جموں و کشمیر
شمالی کشمیر میں ایل او سی کے قریب کیرن ہیریٹیج سینٹر کا افتتاح، سرحدی سیاحت کو فروغ دینے کی تیاری
سرینگر، شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کی کیرن وادی، جو کبھی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع ایک حساس اور تنازعہ زدہ سرحدی علاقے کے طور پر جانی جاتی تھی، اب رفتہ رفتہ ایک منفرد سیاحتی مقام کے طور پر ابھر رہی ہے۔ اس علاقے کی قدرتی خوبصورتی، تاریخی ورثے اور ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔
اسی سلسلے میں فارقیان میں قائم کیے گئے کیرن ہیریٹیج سینٹر کا افتتاح جلد عمل میں آنے والا ہے۔ اس مرکز کے قیام سے اس سرحدی خطے میں سیاحوں کے لیے ایک نئی کشش پیدا ہوگی۔ واضح رہے کہ کیرن وادی کو 2023 میں سیاحوں کے لیے کھولا گیا تھا۔
وزارت دفاع کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل سنیل برتوال نے بتایا کہ کیرن ہیریٹیج سینٹر، وادی کشن گنگا کے خوبصورت پس منظر میں قائم کیا گیا ہے، جس کے اطراف میں گھنے چیڑ کے جنگلات پھیلے ہوئے ہیں۔ یہ مرکز تاریخی ورثے، مہمان نوازی اور قومی اہمیت کے مختلف پہلوؤں کو یکجا کرتے ہوئے کیرن کو ایک نئے سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں تک کیرن ہندوستان کے سرحدی علاقوں میں آباد لوگوں کی ثابت قدمی، بہادری اور ناقابل تسخیر حوصلے کی علامت رہی ہے۔ نئے ہیریٹیج سینٹر کا مقصد اس تاریخی ورثے کو زندہ کرنا اور سیاحوں کو وادی کے دلکش قدرتی مناظر کے علاوہ یہاں کی قربانیوں، خدمات اور قومی وابستگی کی داستانوں سے بھی روشناس کرانا ہے۔
اس مرکز میں قومی پرچم کی تنصیب کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ لیفٹیننٹ کرنل برتوال کے مطابق، ایک بلند و بالا قلعہ نما داخلی دروازے کے اوپر شان سے لہراتا ترنگا اس مرکز کا نمایاں حصہ ہے۔ اس داخلی دروازے کے دونوں جانب گنبد نما مینار بھی تعمیر کیے گئے ہیں، جو اس مقام کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔
یادگاری دیواروں پر ”قربانی، خدمت اور اتحاد” اور ”بلند مقامات، مضبوط رشتے، عظیم تر ہندوستان” کے کلمات درج کیے گئے ہیں۔ ان تحریروں کے ذریعے حب الوطنی، قومی یکجہتی اور ملک کے سرحدی علاقوں میں آباد لوگوں کے ساتھ قومی وابستگی کے جذبے کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مرکز میں توپ بھی نصب کی گئی ہے، جبکہ خوبصورت انداز میں تیار کردہ راستے اور اطراف کی تزئین و آرائش اس مقام کو مزید پرکشش بناتے ہیں۔ یہ جگہ سیاحوں کو غور و فکر اور قومی فخر کے احساس سے ہمکنار کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ہیریٹیج سینٹر میں ایک خصوصی ورثہ گیلری بھی قائم کی گئی ہے، جہاں سیاحوں کو کیرن وادی کی تاریخ، قدرتی مناظر اور ثقافتی شناخت کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس گیلری میں تصاویر اور دیگر بصری مواد کے ذریعے علاقے کی تاریخی داستانوں کو محفوظ رکھنے اور اس سرحدی خطے کے بارے میں بہتر تفہیم پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
کمپلیکس کے اندر ”کیرن کیفے۔ فارقیان” کے نام سے ایک کیفے بھی قائم کیا گیا ہے۔ یہاں سیاحوں کو کشمیری قہوہ، گرم مشروبات اور دیگر ہلکی پھلکی اشیائے خوردونوش فراہم کی جائیں گی۔ کیفے سے آس پاس کے پہاڑوں اور چیڑ کے گھنے جنگلات کے دلکش مناظر بھی دیکھے جاسکیں گے۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد نسبتاً کم دریافت کیے گئے اس سرحدی علاقے کی جانب سیاحوں کو راغب کرنا، سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانا اور مقامی لوگوں کے لیے روزگار اور معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
بیان کے مطابق، کیرن ہیریٹیج سینٹر کا قیام سرحدی علاقوں کو سیاحت، ثقافتی تبادلے اور معاشی ترقی کے مراکز میں تبدیل کرنے کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف کیرن وادی کو سیاحتی نقشے پر نمایاں شناخت ملنے کی توقع ہے بلکہ مقامی آبادی کی معاشی ترقی میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
نیشنل کانفرنس کے رکن اسمبلی مبارک گل نے پریس کانفرنس ملتوی کردی، کہا ”میں ایک لڑاکا ہوں، اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا”
سری نگر، نیشنل کانفرنس کے چھ بار رکن اسمبلی منتخب ہونے والے مبارک گل نے بدھ کے روز اپنی پریس کانفرنس ملتوی کردی، جس میں ان سے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان متوقع تھا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال وہ اس معاملے پر کوئی بیان نہیں دیں گے۔
سری نگر کے عیدگاہ اسمبلی حلقے کی نمائندگی کرنے والے مبارک گل نے حالیہ کابینہ میں توسیع کے دوران انہیں وزیر نہ بنائے جانے پر پارٹی کے اندر بڑھتی ہوئی ناراضگی کے درمیان میڈیا سے خطاب کرنے کا پروگرام بنایا تھا۔
اپنا فیصلہ واضح کرتے ہوئے مبارک گل نے کہا کہ انہوں نے جموں و کشمیر کی موجودہ صورت حال، اپنے ساتھیوں سے مشاورت اور حامیوں کے جذبات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پریس کانفرنس ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بعض کارکن گزشتہ تقریباً ایک دہائی سے ان کے ساتھ وابستہ ہیں، جبکہ کچھ کارکن 1975 سے گزشتہ 51 برسوں سے ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ”میں اعلان کرتا ہوں کہ آج کی پریس کانفرنس ملتوی کررہا ہوں۔ اس معاملے پر آج کچھ نہیں کہوں گا۔” انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں اور دوستوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہتے ہیں اور ان کی احساسات کی ترجمانی کرنا چاہتے ہیں۔
مبارک گل نے کہاکہ ”میں نہ کچھ کہوں گا اور نہ ہی کوئی اعلان کروں گا۔ ان شاء اللہ، مناسب وقت آنے پر چیزیں خود آگے بڑھیں گی۔” انہوں نے واضح کیا کہ ان کا یہ بیان ہی وہ واحد پیغام ہے جو وہ فی الحال دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہ کوئی وضاحت پیش کرنی ہے اور نہ ہی مزید کچھ کہنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بعض ساتھیوں نے فون پر انہیں مشورے دیے ہیں اور وہ ان کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے اسی کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اپنی بات ختم کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ”میں ایک لڑاکا ہوں اور اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔”
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
سابق ایم ایل سی اور نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما غلام قادر پردیسی کا انتقال
سرینگر، نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سابق رکن قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) غلام قادر پردیسی منگل کی دیر رات انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے سیاسی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی ہے۔
ان کے فرزند اور لال چوک کے رکن اسمبلی احسن پردیسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام کے ذریعے اپنے والد کے انتقال کی اطلاع دی۔
احسن پردیسی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ انتہائی دکھ اور بوجھل دل کے ساتھ اپنے عزیز والد شیخ غلام قادر پردیسی، سابق ایم ایل سی اور ریٹائرڈ جوائنٹ فنانشل کمشنر کے انتقال کی اطلاع دے رہا ہوں۔ وہ اس دار فانی سے کوچ کرکے اپنے خالق حقیقی سے جاملے ہیں۔
غلام قادر پردیسی کا نیشنل کانفرنس کے ساتھ طویل سیاسی وابستگی کا رشتہ رہا اور وہ پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں سرگرم حصہ لیتے رہے۔ سیاسی زندگی کے علاوہ انہوں نے جموں و کشمیر انتظامیہ میں بھی اہم خدمات انجام دیں۔ وہ جوائنٹ فنانشل کمشنر کے عہدے پر فائز رہے اور سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہوئے تھے۔
نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدر اور وزیراعلی عمر عبداللہ کے علاوہ پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے غلام قادر پردیسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پارٹی کی جانب سے جاری تعزیتی پیغام میں احسن پردیسی اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ پارٹی نے مرحوم کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کیے جانے کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر و حوصلہ عطا فرمائے۔
دریں اثنا، اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے بھی نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما غلام قادر پردیسی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ غلام قادر پردیسی ایک غیر معمولی شائستگی اور وقار کے حامل انسان تھے۔ اپنی اعلیٰ اخلاقی خوبیوں اور غیر متزلزل دیانت داری کے باعث انہیں وسیع پیمانے پر عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ الطاف بخاری نے کہا کہ وہ نہ صرف عوامی زندگی میں ان کی گراں قدر خدمات اور سیاسی شخصیت کے معترف رہے ہیں بلکہ ان کے مرحوم والد کے ساتھ غلام قادر پردیسی کی قریبی وابستگی کی وجہ سے بھی وہ ہمیشہ ان کا بے حد احترام کرتے تھے۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
جعلی دستخط والے چیک جاری کرنے کے الزام میں پلوامہ کے شخص کے خلاف جرم داخل
سرینگر، جرائم شاخ جموں و کشمیر کے معاشی جرائم ونگ کشمیر نے کاروباری لین دین کی 35 لاکھ روپے کی واجب الادا رقم ادا کرنے کے لیے مبینہ طور پر جعلی دستخط والا چیک جاری کرنے کے معاملے میں پلوامہ کے ایک شخص کے خلاف فردِ جرم داخل کی ہے۔
سال 2026 میں درج ایف آئی آر کے سلسلے میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 318(2)، 336(3) اور 340 کے تحت یہ فردِ جرم چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) پلوامہ کی عدالت میں مشتاق احمد یتو، ساکن چن پورہ، راج پورہ، پلوامہ کے خلاف داخل کی گئی ہے۔
معاشی جرائم ونگ کے مطابق یہ معاملہ ایک کاروباری شخص کی شکایت سے شروع ہوا تھا۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا تھا کہ وہ ملزم کے ساتھ کاروباری شراکت داری میں تھا اور کاروباری حسابات کے تصفیے کے دوران ملزم کے ذمے 35 لاکھ روپے کی رقم واجب الادا پائی گئی تھی۔
الزام ہے کہ ملزم نے اس رقم کی ادائیگی کے لیے ایک چیک جاری کیا، لیکن بینک نے اسے مسترد کردیا، کیونکہ یہ چیک اس کے والد کے بینک کھاتے سے جاری کیا گیا تھا، جن کا 2 سال قبل انتقال ہوچکا تھا۔ ملزم نے مبینہ طور پر اس چیک پر خود دستخط کیے تھے۔
معاشی جرائم ونگ نے بتایا کہ تفتیش کے دوران الزامات کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد عدالتی فیصلے کے لیے مجاز عدالت میں فردِ جرم داخل کردی گئی۔
یو این آئی، ایم جے آر۔
-
دنیا1 week agoٹرمپ: انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کی اطلاع دینے والوں کو 1 ملین ڈالر کا انعام
-
ہندوستان1 week agoستائیس اکتوبر کی پوری رات جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی گئی
-
تجزیہ1 week agoراولاکوٹ: خوف، دباؤ اور بے یقینی میں سانس لیتا شہر
-
دنیا1 week agoغزہ میں اسرائیلی حملوں میں سات سالہ بچی سمیت کم از کم پانچ فلسطینی ہلاک
-
ہندوستان1 week agoدفاعی افواج کے لیے 2.12 لاکھ کروڑ روپے کے دفاعی خریداری کے منصوبوں کو منظوری
-
ہندوستان1 week agoگیانیش کمار کے خلاف جمعہ کو کانگریس عوامی مواخذے کا پروگرام منعقد کرے گی
-
جموں و کشمیر7 days agoجموں و کشمیر بی جے پی کی نیشنل کانفرنس میں پھوٹ کی پیش گوئی، کابینہ میں جموں کو نظرانداز کرنے پر عمر عبداللہ پر تنقید
-
جموں و کشمیر1 week agoسرینگر میں چوری کے معاملے میں دو گھریلو ملازمین گرفتار، 45 لاکھ روپے کے سونے کے زیورات برآمد
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیری پنڈت کارکن راکیش ہندو کو سائبر دہشت گردی کے معاملے میں پانچ روزہ پولیس ریمانڈ
-
دنیا1 week agoاسرائیل، 12500 سے زیادہ فلسطینی عورتوں کو قتل کر چُکا ہے
-
ہندوستان7 days agoہردیپ پوری مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کے لیے بی جے پی کے امیدوار نامزد
-
دنیا7 days agoٹرمپ کا دعویٰ، ایران امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، وسط مدتی انتخابات تک مذاکرات ٹالنے کا شبہ ظاہر کیا
