جموں و کشمیر
کولگام میں ناکا پارٹی پر دہشت گردانہ حملے میں سی آر پی ایف کے تین جوان زخمی
سرینگر، جموں و کشمیر کے کولگام ضلع میں بدھ کی دوپہر سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جوانوں پر دہشت گردوں کی فائرنگ میں تین جوان زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ حملہ دوپہر تقریباً دو بج کر پانچ منٹ پر اس وقت پیش آیا، جب اخراں برج میر بازار کے پاس تعینات سی آر پی ایف کے جوانوں پر دو سے تین کی تعداد میں موجود دہشت گردوں نے گولیاں چلا دیں۔ واردات کو انجام دینے کے فوراً بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے بعد تمام زخمی جوانوں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی)، اننت ناگ میں داخل کرایا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے ایک جوان کو پیٹھ اور ریڑھ کی ہڈی میں گولی لگی ہے، جس سے اس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ وہیں دیگر دو جوانوں کے پیر اور بائیں ہاتھ میں گولی لگی ہے اور ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ بعد ازاں تینوں زخمیوں کو علاج کے لیے سری نگر واقع فوج کے 92 بیس اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حملے کے فورا بعد سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر کے وسیع پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔ جائے وقوعہ سے اے کے رائفل کے کارتوس برآمد ہوئے ہیں، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ حملہ آوروں نے فائرنگ میں اسالٹ رائفلوں کا استعمال کیا تھا۔ اس واقعے کے فوری بعد پوری وادی میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
یہ حملہ اس دن ہوا جب لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا گورنمنٹ ڈگری کالج، کولگام میں منعقدہ ‘ویشو مہوتسو’ میں شرکت کا پروگرام طے تھا۔ اخراں میں واقع حملہ کی جگہ اس تقریب کے مقام سے تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
کولگام ضلع میں 31 جولائی کے بعد یہ پہلا دہشت گردانہ حملہ ہے، جب دہشت گردوں نے اینٹ بھٹے پر کام کرنے والے دو غیر مقامی مزدوروں کا قتل کر دیا تھا۔ اس سے پہلے 22 جولائی کو پڑوسی شہر اننت ناگ میں دہشت گردوں نے پولیس کے ایک ہیڈ کانسٹبل کو قریب سے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
حال ہی میں پچھلے ہفتے، آئی جی پی کشمیر سُجیت کمار نے کہا تھا کہ وادی میں سرگرم مقامی دہشت گردوں کی تعداد گھٹ کر صرف ایک رہ گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ اس واحد مقامی دہشت گرد کی حمایت میں نامعلوم تعداد میں غیر ملکی دہشت گرد بھی سرگرم ہیں۔
دریں اثنا، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا، “تشدد کے اس طرح کے اقدامات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں اور ان کی واضح طور پر مذمت کی جانی چاہیے۔” انہوں نے زخمی جوانوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ مستقل امن، استحکام اور وقار کی آرزو رکھنے والے معاشرے میں تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہو سکتی۔
بی جے پی لیڈر الطاف ٹھاکر نے بھی سی آر پی ایف پر ہوئے اس حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے پولیس سے حملہ آوروں کی شناخت کرنے اور اس حملے کے ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لاکر انصاف یقینی بنانے کی اپیل کی۔
یواین آئی۔الف الف
جموں و کشمیر
کولگام میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردانہ حملہ، سی آر پی ایف کے 2 جوان زخمی
سری نگر، جموں و کشمیر کے کولگام ضلع میں بدھ کی دوپہر نامعلوم دہشت گردوں نے مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جوانوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس میں 2 جوان زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ واقعہ دوپہر تقریباً 2:15 بجے پیش آیا، جب کولگام ضلع میں ایک چوکی پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں پر موٹر سائیکل سے آئے نامعلوم حملہ آوروں نے اچانک گولیاں چلانا شروع کر دیں۔ واردات کو انجام دینے کے فوراً بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ فائرنگ میں زخمی ہونے والے دونوں جوانوں کو فوری علاج کے لیے پڑوسی ضلع اننت ناگ کے ایک اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے
جموں و کشمیر
جموں میں آتشزدگی: لیفٹیننٹ گورنر نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی
جموں، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز یہاں دیوالی کی رات نہرو مارکیٹ کے گودام میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کی وجوہات اور حالات کا پتہ لگانے کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آتشزدگی کے واقعے کی وجوہات اور حالات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی میں انسپکٹر جنرل، جموں تیجندر سنگھ اور ڈویژنل کمشنر جموں وکاس کنڈل شامل ہیں۔
کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا لاپروائی کی جانچ کرے، ذمہ داری طے کرے اور 15 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں کی سب سے بڑی تھوک منڈیوں میں شمار ہونے والی نہرو مارکیٹ میں زبردست آگ لگنے سے کم از کم 8 دکانیں جل کر خاکستر ہو گئی تھیں۔ اس بازار میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا اور اناج کی تجارت ہوتی ہے۔
نہرو مارکیٹ ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے صدر دیپک گپتا نے مبینہ طور پر آگ اور ہنگامی خدمات کے محکمے پر تاخیر سے پہنچنے کا الزام لگایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس تاخیر کے باعث آگ سے زیادہ نقصان ہوا۔
یو این آئی۔ ایم جے
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر: کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری، مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی
سرینگر، کشمیر اور لداخ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی، جبکہ بدھ کے روز میدانی علاقوں کے بعض حصوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ اس دوران محکمہ موسمیات کے مرکز سرینگر نے آئندہ 2 دنوں میں جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بانڈی پورہ، سونہ مرگ، گلمرگ کے کانگ ڈوری، گمری، مینا مرگ اور دراس میں ہلکی برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مرکز نے 12 اور 13 نومبر کو کئی مقامات پر میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران کپواڑہ اور بانڈی پورہ کے بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید برف باری ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے 12 اور 13 نومبر کے دوران دن کے درجہ حرارت میں 6 سے 8 ڈگری سیلسیس تک نمایاں کمی آنے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
موسم کی پیش گوئی اور دور دراز علاقوں میں سڑکیں بند ہونے اور آمد و رفت کے رابطے متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر بانڈی پورہ ضلع انتظامیہ نے سیاحوں، مسافروں، امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں اور عام لوگوں کے لیے موسمی ہدایات جاری کی ہیں۔
ضلع انتظامیہ نے گریز کو عارضی طور پر سیاحوں کے لیے ممنوعہ علاقہ قرار دے دیا ہے اور وہاں پہلے سے موجود لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ضلع کنٹرول روم سے رابطہ کرکے فوری طور پر وہاں سے واپسی کا منصوبہ بنائیں۔
یو این آئی۔ ایم جے
-
دنیا1 week agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
دنیا1 week agoایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا
-
ہندوستان1 week agoڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
-
دنیا7 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
جموں و کشمیر1 week agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
دنیا7 days agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
دنیا7 days agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
ہندوستان6 days ago2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا پہلا پڑاؤ اتراکھنڈ ہوگا: امت شاہ
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر پولیس نے 11 ڈمپر ضبط کیے، کانکنی مافیا کے خلاف مقدمہ درج، کٹھوعہ میں ایک شخص گرفتار
-
ہندوستان1 week agoریلوے نے اکتوبر میں مال برداری کا نیا ریکارڈ قائم کیا
-
دنیا1 week agoوسط مدتی انتخابات سے قبل ٹرمپ کی آخری انتخابی مہم، مہنگائی کے بجائے واشنگٹن کے تزئین و آرائش کے منصوبوں پر توجہ
-
دنیا1 week agoامریکی انتخابات کے نتائج کے بعد اسرائیلی سیاست دانوں نے زور دیا کہ نیتن یاہو بطور وزیرِاعظم اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے
