جموں و کشمیر
عمر عبداللہ کی فارغ التحصیل طلبہ سے صنعت کار، اختراع کار اور روزگار پیدا کرنے والے بننے کی اپیل
جموں، جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کو یہاں ابھینو تھیٹر میں کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کی۔ انہوں نے اس ادارے کو ایک جرات مندانہ تعلیمی تجربہ قرار دیا، جس کا تصور خطے کی مضبوط تعلیمی روایات کو یکجا کرنے اور اعلیٰ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے مقصد سے پیش کیا گیا تھا۔
تمل ناڈو کے گورنر راجندر وشوناتھ ارلیکر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے جلسے میں شرکت کی، جبکہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں، نے تقریب کی صدارت کی۔ اس موقع پر اعلیٰ تعلیم کی وزیر شمیم فردوس، جموں کے رکن پارلیمنٹ جوگل کشور شرما، جموں ویسٹ کے رکن اسمبلی اروند گپتا اور کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کے وائس چانسلر پروفیسر کے ایس چندر شیکھر بھی موجود تھے۔
فارغ التحصیل طلبہ اور گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انہیں پیش رو قرار دیا، جن کی کامیابیاں آنے والی نسلوں کی بنیاد رکھیں گی۔ انہوں نے طلبہ کی تعلیمی زندگی کو سنوارنے میں والدین، اہل خانہ اور اساتذہ کی خدمات اور قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔
کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کی منفرد خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے، جو اس موقع پر خصوصی مہمان تھے، کہا کہ اس ادارے کا تصور ایک کالجیٹ فیڈریشن کے طور پر پیش کیا گیا تھا، جس کے تحت پانچ قائم شدہ اداروں، جی جی ایم سائنس کالج، ایم اے ایم کالج، ایس پی ایم آر کالج آف کامرس، گورنمنٹ کالج فار ویمن، گاندھی نگر اور گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن کو یکجا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی وسائل، اساتذہ، لائبریریوں اور تجربہ گاہوں کو مشترکہ طور پر استعمال کرنے کے ساتھ کثیر الشعبہ تعلیم کی حوصلہ افزائی سے اعلیٰ تعلیم کا ایک اشتراکی ماڈل تشکیل دینے میں مدد ملی ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک (این آئی آر ایف) میں یونیورسٹی کے 151 سے 200 کے زمرے میں مقام حاصل کرنے کو انہوں نے حوصلہ افزا کامیابی قرار دیا۔
تاہم وزیراعلیٰ نے مشترکہ بنیادی ڈھانچے، ڈیجیٹل رابطے، جدید تجربہ گاہوں اور ہاسٹل کی سہولتوں میں مسلسل سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا، خاص طور پر پونچھ، راجوری، ڈوڈہ اور کشتواڑ جیسے دور دراز علاقوں سے آنے والے طلبہ کے لیے۔ انہوں نے بروقت تعلیمی کیلنڈر اور امتحانی نظام کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی طالب علم کا تعلیمی سال امتحانات یا ڈگری ملنے کے انتظار میں ضائع نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا، ”میری حکومت یونیورسٹیوں کو ضروری ادارہ جاتی تعاون، تعلیمی خود مختاری، اساتذہ کی مناسب تعداد اور بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کے لیے پابند عہد ہے، تاکہ وہ علم، اختراع اور علاقائی مسائل کے حل کے حقیقی مراکز بن سکیں۔”
فارغ التحصیل طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں، خاص طور پر مصنوعی ذہانت کے ظہور نے روزگار کے منظرنامے کو بدل دیا ہے۔ ایسے میں مسلسل سیکھنے، تنقیدی سوچ، درست فیصلہ کرنے کی صلاحیت اور ہمدردی کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے نوجوان فارغ التحصیل طلبہ پر زور دیا کہ وہ روایتی پیشہ ورانہ راستوں سے آگے بڑھ کر صنعت کاری اور ابھرتے ہوئے معاشی مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ صرف سرکاری ملازمتیں ہر فارغ التحصیل نوجوان کو روزگار فراہم نہیں کر سکتیں۔
عمر عبداللہ نے کہا، ”جموں و کشمیر میں پائیدار خوشحالی اسی وقت آئے گی جب ہمارے نوجوان صرف ملازمت تلاش کرنے والے بن کر نہ رہیں، بلکہ قدر پیدا کرنے والے، اختراع کار اور صنعت کار بنیں۔”
زرعی کاروبار اور فوڈ پروسیسنگ، پائیدار سیاحت، ثقافتی ورثے، قابل تجدید توانائی، قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت اور ڈیجیٹل معیشت کو اہم امکانات کے حامل شعبے قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے تعلیمی علم کو کاروباری ادارے قائم کرنے اور روزگار پیدا کرنے کے لیے استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی زرعی پیداوار، جس میں باسمتی چاول، بھدرواہ راجماش، زعفران، اخروٹ، کلاڑی اور ترش پھل شامل ہیں، کی قدر میں اضافہ کرنے، ان کی برانڈنگ اور وسیع تر منڈیوں تک رسائی کے کافی امکانات موجود ہیں۔
اسی طرح فارغ التحصیل طلبہ ورثے پر مبنی سیاحت، ماحول دوست سیاحت، ڈیجیٹل میڈیا، قابل تجدید توانائی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے والے بنیادی ڈھانچے اور ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات کے شعبوں میں بھی مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت اسٹارٹ اپ کے ماحول کو مضبوط بنانے، منظوریوں کے عمل کو آسان کرنے اور قرض تک رسائی بہتر بنانے کے ذریعے نوجوان صنعت کاروں کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔
کردار سازی اور سماجی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے فارغ التحصیل طلبہ سے اپیل کی کہ وہ زندگی بھر سیکھنے کا عمل جاری رکھیں، محنت کی عظمت کا احترام کریں، دیانت داری کو برقرار رکھیں، اپنی برادریوں سے جڑے رہیں اور اپنی ذہنی و جسمانی صحت کو ترجیح دیں۔
انہوں نے طلبہ سے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ سفر میں جہاں بھی جائیں، جموں و کشمیر کی کثیر الثقافتی روایات اور ورثے کو اپنے ساتھ لے کر چلیں اور اپنی صلاحیتوں، تجربات اور خیالات کے ذریعے اپنے آبائی خطے کی ترقی میں تعاون کریں۔
وزیراعلیٰ نے اعتماد ظاہر کیا کہ کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کے پہلے فارغ التحصیل طلبہ معاشرے میں بامعنی کردار ادا کریں گے اور جموں و کشمیر کے مستقبل کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوں گے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ نے دیگر معززین کے ساتھ فارغ التحصیل طلبہ میں تمغے اور اسناد تقسیم کیں۔
یو این آئی۔ م ع
جموں و کشمیر
جموں: جعلی سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر ملازمت حاصل کرنے کے معاملے میں کرائم برانچ نے فردِ جرم داخل کی
جموں، جموں کی کرائم برانچ (اقتصادی جرائم شاخ) نے کشتواڑ کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ایک ملزم کے خلاف فردِ جرم داخل کی ہے۔ ملزم پر جعلی اور فرضی اسکول چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ (ٹی سی) دھوکہ دہی سے استعمال کرکے محکمہ جنگلات میں سرکاری ملازمت حاصل کرنے کا الزام ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق، یہ فردِ جرم ضلع کشتواڑ کے پاڈر علاقے میں واقع تتہ پانی کے رہنے والے شمشیر سنگھ کے خلاف داخل کی گئی ہے۔ یہ معاملہ محکمہ جنگلات کی جانب سے بھیجی گئی ایک شکایت کے بعد شروع ہوا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم نے ایک جعلی تعلیمی دستاویز جمع کرکے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے لیے اپنی تاریخ پیدائش سے متعلق متضاد ریکارڈ کا استعمال کیا تھا۔ شکایت موصول ہونے کے بعد جموں کرائم برانچ نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی تھیں۔
انسپکٹر سمیر احمد کی جانب سے کی گئی تحقیقات اور اس دوران جمع کیے گئے دستاویزی اور زبانی شواہد کی بنیاد پر انکشاف ہوا کہ ملزم شمشیر سنگھ نے محکمہ جنگلات میں اپنی ملازمت برقرار رکھنے کے لیے بے ایمانی سے ایک جعلی ٹی سی کا استعمال کیا۔ اس نے غیر قانونی طور پر تنخواہ کی مد میں 7,65,210 روپے حاصل کیے، جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔
چنانچہ تحقیقات مکمل ہونے اور جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر جموں کرائم برانچ نے قانون کے مطابق عدالتی کارروائی کے لیے ملزم شمشیر سنگھ کے خلاف کشتواڑ کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں فردِ جرم داخل کردی ہے۔
جموں کی اقتصادی جرائم شاخ (کرائم برانچ) کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملازمت سے متعلق دھوکہ دہی کے معاملات میں ہوشیار اور محتاط رہیں۔ عوام کو یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ اس طرح کی کسی بھی دھوکہ دہی کی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر سرکاری ای میل پتے کے ذریعے جموں کرائم برانچ کو دیں۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
جموں و کشمیر
کلگام میں انسداد دہشت گردی مہم جاری، سکیورٹی فورسز کو لشکر کے مطلوب کمانڈر کی تلاش
سری نگر، جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام میں منگل کو بھی انسداد دہشت گردی مہم جاری رہی۔ اس دوران سکیورٹی فورسز نے لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے مطلوب کمانڈر محمد لطیف بھٹ کی تلاش تیز کر دی ہے۔
ایسا مانا جا رہا ہے کہ بھٹ پیر کو مڈبھیڑ کے مقام سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ 15 لاکھ روپے کے انعامی اور آخری زندہ مقامی لشکر کمانڈر بھٹ کل لارو میں ہوئی فائرنگ میں مبینہ طور پر بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔ اس فائرنگ میں اس کا ساتھی مارا گیا، جس کے بارے میں خیال ہے یہ عمر نثار ڈار ہوسکتا ہے۔ علاقے میں مختصر مڈبھیڑ کے بعد لارو میں یہ مہم شروع کی گئی تھی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیر لیا تھا۔ مطلوب کمانڈر کا پتہ لگانے کے لیے ناکہ بندی جاری ہے اور آس پاس کے علاقوں میں بھی تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے اس بارے میں کوئی باضابطہ وضاحت نہیں دی گئی ہے کہ بھٹ محاصرے والے علاقے میں ہی پھنسا ہوا ہے یا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ تاہم پولیس افسران نے کہا کہ لارو میں مہم جاری ہے۔ لشکر کمانڈر بھٹ ان مطلوب دہشت گردوں میں شامل ہے، جس پر جنوبی کشمیر میں سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں پر ہوئے حملوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے، جن میں حال ہی میں اکھران میں سی آر پی ایف ناکہ پر ہوا حملہ بھی شامل ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، 11 نومبر کو عمر ڈار نے بھٹ کے ساتھ مل کر اکھران واقع سی آر پی ایف ناکہ پر حملہ کیا تھا اور پھر موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ 11 نومبر کو ریکارڈ کیے گئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے دوران سکیورٹی ایجنسیوں نے ڈار اور بھٹ دونوں کو کئی مقامات پر دیکھا۔
ذرائع نے کہا، “فوٹیج میں اکھران حملے سے پہلے ریکی کرنے اور اس کے بعد فرار ہونے کے دوران ان کی سرگرمیاں درج ہوئی ہیں۔”
ذرائع نے بتایا کہ ڈار کے لاپتہ ہونے کے بعد اس کے اہل خانہ نے کلگام پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ انہوں نے کہا، “تفتیش کے دوران جانچ ایجنسیوں نے یہ طے کیا کہ عمر پچھلے پانچ سے چھ مہینوں سے لشکر کمانڈر لطیف بھٹ کو پناہ اور مدد فراہم کر رہا تھا۔ جانچ میں یہ بھی سامنے آیا کہ اکھران کے واقعے کے فوراً بعد عمر نثار ڈار ٹی آر ایف تنظیم میں شامل ہو گیا تھاـ” گزشتہ 11 نومبر کو سی آر پی ایف ناکہ پر ہوئے حملے کے بعد سے کلگام ضلع میں تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے۔
یواین آئی۔الف الف
جموں و کشمیر
کلگام میں انسداد دہشت گردی آپریشنز کے درمیان شہریوں کو درپیش مشکلات پر سیاسی رہنماؤں کا اظہار تشویش
سرینگر، جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر حملے اور اس کے بعد ایک مشتبہ عسکریت پسند کی ہلاکت کے تناظر میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز کے درمیان سیاسی رہنماؤں نے شہریوں کی نقل و حرکت پر طویل پابندیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سی پی آئی (ایم) کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور کلگام سے رکن اسمبلی ایم وائی تاریگامی نے کہا کہ اس صورتحال نے کئی دیہات کے لوگوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں، جہاں سخت پابندیوں کے باعث سخت سردی کے موسم میں مکین طویل عرصے سے اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
سی آر پی ایف اہلکاروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مسٹر تاریگامی نے کہا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنا سکیورٹی فورسز کا حق بجانب اقدام ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ عام شہری آبادی کو طویل پابندیوں کا نشانہ بنانا نہ تو منصفانہ ہے اور نہ ہی قابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ “معصوم آبادی کو کسی ایسے واقعے کا خمیازہ نہیں بھگتنا چاہیے جس میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا”، اور اس بات پر زور دیا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عام لوگوں کی زندگیوں اور روزگار کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ 11 نومبر کو اکھرن گاؤں میں سی آر پی ایف کی ایک چوکی پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام کے کئی دیہات میں محاصرے اور تلاشی کی متعدد کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ پیر کے روز سکیورٹی فورسز نے ضلع میں ایک تصادم کے دوران مطلوب لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کمانڈر محمد لطیف بٹ کے ایک مبینہ قریبی ساتھی کو ہلاک کر دیا تھا۔
حکمران جماعت جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (جے کے این سی) کے ریاستی ترجمان اور انچارج کلگام عمران ڈار نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیا ہے۔
مسٹر ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ “اکھرن حملے کے بعد کلگام کی صورتحال تشویشناک ہے، اگرچہ سکیورٹی ایجنسیوں کو تلاشی لینے اور حفاظتی جانچ پڑتال کرنے کا پورا حق حاصل ہے، لیکن معمر افراد سمیت پورے کے پورے دیہات کو کئی دنوں تک پابندیوں کے تحت رکھنا قابل اجتناب تھا اور اس کے نتیجے میں غیر ضروری مشکلات پیدا ہو رہی ہیں”۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں جموں و کشمیر پولیس اور فوج کی سرینگر چنار کور کو بھی ٹیگ کیا۔
ایک روز قبل جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سینئر رہنما سرتاج مدنی نے بھی صورتحال پر حکومت کے ردعمل پر سوال اٹھاتے ہوئے اکھرن اور حلقہ دیوسر کے ملحقہ علاقوں میں پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
مسٹر مدنی نے کہا کہ “اکھرن کلگام میں تین سی آر پی ایف اہلکاروں پر ہونے والا افسوسناک حملہ انتہائی پریشان کن ہے اور اس کی دو ٹوک الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔ تشدد کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا اور ہر فرد، خواہ وہ شہری ہو یا سکیورٹی اہلکار، کی حفاظت اولین ترجیح رہنی چاہیے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ “تاہم اس واقعے کے بعد رونما ہونے والے حالات بھی اتنے ہی تشویشناک ہیں۔ بالخصوص اکھرن اور حلقہ دیوسر کے ملحقہ علاقوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندیوں سے خوف، غیر یقینی صورتحال اور اجتماعی مشکلات کی فضا پیدا ہو رہی ہے۔ یہ صورتحال تیزی سے 1990 کی دہائی کے مشکل دنوں کی یاد دلا رہی ہے۔ ہم کشمیر کے لوگوں کو دوبارہ ایک ایسے دور میں دھکیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے جس سے نکلنے کے لیے انہوں نے بے پناہ تکالیف برداشت کی ہیں”۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
-
دنیا1 week agoٹرمپ کا اعتراف، ملک بدری کی سخت پالیسی حد سے زیادہ سخت تھی، وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کا سبب
-
دنیا1 week agoجزیرہ قشم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا: ایران
-
ہندوستان6 days agoمودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
-
ہندوستان1 week agoیمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
-
دنیا1 week ago”خیمے ہمیں بارش سے نہیں بچاتے”: غزہ میں بارش سے بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب
-
ہندوستان1 week agoوزیر اعظم مودی نے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر روحانی ورثے، قدرتی خوبصورتی اور ترقی کی ستائش کی
-
دنیا1 week agoاین ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا چینی انٹیلی جنس سے مبینہ روابط رکھنے والی خاتون سے معاشقے کا اعتراف، امریکی کانگریس میں تحقیقات کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں اسرائیل کی حمایت میں کمی کو بھی شامل کیا
-
دنیا1 week agoامریکی حملوں کی دھمکیوں کے درمیان ایران میں داخلی سلامتی کے سخت اقدامات
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش کا صاف ستھری ہوا کے لیے اصلاحات کا مطالبہ، کہا: کاروبار میں آسانی سے زیادہ صاف ہوامیں سانس لینے کاحق ہے
-
دنیا6 days agoٹرمپ کی تجویز کردہ 250 فٹ اونچی فتح یادگار کے خلاف کینیڈی خاندان عدالت پہنچ گیا
-
ہندوستان1 week agoگجرات کو 2028 تک منشیات سے پاک بنانے کا ہدف: شاہ
