جموں و کشمیر
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ نے 17 امیدواروں میں تقرری نامے تقسیم کیے
جموں، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز یہاں سول سکریٹریٹ میں محکمہ تعمیرات عامہ (سڑکیں اور عمارتیں) میں تقرری پانے والے 17 امیدواروں میں تقرری نامے تقسیم کیے۔
وزیر اعلیٰ نے نئے تقرر پانے والے امیدواروں کو مبارک باد دی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام امیدوار پوری لگن، ایمانداری اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے اور محکمہ کے کام کاج کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
تقرری پانے والوں میں آر اے ایس کے تحت 8 سپروائزر اور 8 ملٹی ٹاسکنگ اسٹاف (ایم ٹی ایس) شامل ہیں، جبکہ ایک امیدوار کو ایس آر او-43 کے تحت تقرری دی گئی ہے۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری، محکمہ تعمیرات عامہ (سڑکیں اور عمارتیں) کے ایڈیشنل چیف سکریٹری انیل کمار سنگھ، محکمہ تعمیرات عامہ کے ڈائریکٹر فائنانس اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
یو این آئی۔ ایم جے
جموں و کشمیر
جموں: نئی قانون ساز اسمبلی کی عمارت: وزیر اعلیٰ نے تعمیراتی کام مقررہ وقت پر مکمل کرنے پر زور دیا
جموں، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز جموں میں نئی قانون ساز اسمبلی کی عمارت کے جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ اور جائزہ لیتے ہوئے اس اہم منصوبے کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے اور تعمیر کے دوران اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
معائنے کے دوران متعلقہ افسران نے وزیر اعلیٰ کو تعمیراتی کاموں کی موجودہ صورت حال اور کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے کیے جا رہے اقدامات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں اور تعمیراتی کام انجام دینے والی ایجنسی کے درمیان مؤثر تال میل، کاموں کو منظم طریقے سے انجام دینے اور مقررہ اصولوں و معیار پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لیے ایک اہم ادارہ جاتی عمارت ہونے کے پیش نظر اس منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔
نئی قانون ساز اسمبلی کی یہ عمارت 208.53 کروڑ روپے کی نظرثانی شدہ تخمینی لاگت سے تعمیر کی جا رہی ہے۔ اس عمارت کا مجموعی تعمیر شدہ رقبہ 22,165 مربع میٹر ہے۔
اس منصوبے پر ابتدائی طور پر 2012 میں کام شروع کیا گیا تھا، لیکن 2018 سے اس کی تعمیر کا کام رکا ہوا تھا۔
طویل عرصے سے زیر التوا اس منصوبے کو موجودہ حکومت کی جانب سے 2025 میں نظرثانی شدہ انتظامی منظوری دیے جانے کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا، جس سے تعمیراتی کام بحال کرنے کی راہ ہموار ہوئی۔
عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے دور میں اس منصوبے پر تعمیراتی کام 15 فروری 2026 کو دوبارہ شروع ہوا اور اسے مکمل کرنے کے لیے 31 اکتوبر 2027 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
31 اکتوبر 2026 تک اس منصوبے پر 5.97 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے تھے۔
6 منزلہ اس عمارت میں جدید اسمبلی ہال، مرکزی ہال، زائرین اور صحافیوں کے لیے گیلریاں، کمیٹی روم اور عمارت کے انتظام و نگرانی کے جدید نظام کی سہولتیں ہوں گی۔
معائنے کے دوران جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر، نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری دھیراج گپتا، محکمہ تعمیرات عامہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری انیل کمار سنگھ، محکمہ عمومی انتظامیہ کے کمشنر سکریٹری ایم راجو، محکمہ قانون کے سکریٹری اچل سیٹھی اور دیگر سینئر افسران بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
یو این آئی۔ ایم جے
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر پولیس نے 11 ڈمپر ضبط کیے، کانکنی مافیا کے خلاف مقدمہ درج، کٹھوعہ میں ایک شخص گرفتار
جموں، کانکنی مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے کٹھوعہ ضلع میں 11 ڈمپر اور ایک نجی گاڑی ضبط کی ہے۔
اس کے علاوہ پولیس پر حملہ کرنے اور کٹھوعہ تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کی سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے الزام میں مافیا کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، رات دیر گئے کارروائی کے دوران ڈمپر ڈرائیور نے پولیس کی سرکاری گاڑی کو ٹکر مار دی، تاہم پولیس اہلکار بال بال بچ گئے۔
یہاں ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ کٹھوعہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موہیتا شرما کی مجموعی نگرانی میں کٹھوعہ پولیس نے کانکنی مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 11 ڈمپر ضبط کیے اور کٹھوعہ تھانے میں ایک ایف آئی آر درج کی۔
پیر کی دیر رات بھگتھلی میں ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس نے غیر قانونی طور پر کانکنی کا سامان لے جانے کے الزام میں 10 ڈمپر ضبط کیے۔ اس کے علاوہ 11ویں ڈمپر کے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی، جس پر الزام ہے کہ اس نے ناکہ پارٹی پر ڈمپر چڑھانے اور کٹھوعہ تھانے کے ایس ایچ او کی سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ مذکورہ ڈمپر پر کوئی رجسٹریشن نمبر بھی درج نہیں تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
کٹھوعہ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی کانکنی اور کانکنی کے سامان کی غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث پائے جانے والے کسی بھی شخص کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
یو این آئی۔ ایم جے
جموں و کشمیر
لداخ انتظامیہ نے وانگچک کی اہلیہ اور ایچ آئی اے ایل کی بانی انگو کو کلاسیں شروع کرنے سے روک دیا
سری نگر، لداخ انتظامیہ نے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی اہلیہ اور ہمالین انسٹی ٹیوٹ آف آلٹرنیٹوز (ایچ آئی اے ایل) کی بانی اور چیف ایگزیکٹیو گیتانجلی جے انگو کو ہدایت دی ہے کہ وہ لیہہ کے فیانگ میں واقع ڈیزرٹ فلاور اسکول میں کلاسیں اور دیگر سرگرمیاں شروع نہ کریں۔ یہ پابندی جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ میں زیر سماعت مقدمے کے فیصلے تک برقرار رہے گی۔
لیہہ کے تحصیلدار دفتر کی جانب سے جاری نوٹس میں انگو کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جب تک ہائی کورٹ اس معاملے کا حتمی فیصلہ نہیں کر دیتی یا عدالت کی جانب سے مزید ہدایات جاری نہیں ہوتی ہیں، تب تک وہ اسکول کو فعال بنانے یا وہاں سرگرمیاں شروع کرنے کے سلسلے میں کوئی قدم نہ اٹھائیں۔
یکم نومبر کو جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انگو نے 22 ستمبر 2026 کو ایک خط کے ذریعے ڈپٹی کمشنر لیہہ سے رابطہ کیا تھا اور ایچ آئی اے ایل کے تحت ڈیزرٹ فلاور اسکول، فیانگ کی مجوزہ انتظامی کمیٹی کے ارکان کے لیے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) یا منظوری جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔
تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کے علم میں آیا ہے کہ متعلقہ حکام سے مناسب رضامندی، منظوری اور ضروری اجازت حاصل کیے بغیر اسکول میں کلاسیں اور دیگر سرگرمیاں شروع کی جا رہی ہیں۔
ہائی کورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے تحصیلدار نے کہا کہ انگو کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جب تک عدالت اس معاملے پر فیصلہ نہیں کر دیتی، وہ کلاسیں اور دیگر سرگرمیاں شروع کرنے سے گریز کریں۔
نوٹس میں انہیں مزید ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موجودہ صورت حال کو جوں کا توں برقرار رکھیں اور ایسا کوئی قدم نہ اٹھائیں جس سے ہائی کورٹ میں زیر سماعت معاملے پر منفی اثر پڑ سکتا ہو۔
سونم وانگچک بھی ڈیزرٹ فلاور اسکول کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن ہیں۔
یو این آئی، ایم جے
-
دنیا1 week agoٹرمپ: انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کی اطلاع دینے والوں کو 1 ملین ڈالر کا انعام
-
تجزیہ1 week agoراولاکوٹ: خوف، دباؤ اور بے یقینی میں سانس لیتا شہر
-
ہندوستان6 days agoستائیس اکتوبر کی پوری رات جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی گئی
-
ہندوستان1 week agoدفاعی افواج کے لیے 2.12 لاکھ کروڑ روپے کے دفاعی خریداری کے منصوبوں کو منظوری
-
دنیا1 week agoغزہ میں اسرائیلی حملوں میں سات سالہ بچی سمیت کم از کم پانچ فلسطینی ہلاک
-
دنیا1 week agoنیتن یاہو کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے:ایویگادور لیبرمین
-
ہندوستان6 days agoگیانیش کمار کے خلاف جمعہ کو کانگریس عوامی مواخذے کا پروگرام منعقد کرے گی
-
جموں و کشمیر7 days agoسرینگر میں چوری کے معاملے میں دو گھریلو ملازمین گرفتار، 45 لاکھ روپے کے سونے کے زیورات برآمد
-
جموں و کشمیر6 days agoجموں و کشمیر بی جے پی کی نیشنل کانفرنس میں پھوٹ کی پیش گوئی، کابینہ میں جموں کو نظرانداز کرنے پر عمر عبداللہ پر تنقید
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں توی ریلوے اسٹیشن کے باہر آگ لگنے سے تقریباً 35 دکانیں جل کر خاکستر
-
دنیا1 week agoاسرائیل، 12500 سے زیادہ فلسطینی عورتوں کو قتل کر چُکا ہے
-
ہندوستان1 week agoمودی نے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر لولا کو مبارک باد دی، ہندوستان-برازیل اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانے کا عزم
