ہندوستان
مودی نے زیلنسکی سے بات کی، کہا: یوکرین تنازع کے پرامن حل میں تعاون کے لیے ہندوستان تیار
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی سے فون پر بات چیت کی اور ایک بار پھر کہا کہ یوکرین تنازع کا حل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ہی نکالا جانا چاہیے۔
مسٹر مودی نے پرامن حل کی سمت میں کی جانے والی تمام کوششوں میں ہندوستان کی جانب سے تعاون دینے کی آمادگی بھی ظاہر کی۔
وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، بات چیت کے دوران صدر زیلنسکی نے تنازع سے متعلق حالیہ پیش رفت کے بارے میں اپنا موقف پیش کیا۔
مسٹر مودی نے ہندوستان کے انسانیت پر مرکوز نقطہ نظر کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ تنازع کا حل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور یوکرین کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
مرمو منگل کو سوچھ سرویکشن ایوارڈ پیش کریں گی، ‘سوچھ شہر جوڑی’ کو بھی ملیں گے انعامات
نئی دہلی، صدر جمہوریہ دروپدی مرمو منگل کو یہاں وگیان بھون میں سوچھ سرویکشن 2025-26 کے ایوارڈ پیش کریں گی، جن کے تحت ملک کے سب سے صاف ستھرے شہروں کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔
اس بار ‘سوچھ شہر جوڑی’ پہل کے تحت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شہروں کو بھی ایوارڈ دیے جائیں گے۔
وزارت برائے ہاؤسنگ اور شہری امور نے پیر کو بتایا کہ سوچھ بھارت مشن-شہری کے تحت منعقد ہونے والے سوچھ سرویکشن کا یہ دسواں ایڈیشن ہے۔ اس بار اس کا موضوع ‘صفائی ستھرائی کے نئے اقدامات، بڑھائیں ہاتھ، مل کر کریں صفائی’ رکھا گیا ہے۔ وزارت برائے ہاؤسنگ اور شہری امور کے شہری ترقیاتی محکمے کے تحت کیے گئے اس سروے میں ملک بھر کے 4,751 سے زیادہ شہروں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سال 2016 میں پہلے سروے میں 73 شہری بلدیاتی ادارے شامل تھے۔
اس بار سروے میں شہریوں کی رائے کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شہری دریاؤں کے کناروں، سمندری ساحلوں اور آبی ذخائر کو بھی جائزے میں شامل کیا گیا ہے۔ کھلے میں رفع حاجت اور پیشاب کی روک تھام، سیاحتی اور تاریخی مقامات کی صفائی اور اسکولوں میں صفائی سے متعلق عادات کو فروغ دینے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
شہری بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ 10 اہم شعبوں کے 43 پیمانوں کی بنیاد پر لیا گیا۔ ان میں کچرے کو علیحدہ علیحدہ جمع کرنا، اسے اٹھانا اور منتقل کرنا، ٹھوس کچرے کا انتظام، عوامی مقامات کی صفائی، صفائی ستھرائی کی سہولتیں، گندے پانی کا انتظام اور صفائی کارکنوں کی فلاح و بہبود شامل ہیں۔ شہریوں کی رائے اور شکایات کے ازالے کو بھی جائزے کا حصہ بنایا گیا۔ ملک بھر میں 3,000 سے زیادہ تربیت یافتہ جائزہ کاروں نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ پورے عمل کو ڈیجیٹل اور شفاف رکھا گیا اور جی پی ایس کے ذریعے نگرانی کی گئی۔
اس سال ‘سوچھ شہر جوڑی’ پہل کے تحت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شہروں کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا۔ اس پہل کے تحت 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 70 رہنما شہروں کو 191 معاون شہروں کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔ اس کا مقصد بہتر کارکردگی والے شہروں کے تجربات سے دوسرے شہروں میں کچرے کے انتظام اور صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ اس پہل کا آغاز گزشتہ سال ستمبر میں کیا گیا تھا۔
اس پہل کے تحت معاون شہروں کی کارکردگی میں بھی بہتری درج کی گئی ہے۔ سوچھ سرویکشن 2024 میں ان شہروں میں نظر آنے والی صفائی کی سطح 48 فیصد تھی، جو 2025-26 میں بڑھ کر 70 فیصد ہو گئی۔ گھر گھر سے کچرا جمع کرنے کی شرح 52 فیصد سے بڑھ کر 74 فیصد، کچرے کو اس کے منبع پر الگ کرنے کی شرح 16 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد اور صفائی کی سہولتوں تک رسائی 11 فیصد سے بڑھ کر 38 فیصد ہو گئی۔ اسی طرح گندے پانی کے انتظام میں کارکردگی 32 فیصد سے بڑھ کر 53 فیصد اور صفائی ستھرائی کے تئیں بیداری 48 فیصد سے بڑھ کر 66 فیصد تک پہنچ گئی۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
بحث کے بعد مودی سی آر پی ایف کے جوانوں کے سامنے کھڑے نہیں ہو پائیں گے: راہل
نئی دہلی، کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھ بحث کے بعد مسٹر مودی میں سی آر پی ایف کے کسی ایک بھی جوان کے سامنے کھڑے ہونے کی ہمت نہیں ہوگی۔
مسٹر گاندھی نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سی آر پی ایف کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے لکھا، ”آپ کے چہروں نے سب کچھ بیان کر دیا، آپ کو وزیر اعظم کے جھوٹ پر بھروسہ نہیں ہے۔”
انہوں نے کہا، ”انہوں نے ہمیں نکسل وادی قرار دیا۔ میرا چیلنج برقرار ہے۔ وہ مجھ سے بحث کریں کہ ملک کا غدار کون ہے اور کون غیر ملکی طاقتوں کے اشارے پر کام کر رہا ہے۔ کوئی بھی وقت، کسی بھی جگہ۔”
مسٹر گاندھی نے مزید لکھا، ”میری گارنٹی ہے کہ اس بحث کے بعد وزیر اعظم میں کسی ایک بھی جوان کے سامنے کھڑے ہونے کی ہمت نہیں ہوگی۔”
قابل ذکر ہے کہ مسٹر مودی نے اتوار کو چھتیس گڑھ کے بستر ضلع کے کرن پور میں واقع کوبرا آپریشنز بیس میں سی آر پی ایف اور دیگر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی تھی۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
گجرات کو 2028 تک منشیات سے پاک بنانے کا ہدف: شاہ
نئی دہلی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کا ہدف 31 دسمبر 2029 تک ملک کو منشیات سے پاک بنانا ہے، جبکہ گجرات کو اس سے ایک سال پہلے یعنی 31 دسمبر 2028 تک منشیات سے پاک بنانے کی ذمہ داری لینی ہوگی۔
مسٹر شاہ نے پیر کو احمد آباد میں منشیات کی فروخت اور استعمال سے متعلق اطلاع دینے کے لیے 1033 ہیلپ لائن نمبر جاری کرتے ہوئے کہا کہ اطلاع دینے والے کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر احمد آباد میں تقریباً 1,400 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا گیا۔ ان میں احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے تقریباً 1,024 کروڑ روپے اور گجرات حکومت و مرکزی حکومت کے اشتراک سے تقریباً 400 کروڑ روپے کے کام شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ شہریوں، اساتذہ اور والدین کی شمولیت بھی ضروری ہے۔ اساتذہ بچوں کے رویے میں تبدیلی نظر آنے پر ان کی جانچ کرائیں اور والدین سے رابطہ کریں۔ منشیات کی لت سے متاثرہ نوجوانوں کے علاج کے لیے نشہ چھڑانے کے مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔ ایسے نوجوانوں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔
مسٹر شاہ نے بتایا کہ آئندہ یکم دسمبر سے منشیات سے متعلق شکایات پر کارروائی کے لیے کنٹرول روم شروع کیا جائے گا۔ اطلاع موصول ہونے کے تین گھنٹے کے اندر کارروائی کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی نگر لوک سبھا حلقے میں گزشتہ سات برسوں کے دوران 25 ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں۔ راماپیر ٹیکرا میں جھگی جھونپڑیوں میں رہنے والوں کو پکے مکانات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد 55 ہزار سے زائد افراد کو ایک ہی کمپلیکس میں تعلیم، صحت، تفریح اور سماجی تحفظ کی سہولتیں حاصل ہوں گی۔
یواین آئی۔ ایف اے
-
دنیا6 days agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش نے پی ایم 2.5 کو صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا، فضائی آلودگی کے معیارات میں فوری ترمیم کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoاسرائیلی حکام کا انتخابی نتائج برقرار رکھنے کا اعلان، نیتن یاہو نے انتخابات کو ‘چوری’ قرار دیا
-
جموں و کشمیر1 week agoتاریگامی کا سی آئی ڈی تصدیقی عمل پر نظرثانی کا مطالبہ
-
ہندوستان1 week agoسونیا گاندھی نے لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی
-
دنیا6 days agoایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا
-
ہندوستان6 days agoڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
-
ہندوستان1 week agoتیرہ کروڑ ووٹوں کی چوری کا اپوزیشن کا دعویٰ بے بنیاد، ایس آئی آر پر راہل گاندھی غلط فہمی پھیلا رہے ہیں: سمبت پاترا
-
دنیا7 days agoامریکہ اور اسرائیل نے دوبارہ ایران پر بمباری کی تو تہران کا ردعمل کیا ہوگا
-
جموں و کشمیر6 days agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں میں دربار موو کے تحت سرکاری دفاتر نے کام شروع کیا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو گارڈ آف آنر پیش
-
دنیا6 days agoوسط مدتی انتخابات سے قبل ٹرمپ کی آخری انتخابی مہم، مہنگائی کے بجائے واشنگٹن کے تزئین و آرائش کے منصوبوں پر توجہ
