ہندوستان
چندہ چوری کی جانچ کا دائرہ وسیع کیا جائے، مالیاتی ریکارڈ عام کیے جائیں: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے ایودھیا کے شری رام مندر میں چندہ کی مبینہ چوری کا معاملہ ایک بار پھر اٹھاتے ہوئے جانچ کا دائرہ وسیع کرنے اور مکمل مالیاتی ریکارڈ عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہا کہ مندر ٹرسٹ سے لے کر تعمیراتی کام، چندہ اور چڑھاوے کی گنتی اور انہیں بینک میں جمع کرانے تک کے انتظام میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) سے وابستہ لوگ شامل رہے ہیں، اس لیے وہ چندہ چوری کی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس سے وابستہ سابق اکاؤنٹس انچارج مہیپال سنگھ نے 2021 میں ہی چندے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی اطلاع چمپت رائے اور گوپال راؤ کو دی تھی، لیکن کارروائی کرنے کے بجائے انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایسی صورت میں چمپت رائے، انل مشرا اور گوپال راؤ کو چارج شیٹ میں ملزم کے بجائے گواہ کیسے بنا دیا گیا۔
مسٹر رمیش نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام سے وابستہ انجینئر دیناناتھ ورما نے ٹرسٹ کے دفتر سے متعلق کام میں 40 فیصد کمیشن مانگے جانے کا الزام لگایا تھا اور اس کی ایک آڈیو چمپت رائے کو سنائی تھی، جس کے بعد انہیں منصوبے سے ہٹا دیا گیا۔ انہوں نے ملزم انوکلپ مشرا کے بجرنگ دل اور آر ایس ایس سے مبینہ تعلق، ان کی بھاگوت کتھا میں چمپت رائے کی موجودگی، نیز گنتی کے عملے کے انچارج سبھاش شریواستو اور ملزم ٹنّو یادو کے تعلقات کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے سوال کیا کہ کروڑوں روپے کی گنتی کرنے والے کمرے میں تقرریوں کے لیے نہ کوئی اشتہار جاری کیا گیا اور نہ ہی انٹرویو ہوا، تو وہاں اپنے قریبی افراد کو تعینات کرنے والوں کی جانچ کیوں نہیں کی گئی۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 5 فروری 2020 کو لوک سبھا میں شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کے قیام کا اعلان کیا تھا، لیکن اس کے انتخاب کے معیار اور طریقۂ کار کو عام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے چندے کی مبینہ چوری کے معاملے میں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پہلی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی رپورٹ اسی ٹرسٹ کے حوالے کر دی گئی، جس کے عہدیداروں پر بدعنوانی کے الزامات عائد تھے۔ ان کے مطابق یہ رپورٹ عوام سے پوشیدہ رکھی جا رہی ہے۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ جواب دہی صرف گرفتار کیے گئے آٹھ ملازمین تک محدود نہیں رہ سکتی۔ مندر کی تعمیر، انتظام و انصرام اور چندے کے مکمل نظام سے وابستہ ہر ذمہ دار شخص کے کردار کی جانچ سپریم کورٹ کی نگرانی میں ہونی چاہیے۔
کانگریس نے مکمل مالیاتی ریکارڈ عام کرنے، جانچ کا دائرہ وسیع کرنے اور قصوروار پائے جانے والے تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
وزیر اعظم مودی نے بھائی دوج کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارک باد دی، بہن بھائیوں کے اٹوٹ رشتے کو سراہا
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز بھائی دوج کے موقع پر ملک بھر کے لوگوں کو دلی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اس تہوار کو بھائیوں اور بہنوں کے درمیان گہری محبت، اپنائیت اور مضبوط رشتے کا جشن قرار دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں مسٹر مودی نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”بھائی دوج کے مبارک موقع پر ملک بھر میں رہنے والے اپنے تمام اہل وطن کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔”
وزیر اعظم نے اس تہوار کی جذباتی اور ثقافتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھائی دوج بہن بھائیوں کے گہرے رشتے کی مٹھاس اور اپنائیت کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ”اس مبارک موقع پر میں سب کی خوشی اور خوش حالی کی پراتھنا کرتا ہوں۔”
بھائی دوج کا یہ تہوار بھائیوں اور بہنوں کے درمیان خاص رشتے کے نام ہوتا ہے۔ اس موقع پر بہنیں روایتی طور پر اپنے بھائیوں کے ماتھے پر تلک لگاتی ہیں اور ان کی خوشی، خوش حالی اور لمبی عمر کے لیے پراتھنا کرتی ہیں۔
اس کے جواب میں بھائی بھی اپنی بہنوں سے محبت اور ان کا ساتھ نبھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔ اس موقع پر خاندان کے افراد ایک جگہ جمع ہوتے ہیں، روایتی رسومات ادا کی جاتی ہیں اور تحائف کا تبادلہ ہوتا ہے۔
ملک بھر میں مختلف انداز سے منایا جانے والا بھائی دوج خاندانی رشتوں، باہمی محبت اور بہن بھائیوں کے درمیان نسل در نسل قائم رہنے والے مضبوط تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے
ہندوستان
سونیا گاندھی کی ‘بیلونگنگ’: ایک محبت کی داستان جو ہندوستان کی سیاسی تاریخ بن گئی
نئی دہلی، بعض سیاسی یادداشتیں حکومتوں کے بننے اور بگڑنے، رہنماؤں کی کامیابیوں اور ناکامیوں اور قوموں کی تقدیر بدلنے والے واقعات کے گرد لکھی جاتی ہیں۔ جبکہ کچھ یادداشتیں زیادہ ذاتی راستہ اختیار کرتی ہیں اور اقتدار کی عظیم الشان عمارت کے پیچھے چھپی انسانی کہانیوں کو سامنے لاتی ہیں۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کی یادداشت ‘بیلونگنگ: اے جرنی آف لو’، جو منگل کو جاری ہوئی، اسی دوسری قسم سے تعلق رکھتی ہے، اگرچہ اس میں ہندوستان کی سیاسی تاریخ کے بعض انتہائی اہم ابواب کا گہرا ذاتی بیان بھی پیش کیا گیا ہے۔
اٹلی کے ایک چھوٹے سے قصبے سے ہندوستان کے سیاسی نظام کے مرکز تک کے غیر معمولی سفر کو بیان کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے اپنی ایسی زندگی کو یاد کیا ہے، جسے محبت، ثقافتی تبدیلی، خاندان، غم اور سیاسی تقدیر سے ایک غیر معمولی ملاقات نے تشکیل دیا۔ یہ ایک ایسی نوجوان خاتون کی کہانی ہے جو اپنے محبوب سے شادی کرنے کے لیے ہندوستان آئی، رفتہ رفتہ اس ملک کو اپنا گھر بنایا اور آخرکار خود کبھی ایسے مستقبل کا تصور نہ کرنے کے باوجود ملک کی سب سے بااثر سیاسی شخصیات میں شامل ہو گئی۔
یہ سفر 1965 میں کیمبرج سے شروع ہوا، جب 19 سالہ اطالوی طالبہ سونیا مائنو کی ملاقات راجیو گاندھی سے ہوئی، جو اس وقت برطانیہ میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ ان کی محبت کی کہانی سیاسی ہنگامہ آرائی اور عوامی نگرانی سے بہت دور پروان چڑھی، جو بعد میں ان کی زندگیوں کا اہم حصہ بن گئی۔ راجیو گاندھی کا تعلق نہرو-گاندھی خاندان سے تھا، جس کا ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد اور سیاسی قیادت سے تعلق پہلے ہی ملک کی تاریخ کا ایک لازمی حصہ بن چکا تھا۔ دوسری جانب سونیا کا تعلق اٹلی کے ایک عام خاندان سے تھا اور ان کے لیے یہ تصور کرنے کی کوئی خاص وجہ نہیں تھی کہ ان کے ذاتی فیصلے ایک دن انہیں ہندوستانی سیاست کے مرکز میں لا کھڑا کریں گے۔
1968 میں وہ راجیو گاندھی کی دلہن بن کر ہندوستان آئیں اور زبانوں، روایات، رسم و رواج اور توقعات کی ایک بالکل نئی دنیا میں قدم رکھا۔ اس کے بعد کا سفر محض ملک کی تبدیلی نہیں تھا بلکہ ایک بتدریج جذباتی اور ثقافتی تبدیلی کا عمل بھی تھا۔ انہوں نے ہندی سیکھی، ہندوستانی لباس اور کھانے کو اپنایا اور ایک ایسے معاشرے میں اپنی زندگی تعمیر کرنا شروع کی جو اس ماحول سے بہت مختلف تھا جس میں ان کی پرورش ہوئی تھی۔
ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم اور راجیو گاندھی کی والدہ اندرا گاندھی سے ان کی قربت نے انہیں ایک ایسے خاندان کے قریب کر دیا جس کی نجی زندگی ملک کی سیاسی زندگی سے الگ نہیں تھی۔ اس کے باوجود ایک طویل عرصے تک سونیا اور راجیو گاندھی نسبتاً نجی خاندانی زندگی گزارنے میں کامیاب رہے۔ راجیو گاندھی انڈین ایئرلائنز میں پائلٹ کے طور پر کام کرتے تھے، جبکہ دونوں نے اپنے بچوں راہل اور پرینکا کی پرورش انتخابی سیاست کی کشمکش سے دور رکھی۔
تاہم تاریخ نے ان کے لیے کچھ اور ہی منصوبہ بنا رکھا تھا۔ 1980 میں راجیو گاندھی کے چھوٹے بھائی سنجے گاندھی کی طیارہ حادثے میں موت نے خاندان کے مستقبل کو بنیادی طور پر بدل دیا۔ پھر 31 اکتوبر 1984 کو ان کے دو محافظوں کے ہاتھوں اندرا گاندھی کے قتل نے خاندان کو ایک اور تباہ کن صدمہ پہنچایا۔ سونیا گاندھی کی تشویش کے باوجود راجیو گاندھی سیاست میں آئے اور بعد ازاں ایک ایسے وقت میں وزیر اعظم بنے جب ملک اپنے رہنما کے غم میں ڈوبا ہوا تھا اور گہری سیاسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہا تھا۔
سونیا گاندھی کے لیے اس کے بعد کے برسوں میں خاندانی زندگی اور قومی ذمہ داریوں کا ایک غیر معمولی امتزاج سامنے آیا۔ 21 مئی 1991 کو تمل ناڈو کے سری پیرمبدور میں لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران ایک خودکش بمبار کے حملے میں راجیو گاندھی کے قتل نے ان کی دنیا اجاڑ دی۔ کیمبرج میں جس شخص سے ان کی ملاقات ہوئی تھی، جس سے انہوں نے ہندوستان آکر شادی کی اور اپنی زندگی کے سب سے قریبی برس گزارے، وہ اچانک ان سے ہمیشہ کے لیے جدا ہو گیا۔
جاری ۔ یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
یمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
نئی دہلی، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کو کہا کہ دارالحکومت کے لوگوں کو یمنا کے کنارے پوجا کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، لیکن موجودہ حکومت نے اپنے پہلے ہی سال میں یمنا پر شاندار چھٹھ پوجا کا اہتمام کرایا۔
محترمہ گپتا اور مرکزی بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر سربانند سونووال نے آج سونیا وہار میں دریائے یمنا پر تیار کی گئی نمو یمنا ریور کروز سروس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماں یمنا دہلی کی شناخت، ثقافت، مذہبی عقیدت اور طرزِ زندگی کا لازمی حصہ ہیں۔ انہوں نے دہلی کے باشندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج دارالحکومت کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔
محترمہ گپتا نے کہا کہ نمو یمنا ریور سفاری محض ایک کروز یا کشتی سروس نہیں بلکہ ماں یمنا کے تئیں ہماری عقیدت، محبت اور وابستگی سے جڑی ایک پہل ہے۔ اس کے ذریعے دہلی کے باشندے ماں یمنا کے مزید قریب آ سکیں گے، ان کے قدرتی ماحول کو محسوس کر سکیں گے اور دریا کے ساتھ اپنے تعلق کو ایک نئے انداز میں تجربہ کر سکیں گے۔ فطرت کے اتنے قریب آنے کا موقع اب دہلی کے باشندوں کے لیے بھی دستیاب ہو رہا ہے۔ پہلے لوگ پریاگ راج یا دوسرے شہروں میں جا کر کشتی اور کروز کی سیر سے لطف اندوز ہوتے تھے، لیکن اب دہلی میں ہی یہ تجربہ ممکن ہوگا۔
انہوں نے دہلی کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ یہاں آئیں، بچوں کو ماں یمنا کے درشن کرائیں اور فطرت سے لطف اندوز ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہل دہلی کی مثبت شبیہ کو مضبوط بنانے اور دارالحکومت کی سیاحت کو ایک نئی شناخت دینے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سابقہ حکومتوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ترقی کے بجائے الزام تراشی اور بہانہ بازی کی سیاست ہوتی رہی۔ آج حکومت ان مسائل کا حل کر رہی ہے اور دہلی کے باشندوں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی کے باشندوں کی مذہبی عقیدت اور روایات کا احترام حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے چھٹھ تہوار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دہلی کے لوگوں کو یمنا کے کنارے پوجا کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، لیکن موجودہ حکومت نے اپنے پہلے ہی سال میں یمنا پر شاندار چھٹھ پوجا کا اہتمام کرایا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس سال بھی دہلی کے باشندے گزشتہ سال کے مقابلے زیادہ شان و شوکت کے ساتھ چھٹھ تہوار منائیں گے۔ دہلی کے عوام نے حکومت کو دارالحکومت کی ترقی اور عوامی مفاد کے لیے منتخب کیا ہے اور حکومت اسی ذمہ داری کے ساتھ کام کرتی رہے گی۔
دہلی کے وزیر سیاحت کپل مشرا نے کہا کہ نمو یمنا ریور سفاری دہلی میں سیاحت کو ایک نیا تجربہ فراہم کرنے والی پہل ہے۔ یہاں آنے والے لوگ یمنا کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ میوزیکل فاؤنٹین کے ذریعے بھگوان شری کرشن کی داستان اور یمنا مائی کی عظمت کو موسیقی کے ذریعہ بھی پیش کیا جائے گا۔ یہاں کری ایٹو زون، فوڈ زون، گیمنگ سرگرمیوں اور کڈز زون جیسی سہولیات بھی تیار کی گئی ہیں تاکہ لوگ اپنے پورے خاندان کے ساتھ یہاں آ کر اچھا وقت گزار سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ یمنا کے کنارے سیاحت کے نئے امکانات کو فروغ دیا جائے اور دہلی کے باشندوں کو تفریح کے ساتھ اپنی ثقافتی اور قدرتی وراثت سے جڑنے کا موقع ملے۔ یمنا کی صفائی کا کام بھی مسلسل آگے بڑھ رہا ہے اور باقی کام کو بھی آنے والے وقت میں مکمل کیا جائے گا۔
اس منصوبے کے تحت سونیا وہار سے جگت پور تک تقریباً چار کلومیٹر کے علاقے میں تفریحی کروز اور فیری خدمات تیار کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سونیا وہار میں ایک مکمل طور پر تیار دریائی کنارے کا ٹرمینل بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس پہل کا مقصد سبز نقل و حمل، شہری سیاحت اور عوامی سہولیات کو فروغ دے کر دہلی کی قدرتی اور ثقافتی وراثت کو نئی شناخت دینا ہے۔ مانسون کے دوران دریا کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سروس ہر سال یکم جولائی سے 30 ستمبر تک بند رہے گی۔
یو این آئی۔ ایف اے
-
دنیا1 week agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش نے پی ایم 2.5 کو صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا، فضائی آلودگی کے معیارات میں فوری ترمیم کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoاسرائیلی حکام کا انتخابی نتائج برقرار رکھنے کا اعلان، نیتن یاہو نے انتخابات کو ‘چوری’ قرار دیا
-
جموں و کشمیر1 week agoتاریگامی کا سی آئی ڈی تصدیقی عمل پر نظرثانی کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا
-
ہندوستان1 week agoڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
-
ہندوستان1 week agoسونیا گاندھی نے لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی
-
دنیا6 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
جموں و کشمیر1 week agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
ہندوستان1 week agoتیرہ کروڑ ووٹوں کی چوری کا اپوزیشن کا دعویٰ بے بنیاد، ایس آئی آر پر راہل گاندھی غلط فہمی پھیلا رہے ہیں: سمبت پاترا
-
دنیا1 week agoامریکہ اور اسرائیل نے دوبارہ ایران پر بمباری کی تو تہران کا ردعمل کیا ہوگا
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں کے آتشزدگی سے متاثرہ شیو مارکیٹ کے دکانداروں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
