دنیا
ایران سے جنگ کرنے کی سیاسی قیمت امریکہ اور اسرائیل چکا رہے ہیں: پزشکیان
تہران، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بدھ کوے روز کہا کہ امریکہ اور اسرائیل ان کے ملک کے خلاف جنگ کرنے کے فیصلے کی سیاسی قیمت چکا رہے ہیں۔
مسٹر پزشکیان نے ترکی میں منعقد ہونے والی سی او پی 31 کانفرنس میں شرکت کے لیے تہران سے روانہ ہونے سے قبل کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو شروع ہونے والے تنازع کے دوران جنگی جرائم کا ارتکاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور یورپ میں حالیہ انتخابی نتائج ‘جنگ پسندوں اور تشدد پسند عناصر’ کے خلاف عوام کی بڑھتی ہوئی ناراضگی کو ظاہر کرتے ہیں۔
مسٹر پزشکیان نے کہا کہ سی او پی 31 امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں سے ماحولیات کو پہنچنے والے نقصان کو اجاگر کرنے کا ایک اچھا موقع ہے۔ وہ بین الاقوامی رہنماؤں اور عہدیداروں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے دوران یہ معاملہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیاں جمہوریت اور انسانی حقوق کے تئیں ان کی وابستگی کے دعوؤں کے برعکس ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے علاوہ ان کی 10 سے زائد ممالک کے رہنماؤں اور عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتیں طے ہیں۔ ان میں ترکی کے صدر رجب طیب اردغان بھی شامل ہیں۔
ایران اور ترکی کے درمیان تعلقات کو سازگار قرار دیتے ہوئے مسٹر پزشکیان نے کہا کہ دونوں ممالک کے علاقائی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی مفادات مشترک ہیں، جو دو طرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا یہ دورہ بین الاقوامی برادری تک ایرانی عوام کا پیغام پہنچائے گا اور اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
مسٹر پزشکیان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے، جب امریکہ نے اشارہ دیا ہے کہ فی الحال اسے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کو بڑے پیمانے پر بڑھانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے منگل کے روز پیرس میں جی-7 کی میٹنگ کے دوران کہا کہ ایران میں ‘بڑی فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔’ اس کے ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران پر امریکہ کی اقتصادی دباؤ کی مہم مؤثر طریقے سے کام کر رہی ہے۔
مسٹر ٹرمپ نے اتوار کے روز نشر ہونے والے سی بی ایس کے پروگرام ’60 منٹس’ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ فی الحال انہیں تنازع کو بڑھانے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔ تاہم، انہوں نے جنگ شروع کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی اثرات کے باوجود یہ تاریخی اعتبار سے درست فیصلہ تھا۔
یو این آئی۔ م ع
دنیا
کوپ 31 میں امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں سے ماحولیاتی نقصان کا معاملہ اٹھائیں گے: پزشکیان
انطالیہ، ایرانی صدر مسعود پزشکیان بدھ کو اقوام متحدہ کی 31ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کانفرنس کے دوران امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں کے نتیجے میں ماحول کو پہنچنے والے نقصان کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق پزشکیان ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچے، جہاں وہ موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر ان کی مختلف ممالک کے رہنماؤں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں علاقائی صورت حال اور باہمی تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
تہران سے روانگی سے قبل ایرانی صدر نے کہا تھا کہ کانفرنس میں امریکہ اور اسرائیل کی ایسی کارروائیوں پر گفتگو کی جائے گی جن سے ماحول کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق ایران اس عالمی فورم کو ماحولیاتی نقصانات اور خطے کو درپیش مسائل کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے استعمال کرے گا۔
یو این آئی۔ م س
دنیا
ایران پر معاشی دباؤ کے اثرات ظاہر ہونے لگے ہیں: مارکو روبیو
پیرس، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف معاشی دباؤ کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں اور واشنگٹن تہران کو اس کی مبینہ سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل فراہم ہونے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔
پیرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے روبیو نے کہا کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام اور دہشت گردی کی مبینہ مالی معاونت کے لیے وسائل درکار ہیں۔ ان کے مطابق ایران کے مالی وسائل جتنے محدود ہوں گے، وہ ان سرگرمیوں پر اتنی ہی کم رقم خرچ کر سکے گا۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے خلاف مزید بڑے فوجی آپریشنز کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر معاشی اقدامات کے ذریعے مطلوبہ مقاصد حاصل ہو رہے ہیں تو امریکہ کو مزید فوجی حملے کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
روبیو نے کہا کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ جاری تنازع ختم کرنے کے لیے سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے پر تیار ہے، تاہم تہران کے موجودہ مطالبات مکمل طور پر غیر حقیقت پسندانہ ہیں۔ امریکہ توقع کرتا ہے کہ ایران اپنے مطالبات پر نظرثانی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر تہران نے اپنے مؤقف میں تبدیلی کی تو واشنگٹن سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ ان کے بقول امریکہ ایران پر معاشی دباؤ کی پالیسی جاری رکھے گا، تاہم سفارتی حل کے امکانات بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
یو این آئی۔ م س
دنیا
ایران کے خلاف حملوں کے بجائے معاشی دباؤ جاری رکھنے کا ٹرمپ کا فیصلہ
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فی الحال ایران کے خلاف نئے حملے کرنے یا تہران کے سخت مؤقف کے باوجود کسی معاہدے تک پہنچنے کے بجائے ایرانی معیشت پر دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ویب سائٹ ‘ایکسیس’ کی رپورٹ کے مطابق پیرس میں پیر کو جی 7 ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بند کمرہ اجلاس میں بتایا کہ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے جنگ دوبارہ شروع کرنے اور معاہدے تک پہنچنے کے دو امکانات پر غور کیا، تاہم انہوں نے تیسرا راستہ اختیار کیا ہے، جس کا مقصد ایرانی حکومت کا معاشی طور پر گلا گھونٹنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق روبیو نے کہا کہ امریکہ کسی نامناسب معاہدے پر دستخط نہیں کرے گا اور موجودہ معاشی دباؤ کی پالیسی جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حکمت عملی سے تہران کے لیے دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت اور اپنی عسکری صلاحیتوں کی دوبارہ تعمیر مشکل ہو جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پالیسی کے لیے کوئی حتمی مدت مقرر نہیں کی گئی ہے اور ٹرمپ کسی مصنوعی وقت کے دباؤ میں نہیں ہیں۔
اس حکمت عملی کی حمایت کرنے والی قومی سلامتی ٹیم میں وزیر خزانہ سکوٹ بیسنٹ، سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف اور ٹرمپ کے مشیر و داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس ٹیم نے جنگ دوبارہ شروع کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے موجودہ دباؤ جاری رکھنے پر زور دیا ہے، تاکہ ایران کو امریکی مفادات کے مطابق معاہدے پر آمادہ کیا جا سکے۔
ٹرمپ نے پیر کو قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ ایران کے خلاف حملوں کا نیا دور ‘نہ ہونے کے برابر’ اور ‘غیر ضروری’ دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے ایران پر معاشی دباؤ اور بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کی حمایت کی۔ اس حکمت عملی کے ساتھ ‘آئرن گیٹ’ نامی آپریشن بھی شامل ہے، جس کا مقصد ان زمینی راستوں کو بند کرنا ہے جن کے ذریعے تہران جدید ہتھیار اور دیگر ٹیکنالوجی منتقل کرتا ہے۔
دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سکریٹری محسن رضائی نے مذاکرات کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے اپنے ملک کے سات مطالبات پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق انہوں نے کہا کہ تہران نے واشنگٹن سے ان شرائط پر واضح جواب طلب کیا تھا، لیکن اب تک کوئی جواب نہیں ملا۔ رضائی نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری ہونے یا قطر میں کسی اجلاس کی تیاری کی خبروں کی بھی تردید کی۔
ادھر قطری وزارت خارجہ نے پیر کو کہا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان اختلافات کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور صورت حال مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔
یو این آئی۔ م س
-
دنیا1 week agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
دنیا1 week agoاسرائیلی حکام کا انتخابی نتائج برقرار رکھنے کا اعلان، نیتن یاہو نے انتخابات کو ‘چوری’ قرار دیا
-
جموں و کشمیر1 week agoتاریگامی کا سی آئی ڈی تصدیقی عمل پر نظرثانی کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا
-
ہندوستان1 week agoڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
-
دنیا6 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
جموں و کشمیر1 week agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں کے آتشزدگی سے متاثرہ شیو مارکیٹ کے دکانداروں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
-
ہندوستان1 week agoتیرہ کروڑ ووٹوں کی چوری کا اپوزیشن کا دعویٰ بے بنیاد، ایس آئی آر پر راہل گاندھی غلط فہمی پھیلا رہے ہیں: سمبت پاترا
-
دنیا1 week agoامریکہ اور اسرائیل نے دوبارہ ایران پر بمباری کی تو تہران کا ردعمل کیا ہوگا
-
دنیا6 days agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیریوں اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان بداعتمادی کی بنیاد نیشنل کانفرنس نے رکھی: محبوبہ مفتی
