جموں و کشمیر
بانڈی پورہ میں رشوت خوری کے معاملے میں اے سی بی نے دیہی ترقیاتی محکمے کے اسسٹنٹ انجینئر اور ٹھیکیدار کو گرفتار کیا
سرینگر، جموں و کشمیر کے انسدادِ بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے جمعرات کو ضلع بانڈی پورہ میں دیہی ترقیاتی محکمے (آر ڈی ڈی) کے ایک اسسٹنٹ انجینئر اور ایک ٹھیکیدار کو مبینہ طور پر 8 ہزار روپے رشوت طلب کرنے اور قبول کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ رقم زیرِ التوا ترقیاتی کاموں کے بلوں کی ادائیگی منظور کرنے کے عوض طلب کی گئی تھی۔
گرفتار سرکاری ملازم کی شناخت محمد رفیع مون کے طور پر ہوئی ہے، جو آر ڈی ڈی کے بلاک آرین میں اسسٹنٹ انجینئر کے عہدے پر تعینات تھا۔ جبکہ ٹھیکیدار کی شناخت ہلال احمد میر کے طور پر کی گئی ہے، جو بانڈی پورہ کے گنڈپورہ، رام پورہ کا رہنے والا ہے۔
اے سی بی کے بیان کے مطابق، بارہمولہ میں واقع اے سی بی پولیس اسٹیشن کو ایک شکایت موصول ہوئی تھی، جس میں شکایت کنندہ نے الزام لگایا تھا کہ اس نے پی آر آئی اسکیم کے تحت حکومت کے پانچ ترقیاتی کام مکمل کیے تھے، لیکن اسسٹنٹ انجینئر محمد رفیع مون ان کاموں کے بلوں کی ادائیگی روک رہا تھا اور انہیں منظور کرنے کے لیے 11 ہزار روپے رشوت طلب کر رہا تھا۔
شکایت کے مطابق، بات چیت اور گفت و شنید کے بعد رشوت کی رقم کم کرکے 8 ہزار روپے کردی گئی۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ اس کی جانب سے رشوت دینے سے انکار کے باوجود افسر نے جان بوجھ کر اس کے زیرِ التوا بل روک رکھے تھے۔
شکایت موصول ہونے کے بعد اے سی بی نے خفیہ طور پر اس کی تصدیق کی۔ ابتدائی جانچ میں انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1988 کی دفعہ 7، جس میں 2018 میں ترمیم کی گئی تھی، کے تحت قابلِ دست اندازی جرم کے ارتکاب کا بادی النظر میں ثبوت ملا۔
اس کے بعد 12 نومبر کو اے سی بی پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں ایف آئی آر درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔
بعد ازاں بیورو نے آزاد گواہوں کی موجودگی میں ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی۔ کارروائی کے دوران اسسٹنٹ انجینئر اور ٹھیکیدار کو مبینہ طور پر 8 ہزار روپے رشوت طلب کرتے اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔
اے سی بی کے مطابق، رشوت کی رقم دونوں ملزمین کے قبضے سے برآمد کی گئی۔ بیورو نے مزید بتایا کہ جائے وقوعہ سے جمع کیے گئے دیگر شواہد سے بھی اس برآمدگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
دونوں ملزمین کو گرفتار کرکے حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
کشتواڑ میں ایس پی اوز کے قتل کے معاملے میں مطلوب تین دہشت گردوں کے پوسٹر جاری، گرفتاری میں مدد دینے پر 30 لاکھ روپے انعام کا اعلان
جموں، جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کشتواڑ میں دو اسپیشل پولیس آفیسرز (ایس پی اوز) کے قتل کے معاملے میں مطلوب تین دہشت گردوں کے پوسٹر جاری کیے ہیں۔ پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے قابل اعتماد اطلاع فراہم کرنے والے شخص کو مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق، مطلوب دہشت گردوں کی شناخت محمد امین عرف جہانگیر، ریاض احمد عرف حضری اور مدثر حسین کے طور پر کی گئی ہے۔
یہ اعلان جمعرات کی صبح دور افتادہ علاقہ دچھن میں لاپتہ ایس پی اوز ببّی چند اور رشپال کمار کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔
پولیس نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس مطلوب دہشت گردوں کی موجودہ جگہ یا ان کے ٹھکانے سے متعلق کوئی اطلاع ہو تو وہ ان فون نمبروں 9797900958 یا 1995357494 پر رابطہ کرکے پولیس کو مطلع کرے۔
پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اطلاع فراہم کرنے والے شخص کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
لداخ میں رواں سال کے 10 مہینوں میں سیاحوں کی آمد میں 65.9 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا
سری نگر، مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ میں 2026 کے پہلے دس مہینوں کے دوران سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے اس سال سیاحوں کی تعداد میں 65.90 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونے سکسینہ نے ان اعداد و شمار کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنوری اور اکتوبر 2026 کے درمیان تقریباً 4.91 لاکھ سیاحوں نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کا دورہ کیا، جبکہ پچھلے سال کی اسی مدت کے دوران یہ تعداد 2.96 لاکھ تھی۔ سیاحوں کی آمد میں یہ مثبت رجحان اکتوبر کے مہینے میں بھی جاری رہا۔ اکتوبر 2026 میں سیاحوں کی تعداد 30,623 تک پہنچ گئی جو اکتوبر 2025 میں 17,537 سیاحوں کے مقابلے میں 74.62 فیصد زیادہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ کے دوران سیاحوں کی آمد میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پچھلے سال انہی مہینوں کے مقابلے مئی میں 121 فی صد، جون میں 43 فی صد، جولائی میں 56 فی صد، اگست میں 65 فی صد اور ستمبر میں 61 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اس کامیابی کو وزیر اعظم نریندر مودی کے گھریلو سیاحت کو فروغ دینے کی کال اور مرکز کے زیر انتظام انتظامیہ کے ہدف بنائے گئے پالیسی اقدامات کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی کوششوں کا مقصد سیاحت کے شعبے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا، مقامی باشندوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور پائیدار معاش کو فروغ دینا ہے۔ ذمہ دارانہ سیاحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے مسافروں کو لداخ کا دورہ کرنے اور اس کی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی ورثے کا تجربہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
یو این آئی۔ الف الف۔م الف
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کا کشتواڑ میں ہلاک ہونے والے ایس پی اوز کو خراجِ عقیدت
جموں، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کشتواڑ میں دورانِ ڈیوٹی اپنی جان قربان کرنے والے جموں و کشمیر پولیس کے خصوصی پولیس افسران (ایس پی اوز) کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ”جموں و کشمیر پولیس کے بہادر اہلکاروں بابی چند اور رشپال کمار کی کشتواڑ میں دورانِ ڈیوٹی المناک ہلاکت پر مجھے گہرا دکھ پہنچا ہے۔ میں اس بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ان اہلکاروں کی بہادری، غیر متزلزل لگن اور ملک کے لیے بے لوث خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ منوج سنہا نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم ان کے ساتھ پوری یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یواین آئی۔ ط ا
-
دنیا1 week agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
دنیا1 week agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
دنیا1 week agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
جموں و کشمیر1 week agoامریکی سینیٹر کے انتخاب پر خوشی کے اظہار کے درمیان انجینئر رشید کی قید پر سیاسی رہنماؤں کی خاموشی: اے آئی پی
-
ہندوستان1 week ago2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا پہلا پڑاؤ اتراکھنڈ ہوگا: امت شاہ
-
ہندوستان1 week agoووٹ چوری کا دفاع نہیں کر سکتے، اسی لیے مودی راہل کا چیلنج قبول نہیں کر رہے: کانگریس
-
دنیا7 days agoوسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی جیت کے باعث امریکہ کو 3 لاکھ کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا: ٹرمپ
-
دنیا1 week agoزیلنسکی کو امید، امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت سے یوکرین کو مزید مدد ملے گی
-
دنیا1 week agoوسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ پر ریپبلکن پارٹی کا دباؤ بڑھ گیا
-
دنیا1 week agoاسرائیلی صدر ہرزوگ اتوار کو نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے امیدوار کا اعلان کریں گے
-
دنیا1 week agoپوتن نے ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری رضائی سے ملاقات کی
-
جموں و کشمیر1 week agoاے آئی آئی ایم ایس اونتی پورہ میں او پی ڈی خدمات دسمبر 2026 سے قبل شروع ہوں گی، داخل مریضوں کی خدمات جولائی 2027 سے متوقع
