دنیا
امریکہ اور ایران ابتدائی جوہری معاہدے کے قریب: اطلاعات
بیروت، ایران میں یورینیم کی افزودگی کو 3.67 فیصد تک محدود کرنے کے لیے قطر اور پاکستان کی نئی پہل کے تحت امریکہ اور ایران تہران کے جوہری پروگرام پر جلد ہی ابتدائی معاہدے تک پہنچ سکتے ہیں۔ العربیہ نے ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پیر کو دونوں فریقوں کے درمیان ایران کے یورینیم کی افزودگی کی سطح کم کرنے کے لیے ابتدائی معاہدہ کرنے پر غور کیا گیا۔ خاص طور پر واشنگٹن یورینیم کی افزودگی کی اس سطح میں کمی کا مطالبہ کر رہا ہے، جسے بڑھا کر 60 فیصد تک پہنچا دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورینیم کی افزودگی کی سطح کم کرنے میں مدد کے لیے کسی تیسرے ملک کو شامل کرنے کے امکان پر بھی بات چیت ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ ایران میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے معائنہ کاروں کی واپسی کی شرائط بھی طے کی جا رہی ہیں، حالانکہ ان کے اختیارات اور ذمہ داریوں کا دائرہ ابھی طے نہیں کیا گیا ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے
دنیا
ایران کے ساتھ تنازع کے خاتمے کی جانب مثبت پیش رفت ہو رہی ہے: ٹرمپ
واشنگٹن، امریکہ ایران کے ساتھ جاری تنازع کے خاتمے کی جانب مثبت پیش رفت دیکھ رہا ہے، تاہم وہ حملے کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔ یہ بات امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہی۔
ٹرمپ نے قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی کے ساتھ بات چیت کے بعد اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر لکھا، ”سبھی اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونا چاہیے۔ اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا! اگر مشرق وسطیٰ کی صورت حال میں کوئی تبدیلی آتی ہے تو امریکہ پوری طرح تیار ہے اور کارروائی کے لیے فوری طور پر آگے بڑھ سکتا ہے۔ تاہم، فی الحال ایسا ہونے کا امکان کافی کم دکھائی دیتا ہے۔ اسرائیل اور پورا مشرق وسطیٰ ایران کے خطرات اور دھمکیوں سے محفوظ ہیں۔ ہم اس تنازع کے خاتمے کی جانب مثبت پیش رفت دیکھ رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ امریکہ کے مفادات ہر حال میں محفوظ رہیں۔”
اس سے پہلے دن میں ٹرمپ نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا تھا کہ امریکہ ایران پر حملے کرنے کے لیے ”جب بھی چاہے، فوری طور پر تیار ہے۔”
امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کوایران میں مختلف اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے حملے شروع کیے تھے، جس کے جواب میں ایران نے بھی جوابی حملے کیے تھے۔ اگرچہ فی الحال اس تنازع میں جنگی کارروائیاں رکی ہوئی ہیں، لیکن معاملہ ابھی حل نہیں ہوا ہے اور دوبارہ لڑائی شروع ہونے کا خطرہ برقرار ہے۔
یو این آئی، ایم جے
دنیا
ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں اسرائیل کی حمایت میں کمی کو بھی شامل کیا
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی بھاری شکست کی ایک وجہ امریکہ میں اسرائیل کی حمایت میں کمی بھی تھی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اسرائیل کے ساتھ واشنگٹن کے قریبی تعلقات کی مخالفت بڑھ رہی ہے۔
اتوار کو ایک انٹرویو میں انتخابی نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے ٹرمپ نے کانگریس کے دونوں ایوانوں پر ڈیموکریٹس کے قبضے کی کئی وجوہات بتائیں۔ ان میں ان کا خود انتخابی میدان میں نہ ہونا، ریپبلکن امیدواروں سے ووٹروں کی ناراضگی اور ایران کے خلاف جنگ کی مخالفت شامل تھی۔
ٹرمپ نے کہا، ”سب سے پہلی بات یہ ہے کہ میں انتخابی میدان میں نہیں تھا۔” انہوں نے کہا کہ ووٹر ریپبلکن پارٹی کے بعض امیدواروں سے بھی ناخوش تھے، جن میں ان کے حمایت یافتہ امیدوار بھی شامل تھے۔
انہوں نے مزید کہا، ”لیکن اس کے علاوہ بھی کچھ باتیں تھیں۔ لوگوں کو ایران کے ساتھ جنگ پسند نہیں آئی۔
انہیں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ بھی پسند نہیں آیا۔” اس کے بعد ٹرمپ نے کہا، ”اور حیرت انگیز طور پر اسرائیل کے خلاف بھی شدید ناراضگی ہے۔”
2023 میں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے امریکہ میں اسرائیل کی حمایت میں کمی آئی ہے۔ یہ جنگ 7 اکتوبر کو حماس کی قیادت میں اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔ اسرائیل کی حمایت میں یہ کمی خاص طور پر ڈیموکریٹک ووٹروں میں نمایاں رہی ہے۔
نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی گزشتہ ہفتے اشارہ دیا تھا کہ اگر ریپبلکن پارٹی اپنے انتخابی امکانات بہتر بنانا چاہتی ہے تو اسے اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
انتخابات کے دن ٹرمپ نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ امریکہ 2026 کے اختتام تک اسرائیل کو سالانہ تقریباً 4 ارب ڈالر کی فوجی امداد بند کر دے گا۔ اس اعلان سے اسرائیلی سلامتی اور مالیاتی حکام مبینہ طور پر حیران رہ گئے تھے، کیونکہ موجودہ مفاہمت کی یادداشت کے تحت اسرائیل کو سالانہ 3.8 ارب ڈالر کی فوجی امداد ملتی ہے اور یہ معاہدہ ستمبر 2028 تک برقرار ہے۔
بعد ازاں ٹرمپ نے اپنے اعلان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک اچھا اتحادی رہا ہے اور اس نے اس پالیسی کی حمایت کی ہے۔ تاہم، ان کے بیان کے وقت نے واضح کیا کہ امریکہ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں میں اسرائیل کو فوجی امداد دینے کا معاملہ کس قدر سیاسی طور پر حساس ہوتا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، ٹرمپ نے گزشتہ سال ایک یہودی عطیہ دہندہ کو خبردار کیا تھا کہ ان کے اپنے حامیوں میں بھی اسرائیل کی حمایت کم ہو رہی ہے۔
دریں اثنا، اتوار کو ٹرمپ سے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کی جانب سے یاشار پارٹی کے سربراہ گادی آئزن کوٹ کو موجودہ وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو سے پہلے حکومت بنانے کی کوشش کا موقع دیے جانے کے بارے میں بھی سوال کیا گیا۔
ٹرمپ نے کہا، ”ان کی پالیسیاں کافی حد تک ایک جیسی ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ آئزن کوٹ نے ان کے بارے میں ”بہت اچھی باتیں کہی ہیں” اور وہ کہتے ہیں کہ ”انہیں ٹرمپ سے محبت ہے۔”
ٹرمپ نے صحافیوں سے کہا، ”میں نے ابھی تک یہ نہیں دیکھا کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔ یقیناً یہ ان کے اور بی بی نیتن یاہو کے درمیان مقابلہ ہے۔ دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔”
گزشتہ ماہ کنیسٹ انتخابات سے قبل ٹرمپ نے دو مرتبہ عوامی طور پر نیتن یاہو کی حمایت کی تھی، اس کے باوجود آئزن کوٹ نے امریکی صدر پر براہ راست تنقید سے گریز کیا۔ اطلاعات کے مطابق، نیتن یاہو نے ٹرمپ کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، کیونکہ رائے عامہ کے جائزوں میں مسلسل اشارہ مل رہا تھا کہ ان کا حکمران اتحاد پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل نہیں کر سکے گا۔
آئزن کوٹ کو ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے نیتن یاہو کے مقابلے میں زیادہ حمایت حاصل ہوئی اور انہیں نئی حکومت تشکیل دینے کی کوشش کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے زیادہ معتدل طرز حکمرانی اختیار کرنے کا وعدہ کرکے خود کو سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم سے الگ دکھانے کی کوشش کی ہے، تاہم پالیسیوں کے حوالے سے دونوں کے درمیان نمایاں اختلافات کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔
آئزن کوٹ کی مجوزہ حکومت نیتن یاہو کے سبکدوش ہونے والے اتحاد سے مختلف ہوگی، جس میں انتہائی دائیں بازو اور الٹرا آرتھوڈوکس جماعتیں شامل تھیں۔
ٹرمپ اس سے قبل بھی نیتن یاہو کی فوجی اور علاقائی پالیسیوں پر ناراضگی ظاہر کر چکے ہیں، حالانکہ دونوں رہنما اپنے تعلقات کو مثبت قرار دیتے رہے ہیں۔
جون میں لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بعد ٹرمپ کی تنقید میں شدت آ گئی تھی، جس سے ایران کے معاملے پر سفارتی کوششیں بھی پیچیدہ ہو گئی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق، حملوں کی شدت پر انہوں نے نیتن یاہو کو ”انتہائی پاگل” قرار دیا تھا۔
اس سے قبل رواں سال ٹرمپ نے بعض پالیسی معاملات پر اختلافات کے درمیان مبینہ طور پر اسرائیلی وزیر اعظم کو ”اپنا سب سے بڑا دشمن” بھی قرار دیا تھا۔
یو این آئی۔ ع ا۔
دنیا
امید کرتے ہیں کہ ایران -امریکہ تنازعے میں فہم و فراست غالب آجائے:ایردوان
انقرہ، صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ “ہم ایران کے خلاف حملوں کی ایک نئی لہر کا آغاز اور اپنے خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیلنا نہیں چاہتے”
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہم ایران کے خلاف حملوں کی ایک نئی لہر کا آغاز اور اپنے خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیلنا نہیں چاہتے۔”
ایردوان نے آذربائیجان کے دورے کے بعد وطن واپسی پر طیارے میں گفتگو کرتے ہوئے یہ بیانات دیے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے حوالے سے جائزہ پیش کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ہم ایران کے خلاف حملوں کی ایک نئی لہر کا آغاز اور اپنے خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیلنا نہیں چاہتے۔ ہم ہر موقع پر اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ مسائل کا حل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے۔ بدقسمتی سے، ہم ایک بار پھر منفی سمت میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کا ذکر کر سکتے ہیں۔ ہم اسے روکنے کے لیے اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ میں نے امریکی صدر جناب ٹرمپ کے ساتھ ان امور پر بات چیت کی ہے اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ ہم نے فریقین کو یہ پیغام پہنچایا ہے کہ ہم امن اور سفارت کاری کا دروازہ کھولنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔”
اس بات کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہ فہم و فراست غالب آئے گی ایردوان نے کہا کہ مزید تنازعات کا مطلب خطے کے لیے مزید نقصانات کے سوا کچھ نہیں ہے۔
صدر ایردوان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنگ کی قیمت صرف اس میں براہِ راست ملوث فریقین ہی ادا نہیں کرتے، بلکہ ترکیہ سے لے کر خلیجی ممالک تک، اور عراق و شام سے لے کر یورپ اور ایشیا تک ایک وسیع جغرافیہ ان حالات سے متاثر ہوتا ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔
-
دنیا7 days agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش نے پی ایم 2.5 کو صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا، فضائی آلودگی کے معیارات میں فوری ترمیم کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoاسرائیلی حکام کا انتخابی نتائج برقرار رکھنے کا اعلان، نیتن یاہو نے انتخابات کو ‘چوری’ قرار دیا
-
جموں و کشمیر1 week agoتاریگامی کا سی آئی ڈی تصدیقی عمل پر نظرثانی کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا
-
ہندوستان1 week agoسونیا گاندھی نے لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی
-
ہندوستان1 week agoڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
-
ہندوستان1 week agoتیرہ کروڑ ووٹوں کی چوری کا اپوزیشن کا دعویٰ بے بنیاد، ایس آئی آر پر راہل گاندھی غلط فہمی پھیلا رہے ہیں: سمبت پاترا
-
دنیا1 week agoامریکہ اور اسرائیل نے دوبارہ ایران پر بمباری کی تو تہران کا ردعمل کیا ہوگا
-
دنیا5 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
جموں و کشمیر7 days agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں کے آتشزدگی سے متاثرہ شیو مارکیٹ کے دکانداروں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
