ہندوستان
راہل نے ریلی میں امڈے عوامی سیلاب پر اظہار تشکر کیا، کانگریس نے کہا بی جے پی کا پروپیگنڈہ پنکچر ہوگیا
نئی دہلی، کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ‘ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ’ ریلی میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے ووٹ چوری کے خلاف آواز بلند کرنے پر لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی اس حمایت سے واضح ہوگیا ہے کہ جمہوریت اور سچائی کی جیت ہوگی اور آئندہ انتخابات میں انڈیا اتحاد کی کامیابی یقینی ہے۔
مسٹر گاندھی نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا، ”ووٹ چوری کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے ریکارڈ تعداد میں پہنچنے پر آپ سب کا شکریہ۔” انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ جمہوریت کی جیت ہوگی، سچائی کی فتح ہوگی اور انڈیا اتحاد کامیاب ہوگا۔
اس دوران کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ انڈیا اتحاد کی عظیم ریلی کو بدنام کرنے اور لوگوں کو دہلی آنے سے روکنے کے لیے تاجروں کے نقصان اور بازار بند ہونے کا خوف پھیلایا گیا، لیکن بی جے پی کا یہ پورا پروپیگنڈہ پنکچر ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو بچانے کے لیے ووٹ چوری اور الیکشن کمیشن کی جواب دہی کے اصل معاملے سے ملک کی توجہ ہٹانا اور لوگوں کو عظیم ریلی میں شرکت سے روکنا تھا، لیکن اس کا الٹا اثر ہوا۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ مسٹر گاندھی کی اپیل پر لوگوں نے دہلی کے بازاروں میں خریداری کی۔ پرانی دہلی کی تھوک منڈیوں میں دکانیں کھلی رہیں اور کاروبار بھی ہوا۔ لوگوں نے چھوٹے دکانداروں اور ریڑھی پٹری والوں سے بھی سامان خریدا۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات کی رپورٹوں نے بی جے پی کے جھوٹے پروپیگنڈے کا پردہ فاش کردیا ہے۔
انہوں نے دہلی کے تاجروں، دکانداروں اور شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے جمہوری احتجاج کے ساتھ ساتھ مقامی کاروبار کی بھی حمایت کی۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ اس ریلی کو متاثر کرنے کے لیے پھیلائے گئے تمام منفی پروپیگنڈے کے ناکام ہونے سے ثابت ہوگیا ہے کہ جمہوریت کی آواز کو نہ خوف کے ذریعے دبایا جاسکتا ہے اور نہ ہی جھوٹے پروپیگنڈے سے۔ عوام اپنے ووٹ کا حق بھی بچائیں گے، کاروبار بھی جاری رکھیں گے اور جواب دہی کا مطالبہ بھی کریں گے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
بحریہ کے لیے 53,866 کروڑ روپے کی لاگت سے آٹھ نئے جنگی جہاز تیار کیے جائیں گے، راجناتھ نے اسے خود انحصاری کی سمت بڑا قدم…
نئی دہلی، وزارت دفاع نے ہندوستانی بحریہ کے لیے اگلی نسل کے آٹھ کارویٹ جنگی جہاز تیار کرنے کے سلسلے میں گارڈن ریچ شپ بلڈرز اینڈ انجینئرز لمیٹڈ (جی آر ایس ای) اور گوا شپ یارڈ لمیٹڈ (جی ایس ایل) کے ساتھ 53,866.50 کروڑ روپے کے معاہدے کیے ہیں۔
وزارت دفاع نے پیر کے روز یہاں بتایا کہ ان معاہدوں پر کرتویہ بھون-2 میں دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اسے ملک کے مقامی جہاز سازی کے شعبے کے لیے بڑی خوشخبری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دفاعی شعبے میں خود انحصاری کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
معاہدے کے تحت جی آر ایس ای پانچ جنگی جہاز تیار کرے گا، جبکہ جی ایس ایل کو تین جنگی جہاز بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ پہلی مرتبہ ہندوستانی بحریہ خود ان جنگی جہازوں کا ڈیزائن تیار کرے گی، جبکہ مسابقتی عمل کے ذریعے منتخب کیے گئے دفاعی سرکاری شعبے کے ادارے ان کی تعمیر کریں گے۔
ان نئے جنگی جہازوں میں جدید میزائلوں، ہتھیاروں اور سینسر نظام سمیت جدید ترین صلاحیتیں موجود ہوں گی۔ ان کی مدد سے بحریہ فضا، سمندر کی سطح اور زیر سمندر علاقوں میں کارروائیاں انجام دے سکے گی۔ ان جنگی جہازوں کی شمولیت سے سمندری تجارتی راستوں کی حفاظت، دشمن کے جہازوں اور آبدوزوں کے خلاف کارروائی، ساحلی تحفظ، ساحلی سمندری آپریشنز اور سمندری نگرانی کی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔
معاہدوں پر دستخط کے بعد مسٹر سنگھ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا، ”ہندوستان کے مقامی جہاز سازی کے شعبے کے لیے یہ بہت اچھی خبر ہے۔ ہندوستانی بحریہ کے اگلی نسل کے کارویٹ منصوبے سے ملک کے جہاز سازی کے شعبے کو اہم فروغ ملے گا۔ اس سے دفاعی سرکاری اداروں، نجی شپ یارڈز اور ہندوستانی صنعتی شراکت داروں، جن میں چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتیں بھی شامل ہیں، کے درمیان تعاون مضبوط ہوگا۔”
انہوں نے کہا کہ ان جہازوں کی تعمیر سے آئندہ دس برسوں کے دوران شپ یارڈز میں تقریباً 72 لاکھ افرادی دن کے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ معاون صنعتوں اور چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانہ درجے کی صنعتوں میں 460 لاکھ افرادی یوم کا روزگار پیدا ہوگا۔
راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان میں تیار کردہ سامان اور آلات، مقامی ٹیکنالوجی اور ہندوستانی ہنرمندی و مہارت کے استعمال کو فروغ دے کر یہ منصوبہ دفاعی مینوفیکچرنگ میں خود انحصاری حاصل کرنے کی سمت ایک بڑا قدم ثابت ہوگا۔ ساتھ ہی اس سے وزیر اعظم نریندر مودی کے ‘میک اِن انڈیا’ کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔
وزارت دفاع کے مطابق اس منصوبے سے ملک کی مقامی جہاز سازی کی صنعت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ اس کے تحت دفاعی سرکاری اداروں، نجی شپ یارڈز اور ہندوستانی صنعتی شراکت داروں، بشمول چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانہ درجے کی صنعتوں کے درمیان تعاون میں اضافہ ہوگا۔
منصوبے میں ہندوستان میں تیار کردہ اشیا اور آلات، مقامی ٹیکنالوجی اور ہندوستانی ہنرمندی و مہارت کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔ وزارت دفاع کے مطابق یہ منصوبہ دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کی سمت ایک اہم قدم ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے ‘میک اِن انڈیا’ کے عزم کو مزید مضبوط بنائے گا۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
سونیا گاندھی نے لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی
نئی دہلی، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے پیر کی صبح راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
محترمہ گاندھی نے لالو یادو کی بیٹی اور رکن پارلیمنٹ میسا بھارتی کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر میسا بھارتی اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔
میسا بھارتی نے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر کو بتایا کہ ان کے والد کی صحت میں بہتری آرہی ہے اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کی حالت مستحکم ہے۔ لالو یادو کے اہل خانہ نے محترمہ گاندھی کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
اس ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لالو یادو نے کہا کہ محترمہ سونیا گاندھی ان کی رہائش گاہ پر پہنچیں اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران ماضی کی یادیں بھی تازہ ہوئیں۔
لالو یادو نے ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت کے دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران نوجوانوں، کسانوں، جوانوں اور عام لوگوں کے مفاد میں شفاف اور عوامی فلاح و بہبود کی متعدد اسکیمیں نافذ کی گئی تھیں۔
انہوں نے مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی ایکٹ (منریگا)، حقِ تعلیم (آر ٹی ای) اور حقِ اطلاعات (آر ٹی آئی) جیسے قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے ملک کے عوام کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت کے دور میں بہار کی ترقی کے لیے ایک لاکھ 45 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم فراہم کیے جانے کا بھی ذکر کیا۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
کھرگے کا بی جے پی پر اتراکھنڈ کے عوام کو دھوکہ دینے کا الزام، کہا: لوگ تبدیلی چاہتے ہیں
نئی دہلی، کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے پیر کے روز اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اقتدار میں دس سال گزارنے کے باوجود اس نے ریاست کے عوام کی امیدوں اور امنگوں کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے ریاست میں امن و قانون کی صورت حال خراب ہونے، خواتین کے تحفظ سے متعلق بڑھتی تشویش اور جواب دہی یقینی بنانے میں مسلسل ناکامی کا بھی الزام عائد کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری ایک بیان میں کھرگے نے کہا کہ پہاڑی ریاست کے عوام بی جے پی کی ‘ڈبل انجن’ حکومت سے تیزی سے مایوس ہو رہے ہیں اور اب وہ حکومت سے جواب اور حکمرانی میں تبدیلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، ”اتراکھنڈ میں بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت کے دس سال ریاست کے عوام کی امیدوں اور امنگوں سے دھوکہ کرنے کے سوا کچھ ثابت نہیں ہوئے ہیں۔” انہوں نے الزام لگایا کہ امن و قانون کی صورت حال کی خرابی، خواتین کے تحفظ پر سنگین سوالات، اقتدار میں بیٹھے لوگوں کا تکبر اور جواب دہی سے مسلسل گریز نے حکومت پر عوام کے اعتماد کو کمزور کردیا ہے۔
کھرگے نے کہا کہ کانگریس اتراکھنڈ کے عوام کے حقوق اور مفادات کی آواز بلند کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور ریاستی حکومت کے خلاف سڑکوں سے لے کر اسمبلی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عام شہریوں کو درپیش مسائل اٹھاتی رہے گی اور اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو جواب دہ بنائے گی۔
انہوں نے کہا، ”اتراکھنڈ کے عوام اب جواب چاہتے ہیں اور تبدیلی کے خواہاں ہیں۔” اس کے ساتھ ہی انہوں نے عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے اور اچھی حکمرانی و عوامی فلاح و بہبود پر مبنی متبادل فراہم کرنے کے کانگریس کے عزم کا اظہار کیا۔
کھرگے نے کہا، ”ہمارا عزم عوام کا اعتماد جیتنا اور دیو بھومی اتراکھنڈ کو ایک محفوظ، حساس اور جواب دہ حکومت دینا ہے، جو ہر چیز سے بڑھ کر عوامی مفاد کو ترجیح دے۔”
کانگریس صدر کا یہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پارٹی 2027 کے اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں تیزی لا رہی ہے اور 2022 میں دوبارہ اقتدار میں آنے والی بی جے پی کو حکومت سے بے دخل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ریاست میں اپنی تنظیمی موجودگی مضبوط بنانے میں مصروف کانگریس، حکمراں جماعت کے خلاف عوامی شکایات کو ایک وسیع سیاسی چیلنج میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کھرگے کے بیان سے ان مسائل کا بھی اشارہ ملتا ہے جو کانگریس کی انتخابی مہم میں اہمیت اختیار کرسکتے ہیں۔ ان میں امن و قانون، خواتین کا تحفظ، جواب دہی اور حکمرانی میں مبینہ تکبر جیسے معاملات شامل ہیں، جنہیں پارٹی ریاست میں بی جے پی کی مسلسل حکمرانی کو چیلنج کرنے کے لیے نمایاں طور پر اٹھا سکتی ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
-
دنیا6 days agoٹرمپ: انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کی اطلاع دینے والوں کو 1 ملین ڈالر کا انعام
-
ہندوستان5 days agoستائیس اکتوبر کی پوری رات جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی گئی
-
تجزیہ6 days agoراولاکوٹ: خوف، دباؤ اور بے یقینی میں سانس لیتا شہر
-
دنیا1 week agoعلاقائی مسائل کے حل میں ترکیہ ذمہ داری اٹھانے کاسلسلہ جاری رکھے گا:وزیر فیدان
-
دنیا7 days agoغزہ میں اسرائیلی حملوں میں سات سالہ بچی سمیت کم از کم پانچ فلسطینی ہلاک
-
ہندوستان7 days agoدفاعی افواج کے لیے 2.12 لاکھ کروڑ روپے کے دفاعی خریداری کے منصوبوں کو منظوری
-
دنیا7 days agoنیتن یاہو کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے:ایویگادور لیبرمین
-
جموں و کشمیر6 days agoسرینگر میں چوری کے معاملے میں دو گھریلو ملازمین گرفتار، 45 لاکھ روپے کے سونے کے زیورات برآمد
-
دنیا1 week agoامریکہ یا اسرائیل کے دوبارہ حملے کی صورت میں خلیج فارس میں زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبلز کو نشانہ بنانے کی ایران کی تیاری
-
جموں و کشمیر5 days agoجموں و کشمیر بی جے پی کی نیشنل کانفرنس میں پھوٹ کی پیش گوئی، کابینہ میں جموں کو نظرانداز کرنے پر عمر عبداللہ پر تنقید
-
جموں و کشمیر5 days agoجموں میں آتشزدگی: بی جے پی صدر کا متاثرین کو معاوضہ دلانے کا یقین
-
جموں و کشمیر1 week agoلداخ کی خاموشی کو ہتھیار ڈالنا نہ سمجھا جائے: کے ڈی اے کی مرکز کو تنبیہ
