دنیا
ایران پر ممکنہ حملے کے خدشات، اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کا اتوار کو اجلاس طلب
تل ابیب، اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کی کوششوں کے درمیان وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو اقتدار برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی دوران قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں کہ اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کے اتوار کو ہونے والے اجلاس میں ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹوں کے مطابق سکیورٹی کابینہ کا اجلاس 5 اکتوبر کے بعد پہلی بار ہوگا۔ اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے ‘کان’ نے بتایا کہ نیتن یاہو حکومت نے فوج کو ایران پر ممکنہ حملے اور وسیع تر فوجی تصادم کے پیش نظر تیاریوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔
دوسری جانب گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو سے اپیل کی ہے کہ نگران حکومت کے دور میں غیر ضروری فوجی کارروائیوں سے گریز کیا جائے۔ وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو پارلیمنٹ (کنیسٹ) کا اعتماد حاصل نہیں ہے اور صرف 46 ارکان پارلیمنٹ نیتن یاہو کی قیادت کی حمایت کر رہے ہیں۔
نیتن یاہو کے دفتر نے آئزن کوٹ کے خط کو ‘غیر ذمہ دارانہ اقدام’ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ قومی سلامتی کے معاملات کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں۔ تاہم آئزن کوٹ نے سوال اٹھایا کہ انہیں معمول کی آپریشنل سکیورٹی بریفنگ دینے سے انکار کیوں کیا گیا اور کنیسٹ کی خارجہ امور و دفاعی کمیٹی کا اجلاس مبینہ طور پر اگلے ہفتے تک کیوں ملتوی کیا گیا۔
آئزن کوٹ نے کہا کہ وہ ایسی حکومت کی نگرانی میں خلا پیدا نہیں ہونے دیں گے جس نے پارلیمنٹ کا اعتماد کھو دیا ہے۔ انہوں نے اٹارنی جنرل گالی بہاراو میارا سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے نیتن یاہو سے باقاعدہ، منظم اور جامع سکیورٹی بریفنگز کے ساتھ انٹیلی جنس جائزوں تک رسائی دلانے کا مطالبہ کیا۔ ‘ٹائمز آف اسرائیل’ کے مطابق آئزن کوٹ کا کہنا ہے کہ قانون کے تحت اس وقت کوئی باضابطہ اپوزیشن رہنما موجود نہیں ہے اور صدر اسحاق ہرزوگ نے انہیں حکومت بنانے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
اپوزیشن کو خدشہ ہے کہ نیتن یاہو ایران کے ساتھ فوجی تصادم کو ہنگامی حالت کے اعلان کے لیے استعمال کر سکتے ہیں، جس سے قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دینے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ اس صورت میں نیتن یاہو اور آئزن کوٹ ایک ہی حکومتی اتحاد میں شامل ہو سکتے ہیں، جس کی آئزن کوٹ مخالفت کرتے ہیں۔ یہ خدشات اس وقت مزید بڑھے جب نیتن یاہو نے کنیسٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اتحاد کی حکومت کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔
دفاعی وزیر اسرائیل کاٹز نے بھی نگران حکومت کے فوجی کارروائیوں کے اختیارات کا دفاع کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کو فوجی کارروائیوں کی ہدایت دینے کے لیے حکومت کو اپوزیشن یا دیگر سیاسی شخصیات کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کے مطابق اس میں غزہ میں ٹارگٹڈ کارروائیاں، لبنان پر حملے اور شام و مغربی کنارے میں سکیورٹی آپریشن بھی شامل ہیں۔
ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے بارے میں کاٹز نے کہا کہ اسرائیل نے فوج کے ساتھ رابطے میں عزم اور دانش مندی کا مظاہرہ کیا ہے اور حالات کے مطابق کارروائی جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی سلامتی سیاسی عمل کے انتظار میں نہیں رہ سکتی۔ کاٹز کے مطابق نیتن یاہو بدستور وزیراعظم ہیں اور بطور وزیر دفاع انہیں فوج کی قیادت کی ذمہ داری حاصل ہے، تاہم یہ اختیارات طے شدہ نگرانی کے نظام کے تابع ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی قانون نگران حکومت کو فوجی کارروائیاں شروع کرنے سے مخصوص طور پر نہیں روکتا، تاہم بڑے فوجی فیصلوں کے لیے نیتن یاہو کی سربراہی میں سکیورٹی کابینہ کی منظوری ضروری ہوتی ہے۔
یو این آئی۔ م ع
دنیا
جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کی صورتحال پہلے جیسی نہیں رہے گی: قالیباف
تہران، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کی صورتحال پہلے جیسی نہیں رہے گی۔ ان کے مطابق ایران اور عمان اس اہم بحری گزرگاہ کی نگرانی کے حوالے سے ایک نئی مفاہمت پر پہنچ چکے ہیں۔
قطری ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے قالیباف نے دعویٰ کیا کہ امریکی حکام نے ماسکو کے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے آٹھ ماہ سے جاری تنازع ختم کرنے کے لیے قطر کے ذریعے امریکہ کو سات نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے اور اب تہران واشنگٹن کے جواب کا منتظر ہے۔ ان کے مطابق اب فیصلہ امریکہ کے ہاتھ میں ہے۔
قالیباف نے بتایا کہ مجوزہ منصوبے میں امریکی بحری ناکہ بندی اور اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ، ایران کے منجمد اثاثوں کی واپسی، تمام محاذوں پر جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ طے شدہ نکات کی پابندی کرے اور ایسے مطالبات سے گریز کرے جن سے بداعتمادی بڑھے تو معاہدہ ممکن ہے، تاہم ایران کو اب بھی امریکی حکومت پر اعتماد نہیں ہے۔
آبنائے ہرمز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ اہم آبی گزرگاہ جنگ سے پہلے والی صورتحال میں واپس نہیں آئے گی اور ایران و عمان اس کی نگرانی کے لیے نئے انتظام پر متفق ہو چکے ہیں۔
ایرانی اسپیکر نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کی تو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یمن کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ کسی بیرونی فریق کو وہاں کے تنازع میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق اگر سعودی عرب اور یمن کی حکومت دونوں ایران سے مدد طلب کریں تو تہران تنازع کے حل کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہے۔
قالیباف کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کی صورت حال پر سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم ایرانی امن منصوبے اور ایران و عمان کے درمیان نئی مفاہمت کی تفصیلات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
یو این آئی۔ م ع
دنیا
جی 7 ممالک کا ایران سے آئی اے ای اے کے ساتھ دوبارہ تعاون شروع کرنے کا مطالبہ
واشنگٹن، جی 7 ممالک نے ایران سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ دوبارہ تعاون شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایران کے خلاف بین الاقوامی پابندیوں کے ‘اسنیپ بیک میکانزم’ کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
جون 2025 میں ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد ایران نے آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون اور جوہری تنصیبات تک رسائی محدود کر دی تھی۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس ادارے کے ساتھ تعاون سے متعلق تمام فیصلے اس کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کرتی ہے۔
بدھ کو جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیاکہ ”ہم نے ایران سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی ادائیگی دوبارہ شروع کرے۔ خاص طور پر وہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ مکمل تعاون کرے، تاکہ اس کے جوہری پروگرام کی نوعیت کے بارے میں شفافیت بحال ہو سکے۔”
بیان میں مزید کہا گیا کہ ان ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تمام متعلقہ قراردادوں اور ان پابندیوں کو پوری طرح نافذ کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے، جنہیں ستمبر 2025 میں ‘اسنیپ بیک میکانزم’ کے ذریعے دوبارہ نافذ کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ جی 7 ممالک نے ایران سے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ آمد و رفت یقینی بنانے کو کہا ہے۔ انہوں نے اس آبی راستے کو کھلا رکھنے کے لیے فرانس اور برطانیہ کی جانب سے اتحاد قائم کرنے کی پہل کی بھی حمایت کی ہے۔
انہوں نے ایران سے یہ بھی کہا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ تنازع میں یمن کی ‘انصار اللہ’ تحریک (جسے ‘حوثی’ بھی کہا جاتا ہے) کی حمایت بند کرے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایران پر دوسرے ممالک پر حملے کرنے کا الزام عائد کیا، جس میں مبینہ طور پر برطانیہ کے ‘آر اے ایف فیئر فورڈ’ پر کیا گیا حملہ بھی شامل ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
دنیا
ٹرمپ ایران پر 93 فیصد نہیں بلکہ مکمل فتح حاصل کرنا چاہتے ہیں
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ امریکہ ایران کے خلاف 93 فیصد نہیں بلکہ مکمل فتح حاصل کرے۔
ٹرمپ نے ویٹرنز ڈے (سابق فوجیوں کے دن) کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں کہاکہ”ہم جیت چکے ہیں۔
ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہمیں 93 فیصد نہیں بلکہ مکمل فتح حاصل ہو۔”
ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ امریکہ کو ایران میں مزید کسی چیز کو تباہ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ ”ہم نے ایران میں جو کچھ تباہ کیا ہے، اسے دوبارہ تعمیر کرنے میں اسے 25 سال لگ جائیں گے۔ امید ہے کہ ہمیں اس ملک میں مزید کچھ تباہ نہیں کرنا پڑے گا۔”
28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران میں مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنانا شروع کیا تھا، جس کے جواب میں اسلامی جمہوریہ ایران نے بھی جوابی کارروائی کی تھی۔ جون کے وسط میں تہران اور واشنگٹن نے جنگ بندی کے مقصد سے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے تھے، لیکن اس کے کچھ ہی عرصے بعد دونوں جانب سے ایک بار پھر حملے شروع ہوگئے۔ فی الحال یہ تنازع حل نہیں ہو سکا ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
-
دنیا1 week agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
دنیا1 week agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
دنیا1 week agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
دنیا1 week agoامریکی انتخابات کے نتائج کے بعد اسرائیلی سیاست دانوں نے زور دیا کہ نیتن یاہو بطور وزیرِاعظم اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے
-
ہندوستان6 days ago2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا پہلا پڑاؤ اتراکھنڈ ہوگا: امت شاہ
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر پولیس نے 11 ڈمپر ضبط کیے، کانکنی مافیا کے خلاف مقدمہ درج، کٹھوعہ میں ایک شخص گرفتار
-
ہندوستان1 week agoریلوے نے اکتوبر میں مال برداری کا نیا ریکارڈ قائم کیا
-
جموں و کشمیر6 days agoامریکی سینیٹر کے انتخاب پر خوشی کے اظہار کے درمیان انجینئر رشید کی قید پر سیاسی رہنماؤں کی خاموشی: اے آئی پی
-
جموں و کشمیر1 week agoلداخ انتظامیہ نے وانگچک کی اہلیہ اور ایچ آئی اے ایل کی بانی انگو کو کلاسیں شروع کرنے سے روک دیا
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں: نئی قانون ساز اسمبلی کی عمارت: وزیر اعلیٰ نے تعمیراتی کام مقررہ وقت پر مکمل کرنے پر زور دیا
-
دنیا5 days agoوسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی جیت کے باعث امریکہ کو 3 لاکھ کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا: ٹرمپ
-
دنیا1 week agoایران سعودی عرب کے ساتھ بات چیت جاری، غیر ملکی افواج کے بغیر علاقائی سلامتی کا نظام قائم کرنے کا خواہاں: عراقچی
