دنیا
”خیمے ہمیں بارش سے نہیں بچاتے”: غزہ میں بارش سے بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب
الزوایدہ، غزہ پٹی، غزہ کے وسطی علاقے الزوایدہ میں جابر الکسیح کے خیمے میں ہفتے کی رات اچانک پانی داخل ہونے لگا۔ غزہ میں موسلادھار بارش کے باعث پانی خیمے میں گھس آیا، جس سے جابر اور ان کے اہل خانہ کی آنکھ کھل گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے خیمے کا فرش پانی سے بھر گیا اور گدے، قالین، کمبل بھیگ گئے، جبکہ خاندان نے بڑی مشکل سے جو تھوڑا بہت کھانا محفوظ رکھا تھا، وہ بھی خراب ہو گیا۔
ستر برس سے زائد عمر کے جابر نے الجزیرہ کو بتایا، ”سب کی آنکھ کھل گئی اور ہم جاگتے رہے۔ لوگ اپنے پڑوسیوں سے نقصان کی صورتحال اور بچوں کے بارے میں پوچھتے رہے۔”
انہوں نے بے گھر افراد کے اس کیمپ کے باہر کے علاقے کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ہزاروں فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے اور پورا علاقہ کسی سوئمنگ پول کا منظر پیش کر رہا تھا۔
غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر کے مطابق جمعہ کی دیر رات سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث 70 ہزار سے زائد خیمے زیرِ آب آ چکے ہیں۔ لاکھوں بے گھر فلسطینی ایسے مقامات پر پناہ لیے ہوئے ہیں جہاں مزید سیلاب کا خطرہ انتہائی زیادہ ہے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان نام نہاد جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے ایک سال سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجود اسرائیل معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں اشیا کی آمد روک رہا ہے۔ ان میں 60 ہزار موبائل مکانات اور دو لاکھ خیمے بھی شامل ہیں۔
اب تک صرف 20 ہزار خیموں کو غزہ میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ موبائل مکانات مصر کی سرحد کے دوسری جانب کھڑے ہیں۔ ان میں سے کئی دو برس سے زیادہ عرصے سے وہیں موجود ہیں۔
جابر اور ان کا خاندان الزوایدہ کے علاقے میں خیمے میں رہتے ہوئے چوتھی سردی کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کا تعلق شمالی غزہ کے بیت لاہیا سے ہے اور وہ بھی 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد بیشتر فلسطینیوں کی طرح کئی بار نقل مکانی کر چکے ہیں۔
اس جنگ کے باعث 90 فیصد سے زیادہ فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں اور ان میں سے بہت سے افراد کو متعدد مرتبہ اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔ اس جنگ کو عالمی سطح پر شدید مذمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جابر کے مطابق گزشتہ موسم سرما میں ان کے کیمپ میں تین سے چار مرتبہ سیلاب آیا، جس کے باعث کئی خاندانوں کو وہاں سے نقل مکانی کرنا پڑی۔ اب بھی تقریباً 40 خیمے موجود ہیں، لیکن تازہ بارش نے ان کی حالت مزید خراب کر دی ہے۔انہوں نے کہا، ”اب تمام خیمے خراب، پھٹے ہوئے اور کیچڑ سے بھرے ہیں۔ ہمیں آنے والے مشکل دنوں سے بچنے کے لیے فوری طور پر خیموں، ترپالوں، پلاسٹک کی چادروں، گدوں، کمبلوں اور قالینوں کی ضرورت ہے۔
”ہم سنتے رہتے ہیں کہ خیمے اور ترپالیں تقسیم کی جا رہی ہیں، لیکن ہمیں کچھ بھی نہیں ملا۔
”ہمیں امید تھی کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت جن موبائل مکانات اور عارضی رہائشی یونٹوں کا وعدہ کیا گیا تھا، ان سے ہمیں کچھ راحت ملے گی اور ہم محفوظ و پُرامن زندگی کی طرف لوٹ سکیں گے۔ لیکن یہ سب محض زبانی وعدے ثابت ہوئے۔ ہم نے عملی طور پر کچھ نہیں دیکھا۔”
جاری ۔ یو این آئی۔ْ ع اْ
دنیا
ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں اسرائیل کی حمایت میں کمی کو بھی شامل کیا
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی بھاری شکست کی ایک وجہ امریکہ میں اسرائیل کی حمایت میں کمی بھی تھی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اسرائیل کے ساتھ واشنگٹن کے قریبی تعلقات کی مخالفت بڑھ رہی ہے۔
اتوار کو ایک انٹرویو میں انتخابی نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے ٹرمپ نے کانگریس کے دونوں ایوانوں پر ڈیموکریٹس کے قبضے کی کئی وجوہات بتائیں۔ ان میں ان کا خود انتخابی میدان میں نہ ہونا، ریپبلکن امیدواروں سے ووٹروں کی ناراضگی اور ایران کے خلاف جنگ کی مخالفت شامل تھی۔
ٹرمپ نے کہا، ”سب سے پہلی بات یہ ہے کہ میں انتخابی میدان میں نہیں تھا۔” انہوں نے کہا کہ ووٹر ریپبلکن پارٹی کے بعض امیدواروں سے بھی ناخوش تھے، جن میں ان کے حمایت یافتہ امیدوار بھی شامل تھے۔
انہوں نے مزید کہا، ”لیکن اس کے علاوہ بھی کچھ باتیں تھیں۔ لوگوں کو ایران کے ساتھ جنگ پسند نہیں آئی۔
انہیں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ بھی پسند نہیں آیا۔” اس کے بعد ٹرمپ نے کہا، ”اور حیرت انگیز طور پر اسرائیل کے خلاف بھی شدید ناراضگی ہے۔”
2023 میں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے امریکہ میں اسرائیل کی حمایت میں کمی آئی ہے۔ یہ جنگ 7 اکتوبر کو حماس کی قیادت میں اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔ اسرائیل کی حمایت میں یہ کمی خاص طور پر ڈیموکریٹک ووٹروں میں نمایاں رہی ہے۔
نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی گزشتہ ہفتے اشارہ دیا تھا کہ اگر ریپبلکن پارٹی اپنے انتخابی امکانات بہتر بنانا چاہتی ہے تو اسے اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
انتخابات کے دن ٹرمپ نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ امریکہ 2026 کے اختتام تک اسرائیل کو سالانہ تقریباً 4 ارب ڈالر کی فوجی امداد بند کر دے گا۔ اس اعلان سے اسرائیلی سلامتی اور مالیاتی حکام مبینہ طور پر حیران رہ گئے تھے، کیونکہ موجودہ مفاہمت کی یادداشت کے تحت اسرائیل کو سالانہ 3.8 ارب ڈالر کی فوجی امداد ملتی ہے اور یہ معاہدہ ستمبر 2028 تک برقرار ہے۔
بعد ازاں ٹرمپ نے اپنے اعلان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک اچھا اتحادی رہا ہے اور اس نے اس پالیسی کی حمایت کی ہے۔ تاہم، ان کے بیان کے وقت نے واضح کیا کہ امریکہ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں میں اسرائیل کو فوجی امداد دینے کا معاملہ کس قدر سیاسی طور پر حساس ہوتا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، ٹرمپ نے گزشتہ سال ایک یہودی عطیہ دہندہ کو خبردار کیا تھا کہ ان کے اپنے حامیوں میں بھی اسرائیل کی حمایت کم ہو رہی ہے۔
دریں اثنا، اتوار کو ٹرمپ سے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کی جانب سے یاشار پارٹی کے سربراہ گادی آئزن کوٹ کو موجودہ وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو سے پہلے حکومت بنانے کی کوشش کا موقع دیے جانے کے بارے میں بھی سوال کیا گیا۔
ٹرمپ نے کہا، ”ان کی پالیسیاں کافی حد تک ایک جیسی ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ آئزن کوٹ نے ان کے بارے میں ”بہت اچھی باتیں کہی ہیں” اور وہ کہتے ہیں کہ ”انہیں ٹرمپ سے محبت ہے۔”
ٹرمپ نے صحافیوں سے کہا، ”میں نے ابھی تک یہ نہیں دیکھا کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔ یقیناً یہ ان کے اور بی بی نیتن یاہو کے درمیان مقابلہ ہے۔ دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔”
گزشتہ ماہ کنیسٹ انتخابات سے قبل ٹرمپ نے دو مرتبہ عوامی طور پر نیتن یاہو کی حمایت کی تھی، اس کے باوجود آئزن کوٹ نے امریکی صدر پر براہ راست تنقید سے گریز کیا۔ اطلاعات کے مطابق، نیتن یاہو نے ٹرمپ کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، کیونکہ رائے عامہ کے جائزوں میں مسلسل اشارہ مل رہا تھا کہ ان کا حکمران اتحاد پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل نہیں کر سکے گا۔
آئزن کوٹ کو ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے نیتن یاہو کے مقابلے میں زیادہ حمایت حاصل ہوئی اور انہیں نئی حکومت تشکیل دینے کی کوشش کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے زیادہ معتدل طرز حکمرانی اختیار کرنے کا وعدہ کرکے خود کو سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم سے الگ دکھانے کی کوشش کی ہے، تاہم پالیسیوں کے حوالے سے دونوں کے درمیان نمایاں اختلافات کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔
آئزن کوٹ کی مجوزہ حکومت نیتن یاہو کے سبکدوش ہونے والے اتحاد سے مختلف ہوگی، جس میں انتہائی دائیں بازو اور الٹرا آرتھوڈوکس جماعتیں شامل تھیں۔
ٹرمپ اس سے قبل بھی نیتن یاہو کی فوجی اور علاقائی پالیسیوں پر ناراضگی ظاہر کر چکے ہیں، حالانکہ دونوں رہنما اپنے تعلقات کو مثبت قرار دیتے رہے ہیں۔
جون میں لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بعد ٹرمپ کی تنقید میں شدت آ گئی تھی، جس سے ایران کے معاملے پر سفارتی کوششیں بھی پیچیدہ ہو گئی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق، حملوں کی شدت پر انہوں نے نیتن یاہو کو ”انتہائی پاگل” قرار دیا تھا۔
اس سے قبل رواں سال ٹرمپ نے بعض پالیسی معاملات پر اختلافات کے درمیان مبینہ طور پر اسرائیلی وزیر اعظم کو ”اپنا سب سے بڑا دشمن” بھی قرار دیا تھا۔
یو این آئی۔ ع ا۔
دنیا
امید کرتے ہیں کہ ایران -امریکہ تنازعے میں فہم و فراست غالب آجائے:ایردوان
انقرہ، صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ “ہم ایران کے خلاف حملوں کی ایک نئی لہر کا آغاز اور اپنے خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیلنا نہیں چاہتے”
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہم ایران کے خلاف حملوں کی ایک نئی لہر کا آغاز اور اپنے خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیلنا نہیں چاہتے۔”
ایردوان نے آذربائیجان کے دورے کے بعد وطن واپسی پر طیارے میں گفتگو کرتے ہوئے یہ بیانات دیے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے حوالے سے جائزہ پیش کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ہم ایران کے خلاف حملوں کی ایک نئی لہر کا آغاز اور اپنے خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیلنا نہیں چاہتے۔ ہم ہر موقع پر اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ مسائل کا حل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے۔ بدقسمتی سے، ہم ایک بار پھر منفی سمت میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کا ذکر کر سکتے ہیں۔ ہم اسے روکنے کے لیے اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ میں نے امریکی صدر جناب ٹرمپ کے ساتھ ان امور پر بات چیت کی ہے اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ ہم نے فریقین کو یہ پیغام پہنچایا ہے کہ ہم امن اور سفارت کاری کا دروازہ کھولنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔”
اس بات کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہ فہم و فراست غالب آئے گی ایردوان نے کہا کہ مزید تنازعات کا مطلب خطے کے لیے مزید نقصانات کے سوا کچھ نہیں ہے۔
صدر ایردوان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنگ کی قیمت صرف اس میں براہِ راست ملوث فریقین ہی ادا نہیں کرتے، بلکہ ترکیہ سے لے کر خلیجی ممالک تک، اور عراق و شام سے لے کر یورپ اور ایشیا تک ایک وسیع جغرافیہ ان حالات سے متاثر ہوتا ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔
دنیا
جزیرہ قشم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا: ایران
تپران، ایران کے ایک صوبائی عہدیدار احمد نفیسی نے پیر کے روز جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ایران کے جزیرے قشم پر رات گئے کئے گئے امریکی حملوں میں رہائشی مکانات، تجارتی علاقوں یا اہم بنیادی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق جنوبی صوبے ہرمزگان کے سیاسی، سکیورٹی اور سماجی امور کے نائب گورنر احمد نفیسی نے کہا ہے کہ جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا وہ رہائشی علاقوں، کاروباری مراکز اور عوامی خدمات کی تنصیبات سے دُور تھےلہٰذا جزیرے کے اہم بنیادی ڈھانچے یا بنیادی خدمات کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔’
نفیسی نے کہا ہے کہ جزیرہ قشم کی صورتِ حال قابو میں ہے اور ہنگامی امدادی ٹیمیں، عوامی خدمات کے ادارے اور انتظامی محکمے انتہائی چوکس حالت میں ہیں۔
یہ بیان اتوار کی شام جنوبی ساحلی شہر بندر عباس اور اس کے قریب واقع جزیرہ قشم میں ہونے والے دھماکوں کی اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ‘فارس’ نے ابتدائی طور پر مقامی ذرائع کے حوالے سے جاری کردہ خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ یہ دھماکے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے قواعد کی خلاف ورزی کے شبہے میں بعض جہازوں پر کی گئی تنبیہی فائرنگ کا نتیجہ ہو سکتے ہیں۔ تاہم ایرانی حکام نے تاحال اس واقعے کی وجہ سے متعلق کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔
واضح رہے کہ جزیرہ قشم، بندر عباس کے قریب آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر واقع ہے۔ یہ ایک اہم بحری گزرگاہ ہے جہاں سے عالمی سطح پر برآمد کیے جانے والے تیل کا ایک بڑا حصہ گزرتا ہے۔
یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب تنازعے میں کمی لانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم آبنائے ہرمز میں سلامتی اور محفوظ سیر و سفر کے معاملات پر واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔
-
دنیا6 days agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش نے پی ایم 2.5 کو صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا، فضائی آلودگی کے معیارات میں فوری ترمیم کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoاسرائیلی حکام کا انتخابی نتائج برقرار رکھنے کا اعلان، نیتن یاہو نے انتخابات کو ‘چوری’ قرار دیا
-
جموں و کشمیر1 week agoتاریگامی کا سی آئی ڈی تصدیقی عمل پر نظرثانی کا مطالبہ
-
دنیا6 days agoایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا
-
ہندوستان1 week agoسونیا گاندھی نے لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی
-
ہندوستان6 days agoڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
-
ہندوستان1 week agoتیرہ کروڑ ووٹوں کی چوری کا اپوزیشن کا دعویٰ بے بنیاد، ایس آئی آر پر راہل گاندھی غلط فہمی پھیلا رہے ہیں: سمبت پاترا
-
دنیا7 days agoامریکہ اور اسرائیل نے دوبارہ ایران پر بمباری کی تو تہران کا ردعمل کیا ہوگا
-
جموں و کشمیر6 days agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
دنیا6 days agoوسط مدتی انتخابات سے قبل ٹرمپ کی آخری انتخابی مہم، مہنگائی کے بجائے واشنگٹن کے تزئین و آرائش کے منصوبوں پر توجہ
-
دنیا4 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
