ہندوستان
اب دعوے نہیں چلیں گے، مہنگائی پر مؤثر لگام لگائے حکومت: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی پالیسیوں کے باعث مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے اور دودھ، غذائی اشیا اور روزمرہ استعمال کی چیزوں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں، جس سے غریب اور متوسط طبقے کا گھریلو بجٹ بگڑ گیا ہے۔
کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ دودھ، چاول، آٹا، دال، خوردنی تیل، پیاز، آلو، ٹماٹر، چینی اور گھی سمیت ضروری اشیا کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج امول اور مدر ڈیری نے بھی ایک بار پھر دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیوالی کے بعد ہندوستان یونی لیور جیسے بڑے برانڈوں نے ڈٹرجنٹ اور ہوم کیئر مصنوعات کی قیمتوں میں 11 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔ سرف ایکسل، رِن، وہیل اور موتی گلاب صابن جیسی روزمرہ ضروریات کی قیمتیں بڑھنے سے عام آدمی پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ حکومت ایک طرف ملک میں چینی کی پیداوار چار گنا تک بڑھنے اور 36 لاکھ ٹن پرانا ذخیرہ موجود ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔ دالوں کے معاملے میں بھی حکومت خاطر خواہ پیداوار اور دستیابی کے دعوے کرتی ہے۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ اگر چینی اور دالوں کی وافر پیداوار اور ذخیرہ موجود ہے تو عام لوگوں کو مہنگائی سے راحت کیوں نہیں مل رہی ہے۔
انہوں نے پٹرول میں ای-20 ایندھن کے استعمال کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک کے عوام کو بڑھتی مہنگائی اور ملاوٹی پٹرول کی دوہری مار کیوں جھیلنی پڑ رہی ہے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ عوام کو سرکاری دعوے اور پالیسیوں کے وعدے نہیں بلکہ مہنگائی پر مؤثر لگام چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا، ”آپ نے پہلے کہا تھا، سب چنگا سی، اب تو سب مہنگا سی!”
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کے لیے ملک 2047 کی ‘ڈیڈ لائن’ کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے: مودی
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کو آزادی کے سو سال مکمل ہونے تک ایک ترقی یافتہ قوم بنانے کے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ اس مقصد کے لیے ملک 2047 کی ڈیڈ لائن لے کر آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے اس کا موازنہ میڈیا اہلکاروں کی جانب سے روزانہ خبریں بھیجنے اور شائع کرنے کی ڈیڈ لائن سے کیا۔
مسٹر مودی نے ملک کے عوام کے تعاون اور طاقت کے بل پر اس ڈیڈ لائن کو پورا کرنے کے تئیں مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں میں ملک نے جس رفتار سے ترقی کی ہے، اس سے یہ یقین پختہ ہوا ہے کہ ہندوستان کے لیے اب کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔
مسٹر مودی یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں کے لیے منعقدہ دیوالی ملن تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کام کے لیے ڈیڈ لائن بہت ضروری ہوتی ہے، کیونکہ اس سے کام میں نظم و ضبط پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا، ”خبروں کی دنیا میں ایک چیز بہت اہم ہوتی ہے، وہ ہے ڈیڈ لائن۔ آپ کی پوری زندگی ڈیڈ لائن سے جڑی رہتی ہے۔ اخبار چھپنے کا وقت ہو یا کسی خبر کو نشر کرنے کا، سب کی ڈیڈ لائن مقرر ہوتی ہے۔”
استقبالیہ خطاب بی جے پی کے صدر نتن نبین نے کیا۔ تقریب میں پارٹی کے تین سابق صدور، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر صحت جگت پرکاش نڈا بھی موجود تھے۔
مسٹر مودی نے قوم کی تعمیر میں میڈیا کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس سے ہندوستان کی ترقی کی کہانی کو ملک اور دنیا تک پہنچانے کی اپیل کی۔ انہوں نے میڈیا سے منشیات سے پاک معاشرے کی مہم میں تعاون کرنے اور سماجی اتحاد کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھی پرزور اپیل کی۔
وزیر اعظم نے عالمی بینک کی ایک حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں 12 سے 13 برسوں کے دوران 50 کروڑ لوگ انتہائی غربت سے باہر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”آج ملک کا غریب خود کو غربت سے باہر نکالنے کے قابل ہوا ہے۔” انہوں نے سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے کردار کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ آج ہر کسی کا اپنا چینل ہے، لوگ پوڈکاسٹ اور ریلز بنا رہے ہیں اور ہر گلی محلے میں لوگ اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس سے ‘جتنے منہ اتنی باتیں’ کا محاورہ حقیقت بن رہا ہے اور یہ ‘ہندوستانی جمہوریت کی طاقت ہے’۔
‘وکست بھارت 2047’ کے ہدف کے بارے میں مسٹر مودی نے کہا، ”آزادی کے 100 سال مکمل ہونے سے پہلے ہمیں مل کر ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہے۔ 2047 کی ڈیڈ لائن کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہمیں اس وقت تک انتظار کرنا ہے۔” انہوں نے اس کا موازنہ تحریک آزادی سے کرتے ہوئے کہا کہ مکمل سوراج کا ہدف ایک دو دن میں حاصل ہونے والا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا، ”لیکن رفتہ رفتہ چھوٹے چھوٹے اہداف طے کیے گئے، وہ پورے ہوئے اور پھر لوگوں میں یہ اعتماد پیدا ہوا کہ آزادی ضرور ملے گی اور پورا ملک اس عزم کے ساتھ کھڑا ہو گیا۔ ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف تک بھی ملک کا یہی اعتماد ہمیں لے جائے گا۔ ہم چھوٹے بڑے متعدد اہداف حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے، تبھی ترقی یافتہ ہندوستان کے مقصد تک پہنچ پائیں گے۔”
انہوں نے گزشتہ چند برسوں کے دوران چاند کے جنوبی قطب پر مشن کی کامیابی، موبائل فون کی تیاری میں دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک بننے، دریائے چناب پر دنیا کا سب سے اونچا ریلوے آرچ برج تعمیر کرنے، 12 برسوں میں شمسی توانائی کی نصب شدہ صلاحیت میں 50 گنا سے زیادہ اضافہ اور اسی عرصے میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اَپ ایکو سسٹم بننے جیسی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے ملک کی نئی طاقت اور صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔
وزیر اعظم نے کہا، ”آج ہندوستان جن کامیابیوں کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، ان کے پیش نظر ترقی یافتہ ہندوستان کا ہدف حاصل کرنا ناممکن نہیں ہے۔” انہوں نے غریبوں کے لیے مکانات کی تعمیر، گھر گھر بیت الخلا کی سہولت، غریبوں کو مفت گیس کنکشن فراہم کرنے اور لکھ پتی دیدی جیسی دیگر کئی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔
وزیر اعظم نے سوچھ بھارت ابھیان جیسی مہم میں میڈیا کے مثبت کردار کو یاد کرتے ہوئے اس سے منشیات کے خلاف بیداری پیدا کرنے، معاشرے میں اتحاد کے جذبے کو فروغ دینے اور ہندوستان کی کامیابیوں کی کہانیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا، ”میں ایک اور موضوع پر آپ کا تعاون چاہوں گا۔ اب ہمیں منشیات کے معاملے میں بھی اسی طرح بیداری پیدا کرنی ہوگی۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو ان تمام چیزوں سے باہر نکالنا ہی ہوگا۔”
انہوں نے کہا کہ جب میڈیا سماجی سروکار اور ملک میں اتحاد کو فروغ دینے والے موضوعات کو اپنے پلیٹ فارم پر جگہ دے گا اور انہیں اپنی بحث کا حصہ بنائے گا تو ترقی یافتہ ہندوستان کی مہم کو مزید رفتار ملے گی۔ انہوں نے کہا، ”میں اپنے ‘من کی بات’ پروگرام میں مسلسل کوشش کرتا ہوں کہ ملک اور اس کے عوام کی کامیابیوں کو پلیٹ فارم فراہم کرتا رہوں۔ میں ملک کے میڈیا سے بھی اپیل کروں گا کہ ہندوستان کی کامیابیوں سے جڑی کہانیوں پر کام کریں اور انہیں آگے بڑھائیں۔ یہ آپ کی جانب سے ملک کی بہت بڑی خدمت ہوگی۔”
مسٹر مودی نے میڈیا کے ساتھ اپنے طویل تعلقات کو یاد کرتے ہوئے کہا، ”آپ سب کی دنیا کے ساتھ میرا ایک طویل عرصے سے فطری تعلق رہا ہے۔ پریس ریلیز سے لے کر انسٹا ریل تک، میں نے میڈیا اور میڈیا سے رابطے کے ایک طویل دور کو دیکھا ہے۔ مجھے یاد ہے کہ 90 کی دہائی کے آغاز میں مجھے دو بڑی یاتراوں کے دوران ملک بھر میں انتظامات کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ یہ وہ دور تھا جب پریس ریلیز بھیجنے کے لیے فیکس مشین تلاش کرنی پڑتی تھی۔” انہوں نے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب دیوالی ملن جیسی تقریبات میں ان کی ذمہ داری کرسیاں لگوانے کی ہوتی تھی۔
مسٹر مودی نے میڈیا اہلکاروں کی جانب سے کام کی مصروفیت کے باعث تہواروں کے موقع پر بھی گھر اور خاندان سے دور رہنے کی مجبوری اور ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے اس تقریب میں شرکت کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، ”ابھی ابھی دیوالی کا تہوار گزرا ہے اور چھٹھ کی تیاریاں بھی آخری مرحلے میں ہیں۔ میں آپ سبھی کو اور آپ کے اہل خانہ کو ان تہواروں کی بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں۔”
رسمی خطاب کے بعد مسٹر مودی مدعو کیئے گئے میڈیا اہلکاروں کے درمیان گئے اور ان سے ملاقات کی۔ کئی صحافیوں نے وزیر اعظم کے ساتھ سیلفی بھی لی۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
تیل کمپنیوں کے ریکارڈ منافع کے باوجود عوام کو مہنگائی سے راحت نہیں: سرجے والا
نئی دہلی، کانگریس کے جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ رندیپ سنگھ سرجے والا نے مہنگائی کے معاملے پر مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ملک کے عوام ایندھن سے لے کر باورچی خانے تک مہنگائی کی مار جھیل رہے ہیں، جبکہ سرکاری تیل کمپنیاں ریکارڈ منافع کما رہی ہیں۔
مسٹر سرجے والا نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جولائی سے ستمبر 2026 کی سہ ماہی کے دوران انڈین آئل، بھارت پیٹرولیم اور ہندوستان پیٹرولیم کا مشترکہ منافع 66 فیصد بڑھ کر 29,896 کروڑ روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ 13 سہ ماہیوں کا ریکارڈ ہے۔ تاہم، خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ اور تیل کمپنیوں کے بھاری منافع کا فائدہ عام لوگوں تک نہیں پہنچایا جا رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران پٹرولیم مصنوعات پر عوام سے 43 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ وصول کیے گئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی سے فوری راحت فراہم کی جائے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
کھرگے نے کشتواڑ میں دو پولیس اہلکاروں کے قتل کی مذمت کی، دہشت گردی کے خلاف متحدہ عزم پر زور دیا
نئی دہلی، کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں اسپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد اور غیر متزلزل عزم پر زور دیا۔ ان کا یہ بیان جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں ایک روز قبل مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں پر الگ سے ہوئے حملے کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سلامتی کی صورتحال سے متعلق نئے خدشات کے درمیان سامنے آیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک پیغام میں کھرگے نے ہلاک ہونے والے دونوں اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ان کی موت کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
کانگریس صدر نے کہا، ”ہندوستان دہشت گردی کے خلاف متحد اور پُرعزم ہے۔ دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی اپنے ملک کے دفاع، عوام کی حفاظت اور امن برقرار رکھنے کے ہمارے اجتماعی عزم کو کمزور نہیں کر سکتی۔”
دونوں ایس پی اوز کی شناخت رشپال کمار اور بابی چند کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) سے وابستہ تھے۔ دونوں بدھ کو کشتواڑ کے دور دراز علاقے دچھن-مروہ سے گزرتے ہوئے لاپتہ ہو گئے تھے۔ جمعرات کی صبح جنگلاتی علاقے سے ان کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق، ان کی سروس رائفلیں بھی غائب تھیں، جس سے یہ شبہ مزید مضبوط ہوا کہ انہیں دہشت گردوں نے نشانہ بنایا تھا۔
حکام کے مطابق، دونوں پولیس اہلکار کیار میں واقع اپنے کیمپ سے بسنان علاقے میں فوجی چوکی کی طرف جا رہے تھے، جب وہ لاپتہ ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ آس پاس کے علاقے میں گولیوں کی آوازیں سنی گئی تھیں، جس کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے تلاشی مہم شروع کی۔ لاشیں برآمد ہونے کے بعد قتل میں ملوث افراد کی شناخت اور انہیں پکڑنے کے لیے مشترکہ آپریشن تیز کر دیا گیا۔
یہ واقعہ کولگام ضلع کے میر بازار کے قریب اکھران علاقے میں بدھ کو ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر تعینات سی آر پی ایف اہلکاروں پر مشتبہ دہشت گردوں کی فائرنگ کے محض ایک دن بعد پیش آیا۔ زخمی اہلکاروں کو علاج کے لیے اننت ناگ کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ اس کے بعد سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے آپریشن شروع کیا۔
کھرگے نے زخمی سی آر پی ایف اہلکاروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردانہ کارروائیاں عوام کے دفاع اور امن برقرار رکھنے کے لیے ملک کے اجتماعی عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔
پے در پے ہونے والے ان حملوں نے ایک بار پھر جموں و کشمیر میں سکیورٹی کے چیلنجوں کو نمایاں کر دیا ہے، خاص طور پر وادی چناب کے دور دراز جنگلاتی علاقوں اور جنوبی کشمیر کے شورش سے متاثرہ علاقوں میں۔ کشتواڑ میں دونوں ایس پی اوز کا قتل اس لیے بھی اہمیت رکھتا ہے کہ اس خطے میں دشوار گزار جغرافیائی حالات کے درمیان سکیورٹی آپریشن جاری ہیں۔
کھرگے کی مذمت دہشت گردی کے خلاف متحدہ قومی ردعمل پر کانگریس کے زور کی عکاسی کرتی ہے۔ پارٹی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ تشدد کے خلاف لڑائی سیاسی اختلافات سے بالاتر ہونی چاہیے اور ملک و اس کے عوام کے تحفظ پر مرکوز رہنی چاہیے۔
یواین آئی۔ ایف اے
-
دنیا1 week agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
دنیا1 week agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
دنیا1 week agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
دنیا1 week agoامریکی انتخابات کے نتائج کے بعد اسرائیلی سیاست دانوں نے زور دیا کہ نیتن یاہو بطور وزیرِاعظم اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے
-
ہندوستان6 days ago2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا پہلا پڑاؤ اتراکھنڈ ہوگا: امت شاہ
-
ہندوستان1 week agoریلوے نے اکتوبر میں مال برداری کا نیا ریکارڈ قائم کیا
-
جموں و کشمیر6 days agoامریکی سینیٹر کے انتخاب پر خوشی کے اظہار کے درمیان انجینئر رشید کی قید پر سیاسی رہنماؤں کی خاموشی: اے آئی پی
-
دنیا5 days agoوسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی جیت کے باعث امریکہ کو 3 لاکھ کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا: ٹرمپ
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں: نئی قانون ساز اسمبلی کی عمارت: وزیر اعلیٰ نے تعمیراتی کام مقررہ وقت پر مکمل کرنے پر زور دیا
-
ہندوستان6 days agoووٹ چوری کا دفاع نہیں کر سکتے، اسی لیے مودی راہل کا چیلنج قبول نہیں کر رہے: کانگریس
-
دنیا1 week agoایران سعودی عرب کے ساتھ بات چیت جاری، غیر ملکی افواج کے بغیر علاقائی سلامتی کا نظام قائم کرنے کا خواہاں: عراقچی
-
جموں و کشمیر1 week agoجعلی دستخط والے چیک جاری کرنے کے الزام میں پلوامہ کے شخص کے خلاف جرم داخل
