ہندوستان
انتخابی کمیشن کی سازش کا ہرورز بڑا انکشاف : کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے انتخابی کمیشن پر ‘ووٹ چوری’ کے ذریعے جمہوری عمل کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن کے مشتبہ کردار سے متعلق ہر روز نئے انکشافات ہو رہے ہیں اور اس کے کام کاج میں محض نااہلی نہیں بلکہ بدعنوانی اور سازش کے سنگین معاملات سامنے آ رہے ہیں۔
پارٹی نے کہا کہ وہ ‘ووٹ چوری’ کے خلاف مہم چلا رہی ہے اور اس کے ساتھ ہی وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے مبینہ طور پر حد بندی بل کو آگے بڑھانے کے لیے اختیار کیے جا رہے ہتھکنڈوں کو بھی بے نقاب کر رہی ہے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ایک روزنامہ اخبار میں شائع اپنی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے سامنے موجود ان اہم سیاسی معاملات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی ہے۔
محکمہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ انتخابی کمیشن کا ہر روز بری طرح پردہ فاش ہو رہا ہے۔ یہ محض نااہلی نہیں بلکہ بدعنوانی اور سازش کا زہریلا امتزاج ہے۔
یواین آئی۔ایف اے
ہندوستان
وزیراعظم مودی کی دیوالی پر مبارک باد ،خوشحال اور وکست بھارت کی تعمیر کے عزم پر زور
وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز دیوالی کے موقع پر ملک کے شہریوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے روشنی کی تاریکی پر، نیکی کی برائی پر اور امید کی مایوسی پر لازوال فتح کا تہوار قرار دیا اور لوگوں سے خوشحال اور وکست بھارت کی تعمیر کے لیے نئے جوش اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی اپیل کی۔
اس مبارک موقع پر اپنے ہم وطنوں کے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ دیوالی ہندوستانی تہذیب کی ابدی اقدار کی نمائندگی کرتی ہے اور ملک کے شاندار ثقافتی ورثے کو سراہنے کے ساتھ ساتھ باہمی اتحاد کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا، ”دیوالی کے اس مقدس موقع پر آپ سب کو دلی مبارکباد!” انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار ہر گھر کو خوشی، ہم آہنگی اور خوشحالی کی روشنی سے منور کرے گا۔
تہوار کی گہری اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ دیوالی مثبت سوچ، نیکی اور اجتماعی ذمہ داری کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جشن لوگوں کو مہربانی پھیلانے، امید پسندی اپنانے اور ایک روشن مستقبل کی تعمیر میں اپنا تعاون دینے کی ترغیب دے گا۔
انہوں نے کہا، ”آئیے، ہم خوشحال اور وکست بھارت کی تعمیر کے لیے نئے جوش اور پختہ عزم کے ساتھ آگے بڑھیں،” اور ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے اپنے وژن کا اعادہ کیا۔
دیوالی ہندوستان کے سب سے زیادہ منائے جانے والے تہواروں میں سے ایک ہے، جسے ملک بھر میں اور دنیا کے مختلف حصوں میں آباد ہندوستانی برادریاں بھی مناتی ہیں۔ ہندو روایت میں اس تہوار کو بھگوان رام کی 14 برس کی جلاوطنی کے بعد ایودھیا واپسی اور راون پر ان کی فتح سے منسوب کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر دیے روشن کیے جاتے ہیں، پوجا کی جاتی ہے، خاندان کے افراد اکٹھا ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد اور تحائف پیش کیے جاتے ہیں، جو تاریکی پر روشنی کی فتح اور امید کی تجدید کی علامت ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
ڈاکٹر عمار رضوی کی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات
لکھنؤ، اتر پردیش کے سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اور آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر دفاع کو دیوالی کی مبارک باد پیش کی اور ملک کو خود کفالت کی راہ پر آگے بڑھانے کی کوششوں پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
جاری ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران سیتاپور سمیت اتر پردیش کی ترقی سے متعلق مختلف اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر رضوی نے بتایا کہ ان کی درخواست پر مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری نے لکھنؤ سے محمودآباد روڈ پر 110 کروڑ روپے کی لاگت سے ریلوے اوور برج کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔ انہوں نے اس اہم منصوبے کی منظوری پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے اس کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں شرکت کے لیے آنے کی درخواست کی۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے اگنی ویروں کو ہندوستانی فوج میں مستقل ملازمت فراہم کرنے سے متعلق اعلان اور اس سلسلے میں وزارت دفاع کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو مبارک باد پیش کی۔
ملاقات میں ملک کی خود انحصاری، قومی سلامتی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور نوجوانوں کے مستقبل سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ ڈاکٹر عمار رضوی نے سیتاپور سمیت اتر پردیش کی ترقی سے وابستہ عوامی مسائل کو حکومت کے سامنے پیش کرنے اور ان کے حل کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یو این آئی۔ ع ا۔
ہندوستان
ای-20 بنا 420، حکومت عوام کی گاڑیوں سے پٹرول چوری کر رہی ہے: راہل
نئی دہلی، کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے پٹرول میں ایتھنول کی آمیزش کو لے کر مرکزی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ عوام مہنگے پٹرول کی قیمت ادا کر رہے ہیں، لیکن ان کی گاڑیوں کی ٹنکی میں مقررہ حد سے زیادہ ایتھنول ڈالا جا رہا ہے۔
مسٹر گاندھی نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ مودی حکومت پٹرول میں 20 فیصد ایتھنول کی آمیزش کی بات کرتی ہے، لیکن کرناٹک حکومت نے 7 اضلاع سے پٹرول کے نمونے لے کر ایک تسلیم شدہ تجربہ گاہ میں ان کی جانچ کرائی تو 14 میں سے 11 نمونوں میں ایتھنول کی مقدار 20 فیصد سے زیادہ پائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جانچ میں انڈین آئل کارپوریشن (آئی او سی ایل) کے نمونے میں ایتھنول کی مقدار 31.2 فیصد اور ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ پی سی ایل) کے نمونے میں 30.5 فیصد پائی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئی او سی ایل، ایچ پی سی ایل، بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (بی پی سی ایل)، نیارا اور شیل سمیت سرکاری اور نجی کمپنیوں کے نمونوں میں ایتھنول کی آمیزش مقررہ حد سے زیادہ پائی گئی۔
کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ کمپنیوں کی اپنی تجربہ گاہوں کی رپورٹ میں ایتھنول کی مقدار کا ذکر تک نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے گاڑی چلانے والوں کو مہنگے پٹرول کی قیمت ادا کرنے کے باوجود ان کی گاڑیوں کی ٹنکی میں زیادہ ایتھنول ڈالا جا رہا ہے، جس سے گاڑیوں کی ایوریج متاثر ہو سکتی ہے اور انہیں بار بار مرمت کرانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ پٹرول پمپوں پر یہ بھی واضح نہیں کیا جاتا کہ ٹنکی میں کیا ڈالا جا رہا ہے اور صارفین کے پاس کوئی متبادل نہیں ہے۔
مسٹر گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ ملک کی گاڑیوں کی ٹنکی میں حقیقت میں کیا بھرا جا رہا ہے اور پٹرول میں اصل میں کتنا ایتھنول ہے۔ انہوں نے 20 فیصد سے زیادہ ایتھنول ملانے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو دی گئی کھلے مباحثے کی ان کی دعوت اب بھی برقرار ہے اور اس معاملے کو بھی بحث میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت کی پالیسیوں سے حقیقت میں کس کو فائدہ ہو رہا ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
-
ہندوستان1 week agoمودی نے سردار پٹیل کو خراج عقیدت پیش کیا، متحد اور خود کفیل ہندوستان کے ان کے وژن کو یاد کیا
-
دنیا7 days agoاسرائیلی فوج نے مذاکرات جاری ہونے کے وقت جنوبی لبنان میں مکانات کو مسمار کیا اور قصبوں پر بمباری کی
-
دنیا5 days agoاسرائیلی حکام کا انتخابی نتائج برقرار رکھنے کا اعلان، نیتن یاہو نے انتخابات کو ‘چوری’ قرار دیا
-
ہندوستان1 week agoملک کے کئی حصوں میں شدید سے بہت شدید بارش کا امکان: محکمہ موسمیات
-
ہندوستان1 week agoکھرگے، سونیا اور راہل نے اندرا گاندھی کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا
-
ہندوستان5 days agoجے رام رمیش نے پی ایم 2.5 کو صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا، فضائی آلودگی کے معیارات میں فوری ترمیم کا مطالبہ
-
دنیا4 days agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
ہندوستان1 week agoچھتیس گڑھ میں سمندری طوفان ‘ارنَب’ پڑا کمزور ، بارش میں کمی کے آثار
-
جموں و کشمیر1 week agoسوپور کے انجینئر اشفاق بیگ وسطی کشمیر کے انچارج چیف انجینئر مقرر
-
جموں و کشمیر1 week agoکانگریس کے سیاسی نعرے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے: جموں و کشمیر بی جے پی صدر
-
ہندوستان5 days agoسونیا گاندھی نے لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی
-
جموں و کشمیر5 days agoتاریگامی کا سی آئی ڈی تصدیقی عمل پر نظرثانی کا مطالبہ
