جموں و کشمیر
بارہمولہ کے جنگلات میں دو دستی بم برآمد، ایک مشتبہ شخص گرفتار
سرینگر، جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے بڈَرکوٹ جنگلاتی علاقے میں دہشت گردی مخالف مشترکہ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے دو دستی بم برآمد کیے ہیں۔ پولیس نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی بارہمولہ پولیس، بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف)، فوج کی دوسری راشٹریہ رائفلز اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے مشترکہ طور پر انجام دی۔
گرفتار کیے گئے مشتبہ شخص کی شناخت بڈَرکوٹ، ٹنگمرگ کے رہنے والے غلام جیلانی ریشی کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تلاشی کے دوران ایک دستی بم اس کے قبضے سے برآمد ہوا۔ اس کی نشاندہی پر بعد میں جنگل میں چھپایا گیا ایک اور دستی بم بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق اس سلسلے میں ٹنگمرگ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیش کے دوران برآمد کیے گئے دھماکہ خیز مواد کے ذرائع، اس کے ممکنہ استعمال اور اس معاملے میں کسی دوسرے شخص یا تنظیم کے ساتھ مشتبہ روابط کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
فاروق عبداللہ کی پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی وکالت، امن کی بحالی کے لیے ہندوستان کو ‘بڑے بھائی’ کا کردار ادا کرنا چاہیے
جموں، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن کی بحالی کے لیے ہندوستان کو ‘بڑے بھائی’ کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے گزشتہ دو دنوں کے دوران جموں و کشمیر میں پیش آئے دہشت گردی سے متعلق دو واقعات کے پس منظر میں پاکستان کے ساتھ بات چیت کی وکالت کی۔
ڈاکٹر عبداللہ نے یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ”انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ دہشت گردی کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔”
انہوں نے کہاکہ ”مجھے یہ کہتے ہوئے افسوس ہوتا ہے کہ دہلی میں ہر روز یہ دعویٰ کرنے والے کہ دہشت گردی ختم ہوچکی ہے، انہیں یاد دلانا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی اب بھی موجود ہے اور ہمیں اسے ختم کرنے کے طریقے تلاش کرنے ہوں گے۔”
ان کا یہ بیان کولگام میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر دہشت گردانہ حملے اور گزشتہ دو دنوں کے دوران ضلع کشتواڑ میں دو اسپیشل پولیس آفیسرز (ایس پی اوز) کے پُراسرار قتل کے واقعات کے بعد سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”دہشت گردی اب بھی موجود ہے اور کون جانتا ہے کہ اگلا حملہ کہاں ہوگا؟” اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ ”کشمیر ہندوستان کا حصہ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، چاہے وہ کچھ بھی کرنے کی کوشش کریں۔”
پاکستان سے متعلق اپنے حالیہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان کی بات کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسائل جنگ کے ذریعے حل نہیں کیے جاسکتے۔
انہوں نے کہاکہ ”آپ نے ایران اور امریکہ کے درمیان صورتحال دیکھی ہے، آپ نے دیکھا کہ یوکرین کس طرح تباہ ہوا ہے اور اب تینوں صدور کوئی راستہ نکالنے کے لیے ملاقات کر رہے ہیں۔ مسائل جنگ سے حل نہیں ہوتے بلکہ صرف بات چیت کے ذریعے ہی ان کا حل ممکن ہے۔”
فاروق عبداللہ نے کہاکہ ”میں ہمیشہ پاکستان سے کہتا ہوں کہ وہ دہشت گردی بند کرے اور مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔”
انہوں نے مزید کہاکہ ”ہٹلر کے دور میں جرمنی نے پورے یورپ کو تباہ کردیا تھا، لیکن آج وہی یورپ متحد ہوچکا ہے۔”
اندرا گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ”اندرا گاندھی نے سارک کی بنیاد رکھی تھی اور ایک راستہ دکھایا تھا۔ ہمیں بھی ایک ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرنی ہوگی اور ہندوستان کو بڑے بھائی کا کردار ادا کرنا ہوگا۔”
یواین آئی۔ ظا
جموں و کشمیر
کشتواڑ کے دچھن علاقے میں لاپتہ ایس پی اوز کی گولیاں لگی لاشیں برآمد
جموں، جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ علاقے دچھن میں بدھ کی صبح سکیورٹی فورسز نے دو لاپتہ اسپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کی لاشیں برآمد کی ہیں۔ دونوں اہلکاروں کی لاشوں پر گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ایس پی اوز کی شناخت بابی چند (57) اور رشپال کمار (45) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں کی لاشیں دچھن کے ایک دور افتادہ علاقے سے ملی ہیں۔
حکام کے مطابق، دونوں پولیس اہلکار دچھن کے کیار گاؤں میں اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے ساتھ تعینات تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں اہلکار گزشتہ شام اپنے کیمپ سے فوجی چوکی کی جانب سفر کے دوران لاپتہ ہوگئے تھے۔ ان کی تلاش شروع کی گئی تھی، جس کے بعد بدھ کی صبح ان کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں۔
سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ دونوں ہلاک شدہ اہلکاروں کی سروس رائفلیں بھی جائے وقوعہ سے غائب ہیں۔
اس پہلو کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ دونوں اہلکاروں کو کس نے اور کن حالات میں قتل کیا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 19 اکتوبر کو بھی جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کشتواڑ میں ایک ایس پی او کے لاپتہ ہونے اور اس کے قتل کے معاملے کو حل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق، 15 اکتوبر کو ایس پی او بشیر احمد پولیس پکّٹ تریگام سے اپنی سروس رائفل سمیت لاپتہ ہوگئے تھے۔ اگلے روز پولیس نے ان کی تلاش کے لیے مہم شروع کی، جس کے دوران پہلے ان کی سروس رائفل برآمد ہوئی اور بعد ازاں ان کی لاش بھی ملی۔
بشیر احمد کی لاش تریگام جنگلات کے علاقے سرن وانی میں ایک نالے کے قریب گڈھے سے برآمد ہوئی تھی، جہاں اسے دفن کیا گیا تھا۔
تازہ واقعے کے بعد کشتواڑ کے دور افتادہ علاقوں میں سکیورٹی اور تلاشی کارروائیوں کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ پولیس نے دونوں ایس پی اوز کے قتل کے پس منظر اور ان کی سروس رائفلوں کی گمشدگی کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
کولگام حملے کے مقام کا دورہ کرے گی این آئی اے کی ٹیم
سری نگر، قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک ٹیم جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں سی آر پی ایف کی چوکی پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے مقام کا دورہ کرسکتی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، ٹیم جائے وقوعہ سے نمونے جمع کرنے اور فارنسک شواہد کا جائزہ لینے کے لیے وہاں پہنچے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کی ٹیم میر بازار کے قریب اکھرن علاقے کا دورہ کرے گی، جہاں بدھ کی دوپہر دہشت گردوں نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی تھی۔ حملے میں سی آر پی ایف کے تین اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ ابتدائی اندازے کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد دو سے تین کے درمیان تھی۔
حکام کے مطابق، فائرنگ کا واقعہ بدھ کی دوپہر تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ دہشت گردوں نے اچانک سی آر پی ایف اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ شروع کردی، جس کے جواب میں فورس کے جوانوں نے بھی جوابی کارروائی کی۔ سی آر پی ایف کی جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی اور محاصرہ مہم شروع کردی گئی ہے۔ سکیورٹی فورسز حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے مختلف مقامات پر تلاشی لے رہی ہیں۔ علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی نگرانی سخت کردی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، این آئی اے کی ٹیم جائے وقوعہ سے فارنسک نمونے اور دیگر اہم شواہد جمع کرے گی، تاکہ حملے کی نوعیت، اس میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں اور حملہ آوروں کی شناخت کے سلسلے میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جاسکے۔
ادھر پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں اس حملے میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک مقامی عسکریت پسند کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم، حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور ان کے ممکنہ نیٹ ورک کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔
یواین آئی۔ ظ ا
-
دنیا1 week agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
دنیا1 week agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
دنیا1 week agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
دنیا1 week agoامریکی انتخابات کے نتائج کے بعد اسرائیلی سیاست دانوں نے زور دیا کہ نیتن یاہو بطور وزیرِاعظم اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے
-
ہندوستان6 days ago2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا پہلا پڑاؤ اتراکھنڈ ہوگا: امت شاہ
-
ہندوستان1 week agoریلوے نے اکتوبر میں مال برداری کا نیا ریکارڈ قائم کیا
-
جموں و کشمیر6 days agoامریکی سینیٹر کے انتخاب پر خوشی کے اظہار کے درمیان انجینئر رشید کی قید پر سیاسی رہنماؤں کی خاموشی: اے آئی پی
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر پولیس نے 11 ڈمپر ضبط کیے، کانکنی مافیا کے خلاف مقدمہ درج، کٹھوعہ میں ایک شخص گرفتار
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں: نئی قانون ساز اسمبلی کی عمارت: وزیر اعلیٰ نے تعمیراتی کام مقررہ وقت پر مکمل کرنے پر زور دیا
-
دنیا1 week agoزیلنسکی کو امید، امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت سے یوکرین کو مزید مدد ملے گی
-
جموں و کشمیر1 week agoلداخ انتظامیہ نے وانگچک کی اہلیہ اور ایچ آئی اے ایل کی بانی انگو کو کلاسیں شروع کرنے سے روک دیا
-
دنیا5 days agoوسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی جیت کے باعث امریکہ کو 3 لاکھ کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا: ٹرمپ
