں سنتے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ اس سے قبل پیر کو نیوز چینل ‘سی این این’ نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ نئی امریکی انٹیلی جنس معلومات سے اشارہ ملتا ہے کہ ایران امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ممکنہ طور پر ‘ڈرٹی بم’ دھماکہ کرنے کا منصوبہ تیار کر رہا ہے۔
دوسری جانب، ایران نے واشنگٹن ڈی سی میں ‘ڈرٹی بم’ حملے کی سازش سے جڑی اس امریکی خبر کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں ان الزامات کو مکمل طور پر “بے بنیاد” قرار دیا۔
یو این آئی۔ م ع
دنیا
دنیا بھر میں مودی کا ہر شخص احترام کرتا ہے: ٹرمپ
منیلا، امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیراعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک ‘عظیم رہنما’ قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کا دنیا بھر میں ہر کوئی بے حد احترام کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈونالڈ ٹرمپ نے ہند-بحرالکاہل خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے ‘کواڈ’ شراکت داری کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا اور سمندری سلامتی، اہم معدنیات اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے متعلق کئی نئے اقدامات کا اعلان کیا۔
منیلا میں کواڈ رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اامریکی صدر نے مسٹر مودی کو اپنا دوست قرار دیا اور کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم کو عالمی سطح پر عزت و احترام حاصل ہے۔ مسٹر مودی کو خطاب کے لیے مدعو کرنے سے پہلے انہوں نے کہا، ”مجھے یہ کہنا ہوگا کہ وہ میرے دوست ہیں۔ وہ ایک عظیم رہنما ہیں، جن کا پوری دنیا میں ہر کوئی بے حد احترام کرتا ہے۔”
ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان، امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا کے اتحاد کو دنیا کی اہم ترین شراکت داریوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ چاروں ممالک ‘آزاد، کھلے، مستحکم اور خوشحال ہند-بحرالکاہل خطے کے چار ستونوں’ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے 2017 میں اپنی پہلی صدارتی مدت کے دوران کواڈ کو دوبارہ فعال بنانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چاروں ممالک کے درمیان تعاون مسلسل بڑھا ہے اور ان کی دوستی مزید گہری ہوئی ہے۔ ان کے مطابق چاروں ممالک علاقائی سلامتی، اقتصادی سلامتی اور سفارت کاری کے معاملات میں قریبی تال میل برقرار رکھے ہوئے ہیں اور ان رہنماؤں کے لیے ان کا فون اور اوول آفس ہمیشہ کھلا ہے۔
سمندری تعاون کا ذکر کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ نے جاپان کے قریب منعقدہ ‘مالابار’ بحری مشق کے 30ویں ایڈیشن کا حوالہ دیا، جس میں چاروں ممالک کی بحری افواج نے آبدوزوں اور سطح سمندر پر موجود جنگی جہازوں کے خلاف کارروائیوں کی مشق کی۔ انہوں نے کہا کہ آبدوز شکن صلاحیت کی اہمیت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور امریکہ جدید آبدوزوں کے معاملے میں آسٹریلیا اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ کواڈ ممالک سمندری گشتی طیاروں سے متعلق ایک مشترکہ مشق بھی کریں گے، جو ”طاقت کے ذریعے امن کے تحفظ” کی کوششوں کا حصہ ہوگی۔
ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ چاروں ممالک ‘سپر انٹیلی جنس’ کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں، جسے انہوں نے صنعتی انقلاب کے بعد اقتصادی ترقی کا سب سے بڑا موقع قرار دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کواڈ ممالک نے ایک نئے ‘کواڈ ایس آئی ایکسلریٹر’ کے آغاز کے لیے شراکت داری کی ہے اور ہند-بحرالکاہل خطے میں قابل اعتماد مصنوعی ذہانت کے نظام کو وسعت دینے کے لیے 8 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کا عہد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اس اہم ٹیکنالوجی کے مستقبل پر ان ممالک کا غلبہ ہو جو ہماری اقدار اور مشترکہ مفادات پر یقین رکھتے ہیں۔
اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ڈونالڈ ٹرمپ نے اگلے سال پہلے ‘کواڈ بزنس لیڈرز فورم’ کے انعقاد کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے سپلائی چین کو محفوظ بنانے اور کسی ایک غیر ملکی سپلائر کے دباؤ کو روکنے کے مقصد سے اہم معدنیات سے متعلق کئی نئے معاہدوں کا بھی ذکر کیا۔
اجلاس میں جاپان کی وزیراعظم سانے تاکائیچی نے کہا کہ کواڈ خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر ہند-بحرالکاہل کے مستقبل کا تعین کرے گا۔ انہوں نے سمندری سلامتی، اقتصادی سلامتی، توانائی اور اہم و ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں علاقائی ممالک کی صلاحیت بڑھانے اور انہیں آزادانہ طور پر فیصلے کرنے کے قابل بنانے پر زور دیا۔
آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ چاروں ممالک کا مشترکہ تعاون علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم ہند-بحرالکاہل خطے میں امن، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ وژن کے لیے مل کر کام کرتے ہیں تو دنیا مزید محفوظ جگہ بن جاتی ہے۔ مسٹر البانیز نے اہم معدنیات، نایاب زمینی عناصر، مصنوعی ذہانت اور سمندری سلامتی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ عملی نتائج حاصل کرنے کے لیے وزرائے خارجہ کی جانب سے کیے گئے کام کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
یو این آئی۔ م ع
-
دنیا1 week agoٹرمپ کا اعتراف، ملک بدری کی سخت پالیسی حد سے زیادہ سخت تھی، وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کا سبب
-
ہندوستان1 week agoوزیر اعظم مودی نے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر روحانی ورثے، قدرتی خوبصورتی اور ترقی کی ستائش کی
-
دنیا1 week agoجزیرہ قشم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا: ایران
-
ہندوستان1 week agoیمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
-
دنیا1 week ago”خیمے ہمیں بارش سے نہیں بچاتے”: غزہ میں بارش سے بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب
-
دنیا1 week agoاین ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا چینی انٹیلی جنس سے مبینہ روابط رکھنے والی خاتون سے معاشقے کا اعتراف، امریکی کانگریس میں تحقیقات کا مطالبہ
-
ہندوستان6 days agoمودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
-
دنیا1 week agoامریکی حملوں کی دھمکیوں کے درمیان ایران میں داخلی سلامتی کے سخت اقدامات
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں اسرائیل کی حمایت میں کمی کو بھی شامل کیا
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش کا صاف ستھری ہوا کے لیے اصلاحات کا مطالبہ، کہا: کاروبار میں آسانی سے زیادہ صاف ہوامیں سانس لینے کاحق ہے
-
دنیا6 days agoامریکی ایوانِ نمائندگان نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
-
دنیا1 week agoترکی کے اسٹیل کارخانے میں دھماکہ، کم از کم 17 افراد ہلاک، 12 زخمی
