جموں و کشمیر
لداخ میں انتخابات جمہوریت کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے: چیف سکریٹری کنڈرا، عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل
سری نگر، انتخابی شیڈول کی مخالفت اور کرگل کے بعض علاقوں میں بند کے درمیان لداخ کے چیف سکریٹری آشیش کنڈرا نے منگل کے روز آئندہ انتخابی عمل کو جمہوریت کے لیے ایک اہم سنگِ میل اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں جمہوری نظام کے لیے فیصلہ کن موڑ قرار دیتے ہوئے لداخ کے عوام سے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔
لیہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنڈرا نے کہاکہ ”میرا ذاتی خیال ہے کہ یہ انتخابی عمل لداخ اور جمہوریت کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہ ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوگا۔”
انتخابات کو لداخ کے جمہوری سفر کا ایک اہم مرحلہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عوام کی امنگوں کی تکمیل کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”میرے خیال میں جمہوریت کے وسیع تر سفر اور عوام کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات و خواہشات کے تناظر میں یہ ایک انتہائی اہم مرحلہ ہے۔ لوگوں کو انتخابات میں حصہ لینا چاہیے۔ انہیں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ جمہوریت کے حامی ہیں اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔”
انتخابات کی رفتار، حلقہ بندی کے عمل اور سردیوں کے موسم میں انتخابی انعقاد کے وقت سے متعلق خدشات کا جواب دیتے ہوئے کنڈرا نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ انتظامیہ انتخابی عمل میں جلد بازی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد دراصل انتظامی کارکردگی اور موثریت کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”یہ جلد بازی کا معاملہ نہیں بلکہ انتظامی موثریت کا سوال ہے۔ جب ہم نے عوام سے انتخابات کرانے کا وعدہ کیا ہے تو پھر ہمیں پیچھے کیوں ہٹنا چاہیے؟ ہم یہ فیصلہ کیوں کریں کہ سفر آدھے راستے میں روک دیا جائے اور اسے مکمل نہ کیا جائے؟”
سرد موسم کے پیش نظر کئی لداخی تنظیموں کی جانب سے انتخابات ملتوی کرنے کے مطالبے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ ”آپ سب جانتے ہیں کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ہمارے اسکول 15 دسمبر تک کھلے رہے ہیں۔ اگر بچے اسکول جا سکتے ہیں تو میرے خیال میں ایسی صورت حال نہیں ہے کہ بالغ افراد ووٹ ڈالنے کے لیے باہر نہ نکل سکیں۔”
کنڈرا نے کہا کہ نومنتخب کونسلوں کو آئندہ مالی سال کا بجٹ تیار کرنے کے لیے جنوری، فروری اور مارچ کے مہینے دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ ”چونکہ بجٹ مارچ سے پہلے تیار کرنا ضروری ہے، اس لیے یہ سمجھنا اہم ہے کہ انتخابی عمل کا وقت بہت اہمیت رکھتا ہے۔”
لداخ کی متعدد تنظیموں کی جانب سے انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل پر چیف سکریٹری نے کہا کہ انتخابی عمل میں حصہ لینا ہر فرد کا ذاتی فیصلہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ کو بند سمیت احتجاج کی علامتی صورتوں پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
تاہم، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولنگ کے دن بڑی تعداد میں گھروں سے نکلیں اور اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں۔
انہوں نے کہاکہ ”اہم بات یہ ہے کہ انتخابات کے دن لوگ بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور اپنے ووٹ ڈالیں۔” انہوں نے نوجوانوں، بزرگوں، خواتین، مذہبی تنظیموں اور سرکاری ملازمین سے بھی انتخابی عمل میں حصہ لینے کی اپیل کی۔
کنڈرا نے کہاکہ ”آئیے، ہم اس جمہوری روایت کو برقرار رکھیں جس کے لیے لداخ ہمیشہ سے جانا جاتا ہے۔
یہ ایک مبارک موقع ہے۔ جب بھی کسی کام کا پہلی مرتبہ آغاز ہوتا ہے تو اس کی شروعات انتہائی مثبت ہونی چاہیے۔”
مجوزہ جمہوری ڈھانچے کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس انتخابی عمل کے ذریعے تین سطحی نظام قائم ہوگا۔ اس کی پہلی سطح پر پنچایت حلقے اور میونسپل وارڈز ہوں گے، دوسری سطح پر ضلع کی بنیاد پر لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلیں (ایل اے ایچ ڈی سیز) ہوں گی، جبکہ سب سے اوپر مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سطح پر ایک ادارہ قائم کیے جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہاکہ”اس ڈھانچے کی بنیاد پنچایت حلقوں اور میونسپل وارڈز پر ہوگی۔ ان کے اوپر ضلعی سطح پر ایل اے ایچ ڈی سی کے حلقے ہوں گے اور اس سے بھی اوپر اگر مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سطح پر کوئی ادارہ تشکیل دیا جاتا ہے تو وہ اعلیٰ سطح پر کام کرے گا۔ اس طرح ایک اہرام نما ڈھانچہ تیار کیا جا رہا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ حکومت ہند لداخ میں جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور انہیں جلد از جلد تشکیل دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
کنڈرا نے کہاکہ ”حکومت ہند یہاں جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے اور انہیں جلد از جلد قائم کرنے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔” انہوں نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ جمہوری عمل پر اپنے اعتماد کا اظہار کریں۔
چیف سکریٹری نے بتایا کہ لیہ اور کرگل میں پنچایت اور میونسپل انتخابات 21 نومبر کو ہوں گے، جبکہ تمام آٹھ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں کی 100 نشستوں کے لیے انتخابات 4 دسمبر کو منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل 8 دسمبر سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ تینوں انتخابات کی ووٹوں کی گنتی بیک وقت ہوگی۔ ان کے مطابق اس انتظام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ایک انتخاب کے نتائج دوسرے انتخاب پر اثر انداز نہ ہوں۔
حلقہ بندی کے عمل کے نتیجے میں دونوں اضلاع میں ایل اے ایچ ڈی سی کے انتخابی حلقوں کی تعداد تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔ پہلے لیہ اور کرگل میں 26، 26 حلقے تھے، جنہیں بڑھا کر 50، 50 کر دیا گیا ہے۔ پہلی مرتبہ کونسل کی 100 نشستوں میں سے ایک تہائی خواتین کے لیے مختص کی گئی ہیں، جس کے تحت 36 نشستیں خواتین کے لیے محفوظ ہوں گی۔ کنڈرا نے اسے ایک ترقی پسند قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس کا خیرمقدم کرنا چاہیے۔
پنچایتی انتخابات کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لداخ بھر کی 192 پنچایتوں میں سے 55 سرپنچ بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ باقی 137 عہدوں کے لیے انتخابات ہوں گے۔
اسی طرح پنچ کے 1,428 انتخابی حلقوں میں سے 1,186 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں، جبکہ 212 نشستوں کے لیے انتخابات کرائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بلا مقابلہ منتخب ہونے والے تمام امیدواروں کو انتخابی سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
مرکز اور لداخ کی قیادت کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات کے بارے میں کنڈرا نے کہا کہ اپیکس باڈی کے ساتھ 22 اکتوبر کو ہونے والی میٹنگ ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے منعقد نہیں ہو سکی۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات مکمل ہونے کے بعد یہ میٹنگ منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ گزشتہ سال لیہ میں پیش آئے تشدد کے واقعات کی عدالتی تحقیقات کی رپورٹ جلد ہی عوام کے سامنے پیش کر دی جائے گی۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
کشمیر میں خفیہ محکمہ کا افسر بن کر لوگوں کو دھوکہ دینے والے شخص کے خلاف معاشی جرائم ونگ نے فرد جرم داخل کی
سری نگر، جموں و کشمیر کرائم برانچ کے معاشی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے خفیہ محکمہ (سی آئی ڈی) کا افسر ظاہر کرکے سرکاری ملازمتیں اور دیگر سرکاری مراعات دلانے کا وعدہ کرکے لوگوں کو دھوکہ دینے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف عدالت میں فرد جرم داخل کی ہے۔ ملزم پر سرکاری دستاویزات میں جعل سازی کرنے کا بھی الزام ہے۔
2023 میں تعزیرات ہند کی دفعات 420 اور 468 کے تحت درج ایک معاملے میں سری نگر کی عدالت کے سب جج کے سامنے غلام حسن ڈار کے خلاف فرد جرم داخل کی گئی ہے۔ ملزم حضرت بل کے دھوبی گھاٹ کا رہنے والا ہے۔
معاشی جرائم ونگ کی تحقیقات کے مطابق، ملزم مبینہ طور پر خود کو دہلی میں تعینات سی آئی ڈی کا افسر ظاہر کرتا تھا اور اس فرضی شناخت کے ذریعے لوگوں کا اعتماد حاصل کرکے انہیں سرکاری کام کروانے کا وعدہ کرتے ہوئے ان سے رقم وصول کرتا تھا۔
اس نے ریلوے محکمہ کے ایک ملازم کا اتراکھنڈ سے سری نگر تبادلہ کروانے کا وعدہ بھی کیا تھا۔ اس کے علاوہ اس نے ایک متاثرہ شخص کو محکمہ صحت میں نرسنگ آرڈرلی کی ملازمت دلانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اپنے دعوے کو سچ ثابت کرنے کے لیے اس نے جعلی تقرری نامے اور جعل سازی سے تیار کردہ تبادلے کا خط بھی دیا تھا۔اس پورے معاملے میں ملزم نے مبینہ طور پر متاثرین سے لاکھوں روپے کی دھوکہ دہی کی۔
معاشی جرائم ونگ نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران الزامات کی تصدیق ہوئی اور بعد میں انہیں درست ثابت پایا گیا۔
ملزم کے فرار ہونے کی وجہ سے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 512 کے تحت اس کی غیر موجودگی میں عدالتی کارروائی کے لیے فرد جرم داخل کی گئی ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر میں دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے نتائج کے لیے 10 جنوری کا ہدف
سری نگر، جموں و کشمیر اسکول ایجوکیشن بورڈ (جے کے بی اوایس ای) نے دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج 10 جنوری تک جاری کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
جے کے بی او ایس ای کے چیئرمین غلام حسن شیخ نے کہا کہ بورڈ فی الحال جاری امتحانات کی تکمیل کے بعد مقررہ مدت کے اندر نتائج کا اعلان کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پیر کے روز ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، “آخری پرچے کے بعد پریکٹیکل امتحانات اور ووکیشنل مضامین کے انعقاد میں تقریباً آٹھ سے دس دن کا وقت لگتا ہے۔ ہم 10 جنوری تک تمام کلاسوں کے نتائج کا اعلان کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔”
تاہم انہوں نے آگاہ کیا کہ کچھ عوامل اس وقت کی حد کو متاثر کر سکتے ہیں، جس کی وجہ سے نتائج کے اعلان کی تاریخ کے بارے میں سو فیصد یقین کے ساتھ کچھ کہنا مشکل ہو جاتا ہے۔ فی الحال جاری امتحانات کے بارے میں مسٹر شیخ نے بتایا کہ دسویں جماعت کے بنیادی مضامین کے امتحانات مکمل ہو چکے ہیں اور اب صرف کچھ اضافی اور پیشہ ورانہ مضامین کے امتحانات باقی ہیں۔ بارہویں جماعت کے بھی بیشتر بنیادی امتحانات ہو چکے ہیں جبکہ گیارہویں جماعت کے امتحانات جاری ہیں، جن میں ہر شعبے کے تین تین پرچے مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات خوش اسلوبی سے جاری ہیں۔
مسٹر شیخ نے یہ بھی بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے طلباء میں مفت نصابی کتب کی تقسیم تعلیمی سیشن کے آغاز کے ساتھ ہی شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ اس طرح کا عمل بروقت شروع ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے کشمیر میں کتابوں کی تقسیم کا کام آٹھ سے دس دنوں کے اندر مکمل کر لیا جائے گا، جس کے تحت زونل ایجوکیشن افسران کو کتابیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ انہیں آگے اسکولوں میں تقسیم کر سکیں۔ چیئرمین کے مطابق، جموں و کشمیر کے سرکاری اسکولوں میں تقریباً 8.2 لاکھ طلباء مفت نصابی کتب اسکیم کے دائرے میں آتے ہیں، جن میں کشمیر ڈویژن کے تقریباً 3.31 لاکھ طلباء شامل ہیں۔
یواین آئی۔الف الف
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر میں پی ایم ای جی پی اسکیم کے غلط استعمال پر ای ڈی کی کارروائی، 10.63 کروڑ روپے کی 11 جائیدادیں ضبط
سرینگر، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جموں و کشمیر میں پی ایم امپلائی جنریشن پروگرام (پی ایم ای جی پی) اسکیم کے مبینہ غلط استعمال کے معاملے میں سرینگر اور باندی پورہ اضلاع میں 10.63 کروڑ روپے کی 11 غیر منقولہ جائیدادوں کو عارضی طور پر ضبط کرلیا ہے۔
حکام نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ ای ڈی کے سرینگر علاقائی دفتر نے انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے)، 2002 کے تحت ضبطی کا یہ عارضی حکم جاری کیا ہے۔ اس کے تحت ان زمینوں اور عمارتوں کو ضبط کیا گیا ہے، جن کی ملکیت مبینہ طور پر اسکیم کے غلط استعمال میں ملوث سپلائروں اور درمیانی افراد کے علاوہ جموں و کشمیر بینک کے ایک افسر کے نام بتائی گئی ہے۔
ای ڈی نے بتایا کہ انسداد بدعنوانی بیورو اور مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)، سرینگر کی دو ایف آئی آر کی بنیاد پر تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔ ان ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ پی ایم ای جی پی اسکیم کے تحت دیے گئے قرض کی رقم کا غلط استعمال کیا گیا۔
الزام ہے کہ اس مجرمانہ سازش میں پی ایم ای جی پی کے تحت قرض لینے والے مستفیدین، جموں و کشمیر بینک کی سمبل اور گاموڑ گڈکھوڑ شاخوں کے افسران اور دیگر نامعلوم افراد نے ملی بھگت کرکے بینک کو دھوکہ دیا۔ اس کے نتیجے میں بینک کی رقم کا غبن ہوا اور بینک کو مالی نقصان پہنچا کر ملزمان نے خود ناجائز فائدہ حاصل کیا۔
تحقیقات میں مبینہ طور پر سامنے آیا کہ فرضی مستفیدین کے نام پر ان کی شناخت اور پتے سے متعلق دستاویزات (کے وائی سی) کا استعمال کرکے دھوکہ دہی سے قرض حاصل کیے گئے۔ اس کے لیے ایسی کمپنیوں کے فرضی بل استعمال کیے گئے، جن کا حقیقت میں کوئی وجود نہیں تھا۔ الزام ہے کہ بینک افسران اور نجی سپلائروں اور درمیانی افراد کی ملی بھگت سے ان قرضوں کی منظوری دلائی گئی تھی۔
ای ڈی نے انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کی دفعہ 16 کے تحت جموں و کشمیر بینک کی دونوں شاخوں میں تلاشی اور سروے کے دوران پایا کہ پی ایم ای جی پی اسکیم سے منسلک 270 مدتی قرض کے کھاتے اور اتنی ہی تعداد میں ورکنگ کیپیٹل قرض کے کھاتے غیر فعال اثاثوں (این پی اے) میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ ان کھاتوں میں تقریباً 32 کروڑ روپے کی بقایا رقم شامل ہے۔
ای ڈی نے بتایا کہ تحقیقات میں ہلال احمد وانی اور دیگر افراد کا مبینہ طور پر اس دھوکہ دہی میں اہم رول سامنے آیا ہے۔ الزام ہے کہ قرض لینے والوں کو ان کی دستاویزات کا استعمال کرکے پی ایم ای جی پی کے تحت قرض لینے کے لیے تیار کیا گیا۔ وہیں، قرض کی رقم جاری کرانے کے لیے ایسی فرضی کمپنیوں کے بل استعمال کیے گئے، جو سپلائروں، درمیانی افراد یا ان کے اہل خانہ کے نام پر رجسٹرڈ تھیں، لیکن حقیقت میں ان کا کوئی وجود نہیں تھا۔
تحقیقاتی ایجنسی نے اب تک 11.37 کروڑ روپے کی مجرمانہ آمدنی کا پتہ لگایا ہے۔ الزام ہے کہ اس رقم کو کئی بینک کھاتوں کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا اور اس کا ایک حصہ ملزمان کے اہل خانہ کے نام پر درج جائیدادوں کی تعمیر اور مرمت پر خرچ کیا گیا۔
یو این آئی۔ الف الف
-
دنیا1 week agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش نے پی ایم 2.5 کو صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا، فضائی آلودگی کے معیارات میں فوری ترمیم کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoاسرائیلی حکام کا انتخابی نتائج برقرار رکھنے کا اعلان، نیتن یاہو نے انتخابات کو ‘چوری’ قرار دیا
-
جموں و کشمیر1 week agoتاریگامی کا سی آئی ڈی تصدیقی عمل پر نظرثانی کا مطالبہ
-
ہندوستان1 week agoسونیا گاندھی نے لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی
-
دنیا1 week agoایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا
-
ہندوستان1 week agoڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
-
دنیا5 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
ہندوستان1 week agoتیرہ کروڑ ووٹوں کی چوری کا اپوزیشن کا دعویٰ بے بنیاد، ایس آئی آر پر راہل گاندھی غلط فہمی پھیلا رہے ہیں: سمبت پاترا
-
دنیا1 week agoامریکہ اور اسرائیل نے دوبارہ ایران پر بمباری کی تو تہران کا ردعمل کیا ہوگا
-
جموں و کشمیر1 week agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں کے آتشزدگی سے متاثرہ شیو مارکیٹ کے دکانداروں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
