ہندوستان
2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا پہلا پڑاؤ اتراکھنڈ ہوگا: امت شاہ
دہرادون، مرکزی وزیر داخلہ و امدادِ باہمی امت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے سفر میں اتراکھنڈ پہلا پڑاؤ ثابت ہوگا۔
امت شاہ نے آج اتراکھنڈ کے دارالحکومت دہرادون کے پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ ریاستی یومِ تاسیس کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ریاست کی ترقی سے متعلق 1475 کروڑ روپے کی لاگت والی 62 ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔
انہوں نے اتراکھنڈ فلم پالیسی کے تحت اعلان کردہ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کے علاوہ مختلف شخصیات کو ‘اتراکھنڈ گورو سمان’ اور ‘وزیراعلیٰ ریاستی بہادری ایوارڈ برائے اطفال’ بھی پیش کیے۔
امت شاہ نے کہا کہ اتراکھنڈ کا یومِ تاسیس فخر، کامیابی اور عزم کے طور پر منایا جارہا ہے۔ فخر اس بات کا ہے کہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے اتراکھنڈ ریاست کی تشکیل کی۔ کامیابی اس پیش رفت کا نام ہے جو وزیراعظم نریندر مودی اور ریاست کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی قیادت میں ترقی یافتہ اتراکھنڈ کی تعمیر کے لیے کی جارہی ہے، جبکہ عزم ریاست کے ثقافتی ورثے اور ماحولیات کے تحفظ کا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ بہادری اتراکھنڈ کے عوام کی پہچان رہی ہے۔ نئی نسل کو ویرانگنا تِیلو راوتیلی، ویر مادھو سنگھ بھنڈاری، وکٹوریہ کراس یافتہ دربان سنگھ نیگی اور گبر سنگھ نیگی، ویر چندر سنگھ گڑھوالی اور جنرل بپن راوت کے نقش قدم پر چلنے کا عزم کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق گجرات سے ہے، جہاں یہ عقیدہ پایا جاتا ہے کہ چار دھام کی یاترا کے بغیر انسان کو نجات حاصل نہیں ہوتی۔ آج انہیں بھگوان بدری وشال، بابا کیدارناتھ، گنگوتری، یمونوتری، سکھوں کے مقدس تیرتھ استھل ہیم کنڈ صاحب اور کمبھ نگری ہریدوار کی مقدس سرزمین، دیو بھومی آنے کا موقع ملا ہے۔
سابق وزیراعظم بھارت رتن آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اٹل جی نے اتراکھنڈ ریاست کی تشکیل کرکے ریاستی تحریک کے کارکنوں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کیا، جبکہ آج وزیراعظم نریندر مودی اتراکھنڈ کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کا کام کررہے ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران اتراکھنڈ کی ترقی کی رفتار میں تیزی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں مختلف شعبوں کی ممتاز شخصیات کو اعزازات سے نوازا جارہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاستی حکومت ترقی کے سفر میں تعاون کرنے والے ہر فرد کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔
یواین آئی۔ ظا
ہندوستان
ووٹ چوری کا دفاع نہیں کر سکتے، اسی لیے مودی راہل کا چیلنج قبول نہیں کر رہے: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر راہل گاندھی کی جانب سے بحث کا چیلنج قبول نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ‘ووٹ اور حقوق کی چوری’ کا دفاع نہیں کر سکتے، اسی لیے اس چیلنج کو قبول نہیں کر رہے ہیں۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ”مسٹر مودی بحث کا چیلنج اس لیے قبول نہیں کر رہے ہیں، کیونکہ وہ اپنے ووٹ اور حقوق کی چوری کا دفاع نہیں کر سکتے۔ کیا مودی یا امت شاہ میں اس کا دفاع کرنے کی ہمت ہے؟”
انہوں نے الزام لگایا کہ خامیوں اور دھاندلی سے بھرپور ایس آئی آر کی آڑ میں 13 کروڑ لوگوں کو ہندوستان کے فلاحی نظام سے باہر کر دیا گیا ہے۔
مسٹر وینوگوپال نے کہا کہ یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے، جب اڈانی اور امبانی روزانہ اربوں ڈالر کما رہے ہیں۔
یواین آئی۔ این یو۔
ہندوستان
وزیراعظم نے ملک کے عوام کو دھن تیرس کی مبارک باد دی
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ملک کے عوام کو دھن تیرس کی دلی مبارک باد دی۔ انہوں نے بھگوان دھنونتری کا آشیرواد لیتے ہوئے ہر گھر میں خوشی، امن، خوشحالی اور اچھی صحت کی پرارتھنا کی۔
وزیر اعظم مسٹر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں امید ظاہر کی کہ بھگوان دھنونتری کی کرپا سے سب کی زندگی میں خوشی، امن اور اچھی صحت برقرار رہے۔ انہوں نے یہ بھی پراتھنا کی کہ ہر خاندان میں جوش و خروش اور خوشی کا چراغ ہمیشہ روشن رہے۔
مسٹر مودی نے کہاکہ ”میرے تمام ہم وطنوں کو دھن تیرس کی دلی مبارک باد۔ بھگوان دھنونتری کی کرپا سے سب کی زندگی میں خوشی، امن اور بہترین صحت کی روشنی ہمیشہ قائم رہے۔ ہر خاندان میں جوش و خروش اور خوشی کا چراغ ہمیشہ روشن رہے۔”
انہوں نے تہوار کی مبارک باد کے ساتھ بھگوان دھنونتری سے منسوب ایک سنسکرت پراتھنا بھی شیئر کی۔ ہندو روایت میں بھگوان دھنونتری کو دیویا ویدیا اور آیوروید اور طب کا دیوتا مانا جاتا ہے۔ ‘نمامی دھنونتریم آدی دیوم’ سے شروع ہونے والی اس پراتھنا میں بھگوان دھنونتری کو دیوتاؤں اور اسوروں کے ذریعے پوجے جانے والے اولین دیوتا کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ اس میں انہیں بیماری، بڑھاپے اور موت کے خوف سے نجات دلانے والے علاج کا الوہی سرچشمہ بتایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دھن تیرس، جسے دھن تریودشی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، 5 روزہ دیوالی کے تہوار کے آغاز کی علامت ہے۔ یہ تہوار ہندو کیلنڈر کے کارتک مہینے کے کرشن پکش کی تریودشی تِتھی کو منایا جاتا ہے۔ یہ تہوار روایتی طور پر دولت، خوشحالی اور خوش بختی سے وابستہ ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
ہندوستان
سرکاری اسکیموں کے فوائد کو ووٹر شناختی کارڈ سے جوڑنا جمہوریت اور غریبوں کے حقوق پر حملہ: راہل گاندھی
نئی دہلی، لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کی جانب سے سرکاری اسکیموں کے فوائد کو آدھار کارڈ کے بجائے ووٹر شناختی کارڈ سے جوڑنے کی تیاری پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔
انہوں نے مرکزی وزیر للن سنگھ کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مودی حکومت ووٹر لسٹ کے ذریعے غریبوں کے حقوق کو کنٹرول کرنے اور جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی سازش کر رہی ہے۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ ووٹر لسٹ سے خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے نام پر کروڑوں لوگوں کے نام کاٹے جا رہے ہیں اور اگر اسے نہیں روکا گیا تو مستقبل میں مزید لوگوں کے نام ہٹا دیے جائیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بنیادی طور پر ان لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جن میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے خلاف ناراضگی ہے۔
مسٹر گاندھی نے الیکشن کمیشن کی غیر جانب داری پر سوال اٹھاتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر بی جے پی کے ساتھ ملی بھگت اور ووٹ چوری میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ووٹر لسٹ تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس میں بی جے پی کی اکثریت یقینی ہو اور مستقبل میں اسی فہرست کی بنیاد پر سرکاری اسکیموں کے فوائد بھی طے کیے جائیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آج پنچایتی راج کی اسکیموں کے فوائد کو ووٹر شناختی کارڈ سے جوڑنے کی بات ہو رہی ہے، کل راشن، پنشن، منریگا، رہائش، وظائف اور ریزرویشن جیسی سہولتوں پر بھی اس کا اثر پڑ سکتا ہے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ ووٹ دینا شہریوں کا آئینی حق ہے، کوئی شرط نہیں۔ کسی غریب کی پنشن اس کے ووٹر کارڈ کی محتاج نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ صرف ووٹ چوری نہیں، بلکہ لوگوں کے حقوق کی چوری ہے۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابات جیتنے کی سیاست نہیں، بلکہ انتخابات میں دھاندلی کرکے اقتدار میں برقرار رہنے کا مستقل انتظام ہے۔ کانگریس اس طرح کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
یو این آئی۔ این یو۔
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر بی جے پی کی نیشنل کانفرنس میں پھوٹ کی پیش گوئی، کابینہ میں جموں کو نظرانداز کرنے پر عمر عبداللہ پر تنقید
-
ہندوستان6 days agoمودی نے سردار پٹیل کو خراج عقیدت پیش کیا، متحد اور خود کفیل ہندوستان کے ان کے وژن کو یاد کیا
-
دنیا1 week agoروس، یوکرین اور امریکہ کے درمیان سہ فریقی بات چیت چار نومبر کے بعد پھر شروع ہوگی: اوشاکوف
-
دنیا6 days agoاسرائیلی فوج نے مذاکرات جاری ہونے کے وقت جنوبی لبنان میں مکانات کو مسمار کیا اور قصبوں پر بمباری کی
-
دنیا1 week agoاسرائیلی پارلیمنٹ معلق، نیتن یاہو کمزور، نئی حکومت کی تشکیل میں عرب جماعتوں کا کردار فیصلہ کن
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں میں آتشزدگی: بی جے پی صدر کا متاثرین کو معاوضہ دلانے کا یقین
-
دنیا4 days agoاسرائیلی حکام کا انتخابی نتائج برقرار رکھنے کا اعلان، نیتن یاہو نے انتخابات کو ‘چوری’ قرار دیا
-
ہندوستان1 week agoدہشت گردی سے نمٹنے کا تجربہ آسیان ممالک کے ساتھ مشترک کرے گا ہندوستان: راجناتھ
-
دنیا1 week agoپوتن نے مصر کے صدر السیسی سے ملاقات کی
-
ہندوستان6 days agoملک کے کئی حصوں میں شدید سے بہت شدید بارش کا امکان: محکمہ موسمیات
-
دنیا1 week agoاسپین میں تیز رفتار ٹرینوں کے تصادم میں کم از کم 46 افراد ہلاک
-
ہندوستان1 week agoچھتیس گڑھ میں سمندری طوفان ‘ارنَب’ پڑا کمزور ، بارش میں کمی کے آثار
