دنیا
تھامس میسی نے ایران جنگ اور شہریوں کی ہلاکتوں پر ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی تحریک پیش کی
واشنگٹن، امریکہ کے ریپبلکن رکن پارلیمنٹ تھامس میسی نے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذہ چلانے کی تحریک پیش کی ہے۔
انہوں نے ایران کے خلاف فوجی مہم، منشیات کی اسمگلنگ کے شبے میں جہازوں پر حملے اور امریکی قوانین اور آئین کی مبینہ خلاف ورزی کو لے کر ہیگسیتھ پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔’پیٹر برائن ہیگسیتھ، وزیر دفاع کو سنگین جرائم اور بدعنوانی کے الزام میں عہدے سے ہٹانے’ کے عنوان سے اس تجویز میں مواخذے کی آٹھ وجوہات بتائی گئی ہیں۔ ان میں عہدے کا غلط استعمال، آئینی التزامات کی خلاف ورزی، غیر قانونی فوجی کارروائیوں کا حکم دینا اور قانون کی حکمرانی کو کمزور کرنا شامل ہے۔
ایوان نمائندگان میں تجویز پیش کرتے ہوئے مسٹر میسی نے وزیر دفاع کو آئین کے لیے خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسٹر ہیگسیتھ نے غیر قانونی فوجی احکامات جاری کیے اور ایسا رویہ اختیار کیا جو ان کے عہدے کی ذمہ داریوں کے بالکل خلاف ہے۔ تجویز میں مسٹر ہیگسیتھ کے خلاف مواخذہ چلانے، ان پر مقدمہ چلانے، انہیں عہدے سے ہٹانے اور امریکہ میں کسی بھی باعزت، معتبر یا منافع بخش سرکاری عہدے پر مستقبل میں تقرری کے لیے نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس میں الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے 1973 کی جنگی طاقتوں سے متعلق تجویز کی دفعہ 2(سی) کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی فوجی احکامات کو نافذ کیا۔
تجویز میں لگائے گئے اہم الزامات میں سے ایک ایران کے خلاف امریکی فوجی مہم سے متعلق ہے۔ میسی کا الزام ہے کہ یہ مہم کانگریس کی منظوری کے بغیر شروع کی گئی تھی۔ تجویز میں کہا گیا ہے کہ امریکی کانگریس نے نہ تو اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف جنگ کا اعلان کیا تھا اور نہ ہی وہاں امریکی مسلح افواج کو فوجی تصادم میں جھونکنے کے لیے کوئی خاص قانونی منظوری دی تھی۔
اپنے مؤقف کی حمایت میں تجویز میں قومی انسداد دہشت گردی مرکز کے سابق ڈائریکٹر جو کینٹ کا حوالہ دیا گیا ہے۔ مسٹر کینٹ نے مارچ میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کی طرف سے امریکہ کو کوئی فوری خطرہ نہیں تھا۔ مسٹر میسی نے ہیگسیتھ پر کانگریس کی طرف سے امریکی فوجیوں کو ایران سے واپس بلانے کی کوششوں کے باوجود فوجی مہم جاری رکھنے کا بھی الزام لگایا ہے۔ایک اور سنگین الزام ایران کے شہر میناب واقع شجرہ طیبہ پرائمری اسکول پر امریکی فوجی حملے سے جڑا ہے۔ اس حملے میں مبینہ طور پر 150 سے زائد بچے ہلاک ہو گئے تھے۔ تجویز میں ہیگسیتھ کے متنازع بیانات کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جن میں ‘قانونی رسومات کے بجائے زیادہ سے زیادہ مہلک کارروائی’ اور ‘ہم احمقانہ جنگی اصولوں کے ساتھ نہیں لڑتے’ جیسے بیانات شامل ہیں۔ مسٹر میسی نے انہیں فوجی کارروائیوں پر لاگو قانونی پابندیوں کو نظر انداز کرنے کا ثبوت قرار دیا۔
مواخذے کی تجویز میں کیریبین بحیرہ اور مشرقی بحر الکاہل میں منشیات کی اسمگلنگ کے شبہے والے جہازوں پر امریکی فوجی حملوں کو بھی ہدف بنایا گیا ہے۔ اس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ان کارروائیوں میں کم از کم 221 افراد لقمہ اجل بنے۔ مسٹر میسی نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو حراست میں لینے کے لیے چلائی گئی فوجی مہم پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔ تجویز میں الزام لگایا گیا ہے کہ مسٹر ہیگسیتھ نے ‘آپریشن ایبسلوٹ ریزالو’ کی ہدایت دی تھی، جسے وینزویلا کے تیل کے وسائل پر کنٹرول حاصل کرنے کے مقصد سے کی گئی غیر قانونی فوجی کارروائی قرار دیا گیا۔
یمن میں ‘آپریشن رف رائڈر’ کے تحت چلائی جانے والی فوجی مہم بھی مواخذے کی تجویز کی ایک اہم بنیاد ہے۔ اس میں الزام لگایا گیا ہے کہ اس مہم کے دوران 1,100 سے زائد فضائی حملے کیے گئے، جن میں تقریباً 224 شہری اور 500 سے 600 حوثی جنگجو ہلاک ہوئے۔ لیک ہوئی سگنل کی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے تجویز میں مسٹر ہیگسیتھ کے اس بیان کا ذکر کیا گیا ہے کہ ‘ہم آسانی سے روک سکتے ہیں۔’مسٹر میسی نے مسٹر ہیگسیتھ سے جنوری میں ڈیموکریٹس کے کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے سے پہلے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے تمام جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ سے مواخذے کی تجویز کی حمایت کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ تجویز پڑھی ہے یا نہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ کانگریس کے تمام ارکان کی حمایت قبول کریں گے۔
مسٹر ہیگسیتھ نے تنقید کو مسترد کر دیا ہے اور انتظامیہ کی فوجی کارروائیوں کا دفاع کرنے کی بات کہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ٹرمپ انتظامیہ کی فوجی کارروائیوں پر قانونی بحث کرنی ہے تو وہ اس کے لیے پورا دن تیار ہیں۔
یواین آئی۔الف الف
دنیا
وسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد ٹرمپ کا دعویٰ، ایران کے ساتھ جنگ ‘عملی طور پر ختم’
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ کو ‘عملی طور پر ختم’ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ فی الحال فوجی حملے کی دھمکی پر عمل نہیں کرے گا۔ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کراری شکست کے بعد انہوں نے یہ اعلان کیا۔
مسٹر ٹرمپ نے پینٹاگون کی جانب سے فوجی کارروائی تیز کیے جانے کے خدشات کو کم کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج ‘اب تک کے بہترین ہتھیاروں اور سازوسامان کے ساتھ پوری طرح تیار ہے’، لیکن انہیں نہیں لگتا کہ ان کے استعمال کی کوئی ضرورت پیش آئے گی۔
‘انڈیپنڈنٹ’ کی ایک رپورٹ کے مطابق، وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ان ممالک کی درخواست پر فوجی کارروائی روک رہے ہیں جو ایران کے پڑوسی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور دیگر ممالک نے امریکہ سے مزید حملے نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
مسٹر ٹرمپ نے ایران پر اقتصادی دباؤ برقرار رکھنے کے لیے آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کی بات کہی ہے۔
مسٹر ٹرمپ کا یہ بیان قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ شروع کیے جانے کے بعد سے آل ثانی نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایک اہم ثالث کا کردار ادا کیا ہے۔
دونوں فریقوں کے درمیان حملے جاری ہیں، حالانکہ ان کی شدت پہلے جیسی نہیں رہی ہے۔ ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے رات کے وقت ایک بار پھر ایران کے جزیرہ قشم پر حملہ کیا۔
دوسری جانب ایران نے اس ماہ کے آغاز میں خلیجی خطے اور آبنائے ہرمز میں تیل کے ٹینکروں کو نشانہ بنایا تھا۔
یمن میں ایران کے اتحادی حوثی باغیوں نے بھی حالیہ مہینوں میں سعودی عرب پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔ مسٹر ٹرمپ ایران کی جانب سے پہلے ہی پیش کی گئی جنگ بندی کی تجویز قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہوئے ہیں۔ اس تجویز میں امریکہ سے اپنی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے، کچھ پابندیاں ہٹانے اور بمباری روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے بدلے تہران آبنائے ہرمز کو فوجی سرگرمیوں سے پاک کرنے پر رضامندی ظاہر کر رہا ہے۔ اس کے بعد ایران کے جوہری پروگرام اور دیگر پابندیوں کے معاملے پر بات چیت کی تجویز ہے۔
ایران جنگ کی غیر مقبولیت اور پٹرول کی قیمتوں سمیت معیشت پر اس کے اثرات نے ڈیموکریٹک پارٹی کی انتخابی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ریپبلکن پارٹی کی تاریخی شکست کے لیے براہ راست جنگ کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس تنازع کے باعث امریکی شہریوں کے لیے اخراجاتِ زندگی بڑھ گئے ہیں۔
اگرچہ آل ثانی نے مسٹر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو ‘مثبت’ قرار دیا، لیکن امریکہ اور خلیجی ممالک کے سینئر حکام نے جلد کسی معاہدے کے امکان پر شبہ ظاہر کیا ہے۔
یہ ملاقات ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی کے اس بیان کے بعد ہوئی، جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر امریکہ سے ‘فرضی مذاکرات کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلانا بند کرنے’ کو کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ ایران کی جانب سے بار بار پیش کی گئی 7 شرائط قبول کرتے ہوئے ہتھیار ڈال دے۔
امریکہ نے ایران کی اس تجویز کو بار بار مسترد کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسے ‘توہین آمیز، مضحکہ خیز اور حقیقت سے دور’ قرار دیا تھا۔ دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پیر کے روز اس تجویز کا دفاع کرتے ہوئے اسے مذاکرات کی میز پر دستیاب سب سے مناسب تجویز قرار دیا۔
یو این آئی۔ الف الف۔ م الف
دنیا
شیخ حسینہ کو پاسپورٹ جاری کرنے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں: آئی سی ٹی کے چیف پراسیکیوٹر
ڈھاکہ، بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائم ٹریبونل (آئی سی ٹی) کے چیف پراسیکیوٹر محمد امین الاسلام نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو پاسپورٹ یا سفری دستاویز جاری کرنے کا کوئی قانونی حق نہیں ہے۔ محترمہ حسینہ کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے اور وہ فی الحال ہندستان میں مقیم ہیں۔
انہوں نے منگل کو آئی سی ٹی کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا، “اگر وہ بنگلہ دیش واپس آنا چاہتی ہیں تو انہیں حوالگی کے معاہدے کے تحت ہی واپس آنا ہوگا۔”
محترمہ حسینہ کو پاسپورٹ یا سفری اجازت نامہ جاری کرنے سے متعلق جاری بحث و مباحثے کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے امین الاسلام نے بنگلہ دیش پاسپورٹ آرڈر، 1973 کے آرٹیکل 6 اور 7 کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ التزام ایسا کرنے پر پابندی لگاتی ہیں۔
آرٹیکل 6 کے تحت پاسپورٹ افسران ایسے کسی بھی شخص کو پاسپورٹ جاری نہیں کر سکتے، جسے درخواست دینے سے پہلے کے پانچ سالوں کے دوران کسی جرم میں مجرم قرار دیا گیا ہو اور کم از کم دو سال قید کی سزا سنائی گئی ہو۔ وہیں، آرٹیکل 7 حکومت کو ایسے شخص کا پاسپورٹ ضبط کرنے یا منسوخ کرنے کا اختیار دیتا ہے جسے اخلاقی پستی سے جڑے جرم میں مجرم قرار دیا گیا ہو۔
چیف پراسیکیوٹر نے کہا، “انسانیت کے خلاف جرائم مکمل طور پر اخلاقی پستی کے زمرے میں آتے ہیں۔”
انہوں نے بتایا کہ محترمہ حسینہ کا پاسپورٹ پہلے ہی منسوخ کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دلیل دی کہ مقدمے سے بچنے والے اور مفرور مجرم شخص کو آئین کے تحت ملنے والے نقل و حرکت کی آزادی کے حقوق کا فائدہ نہیں دیا جا سکتا۔
مسٹر امین الاسلام نے کہا کہ محترمہ حسینہ نے گرفتاری کے وارنٹ اور اخبارات میں شائع ہونے والے عدالتی نوٹس کو نظر انداز کیا اور ٹریبونل کی کارروائی میں شامل نہیں ہوئیں۔ انہوں نے مقررہ 30 دن کی مدت کے اندر ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ حسینہ کو پاسپورٹ یا سفری دستاویز جاری کرنے سے عدالتی عمل کمزور ہوگا۔
ہندستان میں محترمہ حسینہ کے قیام کے سلسلے میں چیف پراسیکیوٹر نے کہا کہ حکومت ہند نے بتایا ہے کہ انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پناہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دفتر کو ایسی کسی باضابطہ تحریری درخواست کی کوئی معلومات نہیں ہے جس میں محترمہ حسینہ نے بنگلہ دیش واپس آنے کی اجازت دینے کے لیے ہندستانی حکام سے گزارش کی ہو۔
مسٹر امین الاسلام نے کہا کہ اگر محترمہ حسینہ واقعی بنگلہ دیش واپس آنا چاہتیں تو وہ مقدمے کا سامنا کر سکتی تھیں یا اپیل کی 30 دن کی مدت کے اندر سرینڈر کر سکتی تھیں۔ انہوں نے محترمہ حسینہ کی ممکنہ واپسی کو لے کر حال ہی میں ہو رہی بحث کو ایک سیاسی دکھاوا قرار دیا اور دہرایا کہ وہ صرف رسمی حوالگی کے عمل کے ذریعے ہی بنگلہ دیش واپس آ سکتی ہیں۔
یواین آئی۔الف الف
دنیا
ترکی کے اسٹیل کارخانے میں دھماکہ، کم از کم 17 افراد ہلاک، 12 زخمی
استنبول/ازمیر، مغربی ترکی کے بندرگاہی شہر ازمیر کے قریب ایک لوہے اور اسٹیل کے کارخانے میں دھماکہ ہونے سے کم از کم 17 افراد ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہو گئے۔
حکام نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد علی آغا میں واقع حباس ڈیمیر سیلیک کارخانے کے ملازمین تھے۔ یہ ملک کے نمایاں اسٹیل پروڈیوسروں میں سے ایک ہے۔ جائے وقوعہ کی ویڈیو میں کارخانے کے اندر خوفناک آتشزدگی اور آسمان کی طرف دھوئیں کے اونچے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔
مقامی گورنر نے بتایا کہ دوپہر کے قریب ایک کرین کے گرنے سے دھماکہ ہوا۔ کرین ایک تبدیل کیے جانے والے بوائلر کو لے جا رہی تھی۔ اس کے گرنے سے مواد نیچے واقع بھٹی میں جا گرا۔ ترکی میں کام کی جگہ پر ہونے والے حادثات مسلسل ایک سنگین مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔ آزاد شہری تنظیم ‘ترکی صحت اور حفاظت مزدور نگرانی ادارہ’ نے یہ بات کہی۔
صدر رجب طیب اردوان نے ابتدا میں مرنے والوں کی تعداد 16 بتائی تھی، لیکن وزیر صحت کمال میمیسوگلو نے بعد میں بتایا کہ شدید زخمی ہونے والے ایک اور شخص کی بھی موت ہو گئی، جس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی۔ چشم دید گواہوں نے بتایا کہ دھماکے سے زمین ہل گئی تھی، اور پہلے لگا کہ زلزلہ آیا ہے۔
کارخانے کا انتظام چلانے والی کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ حادثہ پلانٹ کی ایک الیکٹرک آرک فرنس میں مقررہ دیکھ بھال کے کام کے دوران پیش آیا۔ ازمیر کے گورنر سلیمان البان نے میڈیا کو بتایا کہ کچھ لوگوں کے اب بھی ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ صدر اردوان نے پیر کو کابینہ کے اجلاس کے بعد ہلاکتوں کی تصدیق کی اور کہا کہ معاملے کی جانچ جاری ہے اور امدادی و بچاؤ آپریشن چلایا جا رہا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس معاملے میں کم از کم پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حباس کارخانہ ازمیر ضلع کے علی آغا میں واقع ہے، جو ایک اہم بندرگاہ اور ترکی میں جہاز توڑنے کے مرکزی مراکز میں سے ایک ہے۔
یواین آئی۔الف الف
-
دنیا1 week agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش نے پی ایم 2.5 کو صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا، فضائی آلودگی کے معیارات میں فوری ترمیم کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoاسرائیلی حکام کا انتخابی نتائج برقرار رکھنے کا اعلان، نیتن یاہو نے انتخابات کو ‘چوری’ قرار دیا
-
جموں و کشمیر1 week agoتاریگامی کا سی آئی ڈی تصدیقی عمل پر نظرثانی کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا
-
ہندوستان1 week agoڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
-
ہندوستان1 week agoسونیا گاندھی نے لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی
-
ہندوستان1 week agoتیرہ کروڑ ووٹوں کی چوری کا اپوزیشن کا دعویٰ بے بنیاد، ایس آئی آر پر راہل گاندھی غلط فہمی پھیلا رہے ہیں: سمبت پاترا
-
دنیا1 week agoامریکہ اور اسرائیل نے دوبارہ ایران پر بمباری کی تو تہران کا ردعمل کیا ہوگا
-
دنیا5 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
جموں و کشمیر1 week agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں کے آتشزدگی سے متاثرہ شیو مارکیٹ کے دکانداروں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
