جموں و کشمیر
کشتواڑ کے دچھن علاقے میں لاپتہ ایس پی اوز کی گولیاں لگی لاشیں برآمد
جموں، جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ علاقے دچھن میں بدھ کی صبح سکیورٹی فورسز نے دو لاپتہ اسپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کی لاشیں برآمد کی ہیں۔ دونوں اہلکاروں کی لاشوں پر گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ایس پی اوز کی شناخت بابی چند (57) اور رشپال کمار (45) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں کی لاشیں دچھن کے ایک دور افتادہ علاقے سے ملی ہیں۔
حکام کے مطابق، دونوں پولیس اہلکار دچھن کے کیار گاؤں میں اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے ساتھ تعینات تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں اہلکار گزشتہ شام اپنے کیمپ سے فوجی چوکی کی جانب سفر کے دوران لاپتہ ہوگئے تھے۔ ان کی تلاش شروع کی گئی تھی، جس کے بعد بدھ کی صبح ان کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں۔
سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ دونوں ہلاک شدہ اہلکاروں کی سروس رائفلیں بھی جائے وقوعہ سے غائب ہیں۔
اس پہلو کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ دونوں اہلکاروں کو کس نے اور کن حالات میں قتل کیا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 19 اکتوبر کو بھی جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کشتواڑ میں ایک ایس پی او کے لاپتہ ہونے اور اس کے قتل کے معاملے کو حل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق، 15 اکتوبر کو ایس پی او بشیر احمد پولیس پکّٹ تریگام سے اپنی سروس رائفل سمیت لاپتہ ہوگئے تھے۔ اگلے روز پولیس نے ان کی تلاش کے لیے مہم شروع کی، جس کے دوران پہلے ان کی سروس رائفل برآمد ہوئی اور بعد ازاں ان کی لاش بھی ملی۔
بشیر احمد کی لاش تریگام جنگلات کے علاقے سرن وانی میں ایک نالے کے قریب گڈھے سے برآمد ہوئی تھی، جہاں اسے دفن کیا گیا تھا۔
تازہ واقعے کے بعد کشتواڑ کے دور افتادہ علاقوں میں سکیورٹی اور تلاشی کارروائیوں کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ پولیس نے دونوں ایس پی اوز کے قتل کے پس منظر اور ان کی سروس رائفلوں کی گمشدگی کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
کولگام حملے کے مقام کا دورہ کرے گی این آئی اے کی ٹیم
سری نگر، قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک ٹیم جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں سی آر پی ایف کی چوکی پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے مقام کا دورہ کرسکتی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، ٹیم جائے وقوعہ سے نمونے جمع کرنے اور فارنسک شواہد کا جائزہ لینے کے لیے وہاں پہنچے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کی ٹیم میر بازار کے قریب اکھرن علاقے کا دورہ کرے گی، جہاں بدھ کی دوپہر دہشت گردوں نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی تھی۔ حملے میں سی آر پی ایف کے تین اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ ابتدائی اندازے کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد دو سے تین کے درمیان تھی۔
حکام کے مطابق، فائرنگ کا واقعہ بدھ کی دوپہر تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ دہشت گردوں نے اچانک سی آر پی ایف اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ شروع کردی، جس کے جواب میں فورس کے جوانوں نے بھی جوابی کارروائی کی۔ سی آر پی ایف کی جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی اور محاصرہ مہم شروع کردی گئی ہے۔ سکیورٹی فورسز حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے مختلف مقامات پر تلاشی لے رہی ہیں۔ علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی نگرانی سخت کردی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، این آئی اے کی ٹیم جائے وقوعہ سے فارنسک نمونے اور دیگر اہم شواہد جمع کرے گی، تاکہ حملے کی نوعیت، اس میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں اور حملہ آوروں کی شناخت کے سلسلے میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جاسکے۔
ادھر پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں اس حملے میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک مقامی عسکریت پسند کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم، حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور ان کے ممکنہ نیٹ ورک کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
نیشنل کانفرنس کے مشاورتی گروپ عدم اطمینان دبانے کے لیے ہیں، حکومت بہترکرنے کے لیے نہیں: قائد حزب اختلاف
جموں، جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے بدھ کے روز اپنے ارکانِ اسمبلی کے غیر رسمی مشاورتی گروپ تشکیل دینے کے نیشنل کانفرنس (این سی) حکومت کے فیصلے کی سخت تنقید کی اور اس قدم کو بہتر حکمرانی کے لیے کوئی معنی خیز نظام شروع کرنے کے بجائے پارٹی کے اندرونی عدم اطمینان کو دبانے کی کوشش قرار دیا۔
مسٹر شرما نے اس نظام کے پیچھے کے جواز پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا، “ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے پاس کوئی آئینی یا سرکاری عہدہ نہیں ہے۔ کس اختیار کے ساتھ ایک پارٹی صدر منتخب حکومت کے وزراء کو پارٹی سطح کے گروپوں کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دے رہا ہے؟ یہ واضح طور پر اس سچائی کو اجاگر کرتا ہے کہ حکومت سول سکریٹریٹ کے بجائے گپکر سے چلائی جا رہی ہے۔” انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا جمہوری اداروں اور عوامی بہبود سے اوپر ایک خاندان اور ایک پارٹی کے مفادات کو ترجیح دینے کا طویل تاریخی پس منظر رہا ہے۔
مسٹر شرما نے یہاں ایک بیان میں کہا، “یہ فیصلہ اسی ذہنیت کا ایک اور عکاس ہے۔ اداروں کو مضبوط کرنے کے بجائے، نیشنل کانفرنس اپنی اندرونی سیاسی مشکلات سے نمٹنے کے لیے متوازی نظام بنا رہی ہے۔” انہوں نے آگاہ کیا کہ این سی کے ارکان اسمبلی کو وزراء تک خصوصی رسائی اور پالیسی فیصلوں کے بارے میں پیشگی معلومات دینے سے جمہوری مساوات کمزور ہوگی اور اپوزیشن سے وابستہ منتخب نمائندے حاشیے پر چلے جائیں گے۔
یواین آئی۔الف الف
جموں و کشمیر
کولگام میں ناکا پارٹی پر دہشت گردانہ حملے میں سی آر پی ایف کے تین جوان زخمی
سرینگر، جموں و کشمیر کے کولگام ضلع میں بدھ کی دوپہر سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جوانوں پر دہشت گردوں کی فائرنگ میں تین جوان زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ حملہ دوپہر تقریباً دو بج کر پانچ منٹ پر اس وقت پیش آیا، جب اخراں برج میر بازار کے پاس تعینات سی آر پی ایف کے جوانوں پر دو سے تین کی تعداد میں موجود دہشت گردوں نے گولیاں چلا دیں۔ واردات کو انجام دینے کے فوراً بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے بعد تمام زخمی جوانوں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی)، اننت ناگ میں داخل کرایا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے ایک جوان کو پیٹھ اور ریڑھ کی ہڈی میں گولی لگی ہے، جس سے اس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ وہیں دیگر دو جوانوں کے پیر اور بائیں ہاتھ میں گولی لگی ہے اور ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ بعد ازاں تینوں زخمیوں کو علاج کے لیے سری نگر واقع فوج کے 92 بیس اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حملے کے فورا بعد سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر کے وسیع پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔ جائے وقوعہ سے اے کے رائفل کے کارتوس برآمد ہوئے ہیں، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ حملہ آوروں نے فائرنگ میں اسالٹ رائفلوں کا استعمال کیا تھا۔ اس واقعے کے فوری بعد پوری وادی میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
یہ حملہ اس دن ہوا جب لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا گورنمنٹ ڈگری کالج، کولگام میں منعقدہ ‘ویشو مہوتسو’ میں شرکت کا پروگرام طے تھا۔ اخراں میں واقع حملہ کی جگہ اس تقریب کے مقام سے تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
کولگام ضلع میں 31 جولائی کے بعد یہ پہلا دہشت گردانہ حملہ ہے، جب دہشت گردوں نے اینٹ بھٹے پر کام کرنے والے دو غیر مقامی مزدوروں کا قتل کر دیا تھا۔ اس سے پہلے 22 جولائی کو پڑوسی شہر اننت ناگ میں دہشت گردوں نے پولیس کے ایک ہیڈ کانسٹبل کو قریب سے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
حال ہی میں پچھلے ہفتے، آئی جی پی کشمیر سُجیت کمار نے کہا تھا کہ وادی میں سرگرم مقامی دہشت گردوں کی تعداد گھٹ کر صرف ایک رہ گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ اس واحد مقامی دہشت گرد کی حمایت میں نامعلوم تعداد میں غیر ملکی دہشت گرد بھی سرگرم ہیں۔
دریں اثنا، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا، “تشدد کے اس طرح کے اقدامات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں اور ان کی واضح طور پر مذمت کی جانی چاہیے۔” انہوں نے زخمی جوانوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ مستقل امن، استحکام اور وقار کی آرزو رکھنے والے معاشرے میں تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہو سکتی۔
بی جے پی لیڈر الطاف ٹھاکر نے بھی سی آر پی ایف پر ہوئے اس حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے پولیس سے حملہ آوروں کی شناخت کرنے اور اس حملے کے ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لاکر انصاف یقینی بنانے کی اپیل کی۔
یواین آئی۔الف الف
-
دنیا1 week agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
دنیا7 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
جموں و کشمیر1 week agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
دنیا7 days agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
دنیا7 days agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
دنیا1 week agoامریکی انتخابات کے نتائج کے بعد اسرائیلی سیاست دانوں نے زور دیا کہ نیتن یاہو بطور وزیرِاعظم اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے
-
ہندوستان6 days ago2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا پہلا پڑاؤ اتراکھنڈ ہوگا: امت شاہ
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر پولیس نے 11 ڈمپر ضبط کیے، کانکنی مافیا کے خلاف مقدمہ درج، کٹھوعہ میں ایک شخص گرفتار
-
ہندوستان1 week agoریلوے نے اکتوبر میں مال برداری کا نیا ریکارڈ قائم کیا
-
دنیا1 week agoوسط مدتی انتخابات سے قبل ٹرمپ کی آخری انتخابی مہم، مہنگائی کے بجائے واشنگٹن کے تزئین و آرائش کے منصوبوں پر توجہ
-
ہندوستان1 week agoپارلیمنٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے میں تاخیر پر کانگریس کا سوال، حد بندی بلوں کے لیے خصوصی اجلاس بلانے ک…
-
جموں و کشمیر1 week agoجعلی دستخط والے چیک جاری کرنے کے الزام میں پلوامہ کے شخص کے خلاف جرم داخل
