جموں و کشمیر
کانگریس کے سیاسی نعرے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے: جموں و کشمیر بی جے پی صدر
جموں، جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر اور راجیہ سبھا کے رکن ست شرما نے جمعرات کو کانگریس پارٹی کے سیاسی طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعت ملک کو درپیش مسائل کا تعمیری حل پیش کرنے کے بجائے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں بار بار نئے نعرے اور مہمات شروع کرتی ہے۔
بی جے پی کے جموں بارڈر ضلع کی جانب سے منعقدہ ”جمہوریت بچاؤ، انتشار ختم کرو” کے عنوان سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شرما نے کہا کہ جمہوری اداروں کی حفاظت اور انتخابی عمل کے تقدس کو برقرار رکھنا تمام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اس سیمینار میں دانشوروں، ممتاز شہریوں، معاشرے کے مختلف طبقات کے نمائندوں اور پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔ اس دوران جمہوری اداروں کے تحفظ اور عوامی فیصلے کا احترام کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ان کے ساتھ ایم ایل اے راجیو بھگت ، سابق ایم ایل اے اشونی شرما اور جموں بارڈر ضلع کے صدر رنکو چودھری نے اجتماع سے خطاب کیا ۔
ست شرما نے کہاکہ ”کانگریس پارٹی اب بھی اپنے ایک ہی خاندان کے گرد گھوم رہی ہے اور ایک کے بعد ایک سیاسی مہم کے ذریعے سب سے زیادہ مراعات یافتہ شخص کو دوبارہ پیش کرنے کی بار بار کوشش کر رہی ہے۔ کبھی وہ یاترا نکالتی ہے، کبھی کوئی نیا نعرہ دیتی ہے، لیکن عوام میں حقیقی مقبولیت حاصل کرنے سے پہلے ہی اس کی مہمات دم توڑ دیتی ہیں۔”
انہوں نے دانشوروں، پیشہ ور افراد، سماجی نمائندوں اور سیاسی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ غلط معلومات کا مقابلہ کریں اور ہندوستان کے آئینی نظام پر عوام کے اعتماد کو مضبوط بنائیں۔
راجیو بھگت نے کہا کہ جمہوریت میں ووٹر سب سے بالاتر ہوتا ہے اور قابل اعتماد ثبوت کے بغیر انتخابی عمل پر الزامات لگانے سے ووٹروں کی دانش مندی مجروح ہوتی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بیدار رہیں اور نچلی سطح پر جمہوری شعور کو مضبوط بنانے میں سرگرمی سے حصہ لیں۔
یو این آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر کے راجوری میں دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ، یو بی جی ایل راؤنڈ اور دستی بم برآمد
جموں، جموں و کشمیر میں سکیورٹی فورسز نے راجوری ضلع کے کوٹرانکا سب ڈویژن کے ڈوبا گلی علاقے میں تلاشی مہم کے دوران دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے وہاں سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر جموں و کشمیر پولیس، خصوصی آپریشن گروپ (ایس او جی) اور فوج نے مشترکہ طور پر راجوری ضلع کے کوٹرانکا علاقے میں ڈوبا گلی میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کیا۔ یہ کارروائی محاصرے اور تلاشی مہم کے دوران کی گئی۔
سکیورٹی فورسز نے 4 یو بی جی ایل راؤنڈ، اے کے اسالٹ رائفل کے 237 راؤنڈ، 3 دستی بم، پستول کے 16 راؤنڈ، جنرل پرپز مشین گن کے 101 راؤنڈ، اے کے رائفل کی ایک سنگین (چاقو)، ایک بیگ اور ایک چادر برآمد کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ”اس معاملے میں اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے، جبکہ تلاشی مہم جاری ہے۔”
یو این آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر
سوپور کے انجینئر اشفاق بیگ وسطی کشمیر کے انچارج چیف انجینئر مقرر
سری نگر، حکام نے بتایا کہ 48 سالہ اشفاق محمد بیگ کو انچارج چیف انجینئر، آر اینڈ بی وسطی کشمیر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے سب سے کم عمر چیف انجینئر بن گئے ہیں۔
بدھ کو جاری کیے گئے سرکاری حکم کے مطابق، حکومت نے اعجاز احمد شاہ کو بھی انچارج چیف انجینئر، آر اینڈ بی جنوبی کشمیر مقرر کیا ہے۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ دونوں تقرریاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔
حکام نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور کے رہنے والے مسٹر بیگ ترقی سے قبل آر اینڈ بی سرکل بارہمولہ میں سپرنٹنڈنگ انجینئر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
اپنے شعبے کے ماہر سول انجینئر بیگ نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) سری نگر سے گولڈ میڈل کے ساتھ گریجویشن کی ہے۔ انہوں نے گریجویٹ اپٹیٹیوڈ ٹیسٹ اِن انجینئرنگ (گیٹ) میں آل انڈیا رینک 16 حاصل کی اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) روڑکی میں ماسٹرز پروگرام کے دوران بھی گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ان کے سروس ریکارڈ سے واقف حکام نے یہ معلومات فراہم کیں۔
ایک افسر نے بتایا کہ جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کا امتحان کامیاب کرنے کے بعد انہوں نے دسمبر 2007 میں محکمہ آر اینڈ بی میں اسسٹنٹ انجینئر کی حیثیت سے ملازمت شروع کی۔
افسر نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کے دوران انہوں نے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں اور سڑکوں، پلوں اور عمارتوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق پروجیکٹوں کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور تکمیل کا تجربہ حاصل کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ترقی سے وہ محکمہ آر اینڈ بی کے وسطی کشمیر زون کی سربراہی کریں گے، جہاں بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی، پروجیکٹوں کی تکمیل اور معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ان کا تکنیکی تجربہ انتہائی اہم ثابت ہوگا۔
یو این آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر
مہاجرین کی جائیداد میں دھوکہ دہی کے معاملے میں کشمیری پنڈت سمیت 5 افراد کے خلاف فردِ جرم داخل
سری نگر، جموں و کشمیر جرائم شاخ کے اقتصادی جرائم شعبے نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں 14 کنال اور 3 مرلہ زمین سے متعلق کشمیری مہاجرین کی جائیداد میں دھوکہ دہی کے معاملے میں ایک کشمیری پنڈت سمیت 5 ملزمین کے خلاف فردِ جرم داخل کی ہے۔
افسران نے جمعرات کو بتایا کہ 2017 میں آر پی سی کی مختلف دفعات اور 120-بی کے تحت درج مقدمے میں فردِ جرم چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم)، سوپور کی عدالت میں داخل کی گئی۔
تحقیقات کے مطابق یہ معاملہ جواہر لال بھٹ کی ملکیت والی وسن، گوش بُگھ پٹن میں زمین کی مبینہ طور پر دھوکہ دہی سے فروخت سے متعلق ہے۔ شکایت کنندہ نے مبینہ طور پر جائیداد کے لیے ایک کروڑ روپے سے زیادہ رقم ادا کی تھی، لیکن نہ تو اسے زمین کا قبضہ دیا گیا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔
افسران نے بتایا کہ تحقیقات میں ایک مبینہ مجرمانہ سازش کا انکشاف ہوا، جس میں کسی دوسرے شخص کی شناخت اختیار کرنا، جعلی شناختی دستاویزات تیار کرنا اور لین دین کو آسان بنانے کے لیے مبینہ مختارنامے کا غلط استعمال کرنا شامل تھا۔
ملزمین کی شناخت جموں کے مٹھی، امیت نگر کے برج ناتھ عرف سوم ناتھ، بڈگام کے سیمسن کے رہنے والے غلام محی الدین ڈار، بڈگام کے بیروہ کے سچن بینیٹ، پٹن کے مرگی پورہ کے غلام محمد شیخ، پٹن کے مرگی پورہ کے ظہور احمد ڈار اور بارہمولہ کے پٹن کے مرگی پورہ کے ریاض احمد راتھر کے طور پر ہوئی ہے۔
2 ملزمین، برج ناتھ اور غلام محی الدین ڈار کو ستمبر کے آخر میں گرفتار کیا گیا تھا۔ افسران نے بتایا کہ بعد میں ڈار کو ضمانت مل گئی، لیکن برج ناتھ اب بھی مرکزی جیل میں بند ہے۔
سری نگر کے اقتصادی جرائم شعبے نے اس سے پہلے اگست 2023 میں ایک دوسرے معاملے میں درج مقدمے کے سلسلے میں برج ناتھ اور غلام محمد شیخ کے خلاف فردِ جرم داخل کی تھی۔ اس طرح تازہ فردِ جرم دونوں ملزمین کے خلاف الگ الگ معاملات میں دوسری فردِ جرم ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے
-
دنیا1 week agoایران: “ہمارے ملک سے افزودہ یورینیم کا ایک گرام تک باہر نہیں بھیجا جائے گا”
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے اپنے دوسرے صدارتی دور میں 3 لاکھ ویزے منسوخ کئے ہیں
-
دنیا1 week agoامریکہ اور اسرائیل نومبر میں امریکی وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایران پر حملہ نہیں کریں گے: وائٹ ہاؤس
-
جموں و کشمیر1 week agoدہشت گردی کی حمایت کرنے والوں کو جموں و کشمیر کے ایل جی کی سخت وارننگ، ‘پاتال سے بھی ڈھونڈ نکالیں گے’
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر حکومت نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس انٹرنز کا وظیفہ بڑھا کر 25 ہزار روپے کردیا
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر پولیس نے کٹرا میں جعلی ٹریول ایجنٹ کو بے نقاب کیا
-
ہندوستان1 week agoوزیر اعظم مودی نے پولیس یادگاری دن پر فرض کی ادائیگی کے دوران جانیں قربان کرنے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا
-
ہندوستان1 week agoراہل گاندھی ”پارٹ ٹائم لیڈر، فل ٹائم سیاح” ہیں: شیوراج سنگھ چوہان
-
دنیا7 days agoیمن کی فوج کے تعز میں حوثیوں کے میزائل ٹھکانوں، اسلحہ ڈپو اور فوجی تنصیبات پر فضائی حملے
-
ہندوستان1 week agoسونیا گاندھی کی خودنوشت کا 10 نومبر کوہوگا اجرا، انسٹاگرام پر بھی ہوئیں سرگرم
-
دنیا1 week agoایران کی جوابی کارروائی کی وارننگ، امریکہ کا تہران کے ساتھ امن معاہدہ انتہائی مشکل قرار
-
جموں و کشمیر1 week agoبارہمولہ میں 2 مشتبہ اوور گراؤنڈ کارکن گرفتار، آئی ای ڈی اور پستول برآمد
