جموں و کشمیر
گاندربل میں سڑک حادثے میں گجرات اور مغربی بنگال کے آٹھ سیاح زخمی
سرینگر، جموں و کشمیر کے گاندربل ضلع میں سونمرگ سے سرینگر کی طرف جا رہی ایک سیاحتی ٹمپو ٹریولر کے حادثے کا شکار ہو جانے سے گجرات اور مغربی بنگال کے آٹھ سیاح زخمی ہو گئے۔
یہ حادثہ سمبل بالا میں پیش آیا۔ زخمی سیاحوں کو پہلے طبی امداد کے لیے لے جایا گیا اور بعد میں بہتر علاج کے لیے سورا میں واقع شیرِ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس کے آئی ایم ایس) منتقل کر دیا گیا۔
زخمیوں کی شناخت احمد آباد کے رہنے والے شاردا بائی اور راماس، گجرات کے سورت کی رہنے والی جائشا، احمد آباد کے رہنے والے شوبھا اور راکیش کمار، مغربی بنگال کے رہنے والے سواس نواد یوسف گھوسی اور سوجیت گھوش کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ مالا گھوسی کے پتے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ انہوں نے اس حادثے کے سلسلے میں سینئر حکام، ایس کے آئی ایم ایس کے ڈائریکٹر اور گاندربل کے ڈپٹی کمشنر سے بات کی ہے۔ مسٹر سنہا نے سوشل میڈیا پر لکھا، “گجرات اور مغربی بنگال کے آٹھ زخمی سیاحوں کو ایس کے آئی ایم ایس منتقل کر دیا گیا ہے۔ میں نے حکام اور ایس کے آئی ایم ایس کے ڈائریکٹر کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن بہترین علاج فراہم کیا جائے۔ ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔”
یواین آئی۔الف الف
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر: کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری، مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی
سرینگر، کشمیر اور لداخ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی، جبکہ بدھ کے روز میدانی علاقوں کے بعض حصوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ اس دوران محکمہ موسمیات کے مرکز سرینگر نے آئندہ 2 دنوں میں جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بانڈی پورہ، سونہ مرگ، گلمرگ کے کانگ ڈوری، گمری، مینا مرگ اور دراس میں ہلکی برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مرکز نے 12 اور 13 نومبر کو کئی مقامات پر میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران کپواڑہ اور بانڈی پورہ کے بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید برف باری ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے 12 اور 13 نومبر کے دوران دن کے درجہ حرارت میں 6 سے 8 ڈگری سیلسیس تک نمایاں کمی آنے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
موسم کی پیش گوئی اور دور دراز علاقوں میں سڑکیں بند ہونے اور آمد و رفت کے رابطے متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر بانڈی پورہ ضلع انتظامیہ نے سیاحوں، مسافروں، امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں اور عام لوگوں کے لیے موسمی ہدایات جاری کی ہیں۔
ضلع انتظامیہ نے گریز کو عارضی طور پر سیاحوں کے لیے ممنوعہ علاقہ قرار دے دیا ہے اور وہاں پہلے سے موجود لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ضلع کنٹرول روم سے رابطہ کرکے فوری طور پر وہاں سے واپسی کا منصوبہ بنائیں۔
یو این آئی۔ ایم جے
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ ادھم پور اور ریاسی میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ اور نئے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے
جموں، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بدھ کے روز ادھم پور اور ریاسی اضلاع میں ترقیاتی سرگرمیوں کا جامع جائزہ لیں گے۔ اس دوران وہ عوامی بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور 25 کروڑ روپے کی لاگت کے کئی نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
ایک ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ کابینہ کے وزراء، وزیر اعلیٰ کے مشیر اور مقامی ارکان اسمبلی بھی موجود رہیں گے۔ اس جائزہ اجلاس میں اعلیٰ انتظامی افسران بھی شرکت کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ دن بھر کے دورے کے دوران صبح کے وقت ادھم پور ضلع جائیں گے، جبکہ دوپہر کے بعد ریاسی ضلع کا دورہ کریں گے۔
ترجمان کے مطابق دونوں اضلاع میں وزیر اعلیٰ مقامی انتظامیہ کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ ان اجلاسوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی زمینی اور مالی پیش رفت، موسم سرما کی تیاریوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اہم منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ وہ مکمل ہوچکے عوامی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور ان اضلاع کی ترقی کو مزید تیز کرنے اور عوام کو بہتر سرکاری خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے کئی بڑے نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
یو این آئی۔ ایم جے
جموں و کشمیر
لداخ میں انتخابات جمہوریت کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے: چیف سکریٹری کنڈرا، عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل
سری نگر، انتخابی شیڈول کی مخالفت اور کرگل کے بعض علاقوں میں بند کے درمیان لداخ کے چیف سکریٹری آشیش کنڈرا نے منگل کے روز آئندہ انتخابی عمل کو جمہوریت کے لیے ایک اہم سنگِ میل اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں جمہوری نظام کے لیے فیصلہ کن موڑ قرار دیتے ہوئے لداخ کے عوام سے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔
لیہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنڈرا نے کہاکہ ”میرا ذاتی خیال ہے کہ یہ انتخابی عمل لداخ اور جمہوریت کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہ ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوگا۔”
انتخابات کو لداخ کے جمہوری سفر کا ایک اہم مرحلہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عوام کی امنگوں کی تکمیل کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”میرے خیال میں جمہوریت کے وسیع تر سفر اور عوام کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات و خواہشات کے تناظر میں یہ ایک انتہائی اہم مرحلہ ہے۔ لوگوں کو انتخابات میں حصہ لینا چاہیے۔ انہیں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ جمہوریت کے حامی ہیں اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔”
انتخابات کی رفتار، حلقہ بندی کے عمل اور سردیوں کے موسم میں انتخابی انعقاد کے وقت سے متعلق خدشات کا جواب دیتے ہوئے کنڈرا نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ انتظامیہ انتخابی عمل میں جلد بازی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد دراصل انتظامی کارکردگی اور موثریت کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”یہ جلد بازی کا معاملہ نہیں بلکہ انتظامی موثریت کا سوال ہے۔ جب ہم نے عوام سے انتخابات کرانے کا وعدہ کیا ہے تو پھر ہمیں پیچھے کیوں ہٹنا چاہیے؟ ہم یہ فیصلہ کیوں کریں کہ سفر آدھے راستے میں روک دیا جائے اور اسے مکمل نہ کیا جائے؟”
سرد موسم کے پیش نظر کئی لداخی تنظیموں کی جانب سے انتخابات ملتوی کرنے کے مطالبے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ ”آپ سب جانتے ہیں کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ہمارے اسکول 15 دسمبر تک کھلے رہے ہیں۔ اگر بچے اسکول جا سکتے ہیں تو میرے خیال میں ایسی صورت حال نہیں ہے کہ بالغ افراد ووٹ ڈالنے کے لیے باہر نہ نکل سکیں۔”
کنڈرا نے کہا کہ نومنتخب کونسلوں کو آئندہ مالی سال کا بجٹ تیار کرنے کے لیے جنوری، فروری اور مارچ کے مہینے دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ ”چونکہ بجٹ مارچ سے پہلے تیار کرنا ضروری ہے، اس لیے یہ سمجھنا اہم ہے کہ انتخابی عمل کا وقت بہت اہمیت رکھتا ہے۔”
لداخ کی متعدد تنظیموں کی جانب سے انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل پر چیف سکریٹری نے کہا کہ انتخابی عمل میں حصہ لینا ہر فرد کا ذاتی فیصلہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ کو بند سمیت احتجاج کی علامتی صورتوں پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
تاہم، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولنگ کے دن بڑی تعداد میں گھروں سے نکلیں اور اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں۔
انہوں نے کہاکہ ”اہم بات یہ ہے کہ انتخابات کے دن لوگ بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور اپنے ووٹ ڈالیں۔” انہوں نے نوجوانوں، بزرگوں، خواتین، مذہبی تنظیموں اور سرکاری ملازمین سے بھی انتخابی عمل میں حصہ لینے کی اپیل کی۔
کنڈرا نے کہاکہ ”آئیے، ہم اس جمہوری روایت کو برقرار رکھیں جس کے لیے لداخ ہمیشہ سے جانا جاتا ہے۔
یہ ایک مبارک موقع ہے۔ جب بھی کسی کام کا پہلی مرتبہ آغاز ہوتا ہے تو اس کی شروعات انتہائی مثبت ہونی چاہیے۔”
مجوزہ جمہوری ڈھانچے کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس انتخابی عمل کے ذریعے تین سطحی نظام قائم ہوگا۔ اس کی پہلی سطح پر پنچایت حلقے اور میونسپل وارڈز ہوں گے، دوسری سطح پر ضلع کی بنیاد پر لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلیں (ایل اے ایچ ڈی سیز) ہوں گی، جبکہ سب سے اوپر مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سطح پر ایک ادارہ قائم کیے جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہاکہ”اس ڈھانچے کی بنیاد پنچایت حلقوں اور میونسپل وارڈز پر ہوگی۔ ان کے اوپر ضلعی سطح پر ایل اے ایچ ڈی سی کے حلقے ہوں گے اور اس سے بھی اوپر اگر مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سطح پر کوئی ادارہ تشکیل دیا جاتا ہے تو وہ اعلیٰ سطح پر کام کرے گا۔ اس طرح ایک اہرام نما ڈھانچہ تیار کیا جا رہا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ حکومت ہند لداخ میں جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور انہیں جلد از جلد تشکیل دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
کنڈرا نے کہاکہ ”حکومت ہند یہاں جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے اور انہیں جلد از جلد قائم کرنے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔” انہوں نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ جمہوری عمل پر اپنے اعتماد کا اظہار کریں۔
چیف سکریٹری نے بتایا کہ لیہ اور کرگل میں پنچایت اور میونسپل انتخابات 21 نومبر کو ہوں گے، جبکہ تمام آٹھ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں کی 100 نشستوں کے لیے انتخابات 4 دسمبر کو منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل 8 دسمبر سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ تینوں انتخابات کی ووٹوں کی گنتی بیک وقت ہوگی۔ ان کے مطابق اس انتظام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ایک انتخاب کے نتائج دوسرے انتخاب پر اثر انداز نہ ہوں۔
حلقہ بندی کے عمل کے نتیجے میں دونوں اضلاع میں ایل اے ایچ ڈی سی کے انتخابی حلقوں کی تعداد تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔ پہلے لیہ اور کرگل میں 26، 26 حلقے تھے، جنہیں بڑھا کر 50، 50 کر دیا گیا ہے۔ پہلی مرتبہ کونسل کی 100 نشستوں میں سے ایک تہائی خواتین کے لیے مختص کی گئی ہیں، جس کے تحت 36 نشستیں خواتین کے لیے محفوظ ہوں گی۔ کنڈرا نے اسے ایک ترقی پسند قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس کا خیرمقدم کرنا چاہیے۔
پنچایتی انتخابات کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لداخ بھر کی 192 پنچایتوں میں سے 55 سرپنچ بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ باقی 137 عہدوں کے لیے انتخابات ہوں گے۔
اسی طرح پنچ کے 1,428 انتخابی حلقوں میں سے 1,186 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں، جبکہ 212 نشستوں کے لیے انتخابات کرائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بلا مقابلہ منتخب ہونے والے تمام امیدواروں کو انتخابی سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
مرکز اور لداخ کی قیادت کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات کے بارے میں کنڈرا نے کہا کہ اپیکس باڈی کے ساتھ 22 اکتوبر کو ہونے والی میٹنگ ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے منعقد نہیں ہو سکی۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات مکمل ہونے کے بعد یہ میٹنگ منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ گزشتہ سال لیہ میں پیش آئے تشدد کے واقعات کی عدالتی تحقیقات کی رپورٹ جلد ہی عوام کے سامنے پیش کر دی جائے گی۔
یواین آئی۔ ط ا
-
دنیا1 week agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش نے پی ایم 2.5 کو صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا، فضائی آلودگی کے معیارات میں فوری ترمیم کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoاسرائیلی حکام کا انتخابی نتائج برقرار رکھنے کا اعلان، نیتن یاہو نے انتخابات کو ‘چوری’ قرار دیا
-
جموں و کشمیر1 week agoتاریگامی کا سی آئی ڈی تصدیقی عمل پر نظرثانی کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا
-
ہندوستان1 week agoسونیا گاندھی نے لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی
-
ہندوستان1 week agoڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
-
دنیا6 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
جموں و کشمیر1 week agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں کے آتشزدگی سے متاثرہ شیو مارکیٹ کے دکانداروں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
-
ہندوستان1 week agoتیرہ کروڑ ووٹوں کی چوری کا اپوزیشن کا دعویٰ بے بنیاد، ایس آئی آر پر راہل گاندھی غلط فہمی پھیلا رہے ہیں: سمبت پاترا
-
دنیا1 week agoامریکہ اور اسرائیل نے دوبارہ ایران پر بمباری کی تو تہران کا ردعمل کیا ہوگا
