ہندوستان
مہاراشٹر بجلی منصوبے کی لاگت میں 99 فیصد کمی کے معاملے کی جے پی سی سے جانچ کرائی جائے: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے مہاراشٹر میں پانی کو بلندی پر پمپ کرکے ذخیرہ کرنے اور ضرورت کے وقت اس سے بجلی پیدا کرنے والے 1500 میگاواٹ صلاحیت کے منصوبے کی لاگت 5,675 کروڑ روپے سے گھٹا کر 56.75 کروڑ روپے بتائے جانے کے دعوے پر سوال اٹھاتے ہوئے پورے معاملے کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) سے جانچ کرانے کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔
کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں مودی-اڈانی گروپ کی غیر معمولی توسیع مبینہ گھوٹالوں کی ایسی داستان رہی ہے، جس کے بارے میں تفصیلی دستاویزات سامنے آتی رہی ہیں۔ کانگریس مارچ 2023 سے ہی گروپ کی توسیع اور یکے بعد دیگرے کمپنیوں، صنعتوں اور عوامی اثاثوں کے حصول کی جانچ کے لیے جے پی سی تشکیل دینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ ایک بڑے روزنامہ اخبار میں شائع ہونے والے نئے انکشاف کے مطابق مہاراشٹر میں 1500 میگاواٹ کے پمپڈ اسٹوریج بجلی منصوبے کی لاگت، جو گزشتہ سال 5,675 کروڑ روپے منظور کی گئی تھی، اب ایک حلف نامے میں 56.75 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لاگت میں 99 فیصد کی کمی ہے۔
کانگریس لیڈر نے اسے ناقابل یقین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مودی-اڈانی گروپ سے جڑا ایک اور ایسا معاملہ ہے جس میں مبینہ طور پر جواب دہی سے بچ نکلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے اسے بڑے پیمانے پر گھوٹالے کا اشارہ قرار دیتے ہوئے گروپ کے کام کاج کی جانچ کے لیے جے پی سی تشکیل دینے کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
مودی نے ‘کاسموس’ کے ذریعے میسورو کو لداخ سے جوڑا، حقیقی وقت میں فلکیاتی مشاہدات پیش کیے
میسورو، وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو یہاں ہندوستان کے پہلے ایل ای ڈی ڈوم پلانیٹیریم ‘کاسموس’ کا افتتاح کیا اور لداخ کی ہانلے آبزرویٹری میں موجود ایسٹرو ایمبیسیڈرز اور سائنس دانوں کے ساتھ ورچوئل طور پر بات چیت کی۔ اس طرح انہوں نے حقیقی وقت میں سائنسی رابطے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا اور جنوبی ہندوستان کے طلبہ اور فلکیات کے شائقین کو لداخ کے رات کے آسمان سے مزید قریب کر دیا۔
اس بات چیت میں اس جدید ترین سہولت کی ایک اہم خصوصیت سامنے آئی۔ اس کے ذریعے فلکیاتی رصدگاہوں سے منسلک ہو کر حقیقی وقت کے مشاہدات اور سائنسی اعداد و شمار کو ایسے تعلیمی ماحول میں دستیاب کرایا جا سکتا ہے، جہاں ناظرین ان کا براہ راست تجربہ کر سکیں گے۔ اس طرح جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جغرافیائی فاصلے بھی کم ہوں گے۔
تقریباً 115 کروڑ روپے کی تخمینی لاگت سے تعمیر کیے گئے اس پلانیٹیریم کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر مودی نے دیکھا کہ کس طرح یہ سہولت میسورو کے ناظرین کو لداخ کے سرد صحرائی علاقے میں واقع ہانلے کے محققین اور فلکیات کے شائقین سے جوڑ سکتی ہے۔ ہانلے اپنی فلکیاتی مشاہداتی سہولتوں کے لیے مشہور ہے۔
اس مظاہرے سے یہ بھی اشارہ ملا کہ ‘کاسموس’ روایتی پلانیٹیریم سے آگے بڑھ کر ایک ایسے باہمی رابطے کے پلیٹ فارم کے طور پر ترقی کر سکتا ہے، جو طلبہ، محققین اور سائنس دانوں کو ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی فلکیاتی سرگرمیوں اور مشاہدات سے جوڑے گا۔
اس پلانیٹیریم میں 6,000 سے زیادہ مربوط ایل ای ڈی پینل نصب کیے گئے ہیں۔ اس کا گنبد ایک وسیع ڈیجیٹل اسکرین کے طور پر کام کرتا ہے، جس پر 8 کے تک کے اعلیٰ ریزولوشن میں فلکیاتی مناظر کا جیتا جاگتا تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ پروجیکٹر پر انحصار کرنے والے روایتی پلانیٹیریم کے برعکس، ایل ای ڈی پر مبنی اس نظام میں زیادہ واضح تصاویر، زیادہ چمک، بہتر رنگ اور زیادہ نمایاں کنٹراسٹ حاصل ہوتا ہے۔
اس پلانیٹیریم کی حقیقی وقت میں رابطہ قائم کرنے کی سہولت کے ذریعے دوربینوں سے حاصل ہونے والے فلکیاتی اعداد و شمار اور مشاہدات کو پیشکشوں میں شامل کیا جا سکے گا۔ اس سے طلبہ اور ناظرین کو پہلے سے ریکارڈ کیے گئے پروگراموں کے علاوہ خلائی سائنس کے میدان میں ہونے والی نئی پیش رفت کا براہ راست تجربہ کرنے کا موقع ملے گا۔
اس سہولت سے فلکیات کی تعلیم، تحقیق اور سائنسی معلومات کے فروغ کو تقویت ملنے کی امید ہے، خاص طور پر نوجوانوں کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔ یہ ایسے وقت میں اہم ہے جب ہندوستان چندریان، منگلیان اور گگنیان جیسے مشنوں کے ذریعے اپنے خلائی پروگرام کو وسعت دے رہا ہے۔
کنڑ، ہندی اور انگریزی میں پیشہ ورانہ طور پر تیار کیے گئے پروگراموں کے ذریعے ‘کاسموس’ فلکیات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائے گا۔ اس کے اسکائی تھیٹر میں ناظرین بگ بینگ، کہکشاؤں، ستاروں اور سیاروں کی تشکیل، نظام شمسی اور کائنات کے دیگر واقعات کی دلچسپ اور جاندار سیر کا تجربہ کر سکیں گے۔
اس احاطے میں ایک باہمی رابطے پر مبنی نمائشی ہال بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس میں فلکیاتی آلات، جنتر منتر کے نمونے، مصنوعی سیاروں کے ماڈلز اور ہندوستان کی خلائی اور فلکیاتی صلاحیتوں کی ترقی کو ظاہر کرنے والی نمائشیں شامل ہیں۔
فلکیات کی تعلیم، خصوصی تربیت، سائنسی معلومات کے فروغ اور تحقیق کو بڑھاوا دینے کے لیے یہاں ایک اوپن تھیٹر ، لیکچر ہال اور خصوصی تربیتی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔ تقریباً 115 کروڑ روپے کی تخمینی لاگت والے اس منصوبے کا آغاز سال 2022 میں ہوا تھا۔ اس وقت مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اس کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ سال 2023 میں پلانیٹیریم کے لیے خصوصی ایل ای ڈی آلات کا آرڈر دیا گیا، جس کے بعد عمارت کی تعمیر اور بیرون ملک سے منگوائے گئے جدید ترین آلات کی تنصیب کا کام کیا گیا۔
‘ہمارا گھر، ہماری کائنات’ کے موضوع پر مبنی یہ پلانیٹیریم سائنس کی تعلیم اور سیاحت کا ایک اہم مرکز بننے کی امید ہے۔ یہاں کرناٹک سمیت ملک بھر سے طلبہ، محققین اور سیاح آ سکیں گے۔ میسورو کی یہ سہولت جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور حقیقی وقت میں فلکیاتی رصدگاہوں سے رابطے کے نظام کو یکجا کرکے ہندوستان میں مستقبل میں قائم ہونے والے پلانیٹیریم کے لیے بھی ایک معیار قائم کر سکتی ہے۔ اس موقع پر کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار بھی موجود تھے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
آمنے سامنے کی بحث کے بعد مودی وزیراعظم نہیں رہ پائیں گے: راہل
نئی دہلی، کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر آمنے سامنے کی بحث کا چیلنج دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اگر مسٹر مودی ان کے ساتھ بحث کے لیے سامنے آتے ہیں تو اس کے بعد وہ وزیراعظم نہیں رہ پائیں گے۔
مسٹر گاندھی نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پارلیمنٹ میں بحث کی بات کر رہی ہے، لیکن جب بھی انہوں نے پارلیمنٹ میں بحث کرنے کی کوشش کی، ان کا مائیک بند کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسان بل، ووٹ چوری، خصوصی تفصیلی نظرثانی (ایس آئی آر)، چین، جنرل نرونے کی کتاب اور ایپسٹین کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بات نہیں کرنے دی گئی۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ وہ تقریروں والی بحث نہیں چاہتے بلکہ وزیراعظم کے ساتھ آمنے سامنے کی بحث چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک میز کے ایک طرف مسٹر مودی اور دوسری طرف وہ خود بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ان پر الزامات لگا رہے ہیں اور وہ بھی وزیراعظم پر الزامات لگانا چاہتے ہیں۔
مسٹر گاندھی نے کہا، ”آپ ادھر اڈانی جی کو جج بنانا چاہتے ہو، موہن بھاگوت کو بنانا چاہتے ہو، وہ سب ٹھیک ہے، مگر میں گارنٹی دے رہا ہوں کہ ون آن ون ڈبیٹ کے بعد وزیراعظم، وزیراعظم نہیں رہ پائیں گے۔”
یواین آئی۔ایف اے
ہندوستان
مودی نے چھٹھ پوجا کی مبارکباد دی، چھٹھی مئیا سے آشیرواد کی پرارتھنا کی
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو 4 روزہ چھٹھ مہاپرو کے آغاز پر ملک کے عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے روایتی رسم و رواج پر عمل کرنے والے عقیدت مندوں کو نمن کیا اور سب کے لیے چھٹھی مئیا سے آشیرواد کی پرارتھنا کی۔
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پیغام میں چھٹھ کو عوامی عقیدت سے وابستہ ایک مقدس تہوار قرار دیا، جو سورج دیوتا کی پوجا کے لیے وقف ہے۔ انہوں نے سخت مذہبی اصولوں پر عمل کرنے والے تمام لوگوں کو بھی نیک خواہشات پیش کیں۔
وزیر اعظم نے کہاکہ ”عوامی عقیدت اور سورج کی پوجا کے لیے وقف 4 روزہ مقدس مہاپرو چھٹھ کے آغاز پر تمام ملک کے باشندوں کو دلی مبارکباد۔ آج ‘نہائے کھائے’ ہے۔ ورت رکھنے والے تمام لوگوں کو میرا نمن۔ میں پرارتھنا کرتا ہوں کہ چھٹھی مئیا سب پر اپنا آشیرواد برقرار رکھیں۔”
اس مہاپرو کا آغاز ‘نہائے کھائے’ کے ساتھ ہوا ہے۔ یہ 4 روزہ تہوار کا پہلا دن ہے، جس میں عقیدت مند پوتر اسنان کرتے ہیں، اپنے گھروں کی صفائی کرتے ہیں اور روایتی کھانا تیار کرتے ہیں۔ وہ پوری عقیدت، پاکیزگی اور نظم و ضبط کے ساتھ اس ورت کا آغاز کرتے ہیں۔
اس مہاپرو کا اختتام ‘اوشا ارگھ’ کے ساتھ ہوگا، جب عقیدت مند طلوع آفتاب کے وقت سورج کو ارگھ پیش کریں گے۔
بہار، جھارکھنڈ اور مشرقی اتر پردیش کے اہم ترین تہواروں میں شامل چھٹھ اب اپنی روایتی جغرافیائی حدود سے باہر نکل چکا ہے۔ آج یہ ملک کے کئی دیگر حصوں اور بیرون ملک رہنے والی ہندوستانی برادریوں کی جانب سے بھی پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔
سورج دیوتا اور چھٹھی مئیا کے لیے وقف اس تہوار کی خاص بات سخت ورت، پوتر اسنان اور ڈوبتے اور طلوع ہوتے سورج کو ارگھ پیش کرنا ہے۔
عقیدت مند، جنہیں ‘ورتی’ کہا جاتا ہے، سخت ورت رکھتے ہیں اور مقررہ رسم و رواج ادا کرنے کے لیے دریاؤں کے کنارے، تالابوں اور دیگر آبی ذخائر کے قریب جمع ہوتے ہیں۔
یو این آئی۔ این یو۔
-
دنیا1 week agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
دنیا1 week agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
دنیا1 week agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
جموں و کشمیر1 week agoامریکی سینیٹر کے انتخاب پر خوشی کے اظہار کے درمیان انجینئر رشید کی قید پر سیاسی رہنماؤں کی خاموشی: اے آئی پی
-
ہندوستان1 week ago2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا پہلا پڑاؤ اتراکھنڈ ہوگا: امت شاہ
-
ہندوستان1 week agoووٹ چوری کا دفاع نہیں کر سکتے، اسی لیے مودی راہل کا چیلنج قبول نہیں کر رہے: کانگریس
-
دنیا7 days agoوسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی جیت کے باعث امریکہ کو 3 لاکھ کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا: ٹرمپ
-
دنیا1 week agoزیلنسکی کو امید، امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت سے یوکرین کو مزید مدد ملے گی
-
دنیا1 week agoوسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ پر ریپبلکن پارٹی کا دباؤ بڑھ گیا
-
دنیا1 week agoاسرائیلی صدر ہرزوگ اتوار کو نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے امیدوار کا اعلان کریں گے
-
دنیا1 week agoپوتن نے ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری رضائی سے ملاقات کی
-
جموں و کشمیر1 week agoاے آئی آئی ایم ایس اونتی پورہ میں او پی ڈی خدمات دسمبر 2026 سے قبل شروع ہوں گی، داخل مریضوں کی خدمات جولائی 2027 سے متوقع
